دھرنا اب لندن میں ۔۔

ہائے۔۔ شرم نہیں آتی ، تم بھی لندن والو۔۔ ان پٹواریوں کے ساتھی۔ بلکہ خود ہی پٹواری ثابت ہوئے ہو۔۔ میں نے کہا بھی تھا کہ زیک گولڈ سمتھ کو لندن کا میئر بناؤ۔۔ مگر نہیں ۔۔تم نے اس گھٹیا پاکستانی کو میئر بنا دیا۔۔ نہیں، میں نہیں مانتا کہ صادق خان جیت گیا ہے۔

میں نے شہریار نیازی سے کہا ہے تحقیقات کروائی جائے ، عدالتی کمیشن بنایا جائے۔۔ اور کمیشن کی سربراہی شعیب سڈل کو سونپ دی جائے۔۔ یا پھر چیف جسٹس کرے۔۔ مجھے یقین ہے کہ ان پٹواریوں نے مل کر جعلی ووٹ بھگتائے ہیں ورنہ میرا سالا (سابق) کیسے ہار سکتا ہے۔

لندن کے غیور لوگوں۔۔ تم نے کیسے ایک پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو جتوایا ہے، وہ پاکستانی ایک بس ڈرائیور کا بیٹا ہے۔۔ کیسے وہ تم لوگوں کے مسائل حل کرے گا۔ اس کا باپ بس چلاتا تھا یعنی بزنس کرتا تھا اس لیے مفادات کا ٹکراؤ ہو سکتا ہے۔صادق خان اگر وکیل بنا ہے تو کیا ہو گیا، وہ رہے گا بس والے کا بیٹا۔۔ میرے سالے کے مقابلے میں اس کی کیا اوقات ہے؟
میں ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ کے سامنے دھرنا دوں گا۔۔ اتنا طویل دھرنا آج تک کبھی کسی نے نہیں دیا ہو گا۔۔

لوگو۔۔ مجھے سیٹ کی اپنے لیے ضرورت نہیں ہے، میں تو پاکستان میں بھی سیاست اپنے لیے نہیں کرتا، میری تو خواہش ہے کہ بس وزیر اعظم بن کے اچھے اچھے کام کروں، مجھے کیا ، اگر لوگ پھر بھی نواز شریف کو ووٹ دیں گے تو میں پھر دھرنا دوں گا۔

یہ کیا بات ہوئی، یہاں مجھے ووٹ نہیں ملتے وہاں میرے سالے کو ہرا نے کی سازش ہو گئی، ان پٹواریوں کے ہاتھ بہت لمبے ہیں، اسی لیے کہتا ہوں لندن میں نواز شریف کے فلیٹ بیچ کر اس لوٹی ہوئی دولت کو پاکستان واپس لایا جائے۔۔ خبردار جو کوئی اس وقت سرے محل کی بات کرے، میں دانت توڑ دوں گا، بھائی سمجھا کرو میری آج کل پیپلز پارٹی کے ساتھ گاڑھی چھن رہی ہے، میں پی پی پی کے شریف لیڈرز سے مل کر نواز شریف کو ٹھکانے لگانا چاہتا ہوں۔۔ دھرنے کے دنوں میں اپنے خطبات عالیہ میں اگر میں نے خورشید شاہ، آصف علی زرداری اور اعتزاز احسن کو کچھ کہا ہے تو اسے بھول جاؤ۔ اگر کوئی چینل دھرنے کے دوران پی پی پی لیڈرز کے خلاف میری تقریریں اپنی سکرینوں پر دوبارہ دکھائے تو سمجھ لو یہ چینل بھارت نواز ہے، اس کی نشریات دیکھنا بند کر دو۔

میں نے تو دھرنے کے دوران اپنی تقریروں میں آفتاب شیر پاؤ کو بھی کرپٹ کہا تھا، کیا آج وہ میرے ساتھ خیبر پختونخوا کی حکومت میں پارٹنر نہیں ہے؟ بالکل ہے، جو بھی ہمارے ساتھ مل جاتا ہے پھر وہ کرپٹ نہیں رہتا، ان پٹواریوں کو یہ نہیں معلوم، پی ٹی آئی میں جو شامل ہو وہ پاک صاف ہو جاتا ہے۔ آج آفتاب شیرپاؤ کی پارٹی کے وزیر صوبے کی خدمت کر رہے ہیں، اب وہ کرپٹ نہیں رہے بلکہ اچھے بچے بن گئے ہیں۔

رہی بات صادق خان کے الیکشن جیتنے کی تو وہ الیکشن پٹواریوں کے بل پر جیتا ہے ، سکاٹ لینڈ میں ان پٹواریوں کی نہیں چلی تو دیکھ لو، چوہدری محمد سرور کا بیٹا جیت گیا ہے بے شک وہ بھی لیبر پارٹی سے تھا اور صادق خان بھی مگر یہ تو سچ ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے اور جہاں دھاندلی وہاں عمران خان کا نعرہ کامیاب ہے میری تحریک بھی کامیاب ہوگی، لندن کے لوگو۔۔ تمہاری مدد کے لیے میں آؤں گا، کیا تم میرا ساتھ دو گے۔

مجھے یقین ہے کہ تم میرا ساتھ دو گے، اس لیے میں تمہارے ساتھ مل کر تمہارے حقوق کی بھی جنگ لڑوں گا اور دھرنا ہوگا، ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر، اس دھاندلی پر ڈیوڈ کیمرون کو مستعفی ہونا پڑے گا۔پٹواری ڈیوڈ کیمرون ، فتح قریب ہے جلد امپائر کی انگلی اٹھنے والی ہے، ڈرو اس وقت سے ۔۔اب بھی وقت ہے خود استعفیٰ دے دو۔۔۔ ورنہ تمہارا حال بھی وہ ہی کروں گا جو میں نے نواز شریف کا کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے