پیرس میں پاکستانی سفارت خانے میں پاکستان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر نیلوفر شاہد کے تیار کردہ ملبوسات کی ایک خصوصی نمائش منعقد کی گئی جس میں پاکستان کے سات دہائیوں پر محیط فیشن کو پیش کیا گیا۔ نمائش کا اہتمام پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے کیا گیا جو پاکستان کی آزادی کے ستر سال مکمل ہونے پر کی جانی والی تقریبا ت کا حصہ تھا، فیشن شو کا مقصد دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت امیج کو واضح کرنے کی لیے شروع کی گئی عوامی سفارت کاری کو فروغ دینا بھی تھا۔
پاکستانی سفارت خانے میں منعقد اس تقریب میں فرانسیسی فیشن انڈسٹری کے سینئر نمائندگان، بڑے کاروباری مراکز، فیشن سکولز اور اداروں، ، ٹی وی اور فلم سے تعلق رکھنے والے مقامی فنکاروں، اور فرانسیسی اور پاکستانی صحافیوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔
فرانس میں متعین پاکستانی سفیر معین الحق نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ’پاکستان تیزی سے آگے بڑھنے کی راہیں تلاش کرنے والا ملک ہے۔ پاکستانی فیشن ڈیزائنرز نے اپنے تجربے اور تخلیقی کام کی وجہ سے پوری دنیا میں اپنا مقام بنایا ہے‘۔ پاکستانی سفیر نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یہ تقریب پاکستانی فیشن ڈیزائنرز اور ان کے کام کو فرانسیسی فیشن انڈسٹری میں متعارف کروانے اور اس شعبے میں رابطوں کے فروغ میں مدد گار ثابت ہوگی۔
تقریب کے پہلے حصے میں پاکستان کی سات دہائیوں پر مشتمل ماضی اور حال کے فیشن ملبوسات کی نمائش کی گئی جبکہ دوسرے حصے میں نیلو فر شاہد کی طرف سے بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈچ پینٹر ریمبرانڈ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
محترمہ نیلوفر شاہد پاکستان کی ایک نامور فیشن ڈیزائنر ہیں۔ انہو ں نے کئی بین الاقوامی ایوارڈز بھی حاصل کیئے ہوئے ہیں جس میں گارڈ دی شولیئر قابل زکر ہے جو انہیں حکومت فرانس کی جانب سے آرٹ و کلچر کے فروغ میں حصہ لینے کے اعتراف میں دیا گیا۔