[pullquote]فی الحال ايرانی جوہری ڈيل کا تفصيلی جائزہ ممکن نہيں، آئی اے ای اے[/pullquote]
انٹرنيشنل اٹامک انرجی ايجنسی (IAEA) کے سربراہ نے کہا ہے کہ سن 2015 کی ايرانی جوہری ڈيل کا ازسر نو جائزہ اب نئی حکومت کے قيام کے بعد ہی ممکن ہو گا۔ اس بارے ميں رافائل گروسی کا انٹرويو ايک اطالوی اخبار ميں آج شائع ہوا ہے۔ ان کے مطابق کسی نئی ڈيل کی تمام سياسی جماعتوں سے توثيق لازمی ہے اور اس کے ليے کچھ ماہ انتظار کرنا پڑے گا۔ ايران ميں اس ہفتے جمعے کو صدارتی اليکشن ہو رہا ہے، جب کہ نئی کابينہ اگست کے وسط تک تشکيل دی جائے گی۔ موجودہ صدر حسن روحانی کی مدت تين اگست کو ختم ہو رہی ہے۔ دريں اثناء جنيوا ميں تہران حکومت کے عالمی قوتوں کے ساتھ مذاکرات کا چھٹا دور ہفتہ انيس جون سے شروع ہو رہا ہے۔
[pullquote]بھارت اور ٹويٹر کے مابين تنازعہ شدت اختيار کر گيا[/pullquote]
بھارتی حکومت اور مائیکرو بلاگنگ پليٹ فارم ٹويٹر کے مابين تنازعہ شدت اختيار کر گيا ہے۔ بھارتی وزير ٹيکنالوجی روی شنکر پرساد نے بدھ کو ٹويٹر پر مقامی قوانين کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگايا۔ انہوں نے اپنے دھوئيں دار بيان ميں کہا کہ ٹويٹر نے دانستہ طور پر مزاحمت کا راستہ اختيار کيا ہے اور يہ کہ خود کو آزادی اظہار رائے کا علمبردار بتا کر کسی غير ملکی قوت کو بھارتی قوانين کی خلاف ورزی کے ارتکاب کی اجازت نہيں دی جائے گی۔ بھارت ميں نئے قوانين کے مطابق حکومت کی نشاندہی پر متعلقہ کمپنيوں کو چھتيس گھٹنوں کے اندر اندر مذکورہ مواد کو ہٹانا پڑے گا۔ ٹويٹر کی جانب سے منگل کو کہا گيا تھا کہ اس ضمن ميں کارروائی جاری ہے۔
[pullquote]کريم خان آئی سی سی کے نئے پراسيکيوٹر بن گئے[/pullquote]
برطانيہ کے کريم خان آج سے بين الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے نئے پراسيکيوٹر کی ذمہ داری سنبھال رہے ہيں۔ اکاون سالہ خان کو آئی سی سی کی رکن رياستوں نے فروری ميں اس منصب کے ليے چنا تھا۔ ان کی حلف برداری کے تقريب دا ہيگ ميں آج صبح منعقد ہوئی۔ خان کا سب سے اہم چيلنچ غزہ ميں حماس اور اسر ائيلی افواج کی کارروائيوں ميں ممکنہ جنگی جرائم کی تفتيش کرنا ہو گا۔ آئی سی سی کی سبکدوش ہونے والی پراسيکيوٹر گيمبيا کی فاتاؤ بينسودا گزشتہ نو برس سے اس منصب پر فائض تھيں۔
[pullquote]غزہ پر اسرائيلی فضائيہ کے تازہ حملے[/pullquote]
غزہ پٹی ميں اسرائيلی لڑاکا طياروں نے تازہ حملے کيے ہيں۔ منگل اور بدھ کی درميانی شب کيے گئے ان حملوں ميں فلسطينی تنظيم حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنايا گيا۔ اسرائيلی افواج کے مطابق غزہ سے آتشيں مواد سے لدے غباروں کو اسرائيل کی جانب روانہ کيا گيا اور اسی کے رد عمل ميں يہ کارروائی کی گئی۔ حماس کے ترجمان نے اسرائيلی حملوں کی تصديق کرتے ہوئے کہا کہ فلسطينی عوام اپنے مذہبی مقامات اور حقوق کا دفاع اور مزاحمت جاری رکھيں گے۔ فوری طور پر ان حملوں ميں جانی و مالی نقصانات کی تفصيلات سامنے نہیں آئیں۔ چند ہفتے قبل گيارہ روز تک جاری رہنے والی شديد لڑائی اور پھر جنگ بندی کے بعد يہ پہلے اسرائيلی حملے تھے۔
[pullquote]کٹر قوم پرست يہوديوں کا مارچ نئی اسرائیلی حکومت کے لیے چیلنج[/pullquote]
منگل کو رات گئے تک مشرقی يروشلم ميں ہزاروں کٹر قوم پرست يہوديوں نے مارچ کيا۔ شرکاء ’عرب شہريوں کے ليے موت‘ اور ’تمہارے پورے گاؤں ميں آگ لگ جائے‘ جيسے نعرے لگاتے رہے۔ يہ مارچ مشرقی يروشلم پر سن 1967 ميں اسرائيل کے قبضے کی ياد ميں کيا گيا اور يہی وجہ ہے کہ فلسطينی اسے اشتعال انگيزی کے طور پر ديکھتے ہيں۔ اسرائيلی وزير خارجہ نے بعدازاں ٹویٹر پر نسل پرستانہ جملوں اور نعروں کی مذمت کی اور کہا کہ يہ اسرائيل کے ليے شرم کا باعث بنے ہیں۔ شرکاء نے يہ مارچ ان علاقوں ميں کيا، جو نہ صرف يہوديوں بلکہ مسلمانوں کے ليے بھی انتہائی حساس تصور کيے جاتے ہيں۔
[pullquote]امريکی و روسی صدور کی جنيوا ميں براہ راست ملاقات[/pullquote]
امريکی صدر جو بائيڈن اور ان کے روسی ہم منصب ولاديمير پوٹن کی آج جنيوا ميں ملاقات ہو رہی ہے۔ دونوں ممالک کے مابين کئی امور پر شديد اختلافات پائے جاتے ہيں اور دونوں صدور اس کا تذکرہ کر چکے ہيں کہ اس سمٹ ميں ان امور پر کھل کر بات ہو گی۔ اطلاعات ہيں کہ يہ ملاقات چار تا پانچ گھنٹوں تک جاری رہ سکتی ہے۔ دونوں ممالک نے کہہ رکھا ہے کہ اس ملاقات ميں کسی بڑی پيش رفت يا اتفاق رائے کے امکانات کم ہيں۔ دونوں صدور کی ون ٹو ون بات چيت کے علاوہ وفود کی سطح پر باقاعدہ مذاکرات بھی ہونا ہيں۔
[pullquote]چين کا انسان بردار خلائی مشن[/pullquote]
چين آج اپنے تين خلا بازوں کو خلا کی جانب روانہ کر رہا ہے۔ يہ گزشتہ پانچ برسوں ميں خلا کی جانب بھيجا جانے والا پہلا انسان بردار مشن ہے۔ يہ خلا باز جمعرات کو شينزو بارہ نامی خلائی جہاز پر سوار ہو کر چينی خلائی اسٹيشن کی جانب بڑھيں گے۔ ان کا مشن آئندہ سال کے اختتام تک چينی خلائی اسٹيشن کی تعمير مکمل کرنا ہے۔ چين نے خلا ميں اپنے ايک اسٹيشن کی تعمير کا کام اسی سال شروع کيا تھا۔
[pullquote]يورپ ميں چينی سرمايہ کاری کم ہو گئی[/pullquote]
ايک تازہ مطالعے ميں يہ بات سامنے آئی ہے کہ چين يورپ ميں اپنی براہ راست سرمايہ کاری میں کمی لا رہا ہے۔ گزشتہ برس اس سے پچھلے سالوں کے مقابلے ميں يورپ ميں چينی سرمايہ کاری ميں خاطر خواہ کمی نوٹ کی گئی۔ سن 2019 کے مقابلے ميں گزشتہ برس يورپی يونين اور برطانيہ ميں چينی سرمايہ کاری پينتاليس فيصد کم رہی اور اس کا مجموعی حجم قريب ساڑھے چھ بلين يورو رہا۔ يہ پچھلے دس سالوں ميں سرمايہ کاری کی نچلی ترين سطح ہے۔ چين يورپ ميں جرمنی، برطانيہ اور فرانس ميں سب سے زيادہ سرمايہ کاری کرتا آيا ہے۔ يہ مطالعہ برلن کے ميرکس انسٹيٹيوٹ اور روڈہيم گروپ نے کرايا تھا۔ کورونا کی وبا، پيچيدہ يورپی قوانين اور نئی سختياں چينی سرمايہ کاری ميں کمی کی وجہ بنیں۔
[pullquote]انڈونيشيا کے مشرق میں زلزلے کے جھٹکے[/pullquote]
انڈونيشيا کے مالوکو جزائر کے قريب آج صبح ايک زلزلہ آيا تاہم اس کے بعد کسی سونامی کا انتباہ فی الحال جاری نہيں کيا گيا۔ يہ زلزلہ بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق ايک بج کر تينتاليس منٹ پر آيا اور اس کا مرکز بحیرہ باندا ميں تھا۔ ريکٹر اسکيل پر زلزلے کی شدت 5.8 بتائی جا رہی ہے۔ زيادہ گہرائی ميں آنے والے زلزلوں کے مقابلے ميں کم گہرائی يا سطح سے قريب آنے والے زلزلے عموماً زيادہ تباہی مچاتے ہيں۔ فی الحال اس زلزلے کی وجہ سے جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات موصول نہيں ہو پائی ہيں۔ اسی خطے ميں سن 2004 ميں 9.1 کی شدت سے آنے والے تباہ کن زلزلے اور سونامی کی وجہ سے لگ بھگ سوا دو لاکھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
[pullquote]فن لينڈ اور اٹلی کی فٹ بال ٹيموں کے ليے بڑا دن[/pullquote]
يورپی فٹ بال چيمپئن شب ميں آج تين ميچ کھيلے جا رہے ہيں۔ پہلے ميچ ميں گروپ بی کی ٹيم فن لينڈ کا مقابلہ روس سے ہو گا۔ بعدازاں گروپ اے کی ٹيميں ترکی اور ويلز زور آزمائيں گی۔ دن کا آخری ميچ گروپ اے ہی کی ٹيموں اٹلی اور سوئٹزرلينڈ کے مابين کھيلا جائے گا۔ آج اگر فن لينڈ اور اٹلی کی ٹيميں اپنے اپنے ميچ جيت جائيں، تو وہ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کرنے والی اولين ٹيميں بن جائيں گی۔ گزشتہ روز پرتگال نے ہنگری کو تين صفر سے شکست دی جبکہ جرمنی کو فرانس نے ايک صفر سے مات دی۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو