[pullquote]صدارتی اليکشن کے ليے بشار الاسد کے کاغذات نامزدگی منظور[/pullquote]
شام کی آئينی عدالت نے آئندہ صدارتی انتخابات ميں شرکت کے ليے موجودہ صدر بشار الاسد کی درخواست منظور کر لی ہے۔ عدالت نے دو اور اميدواروں کی بھی منظوری دی جن کے نام عبداللہ سالوم عبداللہ اور محمود احمد مارائی ہيں۔ مبصرين کے مطابق قوی امکانات ہيں کہ بشار الاسد يہ اليکشن باآسانی جيت جائيں گے۔ اسد سن 2000 سے صدارت کے عہدے پر فائض ہيں اور اب اپنی چوتھی مدت کے خواہاں ہيں۔ شام ميں چھبيس مئی کو صدارتی انتخابات ہونا ہيں۔ امريکا اور شامی اپوزيشن ان انتخابات کی شفافيت کو مسترد کر چکے ہيں۔ اسی دوران شام ميں حزب اختلاف کے سينکڑوں کارکنوں کو گرفتار بھی کيا جا چکا ہے۔
[pullquote]جرمن پوليس نے چائلڈ پورنوگرافی کے نيٹ ورک کو بند کرا ديا[/pullquote]
جرمن پوليس نے چائلڈ پورنوگرافی کے ايک بہت بڑے بين الاقوامی نيٹ ورک کو بند کرا ديا ہے۔ وفاقی پوليس نے پير کو اس بارے ميں بيان جاری کيا۔ اپريل ميں ملک بھر ميں سات مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے جن ميں چار افراد کو گرفتار کيا گيا۔ جرمن حکام کی درخواست پر پيراگوئے ميں بھی ايک مشتبہ جرمن شہری کو حراست ميں لے ليا گيا ہے، جسے جرمنی لانے کے ليے قانونی کارروائی جاری ہے۔ بچوں کی نازيبہ ويڈيوز بنانے اور انہيں ڈارک نيٹ پر شيئر کرنے کے کاروبار ميں ملوث اس گروپ کا نام ’بوائز ٹاؤن‘ ہے اور دنيا بھر ميں اس کے ارکان کی تعداد چار لاکھ کے قريب بتائی جا رہی ہے۔ اس نيٹ ورک کے خلاف کارروائی يورو پول کے تعاون سے جرمنی سميت ہالينڈ، سويڈن، امريکا اور کينيڈا ميں کئی ماہ سے جاری تھی۔ کارروائی کے بعد اس نيٹ ورک کے تمام پليٹ فارمز کو بند کرا ديا گيا ہے۔
[pullquote]امريکا اور ميکسيکو کی سرحد پر بچھڑنے والے اہل خانہ کو ملانے کا مرحلہ[/pullquote]
سابق امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور ميں امريکا اور ميکسيکو کی سرحد پر الگ کر ديے جانے والے اہل خانہ کو ملانے کا مرحلہ اس ہفتے سے شروع ہو رہا ہے۔ ابتدائی طور پر چار خاندانوں کے بچھڑے ہوئے ارکان کو اکھٹا کيا جائے گا۔ ان خاندانوں کو ايک قانونی شق کے تحت امريکا ميں داخلے کی خصوصی اجازت دی جائے گی۔ ان کے ليے طويل المدتی بنيادوں پر اميگريشن بھی زير غور ہے۔ اب بھی قريب ايک ہزار بچے اپنے والدين سے الگ امريکی مراکز ميں وقت گزار رہے ہيں۔ ايسے خاندانوں کا ملاپ جو بائيڈن کے انتخابی وعدوں ميں سے ايک ہے، جسے اب وہ پورا کرنے جا رہے ہيں۔
[pullquote]مغربی افغانستان ميں طالبان کے دو بڑے حملے[/pullquote]
مغربی افغانستان ميں طالبان کے دو مختلف حملوں ميں کم از کم پندرہ سکيورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ باغيوں نے صوبہ فراہ ميں ايک چيک پوائنٹ کو نشانہ بنايا، جس ميں سات فوجی ہلاک ہو گئے۔ طالبان کا دعوی ہے کہ وہ ايک فوجی اور ہتھيار ساتھ لے گئے ہيں۔ دريں اثناء صوبہ ہيرات کے فارسی ضلعے ميں ايک سو کے قريب جنگجوؤں نے منظم انداز ميں دھاوا بول ديا اور آٹھ فوجيوں کو ہلاک کر ديا۔ جيسے جيسے افغانستان سے غير ملکی افواج کے انخلاء کا مرحلہ آگے بڑھتا جا رہا ہے، ويسے ويسے طالبان پر اپنی پر تشدد کارروائياں بڑھا رہے ہيں۔
[pullquote]دنيا بھر ميں آزادی صحافت کا دن[/pullquote]
آج دنيا بھر ميں آزادی صحافت کا دن منايا جا رہا ہے۔ اس مناسبت سے پاکستان ميں جاری کردہ ايک مقامی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس مئی سے رواں سال اپريل تک پاکستان ميں صحافيوں پر 148 حملے ريکارڈ کيے گئے۔ ان ميں قتل کے چھ، قتل کی کوشش کے سات، اغواء کے پانچ اور گرفتاری کے پچيس واقعات سميت پندرہ حملے اور ستائيس قانونی کيس شامل ہيں۔ پاکستان ميں اکثريتی صحافتی اداروں اور صحافيوں کا ماننا ہے کہ ملک ميں آزاد صحافت کے گرد گھيرا تنگ کيا جا رہا ہے۔
[pullquote]امريکی و برطانوی وزرائے خارجہ کی ملاقات، جی سيون کی تياری[/pullquote]
برطانيہ ميں اس ہفتے ترقی يافتہ جی سيون ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہو رہا ہے۔ يہ گزشتہ دو برسوں ميں ايسا پہلا اجلاس ہو گا، جس ميں شرکاء باقاعدہ طور پر شامل ہو رہے ہيں۔ مذاکرات سے قبل آج بروز پير ميزبان ملک کے وزير خارجہ ڈامنک راب اور ان کے امريکی ہم منصب انٹونی بلنکن افغانستان، چين، ايران اور باہمی تجارت پر بات چيت کر رہے ہيں۔ جی سيون گروپ کے اجلاس ميں روس اور چين سے لاحق چيلنجز کے علاوہ کورونا کی وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی پر توجہ مرکوز رہے گی۔
[pullquote]بھارت ميں کورونا وائرس کے متاثرين 19.93 ملين[/pullquote]
بھارت ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد تقريباً بيس ملين تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ چوبيس گھنٹوں کے دوران 368,147 نئے کيسز کی تشخيص ہوئی۔ يہ مسلسل بارہواں دن ہے، جب بھارت ميں يوميہ بنيادوں پر تين لاکھ سے زائد نئے کيسز سامنے آئے ہيں۔ ملک بھر ميں اب تک کورونا کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 218,959 ہو گئی ہے۔ طبی ماہرين يہ بھی کہہ رہے ہيں کہ متاثرين کی حقيقی تعداد سرکاری تعداد سے دس گنا زائد ہو سکتی ہے۔ بھارت ميں گيارہ رياستوں نے انفرادی سطح پر پابندياں نافذ کر رکھی ہيں مگر وزير اعظم نريندر مودی کی حکومت ملک گير سطح پر لاک ڈاؤن نہيں لگانا چاہتی۔ ان حالات ميں کئی ممالک بھارت کی مدد کر رہے ہيں اور يوميہ بنيادوں پر امدادی سامان بھارت پہنچ رہا ہے۔
[pullquote]وبا کے دوران دنيا کے ہر دوسرے شخص کی آمدنی ميں کمی ہوئی، گيلپ[/pullquote]
کورونا کی عالمی وبا کے دوران دنيا کے ہر دوسرے شخص کی آمدنی ميں کمی واقع ہوئی ہے۔ امريکی کمپنی گيلپ کے ايک تازہ سروے کے مطابق آمدنی ميں سب سے زيادہ کمی تھائی لينڈ ميں ديکھی گئی جہاں لوگوں کی ماہانہ تنخواہ ميں چھہتر فيصد تک کمی نوٹ کی گئی۔ سب سے کم کمی سوئٹزرلينڈ ميں ديکھی گئی، جہاں يہ تناسب دس فيصد رہا۔ گيلپ کے مطابق آمدنی ميں کمی سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ايک اعشاريہ چھ بلين بنتی ہے۔ گيلپ نے اس سروے کے ليے 117 ممالک ميں تين لاکھ افراد سے ان کی رائے لی۔ غريب ممالک بالخصوص اس صورتحال سے متاثر ہوئے۔ اسی سروے ميں يہ بھی سامنے آيا کہ عورتيں مردوں کے مقابلے ميں زيادہ متاثر ہوئی ہيں۔
[pullquote]کووڈ انيس کی وبا ای کامرس کے ليے مثبت، اقوام متحدہ[/pullquote]
کووڈ انيس کی وبا ای کامرس کے ليے مثبت ثابت ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کے ايک تازہ مطالعے ميں يہ بات سامنے آئی ہے کہ وبا کے دور ميں ای کامرس يا انٹرنيٹ پر خريد و فروخت کے کاروبار ميں خاصی بہتری ديکھی گئی۔ تاہم يہ بہتری تمام ممالک اور خطوں ميں يکساں نہ تھی۔ ’يو اين کانفرنس آن ٹريڈ اينڈ ڈيولپمنٹ‘ کے مطابق آسٹريليا ميں آن لائن سيلز ميں قريب ساٹھ فيصد، برطانيہ ميں لگ بھگ پچاس فيصد، امريکا ميں ساڑھے بتيس فيصد اور چين ميں چودہ فيصد سے زائد اضافہ نوٹ کيا گيا۔ اس ادارے کے ماہرين نے ترقی پذير ملکوں پر زور ديا ہے کہ وہ ای کامرس کے بنيادی ڈھانچے کو بہتر بنائيں تاکہ مشکل اوقات ميں بھی کچھ چيزوں سے مستفيد ہوا جا سکے۔
[pullquote]ايران کے ساتھ قيديوں کے تبادلے پر کچھ طے نہيں ہوا، امريکا[/pullquote]
امريکا نے ايران کے ساتھ قيديوں کے تبادلے کی کسی ڈيل کی خبروں کو مسترد کر ديا ہے۔ امريکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نيڈ پرائس نے اتوار کو بتايا کہ قيديوں کے تبادلے کی کوششيں جاری ہيں مگر فی الحال کچھ طے نہيں پايا ہے۔ قبل ازيں ايرانی ميڈيا پر ايسی خبريں نشر ہوئيں، جن ميں دعوی کيا گيا تھا کہ چار امريکی شہريوں کی رہائی کے بدلے چار ايرانی رہا کيے جائيں گے اور سات بلين ڈالر بھی ديے جائيں گے۔ اقوام متحدہ ميں ايرانی سفير نے بھی ايسی خبروں کو مسترد کر ديا ہے۔ ايران زير حراست امريکيوں کو جاسوس قرار ديتا ہے۔ البتہ اس امر کی تصديق کئی حلقوں نے کر دی ہے کہ قيديوں کے تبادلے پر کام جاری ہے۔
[pullquote]چين زيادہ جارحانہ طرز عمل اختيار کر رہا ہے، انٹونی بلنکن[/pullquote]
امريکی وزير خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ چين زيادہ جارحانہ طرز عمل اختيار کر رہا ہے۔ انہوں نے ٹيلی وژن پر اپنے ايک انٹرويو کے دوران يہ بات کہی، جو اتوار کو نشر ہوا۔ روايتی حريف ملک کے طويل المدتی ارادوں پر بات کرتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ وہ سمجھتے ہيں کہ چين کا ايسا ماننا ہے کہ اسے دنيا ميں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہيے۔ تاہم انہوں نے واضح کيا کہ امريکا کا ہر گز يہ مقصد نہيں کہ وہ چين کا راستہ روکے يا ترقی کی راہ ميں خلل ڈالے۔ ممکنہ عسکری تصادم سے متعلق سوال پر امريکی وزير خارجہ نے کہا کہ ايسا دونوں ملکوں کے مفاد ميں نہيں ہو گا۔ بلنکن کے بقول وہ انسانی حقوق سے متعلق اقدار کے تحفظ کے ليے چين پر زور ڈاليں گے۔
[pullquote]بنگلہ ديش ميں بحری حادثہ، درجنوں افراد ہلاک[/pullquote]
بنگلہ ديش ميں ايک بحری حادثے ميں کم از کم چھبيس افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ يہ حادثہ درياسے پدما ميں پير کو اس وقت پيش آيا جب مسافروں سے بھری ايک تيز رفتار کشتی ايک چھوٹے بحری جہاز سے ٹکرا گئی۔ پوليس اہلکار عامر حسين نے بتايا کہ اب تک چھبيس افراد کی لاشيں برآمد کر لی گئی ہيں۔ ريسکيو کا کام اب بھی جاری ہے۔ اب بھی پانچ افراد لاپتہ ہيں۔ بنگلہ ديش ميں دريا آمد و رفت اور نقل و حمل کا اہم ذريعہ ہيں مگر بد انتظامی اور خراب بنيادی ڈھانچے کی وجہ سے حادثات بھی عام ہيں۔ اپريل ميں ايک فيری کے ساتھ پيش آنے والے حادثے ميں تيس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔