دورۂ انگلینڈ کی تیاری کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوچکا ہے تاہم ہیڈ کوچ مکی آرتھر ابھی تک پاکستان نہیں پہنچ سکے ہیں۔
مکی آرتھر کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ انھوں نے چونکہ آسٹریلوی شہریت کی درخواست دے رکھی ہے لہذا جب تک ان کا پاسپورٹ جاری نہیں ہوجاتا وہ سفر نہیں کرسکتے۔
خیال ظاہر کیاجارہا ہے کہ وہ اس کیمپ کے جاری رہنے تک پاکستان نہیں پہنچ سکیں گے اور انگلینڈ میں ہی ٹیم کے ساتھ شامل ہوں گے۔
مکی آرتھر کی غیرموجودگی میں منیجر انتخاب عالم اور اکیڈمی کوچ مشتاق احمد کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں۔
کیمپ میں 20 کھلاڑی شریک ہیں جبکہ محمد حفیظ ان فٹ ہونے کے سبب کیمپ میں شامل نہیں ہوسکے ہیں۔
کیمپ کے پہلے دن چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی تمام تر وقت کھلاڑیوں کے ساتھ موجود رہے اور انھوں نے بیٹسمینوں کو بیٹنگ سے متعلق بنیادی باتیں بتائیں۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق آئندہ چند روز میں انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان بھی کرنے والے ہیں۔اگر مکی آرتھر کیمپ ختم ہونے تک پاکستان نہ پہنچ سکے تو ٹیم کے سلیکشن کے لیے فون پر ان کی رائے لی جائے گی۔
پاکستانی ٹیم اٹھارہ جون کو انگلینڈ روانہ ہوگی۔ دورے کے باقاعدہ آغاز سے پہلے تمام کھلاڑی ہمپشائر میں کیمپ میں حصہ لیں گے جس کا مقصد کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے موسمی حالات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے دورے کی ابتدا سمرسٹ اور سسیکس کے خلاف دو فرسٹ کلاس میچز سے کرے گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ چودہ جولائی سےلارڈز میں کھیلا جائے گا۔