آج کا پاکستان

[pullquote]پاکستان[/pullquote]

[pullquote]عمران خان مان گئے
[/pullquote]

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چوہدری نثار کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شعیب سڈل کی سربراہی میں آزاد کمیشن تشکیل دیا جائے .

عمران خان نے کہا کہ 24 کو اپریل کو پارٹی کا بیسواں یوم تاسیس فاطمہ جناح پارک میں ہی پوریشان و شوکت سے منائیں گے

[pullquote]پاناما لیکس کی تحقیقات ، کمیشن کا قیام ڈیڈ لاک کا شکار
[/pullquote]

nawaz

اسلام آباد : پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے وزیراعظم کے اعلان کردہ کمیشن کا قیام ڈیڈ لاک کا شکار ہو گیا ، سرتوڑ کوششوں کے باوجود کسی بھی ریٹائرڈ جج نے سربراہی کی حامی نہیں بھری ، حکومت سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج کی تعیناتی پر غور کرنے لگی۔پانامہ پیپرز منظر عام پر آنے پر وزیراعظم نے قوم سے خطاب کیا ، کمیشن بنانے کا اعلان ہوا تو نیا شور مچ گیا جو ابھی تک تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ اپوزیشن کا بڑھتا ہوا دباؤ حکومتی مشکلات بھی بڑھا رہا ہے ، کمیشن کا قیام بھی کڑا امتحان بن گیا۔ حکومت نے اب سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج کی خدمات لینے پر غور بھی شروع کر دیا ہے۔ حکومتی کوششیں اپنی جگہ لیکن پیپلز پارٹی انٹرنیشنل کمپنی کے فرانزک آڈٹ کے بغیر کسی بھی کمیشن کو ماننے سے انکاری ہے۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا وزیراعظم انٹر نیشنل کمپنی سے تحقیقات کا معاملہ پارلیمنٹ میں لائیں۔

[pullquote]حملہ کرنے والوں کو معاف کرتا ہوں، جنید جمشید
[/pullquote]

junaid jamshaid

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جنید جمشید کا کہنا تھا کہ وہ ان تمام لوگوں کو معاف کرتے ہیں جنہوں نے اُن پر حملہ کیا، جبکہ اللہ تعالی ہمیں محبت پھیلانے اور ایک دوسرے کی عزت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ان کا کہنا تھا کہ نظریات سے قطع نظر ہمیں ایک دوسرے سے پیار اور عزت کرنی چاہیے جبکہ پاکستان کو ہر کسی کے لیے ایک پرامن جگہ بنانا چاہیے۔

[pullquote]پشاور سے ٹارگٹ کلر گرفتار، سب انسپکٹر کو قتل کرنے کا اعتراف
[/pullquote]

kidnapp

پشاور، کوہاٹ: پشاور کے علاقے حیات آباد میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹارگٹ کلر گرفتار کر لیا۔ گرفتار ٹارگٹ کلر نے ایک سب انسپکٹر کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔ ادھر کوہاٹ کے علاقے محمد زئی اور نصرت خیل میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے کارروائی کر کے چالیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پانچ افراد کا تعلق افغانستان سے ہے جو کہ غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے پشاور کے علاقے حیات آباد سے ایک ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شخص سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشن نے بتایا کہ گرفتار ٹارگٹ کلر کا تعلق افغانستان سے ہے اور اس نے پولیس کے ایک سب انسپکٹر کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا اور پولیس کو مطلوب تھا ٹارگٹ کلر سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا اور مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔ ادھر کوہاٹ کے علاقے محمد زئی اور نصرت خیل میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کر کے چالیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لئے گئے افراد میں سے پانچ کا تعلق افغانستان سے ہیں جو کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے۔ زیرحراست افراد سے تفتیش جاری ہے۔

[pullquote]پہاڑی تودہ گرنے سے جاں بحق 23 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
[/pullquote]

kohistan

کوہستان: پہاڑی تودہ گرنے سے جاں بحق ہونے والے 23 افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 6 روز قبل کوہستان کے علاقے میں لینڈ سلائڈنگ کے نتیجے میں 23 افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔ 6 روز تک ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کی گئی تاہم کسی کی لاش کو ملبے سے نہ نکالا جاسکا جس کے بعد مایوس ہوکر مقامی افراد نے لینڈ سلائڈنگ والی جگہ کو قبرستان قرار دے دیا اور وہیں پر تمام افراد کی نماز جنازہ ادا کردی۔ نماز جنازہ میں آرمی کے جوانوں سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اس دلخراش سانحے پر ہر آنکھ نم نظر آئی۔

[pullquote]ڈاکٹر عاصم حسین کی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر
[/pullquote]

dr-asim-hussain-8262015

کراچی: سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین کیخلاف اپنے ہسپتال میں دہشت گردوں کا علاج کرنے کا مقدمہ درج ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران ڈاکٹر عاصم حسین کے وکیل کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کی گئی جس میں ڈاکٹر عاصم نے موقف اپنایا ہے کہ میں نے کسی دہشت گرد کا علاج کیا اور نہ کسی دہشت گرد کو سہولت فراہم کی ہے مجھے انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ تفتیشی افسر الطاف حسین نے بے گناہ قرار دیا تھا لیکن اس کے باوجود تاحال مقدمہ چل رہا ہے اور استغاثہ کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا لہٰذا میری ضمانت کی درخواست منظور کی جائے۔

[pullquote]ایچ ای سی کا آن لائن سسٹم فلاپ، 3500 طلبا سکالر شپ سے محروم
[/pullquote]

hec

لاہور: ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کا آن لائن سسٹم فلاپ ہو گیا، ایم فل و پی ایچ ڈی کے 3500سے زائد طلبا وطالبات سکالر شپ سے محروم ہو گئے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ملک بھر سے 3500 سے زائد طلبا و طالبات نے آن لائن سسٹم کے تحت ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالر شپ کیلئے درخواستیں جمع کرائیں تھیں جن کی ای میل کے ذریعے وصولی کی تصدیق کی گئی۔ بعد ازاں ان طلبا و طالبات نے شارٹ لسٹ ہونے اور انٹرویوز کے سلسلہ میں متعلقہ افسروں سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ آپ کی تو درخواستیں موصول نہیں ہوئیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے طلبا نے کہا کہ آن لائن سسٹم کی خرابی کی ذمہ داری امیدواروں پر ڈال دی گئی ہے حالانکہ درخواست کی وصولی کی تصدیق کا پیغام موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی طالبعلم 500 روپے فیس بھی جمع ہے ۔ صورتحال کا فوری تدارک کیا جائے ورنہ قانونی چارہ جوئی اور دیگر اقدامات اٹھانے پر مجبور ہونگے ۔ ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد سے موقف جاننے کیلئے رابطہ نہ ہوسکا۔

[pullquote]سرگودھا: تفریحی میلے کے نام پر جوئے کے اڈے کھل گئے[/pullquote]

سرگودھا:سرگودھا میں تفریحی میلے کے نام پر جوئے کے اڈے کھل گئے۔ جس میں لاکھوں روپے کا جواءانتظامیہ کی سرپرستی میں کھیلا جانے لگا۔سرگودھا کے علاقے استقلال آباد روڈ کے قریب ہر رات پولیس اور انتظامیہ کی سرپرستی میں لاکھوں کا جوا ہونے لگا۔ذرائع کے مطابق جوا میلا پولیس اور اعلیٰ شخصیات کی سرپرستی میں ہورہا ہے،یہی وجہ ہے کہ جواءروکنے کی بجائے پولیس اہلکاریہاں حفاظت کی ڈیوٹیز پر معموردکھائی دیتے ہیں۔

[pullquote]دس اپریل کو یوم دستور کے طور پر منایا جائے گا، رضا ربانی[/pullquote]

کراچی:چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کہتے ہیں کہ دس اپریل کو یوم دستور کے طور پر منایا جائے گا۔آرٹیکل چھ پرعمل نہ کرنے والوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اسے فاضل شق قراردے کر آئین سے حذف کردیں۔نیشنل میوزیم کراچی میں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے محکمہ ثقافت سندھ کے تحت دوروزہ صوفی کانفرنس کا افتتاح کیا۔افتتاحی خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عدم برداشت صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔میڈیا سے گفتگومیں چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ دس اپریل کو یوم دستور کے طور پر منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئین کے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ کسی کونہیں کھیلنے دیں گے۔کانفرنس سے وزیراعلیٰ سندھ کی مشیربرائے ثقافت شرمیلا فاروقی اورحمید ہارون، شازیہ رضوی اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرصوفی گائیک مطہراورذوالفقارنے شاہ عبدالطیف بھٹائی کا کلام پیش کیا۔

[pullquote]عالمی خبریں[/pullquote]

[pullquote]بھارت کی دس ریاستوں میں شدید خشک سالی
[/pullquote]

draught-11_021513030127

بھارت کی دس ریاستوں میں شدید خشک سالی کے باعث حالات سنگین ہو گئے،عوام پانی کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں،کئی علاقوں میں پانی کے ذخائر پر مسلح گارڈز تعینات ہیں،لوگوں کی بڑی تعداد نقل مکانی پر مجبور ہو گئی۔بھارت کی ریاستوں مہاراشٹرا،مدھیہ پرادیش،اترپردیش،بہار،اڑیسہ،کرناٹک،چھتیس گڑھ،تامل ناڈو،راجھستان،جھاڑ کھنڈ اور آسام میں شدید خشک سالی نے ڈیرے ڈال دیئے۔متاثرہ ریاستوں کے شہری پانی کی تلاش میں در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں جبکہ کئی دیہاتوں میں تو مسلح گارڈ پانی کے ذخیروں پر پہرہ دے رہے ہیں۔مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں لوگ دوردراز پہاڑی علاقوں سے پانی حاصل کرنے پر مجبور ہیں جبکہ پانی بھرنے کیلئے اسکولوں کے اوقات بھی تبدیل کر دیے گئے ہیں۔کئی علاقوں میں حکومت ٹینکروں کےذریعے پانی کی تقسیم کر رہی ہے،مردوں اور خواتین سمیت بچے کئی کئی گھنٹے پانی کے حصول کیلئے قطار میں کھڑے رہتے ہیں۔ہندووں کے مقدس مقام رام کھنڈ کے دریائے گوداوری کا پانی بھی خشک ہو چکا ہے،یہ دریا ایک سو انتالیس برسوں میں پہلی بار خشک ہوا ہے۔متاثرہ ریاستوں میں پانی کی کمی کے باعث اسپتالوں کے طبی عملے اور مریضوں کو بھی شدید مشکلا ت کا سامنا ہے۔

[pullquote]مقبوضہ کشمیر : ایشیا کا سب سے بڑا ٹیولپ گارڈن عوام کیلئے کھول دیا گیا[/pullquote]

سری نگر:مقبوضہ کشمیر میں ایشیا کے سب سے بڑے ٹیولپ گارڈن کو عوام کے لیے کھول دیا گیا۔خوبصورت پھولوں سے سجے گارڈن کی سیر کرنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے۔جنت نظیر وادی کشمیرمیں دنیا کی سب سے خوبصورت جھیل ڈل کے کنارے واقع گارڈن میں ٹیولپ کے لاکھوں پھولوں نے بہار کا سماں باندھ دیا۔ٹیلوپ کے رنگ برنگے اور دلکش پھولوں نے گارڈن کی خوبصورتی میں چار چاند لگا دئیے۔مختلف اقسام کے ٹیولپ کے پھولوں کو دیکھنے کے لیے مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔باغ میں ٹیولپ کے پھولوں کی ستر اقسام ہیں جبکہ رواں سال ان میں مزید بیس اقسام کا اضافہ کیا گیا ہے۔سری نگر کے اس ٹیلوپ گارڈن کو دنیا کا سب سے بڑا گارڈن ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔سیاحوں کا کہنا ہے کہ ٹیولپ گارڈن زمین پر ایک اور جنت ہے۔

[pullquote]پيرس اور برسلز حملوں کے مرکزی مشتبہ ملزمان گرفتار
[/pullquote]

بيلجيم کی پوليس نے گزشتہ برس نومبر ميں فرانسيسی دارالحکومت پيرس اور پھر گزشتہ ماہ برسلز ميں کيے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کے مرکزی مشتبہ ملزمان کو حراست ميں لے ليا ہے۔ استغاثہ کے مطابق بيلجيم کے شہری محمد عبرينی کو گرفتار کر ليا گيا ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ پيرس ميں تيرہ نومبر کو کيے گئے حملوں کی منصوبہ بندی ميں ملوث تھا۔ اس بارے ميں تفتيش جاری ہے کہ آيا برسلز ميں ہونے والے حملوں کی ويڈيو ميں جو شخص ٹوپی پہنے نظر آتا ہے، وہ اکتيس سالہ عبرينی ہی ہے۔ اسے جمعے کے روز برسلز کے مؤلن بيک نامی علاقے سے حراست ميں ليا گيا۔ پوليس نے ايک اور شخص کو بھی حراست ميں لے ليا ہے، جس کا نام اسامہ کے بتايا گيا ہے۔ اس پر شبہ ہے کہ وہ برسلز حملوں سے قبل ايک حملہ آور سے ملا تھا اور اسے نے شدت پسندوں کو کچھ اشياء فراہم کی تھيں۔

[pullquote]شمالی کوريا کی جانب سے بيلسٹک ميزائلوں کے انجن کا کامياب تجربہ
[/pullquote]

شمالی کوريا نے بين البراعظمی بيلسٹک ميزائلوں کے ليے ايک نئے انجن کے کامياب تجربے کا اعلان کيا ہے۔ پيونگ يانگ کی کورين سينٹرل نيوز ايجنسی کے مطابق اس نئے انجن کا تجربہ ملکی رہنما کم جونگ ان کی زير نگرانی کیا گیا۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ تجربہ کب کیا گیا تاہم اس بارے میں اعلان ہفتے کے دن کيا گيا۔ اس حوالے سے کم جونگ ان نے اپنے ایک بيان ميں کہا کہ یہ کامیاب تجربہ امريکا اور ديگر جارحانہ قوتوں کے خلاف ايک مختلف قسم کے ممکنہ جوہری حملے سے متعلق گارنٹی فراہم کرتا ہے۔ شمالی کوريا کی جانب سے گزشتہ مہينے بھی کئی ميزائل تجربات کيے گئے تھے۔

[pullquote]پيرو ميں بس حادثہ، کم از کم تئیس افراد ہلاک
[/pullquote]

جنوبی امريکی ملک پيرو کے جنوب مشرقی حصے ميں ايک بس دريا ميں گر جانے کے نتیجے میں کم از کم تئیس افراد ہلاک اور متعدد ديگر زخمی ہو گئے۔ اُرکوس شہر کی پوليس کے ایک ترجمان نے بتايا کہ بس کے مکمل طور پر دريا ميں ڈوب جانے کے باعث امدادی کاموں ميں کافی دشوارياں پيش آ رہی ہيں۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں چھپن افراد سوار تھے اور وہ پورٹو مولڈوناڈو سے جمعرات کے روز کسکو نامی علاقے کے ليے روانہ ہوئی تھی۔ یہ اطلاعات بھی ہيں کہ اس بس کو يہ حادثہ ايک ٹرک کی وجہ سے پيش آيا۔ زخميوں کو ایک قريبی شہر کے ہسپتال میں منتقل کر ديا گيا ہے۔

[pullquote]بحيرہ ايجيئن ميں پانچ مہاجرين ڈوب کر ہلاک
[/pullquote]

يونانی کوسٹ گارڈز کے مطابق بحيرہ ايجيئن کے مشرقی حصے ميں آج ايک کشتی ڈوبنے کے نتيجے ميں کم از کم پانچ تارکین وطن ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان ميں سے چار عورتيں تھیں اور ايک بچہ۔ پلاسٹک کی کشتی ڈوبنے کا يہ واقعہ يونانی جزيرے ساموس کے قريب پيش آيا۔ اس حادثے کے بعد پانچ افراد کو بچا بھی ليا گيا، جن ميں دو عورتيں، دو مرد اور ايک بچہ شامل ہيں۔ بچا لیے جانے والوں نے بتايا کہ ساڑھے تين ميٹر لمبی اس کشتی پر کُل گيارہ افراد سوار تھے۔ يورپی يونين اور ترکی کے مابين ڈيل اور بحيرہ ايجيئن کی نگرانی بڑھائے جانے کے بعد سے پناہ گزينوں کی ترکی سے غیر قانونی طور پر يونان آمد ميں واضح کمی آئی ہے۔

[pullquote]بنگلہ ديشی بلاگر طالب علم کا قتل انصار الاسلام کی کارروائی
[/pullquote]

بنگلہ ديش ميں دہشت گرد نيٹ ورک القاعدہ کے ساتھ روابط رکھنے والی ايک کالعدم تنظيم نے ايک طالب علم بلاگر کے حاليہ قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ سيکولر بلاگر اٹھائيس سالہ نظام الدين صمد تھا، جسے بدھ چھ اپریل کی رات قتل کر ديا گيا تھا۔ القاعدہ کی بنگلہ ديشی شاخ انصار الاسلام نے جمعے کی شب اپنے ایک آن لائن بیان میں لکھا کہ کہ صمد پر حملہ اسی گروہ کے جنگجوؤں نے کيا تھا۔ بیان کے مطابق اس بلاگر کو ’خدا، پيغمبر اسلام اور مذہب اسلام‘ کی مبینہ بے حرمتی کی وجہ سے ’انتقاماﹰ‘ قتل کیا گیا۔

[pullquote]ويت نام ميں نئی کابينہ نے ذمہ دارياں سنبھال ليں
[/pullquote]

ويت نام ميں ملکی کابينہ کی قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد آج ہفتے کے دن سے نئی حکومت نے اپنی ذمہ دارياں سنبھال لی ہيں۔ صدر تران دائی کوانگ اور وزير اعظم نگوین شوان پُھک کی قيادت ميں يہ حکومت پانچ سال تک برسر اقتدار رہے گی۔ نئی حکومت ميں پانچ نائب وزرائے اعظم اور اٹھارہ وزراء سميت مختلف ايجنسيوں کے چار سربراہان بھی شامل ہيں، جو وزارتی سطح کے اختيارات کے حامل ہيں۔

[pullquote]شام ميں چار سال سے زير حراست امريکی شہری رہا
[/pullquote]

شامی حکومت نے چار برس قبل شام ميں داخل ہونے والے ایکی امريکی شہری کو رہا کر ديا ہے۔ امريکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھی اس خبر کی تصديق کر دی ہے۔ امريکی حکام کے مطابق 33 سالہ کيون پيٹرک ڈاوس ايک فری لانس فوٹو گرافر ہے اور اسے سن 2012 ميں حراست ميں ليا گيا تھا۔ اس امريکی شہری کو شام ميں بلا اجازت داخلے اور ديگر الزامات کی بنياد پر گرفتار کیا گيا تھا۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق ڈاوس کو يکم اپريل کو رہا کيا گيا تھا اور پھر اسے روسی دارالحکومت ماسکو لے جايا گيا، جہاں اسے امريکی سفارت خانے کے حوالے کر ديا گيا۔

[pullquote]پاکستان: چھ افراد کے قاتل دو بھائيوں کو سزائے موت دے دی گئی
[/pullquote]

پاکستان ميں ايک ہی خاندان کے چھ افراد کو قتل کر دينے والے دو بھائيوں کو پھانسی کی سزا دے دی گئی ہے۔ ناصر محمود اور طاہر اقبال کی سزائے موت پر عملدرآمد ہفتے کے روز سيالکوٹ کی ايک جيل ميں کيا گيا، جس کی جیل حکام نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ ان دونوں بھائیوں نے سن 2002 ميں ايک ہی خاندان کے چھ افراد کو قتل کر ديا تھا۔ ابھی حال ہی میں ايمنسٹی انٹرنيشنل نے پاکستان پر تنقيد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان چين اور ايران کے بعد سزائے موت پر عملدرآمد کرنے والا تيسرا بڑا ملک بن گيا ہے۔ پچھلے برس پاکستان ميں مجموعی طور پر 326 مجرموں کو سنائی گئی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا۔

[pullquote]کھیلوں کی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں آج نیوزی لینڈ اور پاکستان
[/pullquote]

malaysia_hockey_620_410_100

ملائیشیا : اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں آج نیوزی لینڈ کے مد مقابل آئے گی۔ملائیشیا کے شہرایپوہ میں جاری پچیسویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں قومی ٹیم نے کینیڈا کو شکست دی۔قومی کھلاڑیوں نے میچ میں گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے لیکن پھر بھی پاکستان نے ایک کے مقابلے تین گول سے فتح سمیٹی۔قومی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے مد مقابل آئے گی.کیوی ٹیم نے ایونٹ میں دونوں میچز ڈرا کھیلے،پہلے ملائیشیا سے میچ تین تین سے برابر رہا پھر کینیڈا کیخلاف اسکور ایک ایک رہا۔

[pullquote]فائنل میں 4 چھکے لگے تو ایسا لگا ساری دنیا ہل کر رہ گئی، بین سٹوکس
[/pullquote]

dlookyc8ukm-fb9h4xmdoxojbzmtt2bj

لندن: انگلینڈ کے کرکٹ کھلاڑی بین سٹوکس کے مطابق جب ورلڈ ٹی ٹونٹی کے فائنل کے آخری اوور میں انھیں لگا تار چار چھکے پڑے تو ایسے لگا کہ ان کی ساری دنیا ہل کر رہ گئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے لگا کہ میں نے ابھی ابھی ورلڈ کپ کھو دیا ہے، مجھے اس پر یقین نہیں آ رہا تھا، یہ مکمل طور پر تباہ کن تھا۔‘ بین سٹوکس کے مطابق انھیں یقین ہے کہ یہ دھچکا انھیں طویل عرصے کے لیے ایک بہترین کھلاڑی بنا دے گا۔’ مایوسی اس وقت سب سے بڑا احساس ہے، مجھے یاد ہے جب میڈل ملا تو میں نے سوچا کہ یہ صرف دوسری پوزیشن پر آنے کے لیے ہے اور یہ آپ نہیں چاہتے ہیں۔ ا نھوں نے مزید کہا کہ یہ کسی حد تک ترغیب دے گا کہ ایسا د وبارہ کبھی نہیں ہونا چاہیے، بین سٹوکس کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ان کے ساتھی کھلاڑی براڈ اور کک ساتھ دے رہے ہیں اور کہا ہے کہ انھیں انگلینڈ کی جانب سے آخری اوور میں دوبارہ بولنگ کرنے کے لیے تیار ہو جانا چاہیے،سٹوکس کے مطابق یہ ایسی چیز ہے جس میں بہت محنت کی، کسی دن اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں اور کسی دن نہیں، وہ ایک خراب دن تھا لیکن میں شرم محسوس کر کے اس سے دور نہیں رہوں گا.

[pullquote]شوبز[/pullquote]

[pullquote]شاہ رخ نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے رازسے پردہ اٹھادیا
[/pullquote]

Shahrukh-Khan-the-Don-Hd-Wallpaper-1300px807p

ممبئی:لاکھوں دلوں کی دھڑکن اور عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکار شاہ رخ خان کا شمار دنیا کے بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے ،ان کے بارے میں کہا جاتا ہے اگر وہ مٹی کو بھی چھو لیں تو وہ سونا بن جاتی ہے،اتنی کامیابی کے باوجود بھی شاہ رخ اپنی زندگی سے مطمئن نہیں ہیں۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ رخ خان نے ایک انٹرویو کے دوران اپنی زندگی کے سب سے بڑے خوف سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ مجھے ہدا یتکاری سے بہت ڈر لگتا ہے۔یقیناً آپ جان کر حیران رہ گئے ہوں گے کہ اتنے کامیاب اداکار اور پروڈیوسر ہدایتکاری سے خوف کھا تے ہیں،شاہ رخ نے اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں پتہ ہدایتکار اداکاروں کو کس طرح شو ٹنگ کیلئے بلاتے ہیں،نہ ہی مجھے یہ پتہ ہے کہ کب او کے کہنا ہے اور کب کٹ۔مجھے صرف اداکاری کرنا پسند ہے لیکن میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب میں اپنے ڈر پر قابو پاﺅنگا ،میرا اگلے دو ،تین برسوں میں ہدایتکاری کاکورس کرنے کا ارادہ ہے اس طرح شاید میں اپنے ڈر پر قابو پالوں ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے