وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت رواں ماہ ہی شاہراہ بھٹو کو مکمل طور پر کھولنے جارہی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ شاہراہ بھٹو موٹر وے ایم نائن کو ڈائریکٹ کنکٹ کرےگی، شاہراہ بھٹو کو رواں ماہ مکمل طورپرکھولنے جارہے ہیں جس کے بعد ٹریفک مسائل حل ہوں گے، عوام کو سہولت ہوگی۔
شرجیل میمن نے کہاکہ کراچی پورٹ سے ایک روڈ بنایا جارہا ہے جو قیوم آباد تک آئے گا، کراچی میں برجز ، انڈرپاس اور سڑکوں کی تعمیر کا کام چل رہاہے، حکومت کی کوشش ہے کہ شہر کے میگا پروجیکٹس پر کام مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کی وجہ سے ہمیں بد نامی سہنا پڑی ہے، کنٹریکٹر کام مکمل نہیں کر پارہے تھے اس لیے ریڈ لائِن منصوبہ کسی اور کو دیا، اس منصوبے کی تاخیر پر عوام کو زحمت ہوئی اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ چینی کمپنیاں کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے جارہی ہیں، ڈی سیلینیشن پلانٹ سے کراچی میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہوجائے گا، ڈی سیلینیشن پلانٹ مہنگا ہوگا مگر اسے لارہے ہیں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ایک منشیات فروش خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے، اس پر اداروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، ہم نے بھی اس خاتون کو گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر ہمیں کامیابی نہ مل سکی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھاکہ سندھ کی تمام سڑکیں اور ہائی ویز اس وقت محفوظ ہیں، ہمیں پولیس کی حوصلہ افزائَی کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کے دورہ چین میں پینے کے صاف پانی، زراعت اور لائیو اسٹاک سے متعلق منصوبوں پر ایم او یو سائن کیے، سی پیک کے بانی کوئی اور نہیں بلکہ آصف زرداری ہیں۔
شرجیل میمن کاکہنا تھا کہ میرے علم میں آج تک 28 ویں ترمیم کی کوئی بات نہیں، میری اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے کسی ترمیم کی بات نہیں کی گئی۔