دنیا کا سب سے وزنی 7 کلو گرام گردہ نکال دیا گیا

نئی دلی: بھارت میں گردے کے آپریشن کا تاریخی واقعہ پیش آیا جب ایک شخص کے جسم میں پھولتا ہوا ناکارہ گردہ نکال لیا گیا۔ غالباً یہ کسی مرض سے متاثر ہونے والا دنیا کا سب بڑا گردہ ہوسکتا ہے جس کا وزن 7.4 کلوگرام نکلا۔

پیر کے روز ہونے والے آپریشن میں 56 سالہ شخص کا گردہ نکال لیا گیا جس کا وزن دو نومولود بچوں کےبرابر بتایا گیا ہے۔ گنگا رام ہسپتال کے ڈاکٹر سچِن کاٹھوریا اور ان کی ٹیم نے یہ طویل آپریشن کیا جو ازخود بدن کے لیے روگ بن چکا تھا۔ پورے آپریشن میں دو گھنٹے لگے ہیں جس کے بعد مریض بظاہر نارمل ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق ایک عام انسان کے صحت مند گردے کا وزن 120 سے 150 گرام تک ہوتا ہے لیکن اس شخص کا گردہ 32 سینٹی میٹر لمبا اور 21 سینٹی میٹر چوڑا تھا۔ جو جسم کے اندر وسیع علاقے کو گھیرے ہوئے تھا اور اس کے لیے شدید تکلیف کی وجہ بن رہا تھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق یہ کیفیت ایک جینیاتی نقص کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے جسے ’آٹوسومل ڈومیننٹ پولی سِسٹک ڈیزیز (اے ڈی پی کے ڈی)‘ کہا جاتا ہے۔ اس عمل میں گردے کے اندر مائعات جمع ہونا شروع ہوجاتے اور وہ پھولنا شروع ہوجاتا ہے۔ یہ گردہ فوری طور پر ناکارہ ہوجاتا ہے اور اسے نکال کر گردے کی پیوند کاری کی ضرورت ہوتی ہے۔

بھارت میں یہ سب سے بڑے گردے کا آپریشن ہے اس سے قبل 2017ء میں عین اسی مرض کے شکار شخص کا گردہ نکالا گیا تھا جس کا وزن چار کلو گرام سے کچھ زیادہ تھا لیکن گنگا رام ہسپتال کے ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ اب نئی دہلی کے شخص کا گردہ ایک نیا ریکارڈ ہے اور اس ضمن میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے رابطہ کیا جارہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے