آج کا پاکستان

[pullquote]پاکستان[/pullquote]

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں دشمن ایجنسیوں کی پاکستان میں سرگرمیوں کو ختم کرنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

Rawalpindi April 7: Corps Commanders Conference was held here today at the General Headquarters. General Raheel Sharif, Chief of Army Staff (COAS) chaired the meeting.An exhaustive review of professional matters, internal and external security situation including the ongoing operations against terrorists in Shawal and rest of the country were discussed.Apart from reviewing progress of ongoing counter terrorism operations, the forum was also apprised about the activities of Hostile Intelligence Agencies inside Pakistan and the response thereof. It was resolved to take all measures to block hostile acts against Pakistan, which can undermine our security and growth

Posted by ISPR Official on Thursday, April 7, 2016

اعلامیے کے مطابق کانفرنس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورتحال پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس میں شمالی وزیرستان سمیت پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں ملک دشمن خفیہ ایجنسیوں کی پاکستان میں سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا،کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان دشمن سرگرمیوں کو روکنے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

[pullquote]پانامہ لیکس : لاہور ہائیکورٹ نے شریف فیملی کو نوٹسز جاری کر دئیے[/pullquote]

Shareef Family

لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک ناجائز اثاثے بنانے کے خلاف دائر درخواست پر شریف فیملی کو نوٹسز جاری کر دئیے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر اقبال جعفری کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ شریف فیملی نے بیرون ملک اربوں روپے کے غیر قانونی اثاثے بنائے اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچایا ۔ اسی حوالے سے پانامہ لیکس کے انکشافات ثبوتوں کے ساتھ منظر عام پر آچکے ہیں ۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ شریف فیملی کے بیرون ملک تمام اثاثے ملک میں واپس لانے کا حکم دیا جائے ۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے میاں نواز شریف سمیت شریف فیملی کے 6 ممبران کو نوٹسز جاری کرکے 18 اپریل کو تحریری وضاحت طلب کرلی ۔

[pullquote]’ہندوستان، پاکستان میں خفیہ سرگرمیاں بند کرے‘[/pullquote]

Ministry-of-Foreign-Affairs

اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ سے خطاب کرت ہوئے مطالبہ کیا کہ ہندوستان، پاکستان میں اپنی خفیہ سرگرمیاں فوری بند کرے۔ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی مانگی ہے جس کے لیے 2008 معاہدے کے مطابق غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیان کی بنیاد پر پاکستان سے کلبھوشن نیٹ ورک کے لوگوں کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ، ہند سیکریٹری خارجہ کی ملاقات کے حوالے سے معاملات طے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے دورہ پاکستان میں اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان کی سیکیورٹی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے پاناما لیکس کے حوالے سے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ اُن کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔

[pullquote]جنوبی پنجاب میں پاک فوج کا بڑا آپریشن جاری،دہشتگردوں کےسو مبینہ سہولت کارگرفتار[/pullquote]

Heli Coptor

صوبہ پنجاب کے جنوبی اضلاع میں فوج کی معاونت سے شروع ہونے والے آپریشن میں گذشتہ پانچ دنوں میں دہشت گردوں کے سو مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پنجاب پولیس کی طرف سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق گرفتار کیے جانے والے شدت پسندوں کے مبینہ سہولت کاروں میں سے چار زخمی بھی ہیں۔ پنجاب پولیس کے مطابق یہ آپریشن اس وقت ڈیرہ غازی خان کے ریجن میں کیا جا رہا ہے جس میں پولیس، ایلیٹ کمانڈوز اور پنجاب رینجرز حصہ لے رہے ہیں اور انھیں پاکستان فوج کا تعاون بھی حاصل ہے۔ ڈیرہ غازی خان ریجن میں جاری آپریشن میں سولہ سو سکیورٹی اہکلاروں کی مدد سے کارروائی کی جا رہی ہے۔اس کارروائی کے دوران صوبہ سندھ اور بلوچستان سے ملنے والی سرحد کی سخت ناکہ بندی کے علاوہ عارضی پولیس چوکیاں بھی قائم کی گئی ہیں۔ دریائی راستوں کی بھی ناکہ بندی کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں جاری اس کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

لاہور کے گلشن اقبال پارک میں خود کش بم حملے میں ستّر سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد ملکی فوج نے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی مدد سے صوبہ پنجاب کے جنوبی حصے میں ایک وسیع تر مسلح آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور فراریوں کے خلاف رینجرز، پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس فوج کے تعاون سے ایک مربوط آپریشن کیا جا رہا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر نے دیگر صوبوں میں ضرب عضب کے تحت کی جانے والی کارروائیوں سے بچنے کے لیے پنجاب کے جنوبی اضلاع روجہان، کیچ اور رحیم یار خان کے علاقوں میں پناہ لی ہے۔

[pullquote]الیکشن سے قبل پی ٹی آئی امیدوار متحدہ میں شامل[/pullquote]

Amjad ul Allah PTI MQM

کراچی: شہر قائد کے حلقہ این اے 245 پر ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ سے چند گھنٹے قبل ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد امیدوار نے حریف جماعت ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرکے پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا دے دیا۔ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان، کنور نوید اور دیگر کے ہمراہ نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار امجداللہ خان نے ایم کیو ایم کے امیدوار کمال ملک کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔امجد اللہ خان نے پی ٹی آئی پر انہیں نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے انتخابی مہم کے دوران انہیں ایک فون کال تک نہیں کی، جبکہ پی ٹی آئی صرف صوبائی حلقہ پی ایس 115 کے انتخاب پر نظر جمائے ہوئے ہے۔

رہنما تحریک انصاف عمران اسماعیل نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سے معاملے کا سختی سے نوٹس لےاور حلقے میں دوبارہ انتخاب کا مطالبہ کرائے . انہوں نے کہا کہ الیکشن سے ہم نہیں ایم کیو ایم بھاگی ہے، جبکہ پولنگ سے چند گھنٹے قبل امیدوار کی وفاداری تبدیل کرائی گئی۔انہوں نے کہا کہ امجداللہ انتخابی کیمپ پر حملے سے پریشان تھے

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نجمی عالم نے دعویٰ کیا کہ امجد اللہ خان نے ایم کیو ایم میں شمولیت سے قبل پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لیے ملاقات کی تھی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملاقات میں امجد اللہ نے دستبردار ہونے کا کہا تھا اور اس کے عوض مالی فائدے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن ہم نے اس سے انکار کردیا جس پر انہوں نے ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کی۔

GB Flood Reports

[pullquote]ڈیزل دستہاب نہیں ، قراقرم یونی ورسٹی بند .[/pullquote]

نثار عباس ، اسکردو

قراقرام یونورسٹی دو روز کے لیے بند کردی گئی یونورسٹی ترجمان کے مطابق طلبہ و طالبات کو لانے والی ٹرانسپورٹ کے لیے ڈیزل دستیاب نہ ھونے کی وجہ سے یونورسٹی کو دو روز کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ھے اندھن میسر آتے ھی یونورسٹی کو دو بارہ کھول دیا جاے گا. ادھر شاہراہ قراقرم جلد کھلنے کے امکانات مزید معدوم ہو گئے ہیں . کوہستان چوچنگ کے مقام پر پہاڑ میں دراڑ پڑ گئی جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے .

[pullquote]کوہستان میں اب بھی 23 افراد ملبے تلے دبے ہیں ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک متاثرہ علاقے کا دورہ کئے بغیر لوٹ گئے۔[/pullquote]

کوہستان : شمس الرحمن کوہستانی

کوہستان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے کوہستان کا دورہ کیا تاہم متاثرین اتھور باڑی کی طرف آئے بغیرسترکلومیٹر دور لوئر کوہستان پٹن سے ہی واپس چل دئے ۔ وزیر اعلیٰ کے خلاف متاثرین نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ ادھر مقامی عمادئدین نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ حکومت کا سہارا نہ لیا جائے اور کثیر تعداد میں موقع پر روانہ ہوں۔

[pullquote]حالیہ بارشوں سے گلگت بلتستان اور کوہستان میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی،متعدد جاں بحق ، کئی زخمی، لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم بند، غذائی قلت کا خدشہ[/pullquote]

رپورٹ : غلام الدین

حکام کا کہنا ہے کہ راستوں کی بحالی میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔ شاہراہ قراقرم کی بندش کے باعث گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ وزیراعلی ہاؤس میں ایک شکایتی مرکز قائم کیا گیا ہےتاہم وہاں کوئی موجود نہیں .

مقامی صحافی شہاب الدین کے مطابق بارشوں سے ضلع دیامر میں15افراد جان بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ شاہراہ قراقرم گونرفارم سے رائی کوٹ تک جگہ جگہ تباہی کا منظر پیش کررہی ہے، اس کے علاوہ شتیال سے لوٹر جبکہ کمیلا اور پٹن کو ملانے والا کیال پل دریا برد ہوچکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلع دیامر کے ہیڈ کواٹر چلاس میں 400 سے زائد مسافر پھنسے ہوئے ہیں.

گلگت سے سینئر صحافی اسرارالدین سے حاصل کی جانے والی معلومات کے مطابق ضلع غذر کی وادی شیرقلعہ اور دماس میں 200 گھر صف ہستی سے مٹ چکے ہیں اور متاثر خاندان کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

ضلع ہنزہ نگر سے مقامی صحافی اجلال الدین کا کہنا تھا حالیہ باشوں سے سٹرکیں تباہ ہوچکی ہے، بجلی بند ہے، لینڈ سلائیڈنگ سے پانی کی سپلائی منقطع ہے، ادویات اور اشیا خورونوش کی قلت پیدا ہوچکی ہے۔

بلتستان کے ہیڈ کوارٹر اسکردو سے صحافی عارف حسین کا کہنا تھا کہ ضلع اسکردو اور گانچھے میں بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، راستوں کی بندش کے باعث پیڑولیم مصنوعات ناپید ہیں، اشیا خورونوش اور ادویات کی قلعت سے شہری پریشان ہیں اور زخیرہ اندوزوں کی من مانیاں عروج پر ہیں۔

[pullquote]گلگت بلتستان کےمتاثرہ مسافروں کے ساتھ پی آئی اے کا ظلم و ستم [/pullquote]

غذر سے جاوید اقبال

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے. گلگت اور اسکردو جانےوالی پروازیں بار بار نہ صرف منسوخ کرکے تنگ کیا جارہا ہے بلکہ پروازیں منسوخ ہونے کی صورت میں کنفرم ٹکٹ ختم کر کے نیا ٹکٹ دینے کے لئےایک ہزار روپے اضافی وصول کرتے ہیں ۔دوسری طرف پی آئی اے کے دفتروں سے سیٹ ملنا تو دور کی بات لیکن مختلف بکنگ ایجنٹ 2سے3ہزار روپے اضافی لیکر سیٹ فراہم کرتے ہیں گلگت بلتستان کے 10 اضلاع کے لاکھوں عوام کے لیے 45 سیٹوں کے صرف دو جہاز ہیں ، اکثر موسم صاف ہونے کے باوجود بھی پروازوں کو منسوخ کر دیا جاتا ہے.

[pullquote]ہنگو میں پاک افغان سرحد کے قریب چیک پوسٹ پر حملہ[/pullquote]

پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب 50 سے زائد دہشت گردوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ۔ جوابی کاروائی میں 15 شدت پسند ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور افغانستان کے راستے سے داخل ہوئے اور واپس اسی جانب فرار ہو گئے۔ ہنگو میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد ٹل اور دو آبہ کے علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے اور تمام افراد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

[pullquote]’مالا کنڈ ڈویژن کو ٹیکسوں سے مستثنیٰ قرار دیا جائے‘[/pullquote]

پاکستان کی صوبے خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ شدت پسندی سے متاثرہ صوبے کے زیر انتظام قبائلی علاقہ مالا کنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ کے نفاذ کا فیصلہ واپس لینے کےلیے سمری صدر مملکت کو بھیجی جا رہی ہے تاکہ وہاں کے عوام کو ٹیکسوں سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔انھوں نے کہا کہ سمری میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ مالا کنڈ ڈویژن گذشتہ کئی برسوں سے دہشت گردی اور شدت پسندی سے بری طرح متاثر رہا ہے اور عوام نے بڑے نقصانات برداشت کیے لہٰذا اس علاقے میں نافذ کردہ کسٹم ایکٹ کے فیصلے کو واپس لیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ سال ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ اس بنیاد پر کیا گیا تھا کہ مالا کنڈ ڈویژن میں شدت پسندی کے واقعات میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بڑی تعداد میں استعمال ہو رہا ہے اس وجہ سے دہشت گردی روکنے کی بنا پر اس علاقے کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا گیا تھا۔مشتاق غنی نے مزید بتایا کہ مالاکنڈ کے تمام اضلاع کے حالات میں اب کافی حد تک بہتری آئی ہے لہٰذا اس بنیاد پر وہاں ٹیکس کے نفاذ کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہی۔

[pullquote]اسکاٹ لینڈ میں ‘توہین رسالت’ پر احمدی قتل[/pullquote]

Asad Sgag Scotland Murders Ahmadi

اسکاٹ لینڈ کے سب سے بڑے شہر گلاسگو میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک احمدی دکاندار کو مبینہ طور پر قتل کرنے والے32 سالہ تنویر احمد نے گلاسکو کی عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اسد شاہ پر حضرت محمد ﷺ کی توہین کی وجہ سے حملہ کیا.ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘اگر میں یہ نہ کرتا تو دوسرے یہ کام کردیتے اور اس طرح دنیا میں مزید قتل اور تشدد ہوتا’. تنویر کا اپنے بیان میں کہنا تھا، ‘میں یہاں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میرے اس اقدام کا مسیحیوں یا کسی بھی دوسرے مذہب کے عقائد سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، اگرچہ میں حضرت محمد ﷺ کا پیروکار ہوں، لیکن میں یسوع مسیح سے بھی محبت اورعزت کرتا ہوں’.اسد شاہ، جو 1998 میں پاکستان سے گلاسگو منتقل ہوئے تھے، انہوں نے فیس بک پر مسیحی قوم کو ان کے مذہبی تہوار ایسٹر کی مبارکباد پیش کی تھی.

[pullquote]پاکستان ٹیم کی کوچنگ کا امیدوار نہیں ہوں:عاقب جاوید[/pullquote]

150224053800_aqib_javed_640x360_bbc_nocredit

دبئی: قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے امیدوار کی حیثیت سے دست بردار ہوگئے۔کرکٹ ویب سائٹ اسپورٹس 360 کو انٹرویو میں عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ’میں تاحال متحدہ عرب امارات ٹیم کا کوچ ہوں اور میں کہیں نہیں جارہا’۔

43 سالہ سابق فاسٹ باؤلر نے متحدہ عرب امارات کی کوچنگ کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کیا کہ پی سی بی غیرملکی کوچ کی طرف جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ‘میں اپنی صلاحیتیں ان لوگوں کو دینا نہیں چاہتا جو اپنے وعدوں کا پاس نہیں رکھتے’۔

[pullquote]اسلام آباد: سابق کرکٹرز پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کا منصب سونپنے کو قابل ستائش اقدام قرار دیا ہے۔[/pullquote]

Sarfaraz Ahmed Criketer

ٹی ٹوئنٹی کپتان ہونے کے ساتھ ساتھ سرفراز ایک روزہ ٹیم میں اظہر کے نائب کے فرائض بھی انجام دیتے رہیں گے لیکن سابق کرکٹرز رمیز راجہ اور عبدالقادر نے انہیں تینوں فارمیٹ میں قیادت سونپنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ سابق مایہ ناز اوپنر عامر سہیل نے کہا کہ 28 سالہ کھلاڑی کے کاندھے پر بتدریج ذؐے داریاں ڈالی جائیں۔

سابق لیگ اسپنر عمران خان نے کہا کہ میں سرفراز کو تینوں فارمیٹ کا کپتان بنانے کی عمران خان کی تجویز کی مکمل حمایت کرتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ وہ اچھے کپتان بن سکتے ہیں۔ سابق کپتان رمیز راجہ نے امید ظاہر کی کہ سرفراز احمد ہندوستانی کپتان مہندرا سنگھ دھونی سے سیکھیں گے جنہیں گزشتہ دہائ کے دوران ہندوستانی ٹیم کو بلندیوں تک پہنچاتے دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]عالمی خبریں [/pullquote]

[pullquote] ایران کسی ملک کے لیے خطرہ نہیں، روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک کسی بھی دوسری ریاست کے لیے خطرہ نہیں ہے۔ تہران میں متعدد ملکی اداروں کی جانب سے ایک تقریب میں جوہری مصنوعات پیش کی گئیں۔ اس موقع پر روحانی نے کہا کہ تہران حکومت پوری دنیا اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مکالمت چاہتی ہے۔ جمعے کے روز ایران میں قومی جوہری توانائی دن منایا جا رہا ہے اور یہ تقریب اسی مناسبت سے منعقد کی گئی تھی۔ ایرانی صدر کا اس تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ تہران حکومت میانہ روی کی پالیسی پر قائم ہے اور کسی بھی ملک کے لیے خطرات پیدا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

[pullquote] ڈچ شہریوں نے یوکرائن کے ساتھ یورپی یونین کا آزاد تجارتی معاہدہ رد کر دیا[/pullquote]

ہالینڈ میں بدھ کے روز منعقدہ ایک عوامی ریفرنڈم میں ڈچ عوام نے یوکرائن کے ساتھ یورپی یونین کے آزاد تجارتی معاہدے کو مسترد کر دیا۔ اس ریفرنڈم کے نتائج کو ہالینڈ میں یورپی یونین مخالف جذبات کا آئینہ دار اور حکومت کے لیے ایک دھچکے سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ ریفرنڈم میں ڈالے گئے ووٹوں میں سے 99.8 فیصد کی گنتی مکمل ہونے پر بتایا گیا ہے کہ قریب 61 فیصد رائے دہندگان نے اس ڈیل کے خلاف جب کہ صرف 38 فیصد نے اس کے حق میں رائے دی۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس ریفرنڈم میں ٹرن آؤٹ 32 فیصد کے قریب رہا۔

[pullquote] پاناما میں مالیاتی سرگرمیوں پر نظرثانی کے لیے کمیشن قائم[/pullquote]

پاناما کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں جاری مالیاتی سرگرمیوں پر نظرثانی کے لیے ایک آزاد کمیشن قائم کیا جا رہا ہے۔ پاناما کی ایک مقامی کمپنی کی کئی ملین خفیہ دستاویزات افشا ہو جانے کی وجہ سے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سمیت متعدد عالمی رہنما اور معروف کاروباری شخصیات عوامی تنقید کا سامنے کر رہی ہیں۔ بدھ کی شام ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں پاناما کے صدر خوآن کارلوس واریلا نے کہا کہ ملک کی موجودہ مالیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے گا اور دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ان میں شفافیت کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ’پاناما پیپرز‘ کی تفصیلات منظرعام پر آنے کے بعد متعدد ممالک میں تحقیقاتی عمل شروع ہو چکا ہے۔

[pullquote] داعش نوادرات فروخت کر کے کروڑوں ڈالر کما رہی ہے، روس[/pullquote]

روس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش شام اور عراق سے لوٹے گئے نوادرات کی غیرقانونی فروخت سے سالانہ بنیادوں پر ڈیڑھ سو سے دو سوملین ڈالر تک سرمایہ حاصل کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ میں روسی سفیر ویٹالی چُرکِن کی جانب سے سلامتی کونسل کو لکھے گئے ایک مراسلے کے مطابق یہ تنظیم شام اورعراق میں واقع ساڑھے چار ہزار تاریخی مقامات سے عالمی اہمیت کے حامل قریب دس ہزار نوادرات چرا کر فروخت کر چکی ہے۔ اس مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ان ساڑھے چار ہزار مقامات میں یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دی گئی سات جگہیں بھی شامل ہیں۔ روسی سفیر کے مطابق ان نوادرات کی غیرقانونی فروخت ترکی کے ذریعے ہوتی ہے۔

[pullquote]افغان سرحد کے قریب 12 عسکریت پسند ہلاک، پاکستانی حکام[/pullquote]

ایک حکومتی انتظامی افسر نے بتایا ہے کہ افغان سرحد کے قریب ایک پاکستانی فوجی چوکی پر درجنوں عسکریت پسندوں نے حملہ کیا۔ اس عہدیدار نے بتایا کہ اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 12 عسکریت پسند مارے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ قبائلی علاقے کرّم ایجنسی میں منگورو پوسٹ پر جمعرات کی صبح ہونے والے اس حملے میں سکیورٹی فورسز کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں ایک اور لبرل بلاگر کا قتل[/pullquote]

بنگلہ دیش میں چھروں سے مسلح حملہ آوروں نے ایک لبرل بلاگر کو قتل کر دیا ہے۔ جمعرات کے روز پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ قتل سیکولر بلاگرز اور انسانی حقوق کے کارکنان کے قتل کے سلسلے ہی کی ایک کڑی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ طالب علم نظام الدین صمد کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ دارالحکومت ڈھاکا کی یونیورسٹی سے واپس گھر لوٹ رہا تھا۔ گزشتہ برس بھی مشتبہ عسکریت پسندوں نے ایسے ہی حملوں میں پانچ سیکولر لکھاریوں اور بلاگرز کو قتل کر دیا تھا۔ ان میں سے زیادہ تر حملوں کی ذمہ داری مسلم شدت پسند تنظیم انصاراللہ بنگلہ نے قبول کی تھی۔

[pullquote] حلب کے جنوب میں شامی فورسز کا بڑا حملہ[/pullquote]

شام کی حکومتی فورسز اور ان کے اتحادیوں نے مل کر حلب شہر کے جنوبی علاقے میں ایک بڑی فوجی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ رواں برس فروری میں فائربندی معاہدے کے نفاذ کے بعد سے اس سطح کا یہ سب سے بڑا حملہ ہے۔ حلب کے جنوب میں شامی حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان جاری لڑائی کی وجہ سے پہلے سے کمزور فائربندی معاہدے کے مؤثر رہنے سے متعلق کئی سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔ آئندہ پیر کے روز سے جنیوا میں شام میں قیام امن کے موضوع پر مذاکرات کے دوسرے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی زیرنگرانی ہونے والے ان مذاکرات میں اب تک فریقین کے درمیان کسی سمجھوتے کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔ فریقین کے درمیان سب سے بڑا اختلافی معاملہ مستقبل کے شام میں صدر بشارالاسد کا کردار ہے۔

[pullquote] انسانی حقوق کا معاملہ اور تنازعات، کیری مشرق وسطیٰ پہنچ گئے[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ جان کیری جمعرات کے روز اپنے دورہ مشرق وسطیٰ کے دوران بحرین میں ہیں۔ اپنے اس دورے میں وہ خطے کے رہنماؤں سے یمنی تنازعے کے علاوہ وہاں انسانی حقوق کی صورت حال پر بھی بات کریں گے۔ کیری یہ دورہ خلیجی ممالک کے ایک سربراہی اجلاس سے قبل کر رہے ہیں، جس میں صدر اوباما بھی شریک ہوں گے۔ کیری اس دورے میں خلیجی تعاون کی کونسل کے ملکوں کے اپنے ہم منصب وزراء سے ملاقاتیں کریں گے۔ سن 2010ء میں ہلیری کلنٹن کے بعد کسی امریکی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ بحرین ہے۔ خلیجی تعاون کی کونسل کا سربراہی اجلاس 21 اپریل کو ریاض میں ہو رہا ہے، جس میں یمنی اور شامی تنازعے کے علاوہ خطے میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر بھی بات چیت ہو گی۔

[pullquote] نگورنو کاراباخ میں فائربندی جاری[/pullquote]

آذربائیجان اور آرمینیا کی فورسز کے درمیان چار روز تک لڑائی کے بعد بدھ کے روز سے اب تک فائربندی پر عمل درآمد ہو رہا ہے، تاہم فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر فائربندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ نگورنو کاراباخ کے علاقے میں آرمینیائی نسل کے باغیوں اور آذربائیجان کی فورسز کے درمیان گزشتہ کئی دہائیوں کی اس بدترین لڑائی میں متعدد افراد ہلاک ہوئے۔ بدھ کے روز آذربائیجان کی وزارت دفاع کے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ آرمینیا کی فورسز کی جانب سے فائرنگ کی جا رہی ہے، تاہم ملکی فورسز فائربندی پر پوری طرح کاربند ہیں۔ دریں اثناء آرمینیا کی وزارت دفاع نے بھی الزام عائد کیا کہ آذربائیجان کی فوج نے آرمینیائی فورسز کی پوزیشنوں کو نشانہ بنایا ہے، جس میں ٹینک بھی استعمال کیے گئے، تاہم یہ شیلنگ پہلے کی طرح ’شدید‘ نہیں تھی۔

[pullquote] جی ٹوئنٹی اجلاس سے قبل چین کا شریک ممالک سے مشتبہ دہشت گردوں کی فہرست کا مطالبہ[/pullquote]

رواں برس چین میں ہونے والے جی ٹوئنٹی اجلاس سے قبل بیجنگ حکومت نے شریک ممالک سے مشتبہ دہشت گردوں اور تنظیموں کی فہرست کا مطالبہ کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس کا مقصد چینی شہر ہانگ ژُو میں اس اجلاس سے قبل سکیورٹی کی تیاریاں مکمل کرنا ہے۔ یہ سربراہی اجلاس ستمبر میں ہوگا، جس میں چینی صدر شی جن پنگ کے علاوہ امریکی صدر باراک اوباما اور دیگر عالمی رہنما شرکت کریں گے۔ ایک چینی اخبار میں شائع ہونے والے اپنے انٹرویو میں چین کے انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ اس اعلیٰ سطحی اجلاس کے لیے سلامتی کے معاملے کو یقینی بنانے کے لیے شریک ممالک سے تعاون طلب کیا گیا ہے۔

[pullquote] شامی مہاجرین کی آبادکاری میں تیزی کا پروگرام، پہلا خاندان امریکا پہنچ گیا[/pullquote]

ایک شامی خاندان بدھ کے روز اردن کے ایک مہاجر کیمپ سے امریکی شہر کنساس پہنچا۔ امریکی صدر کی جانب سے 30 ستمبر کو اعلان کیا گیا تھا کہ وہ دس ہزار شامی مہاجرین کو امریکا میں بسائیں گے۔ گزشتہ برس اکتوبر سے اب تک ایک ہزار شامی مہاجرین امریکا پہنچ چکے ہیں۔ تاہم اس سست پیش رفت کے تناظر میں رواں برس فروری میں امریکا نے عمان میں ایک آبادکاری سینٹر قائم کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس سینٹر میں روزانہ چھ سو مہاجرین کے انٹرویو لے کر کوائف مرتب کیے جا رہے ہیں۔ یہ غیرمستقل پراسیسنگ سینٹر 28 اپریل تک کام کرے گا اور امریکی صدر کی جانب سے مقرر کیے گئے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔

[pullquote] عراق میں مغوی قطری شاہی خاندان کا فرد رہا[/pullquote]

گزشتہ چار ماہ سے عراق میں مغوی بنائے گئے قطری شاہی خاندان کے ایک فرد کو رہا کر دیا گیا ہے۔ اس قطری شہری کو شکار کے لیے سعودی عرب کی سرحد سے قریب عراقی صحرائی علاقے سے اغوا کر لیا گیا تھا۔ جمعرات کے روز دوحہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس قطری شہری کے علاوہ ایک پاکستانی شہری کو بھی رہائی مل گئی ہے۔ رہا ہونے والے افراد کے نام بتائے بغیر کہا گیا ہے کہ دیگر 26 افراد ابھی اغواکاروں کی قید میں ہیں، جن کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

[pullquote] ممنوعہ ادویات کا استعمال، چالیس روسی ایتھلیٹس زیرتفتیش[/pullquote]

روس کے وزیر برائے کھیل ویٹالی مُٹکو نے کہا ہے کہ اس وقت مجموعی طور پر قریب چالیس روسی ایتھلیٹس سے میلڈونیم نامی ممنوعہ دوا کے استعمال سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔ مُٹکو نے کہا کہ اگر میلڈونیم کے استعمال کی بات کی جائے، تو اس وقت معاملہ یہ ہے کہ کس طرح صورت حال کو بہتر بنایا جائے اور روس کے نقصان کو کم سے کم کیا جائے۔ روسی کھلاڑیوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کے تناظر میں روس کی اولمپک مقابلوں میں شرکت پر اس وقت پابندی عائد ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے