پُرمسرت زندگی چاہیے؟ فیس بُک چھوڑ دیں

کیا آپ ہر وقت پریشان رہتے ہیں؟ سماجی زندگی سے دور ہوتے جا رہے ہیں اور ارتکاز میں مشکلات کا سامنے ہے؟ ایک نئی اسٹڈی ان تمام چیزوں کی ذمہ داری فیس بُک پر عائد کرتی ہے۔

mg1

اس اسٹڈی کے نتائج کے مطابق ایسے افراد جو ایک ہفتے تک سوشل میڈیا سے دور رہے وہ دوسروں کے مقابلے میں خود کو زیادہ خوش محسوس کر رہے تھے۔

’ہیپی نیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ‘ (HRI) کی طرف سے کرائی جانے والی اس تحقیق میں ڈنمارک کے 1095 افراد پر مشتمل سیمپل لیا گیا۔ انہیں دو مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ ان میں سے ایک گروپ نے فیس بُک کا استعمال جاری رکھا جبکہ دوسرے گروپ نے سماجی رابطوں کی اس ویب سائٹ کا استعمال ترک کر دیا۔

HRI کے چیف ایگزیکٹیو مائیک وائکنگ نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے فیس بُک پر توجہ اس لیے دی کیونکہ یہ سوشل میڈیا ایسا ہے جسے گروپ میں شامل زیادہ تر افراد استعمال کرتے تھے اور ان میں ہر عمر کے لوگ شامل تھے۔‘‘

ایک ہفتے کے بعد وہ لوگ جو فیس بُک استعمال نہیں کر رہے تھے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگیوں سے زیادہ مطمئن ہیں۔ ان میں سے 88 فیصد لوگوں نے خود کو خوش قرار دیا۔ دوسری طرف اُس گروپ کے 81 فیصد لوگوں نے خود کو خوش قرار دیا جو فیس بُک استعمال کرتے رہے تھے۔

فیس بُک استعمال نہ کرنے والے گروپ کے 84 فیصد ارکان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی کے معترف ہیں جبکہ محض 12 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگیوں سے مطمئن نہیں ہیں۔ فیس بُک استعمال کرنے والے گروپ کے 75 فیصد ارکان اپنی زندگیوں سے مطمئن تھے اور اسی گروپ کے 20 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگیوں سے غیر مطمئن ہیں۔

mg2

فیس بُک استعمال کرنے والے افراد میں فیس بُک استعمال نہ کرنے والوں کی نسبت نا خوش ہونے کے 39 فیصد زیادہ امکانات ہوتے ہیں

اس تجربے کے خاتمے پر فیس بُک سے دور رہنے والے افراد نے زیادہ بہتر سماجی زندگی اور چیزوں پر توجہ مرکوز کرنے کے مسئلے میں کمی کا بتایا۔ دوسرے گروپ کے لوگوں نے اپنی زندگیوں میں ایسی کسی تبدیلی کو رپورٹ نہیں کیا۔

اس تحقیق کے مصنفین نے لکھا ہے، ’’اس بات پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے کہ ہمیں کیا چاہیے، ہمارے اندر بدقسمتی سے یہ رجحان پایا جاتا ہے کہ ہم دوسروں کی زندگی پر فوکس کرتے ہیں۔‘‘

دوسرے معنوں میں فیس بُک استعمال کرنے والے افراد میں فیس بُک استعمال نہ کرنے والوں کی نسبت نا خوش ہونے کے 39 فیصد زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔

بشکریہ:ڈوئچے ویلے

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے