ہفتہ : 10 جولائی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]صدر پوٹن ہیکر حملوں کے خلاف کارروائی کریں، بائیڈن[/pullquote][pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ روسی سرزمین سے ہونے والے ہیکر حملوں کے خلاف اقدامات کیے جائیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق جو بائیڈن نے پوٹن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر ماسکو حکومت ان ہیکر حملوں میں ملوث نہیں ہے تو روسی صدر کو ان گروہوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ حال ہی میں کئی ہیکر گروہوں نے ہزاروں امریکی کمپنیوں کے سافٹ ویئر سسٹمز کو ہیک کرکے مفلوج کر دیا تھا۔ سکیورٹی ماہرین کی اطلاعات کے مطابق یہ حملے مبینہ طور پر ماسکو حکومت کی رضامندی سے کیے گئے تھے۔ صدر پوٹن نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

[pullquote]چین نے اپنے شہریوں کو افغانستان سے نکال لیا[/pullquote]

افغانستان سے امریکی فوجی دستوں کے انخلا کے ساتھ چین نے بھی اپنے شہریوں کو ایک ہنگامی خصوصی پرواز کے ذریعے واپس اپنے وطن پہنچا دیا۔ چینی دفتر خارجہ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے مزید بتایا کہ شورش زدہ ملک افغانستان میں موجود تمام چینی شہریوں کو سکیورٹی کے پیش نظر ملک چھوڑنے کی ہدایات جاری کردی گئی تھیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق بیجنگ حکومت نے اپنے شہریوں کو بحفاظت وطن واپس پہنچانے کے لیے دو جولائی کو خصوصی پرواز کا انتظام کیا تھا۔

[pullquote]بھارت نے نو منتخب ایرانی صدر کی تقریبِ حلف برادری کی دعوت قبول کر لی[/pullquote]

بھارت نے ایران کے نو منتخب صدر ابراہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بہت جلد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ اس تقریب میں کونسے بھارتی رہنما شریک ہوں گے۔ نئے صدر کی تقریب حلف برادری پانچ اگست کو متوقع ہے اور تہران حکومت نے اس میں شرکت کے لیے بہت کم ممالک کو دعوت دی ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سات جولائی کو تہران میں نو منتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی تھی۔ وہ ان سے ملاقات کرنے والےسب سے پہلے غیر ملکی رہنما تھے۔

[pullquote]بنگلہ دیش: آتش زدگی کا شکار ہونے والی فیکٹری کا مالک گرفتار[/pullquote]

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے علاقے روپ گنج میں واقع ایک فوڈ فیکٹری میں آتشزدگی کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 52 ہوچکی ہے۔ فیکٹری کی عمارت میں جمعرات آٹھ جولائی کو لگنے والی آگ کو بجھانے میں دو دن لگے۔ پولیس نے مشروبات اور کھانے کی اشیا تیار کرنے والی اس فیکٹری کے مالک اور ان کے چار بیٹوں سمیت آٹھ افراد کو قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس فیکٹری میں گیارہ برس سے کم عمر کے بچے بھی مزدوری کرتے تھے۔ لہٰذا چائلڈ لیبر کے حوالے سے علیحدہ تحقیقات کی جائیں گی۔ بنگلہ دیش میں فیکٹریوں کی عمارتوں میں ناقص حفاظتی انتظامات کے سبب آگ لگنے کے واقعات اکثر رونما ہوتے ہیں۔

[pullquote]سلامتی کونسل شام کے لیے امداد جاری رکھنے پر متفق[/pullquote]

جرمنی کی امدادی تنظیموں نے شام میں لاکھوں ضرورت مند افراد کے لیے انسانی امداد کے تسلسل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ’ڈیاکونی کاٹسٹروفن ہلفے‘ نامی جرمن امدادی تنظیم کے سربراہ مارٹن کیسلر نے امید کا اظہار کیا ہے کہ اس فیصلے کے نتیجے میں بدترین صورتحال سے بچا جا سکے گا۔ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا تھا کہ ترکی اور شام کے مابین باب الھویٰ نامی سرحدی گزرگاہ کو امدادی سامان کی منتقلی کے لیے کھلا رکھا جائے گا۔ ابتدائی طور پر روس کی طرف سے اس توسیع کی مخالفت میں ویٹو کا خدشہ تھا کیونکہ روس کا مؤقف ہے کہ امدادی سامان کی فراہمی سے اس کے اتحادی شام کی خودمختاری متاثر ہوتی ہے۔

[pullquote]صومالیہ میں خود کش دھماکا، کم از کم نو ہلاک[/pullquote]

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ہے۔ اس خودکش دھماکے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔ مقامی ہسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عسکریت پسند گروہ الشباب نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کا ٹارگٹ موغادیشو کے پولیس کمشنر تھے لیکن وہ محفوظ ہیں۔ رواں ماہ کے دوران دارالحکومت میں یہ دوسرا دھماکا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہونے والے اس دھماکے میں دس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

[pullquote]یورپی یونین: منی لانڈرنگ کے انسداد کے لیے الگ ادارہ قائم کرنے کا منصوبہ[/pullquote]

یورپی یونین کمیشن منی لانڈرنگ کی نگرانی کے لیے ایک علیحدہ ادارہ قائم کرنا چاہتا ہے۔ یہ بات یورپی کمیشن کی دستاویزات سے معلوم ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ’اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی‘ (اے ایم ایل اے) کو یورپی یونین کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آزادانہ طور پر مالی پابندیاں عائد کرنے کا اختیار ہو گا۔ اس کے علاوہ یہ یورپی ادارہ دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ رابطہ اور تعاون قائم کرے گا۔ یورپی کمیشن نقد ادائیگی کے لیے زیادہ سے زیادہ دس ہزار یورو تک کی حد مقرر کرنا اور کرپٹو کرنسی کی سروس فراہم کرنے والوں کے لیے سخت ضوابط بھی متعارف کرانا چاہتا ہے۔

[pullquote]امریکا کی طرف سے 34 کمپنیوں پر پابندیاں[/pullquote]

امریکا نے چین، روس اور ایران سے متعلق معاملات کے پیش نظر کل 34 کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ امریکی محکمہ تجارت کے مطابق ان میں سے 14 کمپنیوں پر چینی صوبے سنکیانگ میں ایغور اور دیگر مسلم اقلیتوں کے ساتھ سلوک کے تناظر میں پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ جبکہ دیگر کمپنیوں پر امریکی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مفادات کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے یہ پابندیاں عائد کی گئیں۔ اس کے علاوہ ایران اور روس کے ساتھ بغیر اجازت تجارت کرنے کے معاملات بھی شامل ہیں۔

[pullquote]فرانس نے افریقہ کے ساحل خطے سے اپنی فوجیں واپس بلا لیں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے افریقہ کے ساحل خطے سے اپنے دو ہزار سے زائد فوجی واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ صدر ماکروں نے کہا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران اس خطے میں فرانسیسی فوجی دستوں کی تعداد تقریباﹰ نصف کردی جائے گی۔ ساحل خطے میں اس وقت پانچ ہزار فرانسیسی فوجی اسلامی شدت پسندوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ صدر ماکروں نے یہ اعلان مالی اور ساحل خطے کے چار دیگر ممالک کے سربراہان سے آن لائن بات چیت کے بعد کیا ہے۔ فرانسیسی افواج مستقبل میں مقامی مسلح فورسز کی تربیت میں مدد فراہم کرتی رہیں گی۔

[pullquote]ہیٹی میں جوزیف لیمبرٹ نئے صدر نامزد[/pullquote]

ہیٹی کے صدر جوینل موئز کے قتل کے چند روز بعد جوزیف لیمبرٹ کو ملک کا نیا صدر نامزد کر دیا گیا ہے۔ ملکی سینیٹ کے ایک گروپ نے جوزیف لیمبرٹ کو نئے صدر کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن عبوری وزیراعظم کلاڈ جوزف نے اس اقدام کو نظرانداز کردیا ہے۔ اقوام متحدہ ہیٹی میں رواں برس کے آخر میں انتخابات ہونے تک جوزف کو ہی جائز سربراہ تسلیم کرتی ہے۔ دوسری جانب ملکی املاک کی حفاظت کے لیے ہیٹی کی حکومت نے امریکا اور اقوام متحدہ سے بیرونی فورسز بھیجنے کی بھی درخواست کی تھی۔ تاہم امریکا نے کسی قسم کی عسکری امداد کی پیشکش سے انکار کر دیا ہے۔ بدھ کے روز صدر جوینل موئز کے قتل کے بعد سے یہ کیریبک ملک برسوں سے جاری سیاسی بحران میں مزید پھنس گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے