پیر : 09 اگست 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان حکومت سے سیز فائر کی ڈیل نہیں ہوئی، طالبان جنگجو[/pullquote]

افغان طالبان کے ایک ترجمان نے الجزیرہ ٹی وی کو بتایا ہے کہ کابل حکومت کے ساتھ سیز فائر کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مزید امریکی مداخلت سے خبردار کیا ہے۔ یہ جنگجو افغانستان میں اپنی پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ اتوار کے دن تک انہوں نے تین مزید صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا۔ جمعے سے اب تک یہ جنگجو مجموعی طور پر پانچ صوبائی دارالحکومتوں کا کنٹرول سنبھال چکے ہیں۔ غیر ملکی افواج کے انخلا کے عمل کے دوران طالبان افغانستان کے متعدد دیہی علاقوں پر اپنی رٹ قائم کر چکے ہیں، جو افغانستان میں ایک طویل المدتی خانہ جنگی کا عندیہ دیتی ہے۔

[pullquote]افغان باشندے داخلی سطح پر بے گھر ہونا شروع ہو گئے[/pullquote]

افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے عمل کے دوران ہی داخلی سطح پر بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد میں ڈرامائی اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ طالبان کے حملوں میں تیزی اور عوام میں خوف قرار دیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق مئی کے آغاز سے اب تک بے گھر ہونے والے افغان باشندوں کی تعداد ڈھائی لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ زیادہ تر گھر چھوڑنے والے افغانوں کا تعلق شمالی اور مشرقی افغانستان سے ہے۔ اگست کے اوآخر تک افغانستان میں غیر ملکی فوجی مشن ختم ہو جائے گا۔

[pullquote]ناگا ساکی پر ایٹمی حملے کے 76 برس مکمل[/pullquote]

جاپانی شہر ناگا ساکی میں ایٹمی حملے کے 76 برس مکمل ہونے پر آج خصوصی یادگاری تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ نو اگست سن انیس سو پینتالیس کو امریکا نے اس جاپانی شہر پر جوہری بم گرایا تھا، جس کی وجہ سے بڑی پیمانے پر تباہی پھیلی تھی۔ اس ایک بم کے نتیجے میں کم ازکم ایک لاکھ بیس ہزار افراد مارے گئے تھے۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکا نے چھ اگست کو ہیرو شیما پر بھی ایٹمی حملہ کیا تھا۔ پیر کے دن ناگاساکی کے میئر نے ایک تقریب سے خطاب میں امریکا اور روس سے مطالبہ کیا کہ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]چین میں کووڈ کے نئے کیسز کے بعد ہنگامی صورتحال[/pullquote]

چین میں کووڈ انیس کے نئے کیسز کی تعداد میں اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔ پیر کے دن حکام نے بتایا کہ احتیاطی طور پر کئی شہروں میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ شروع کر دی گئی ہے۔ تیزی سے پھیلنے والا ڈیلٹا ویریئنٹ چین کے درجن بھر سے زائد شہروں میں پایا گیا ہے۔ مقامی سطح پر حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ کورونا کی اس تبدیل شدہ نئی قسم میں مبتلا ہونے والے افراد کو حساب رکھیں اور ان علاقوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کی جائے۔ کورونا کی عالمی وبا دسمبر سن دو ہزار انیس میں چینی شہر ووہان سے شروع ہوئی تھی، جو اب تک عالمی صحت کے لیے ایک مسئلہ بنی ہوئی ہے۔

[pullquote]تحفظ ماحول کے لیے غریب ممالک مزید اقدامات کریں، جرمن وزیر[/pullquote]

جرمنی کے وزیرترقیات گیرڈ مؤلر نے غریب ممالک پر زور دیا ہے کہ تحفظ ماحولیات کی پالیسیوں کے لیے مزید سرمایہ کاری کریں۔ پیر کے دن جرمن میڈیا میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک ایک سو اکیانوے ممالک میں سے صرف آٹھ ہی پیرس کلائمٹ ڈیل میں طے کردہ اہداف کو حاصل کر سکے ہیں۔ اس تناظر میں انہوں نے کہا کہ عالمی بینک، عالمی مالیاتی فنڈ اور دیگر ترقیاتی بینکوں کے علاوہ یورپی یونین کو اس حوالے سے مستعدی دکھانے کی ضرورت ہے۔ پیرس ڈیل کے تحت گرین ہاؤس گیسوں میں کمی کرتے ہوئے عالمی درجہ حرارت میں دو ڈگری سینٹی گریڈ تک کی کمی لانا ہے۔

[pullquote]بیلاروس میں سیاسی جبر کے خلاف پولینڈ میں مظاہرہ[/pullquote]

پولش دارالحکومت وارسا میں ہم سایہ ملک بیلاروس میں سیاسی جبر کے خلاف ایک بڑے مظاہرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولینڈ میں سکونت پذیر بیلاروس کے جلاوطن متعدد افراد نے بھی شرکت کی۔ یہ مظاہرہ بیلاروس میں متنازعہ صدارتی انتخابات کے ایک برس مکمل ہونے پر کیا گیا، جس میں الیگزینڈر لوکا شینکو بطور صدر چھٹی مرتبہ کامیاب قرار دیے گئے تھے۔ ملکی اپوزیشن کے علاوہ آزاد معائنہ کاروں نے بھی گزشتہ برس نو اگست کو ہونے والے اس الیکشن کی شفافیت پر سوالات اٹھائے تھے۔ روس سے قریبی مراسم رکھنے والے لوکا شینکو کو یورپ کا آخری آمر بھی قرار دیا جاتا ہے۔

[pullquote]کورونا کی عالمی وبا، آسٹریلوی وزیراعظم کی عوامی مقبولیت میں کمی[/pullquote]

آسٹریلیا میں کورونا کی عالمی وبا شروع ہونے کے بعد وزیراعظم اسکاٹ موریسن کی عوامی مقبولیت اب تک کم ترین سطح پر دیکھی جا رہی ہے۔ پیر کو جاری کیے گئے ایک سروے کے نتائج کے مطابق لاک ڈاؤن اور ویکسین کی سست رفتار مہم کی وجہ سے شہریوں کی ایک بڑی تعداد میں بے چینی موریسن کی مقبولیت میں کمی کا باعث بنی۔ دیگر ممالک کے مقابلے میں آسٹریلیا میں کورونا کی تباہ کاری شدید نہیں ہے۔ اس ملک میں چھتیس ہزار دو سو کے قریب افراد اس وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد نو سو انتالیس بنتی ہے۔ آسٹریلیا میں مئی سن دو ہزار بائیس میں الیکشن ہونا ہے۔

[pullquote]امریکا اور یونان میں جنگلاتی آتشزدگی کی تباہ کاریاں[/pullquote]

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شمالی علاقوں میں لگی جنگلاتی آگ کو ریاست کی تاریخ میں دوسری بدترین آتشزدگی قرار دے دیا گیا ہے۔ اس تباہی کی وجہ سے کم ازکم تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اس آگ پر قابو پانے کے لیے پانچ ہزار سے زائد فائر فائٹرز فعال ہیں۔ ادھر یونانی جزیرے ایَویا میں بھی جنگلاتی آگ نے تباہی مچا رکھی ہے۔ اس برس یونان میں گزشتہ تیس برس بعد شدید گرمی پڑی، جس کے نتیجے میں آگ بھڑکی۔ ان واقعات کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں پھر آتش فشانی[/pullquote]

انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں واقع میراپی آتش فشاں میں سرگرمی کی وجہ سے حکومت چوکنا ہو گئی ہے۔ پیر کے دن اس آتش فشاں سے لاوے، راکھ اور گیسوں کا اخراج دیکھا گیا، جو دو ہزار میٹر دور تک کے علاقے میں پھیل گیا۔ ملکی ارضیاتی ایجنسی نے مقامی لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس پہاڑ سے دور ہی رہیں۔ اس پہاڑ میں سن دو ہزار دس میں آتش فشانی کے نتیجے میں تین سو چالیس افراد ہلاک جبکہ ساٹھ ہزار بے گھر ہو گئے تھے۔ انڈونیشیا جغرافیائی لحاظ سے ’پیسفک رنگ آف فائر‘ پر واقع ہے، جہاں ایک سو اٹھائیس فعال آتش فشاں پہاڑ واقع ہیں۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے