[pullquote]شامی فورسز کی کارروائی، آٹھ شہری ہلاک[/pullquote]
شمالی شامی صوبے ادلب میں شامی فورسز کی طرف سے باغیوں کے زیرقبضہ ایک علاقے میں شیلنگ کے نتیجے میں آٹھ شہری مارے گئے ہیں۔ ہفتے کے دن امدادی کارکنان نے بتایا کہ جنوبی ادلب کے گاؤں ابلین میں بلاتخصیص حملوں کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ یہ کارروائی باغیوں کے آخری اہم ٹھکانے پر کی گئی ہے۔ سیز فائر ڈیل کے باوجود گزشتہ کچھ ہفتوں سے ان علاقوں میں شامی فورسز کی کارروائیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
[pullquote]مالی میں عسکریت پسندوں کے خلاف فرانس کا جنگی مشن بحال[/pullquote]
فرانس نے مالی میں شدت پسندوں کے خلاف اپنے آپریشن کو بحال کر دیا ہے۔ فرانس نے مالی کی حکومت کے ساتھ تعاون میں جاری یہ آپریشن گزشتہ ایک ماہ سے معطل کر رکھا تھا۔ پیرس کا مطالبہ تھا کہ اس مغربی افریقی ملک میں جمہوریت بحال کی جائے۔ اب مذاکراتی عمل کے بعد اس آپریشن کے بحالی کا اعلان کرتے ہوئے ہفتے کی صبح فرانسیسی وزارت دفاع نے کہا کہ پیرس افریقہ میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کی خاطر پرعزم ہے۔ یورپی یونین کے تربیتی مشن میں جرمن فوج بھی مالی کی فورسز کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔
[pullquote]ویٹی کن، کارڈینیل سمیت دس افراد کے خلاف مقدمہ[/pullquote]
ویٹی کن کے ایک جج نے دس افراد کے خلاف کرپشن کے تحت عدالتی کارروائی کی اجازت دے دی ہے۔ ان افراد میں اٹلی کے کارڈینیل اینجلو باسیسو بھی شامل ہیں، جنہیں گزشتہ برس پوپ فرانسس نے ویٹی کن میں ایک اہم عہدے سے فارغ کر دیا تھا۔ وہ ویٹی کن کے فنانشنل انٹیلی جنس یونٹ کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان افراد پر مالی بدعنوانی، فراڈ، منی لانڈرنگ اور طاقت کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
[pullquote]سعودی عرب نے تین ممالک کے ساتھ ہوائی سفر معطل کر دیا[/pullquote]
سعودی عرب نے کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں تین ممالک کے ساتھ فضائی رابطے منقطع کر دیے ہیں۔ سعودی وزارت دفاع نے ہفتے کے دن بتایا کہ جن ممالک کے ساتھ تمام فلائٹس معطل کی گئی ہیں، ان میں ہمسایہ ملک متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے۔ سعودی سیاحوں کے لیے دبئی ایک اہم کشش قرار دیا جاتا ہے۔ جن دیگر ممالک کے ساتھ ہوائی سفر معطل کیا گیا ہے، ان میں ایتھوپیا اور ویت نام شامل ہیں۔ ریاض حکومت کے مطابق کورونا کی نئی تبدیل شدہ قسم ڈیلٹا کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
[pullquote]کینیڈا میں گرمی کی لہر، مزید مقامات پر جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی[/pullquote]
کینیڈا میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے جبکہ برٹش کولمبیا میں آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے ایک سو تیس مقامات پر جنگلاتی آگ بھڑک چکی ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ وہ اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی خاطر متاثرہ مقامات پر فوج تعینات کر رہی ہے۔ رواں ہفتے ہی برٹش کولمبیا کے گاؤں لائٹون میں جنگلاتی آگ لگنے کی وجہ سے وہاں سے تقریبا ایک ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس آتشزدگی کی وجہ سے یہ گاؤں تباہ ہو گیا ہے۔ اندیشہ ہے کہ اس آگ کی وجہ سے دو افراد مارے گئے ہیں۔
[pullquote]میانمار میں فوجی جنرل کے پتلے نذر آتش[/pullquote]
میانمار میں جمہوریت نواز مظاہرین نے فوجی جنتا کے سربراہ کی سالگرہ کے دن ان کے پتلے نذر آتش کیے ہیں۔ ہفتے کے دن ینگون میں فوجی جنرل من آنگ ہیلنگ کی پتلوں کو علامتی طور پر دفن بھی کیا گیا۔ اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں فوج کی طرف سے سویلین حکومت کے خلاف بغاوت کے بعد سے ہی فوج کے خلاف ایک عوامی غصہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ فروری کے آغاز میں فوج نے نوبل امن نعام یافتہ آنگ سانگ سوچی کی حکومت کا تختہ الٹ کر انہیں اور دیگر سیاسی رہنماؤں گرفتار کر لیا تھا۔
[pullquote]ورزبرگ، چاقو حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے یاد گاری تقریب[/pullquote]
جرمن صوبے باویریا کے شہر ورزبرگ میں ایک ہفتے قبل ہونے والے چاقو حملے کے متاثرین کے لیے ایک خصوصی یادگاری تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ گزشتہ جمعے چاقو سے مسلح ایک شخص نے ایک ڈیپارٹمنل اسٹور میں تین خواتین پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گئی تھیں۔ گزشتہ روز ورزبرگ میں تقریبا چھ سو افراد نے جائے واقعہ پر ہلاک ہونے والوں کی یاد میں انسانی زنجیر بنائی۔ پولیس اس حملے کے محرکات جاننے کی کوشش میں ہے۔
[pullquote]میرکل کی ملکہ برطانیہ کے ساتھ ملاقات[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے دورہ برطانیہ کے دوران ملکہ ایلزبتھ دوم سے ملاقات کی ہے۔ پچانوے سالہ ملکہ نے لندن کے قریب واقع ونڈسر کاسل میں میرکل کو خوش آمدید کہا۔ 16 برس پر محیط اپنی مدت اقتدار کے خاتمے سے قبل میرکل کا یہ ممکنہ طور پر آخری غیرملکی دورہ ہے۔ گزشتہ روز میرکل نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے ساتھ ملاقات میں بریگزٹ کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کے تعلقات کے علاوہ کورونا کی عالمی وبا پر بات چیت کی۔ برلن حکومت برطانیہ میں کورونا کی تبدیل شدہ قسم ڈیلٹا کے تیزی کے ساتھ پھیلاؤ پر سخت تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔
[pullquote]جاپان میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ، بیس افراد لاپتا[/pullquote]
جاپانی شہر آتامی میں شدید بارش کے نتیجے میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بیس افرادلاپتا ہو گئے ہیں۔ ہفتے کے دن ٹوکیو حکومت نے کہا ہے کہ اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی خاطر خصوصی امدادی ٹیمیں فعال ہو چکی ہیں۔ جاپانی وزیراعظم نے اسی تناظر میں ایک ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے، جو متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مدد کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آتامی میں درجنوں مکانات اور عمارتیں سیلابی ریلوں کی وجہ سے متاثر ہوئی ہیں۔
[pullquote]افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلا اگست تک[/pullquote]
امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ افغانستان سے افواج کا انخلا اگست کے اوآخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ نظام الاوقات کے مطابق رواں برس گیارہ ستمبر تک افغانستان میں تعینات تمام تر غیر ملکی افواج کا انخلا ہو جانا ہے۔ گزشتہ روز ہی امریکی فورسز نے بگرام ایئر بیس کا کنٹرول افغان فوج کے حوالے کیا۔ غیر ملکی افواج اس فوجی اڈے میں بیس برس تک تعینات رہیں۔ اس پیشرفت کا مطلب ہے کہ افغان نیٹو مشن معینہ مدت تک ختم ہو جائے گا۔ افغان طالبان نے بگرام ایئر بیس سے امریکی افواج کی واپسی کا خیر مقدم کیا ہے۔ طالبان کے ترجمان کے مطابق اب افغان عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں گے۔
[pullquote]امریکا میں جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری[/pullquote]
امریکی ریاست نارتھ کیرولائینا میں تین مخلتف مقامات پر جنگلاتی آگ سے نمٹنے کی خاطر خصوصی امدادی ٹیمیں فعال ہیں۔ حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ کچھ مقامات پر آگ پر قابو پایا جا چکا ہے تاہم اس کی وجہ سے درجنوں مکانات اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس ہنگامی صورتحال میں ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ ہفتے سے کینیڈا اور امریکا میں گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے جنگلاتی آگ بھڑک رہی ہے۔ اس آتشزدگی کے لیے آسمانی بجلی کو ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔
[pullquote]یورو کپ، اٹلی اور اسپین سیمی فائنل میں پہنچ گئے[/pullquote]
یوئیفا یورو کپ دو ہزار بیس کے تیسرے کوارٹر فائنل مقابلے میں آج چیک ری پبلک اور ڈنمارک کی ٹیمیں جبکہ چوتھے کوارٹر فائنل میں یوکرائن اور انگلینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ گزشتہ روز اس اہم یورپی فٹ بال ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں سپین نے سویٹزرلینڈ کو جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میں اٹلی نے بیلجیم کو شکست دی تھی۔ چھ جولائی کو پہلا سیمی فائنل اسپین اور اٹلی کے مابین ہو گا جبکہ دوسرا آج کے مقابلوں میں فاتح ٹیموں کے مابین سات جولائی کو ہو گا۔