[pullquote]طالبان کی جانب سے ایک بار پھر مفاہمت کی پیشکش[/pullquote]
افغان طالبان نے ایک مرتبہ پھر کہا ہےکہ وہ ماضی کے مقابلے میں”مختلف‘‘ انداز حکومت کا راستہ اپنائیں گے اور خواتین کے حقوق کا احترام کیا جائے گا۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ان کا گروہ عام معافی کا اعلان کر رہا ہے اور کسی سے انتقام نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نظریے اور عقائد میں کوئی فرق نہیں آیا مگر طرز حکومت میں بردباری اور تجربے کی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اسلامی اصولوں کے تحت کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس سے قبل طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے بھی اسی قسم کے خیالات کا اظہار کیا تھا، تاہم خواتین کے لباس سے متعلق کوئی بات کرنے سے احتراز برتا تھا۔
[pullquote]افغان بحران کے انسداد کے لیے برطانیہ ممکنہ اقدامات کرے گا، برطانوی وزیراعظم[/pullquote]
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ان کی حکومت افغان بحران سے نمٹنے کے لیے ممکنہ اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں صورت حال اندازوں سے کہیں تیز رفتاری سے بدلی تاہم برطانیہ افغانستان میں انسانی بحران کے انسداد کے لیے اقدامات کرے گا۔ پارلیمان سے خطاب میں جونسن نے ان مطالبات کو رد کر دیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ برطانیہ کے افغانستان سے متعلق اقدامات کی انکوائری کی جانا چاہیے۔ جانسن نے کہا کہ برطانیہ افغانستان میں برطانوی افواج کی معاونت کرنے والے پانچ ہزار باشندوں کو اپنے ہاں پناہ دے گا۔
[pullquote]حامد کرزئی کی طالبان دھڑے کے سربراہ سے ملاقات[/pullquote]
سابق افغان صدر حامد کرزئی نے طالبان کے ایک اہم کمانڈر اور سینیئر رہنما انس حقانی سے ملاقات کی۔ بدھ کے روز یہ ملاقات طالبان کی جانب سے نئی حکومت کے قیام کی کوششوں کا حصہ تھی۔ اس ملاقات میں کرزئی کے ہم راہ عبداللہ عبداللہ بھی تھے۔ طالبان نے تاہم اس ملاقات کی تفصیلات عام نہیں کیں۔ یہ بات اہم ہے کہ حقانی نیٹ ورک طالبان کا ایک اہم دھڑا ہے اور اتوار کے روز اسی دھڑے نے کابل پر قبضے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
[pullquote]ملائیشیا میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے 22 ہزار نئے کیسز[/pullquote]
ملائیشیا کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پہلی دفعہ ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے 22 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس طرح اس ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد اب ڈیڑھ ملین کے قریب ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق منگل کے روز ملائیشیا میں مزید 293 افراد کووِڈ انیس کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔یہ بات اہم ہے کہ ملائیشیا میں مئی کے وسط سے لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کی وجہ سے اس ملک کو سخت اقتصادی مسائل کا سامنا ہے۔ وزیراعظم محی الدین یاسین کو کورونا وائرس کے خلاف موثر اقدامات نہ کرنے پر سخت تنقید کا سامنا تھا اور ان کے مستعفی ہونے کی ایک وجہ یہ تنقید بھی تھی۔
[pullquote]کورونا کی وبا، امریکا میں ایک روز میں ایک ہزار ہلاکتیں[/pullquote]
امریکا میں منگل کو کوِویڈ 19 کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا کی ایسی ریاستیں جہاں ویکسینیشن کی شرح کم ہے، وہاں ان ہلاکتوں کی تعداد زیادہ دیکھی گئی ہے۔ گزشتہ ایک ماہ سے امریکا میں کورونا وائرس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے اور حالیہ کچھ روز میں ان ہلاکتوں کی یومیہ شرح سات سو انسٹھ تک دیکھی گئی ہے۔ اس عالمی وبا کے آغاز سے اب تک امریکا میں چھ لاکھ بائیس ہزار آٹھ سو تیرہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مرنے والوں کی یہ تعداد دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
[pullquote]کورونا ویکسین لگوانا ”محبت کا عمل” ہے، پوپ فرانسِس[/pullquote]
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسِس نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانا محبت کا عمل ہے۔ بدھ کے روز انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ بہت سے افراد کی محنت کی وجہ سے کورونا وائرس سے تحفظ کی ویکسین موجود ہے۔ ایک امریکی تنظیم کے لیے ریکارڈ کرائے گئے اپنے پیغام میں پوپ نے کہا کہ ویکسین کے ذریعے اس وبا کے خاتمے کی ایک امید پیدا ہو گئی ہے، مگر یہ فقط تب ممکن ہے جب تمام افراد یہ ویکسین لگوائیں۔ دنیا کے قریب سوا ارب کیتھولک مسیحیوں کے لیے اس پیغام کا مقصد ویکسین کے حوالے سے اعتماد میں اضافہ کرنا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ اس عالمی وبا کے آغاز سے اب تک دنیا بھر میں تینتالیس لاکھ ستر ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
[pullquote]دو تہائی جرمن شہری مہاجرین کے ایک نئے بہاؤ سے خوف زدہ، سروے[/pullquote]
ایک تازہ سروے میں کہا گیا ہے کہ دو تہائی جرمن شہری افغانستان میں حالیہ پیش رفت کی وجہ سے مہاجرین کے نئے بہاؤ کے خدشات کا شکار ہیں۔ سیوے پولنگ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے روزنامہ آؤسبرگر الگمائنے کے لیے کیے گئے سروے میں بتایا گیا ہے کہ 62.9 فیصد جرمن شہری سمجھتے ہیں کہ 2015 ء کی طرز سے مہاجرین کا سیلاب جرمنی آنے والا ہے، قریب تیس فیصد افراد نے تاہم اس سے مختلف رائے کا اظہار کیا۔ یہ بات اہم ہے کہ افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد ہزاروں افغان باشندے ملک سے فرار ہو رہے ہیں۔ جرمن حکومت تاہم کہہ چکی ہے کہ مہاجرین کے حوالے سے چھ برس قبل والی پالیسی نہیں دہرائی جائے گی۔
[pullquote]اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین افغانستان میں کام جاری رکھنے کا خواہشمند[/pullquote]
اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین UNHCR طالبان کے قبضے کے باوجود افغانستان میں خدمات انجام دیتے رہنا چاہتا ہے۔ جرمنی میں اس عالمی ادارے کی نمائندہ کتھارینا لُمپ نے جرمن اخبار ڈی ویلٹ سے بات چیت میں کہا کہ افغانستان میں ماضی کے مقابلے میں اس وقت ان کے ادارے کی بے حد ضرورت ہے۔ لمپ نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے دیگر اداروں کی طرح عالمی ادارہ برائے مہاجرین بھی افغانستان میں اپنی خدمات جاری رکھنا چاہتا ہے۔ اس ادارے کے مطابق اس وقت افغانستان میں اس کے دو سو ملازمین مصروف عمل ہیں، تاہم ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چالیس برسوں میں نوے فیصد افغان شہریوں نے پاکستان اور ایران میں پناہ لی۔
[pullquote]ٹوئٹر میرا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر کے دکھائے، سیربین صدر[/pullquote]
سربیا کے آمرانہ طرز حکومت کے حامل صدر الیگزانڈر ووُچچ نے کہا ہے کہ ٹوئٹر امریکی صدر ٹرمپ کی طرح ان کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر کے دکھائے۔ یہ بات اہم ہے کہ سیربیا میں متعدد میڈیا ہاؤسس پر ان کے کنٹرول کے تناظر میں ٹوئٹر نے ان میڈیا اداروں کے اکاؤنٹس کے ساتھ ”حکومت کے حامی” لکھنا شروع کر دیا ہے۔ رواں برس جنوری میں امریکی کانگریس پر مشتعل افراد کے حملے کے تناظر میں ٹوئٹر اور دیگر سماجی رابطے کی ویب سائٹس نے صدر ٹرمپ کے اکاؤنٹس معطل کر دیے تھے۔ واضح رہے کہ ایسے تمام میڈیا ادارے جن سے متعلق یہ اطلاعات ہوں کہ حکومت ان کے نشریاتی مواد پر اثرانداز ہو سکتی ہے، ٹوئٹر ”اسٹیٹ ایفیلیٹ” کی تختی لگا دیتا ہے۔
[pullquote]یونان میں جنگلاتی آگ کے خلاف بڑی کارروائیاں[/pullquote]
یونان میں سینکڑوں فائرفائٹرز نے آب پاشی کرنے والے 30 جہازوں کی مدد سے ایک بڑی جنگلاتی آگ کے پھیلاؤ کو قدرے سست کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ آگ دو روز سے جاری ہے اور اسی تناظر میں ایتھنز کے شمال مغرب کے علاقے میں واقع ایک نرسنگ ہوم اور متعدد دیہات خالی کرا لیےگئے ہیں۔ رواں ماہ یونان میں سینکڑوں مقامات پر اس انداز کی جنگلاتی آگ دیکھی گئی ۔ ترکی، امریکا اور فرانس میں بھی جنگلاتی آگ کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ ماہرین جنگلاتی امور آتش زدگی کے واقعات میں اضافے کی وجہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور زمینی درجہ حرارت میں اضافے کو قرار دے رہے ہیں۔ ”
[pullquote]ملائیشیا میں وزارتِ عظمی کے عہدے کے لیے دوڑ جاری[/pullquote]
ملائیشیا میں نئے وزیراعظم کے عہدے کے لیے ناموں پر غور کا عمل تیزی سے جاری ہے اور کہا جا رہا ہے کہ سابق نائب وزیراعظم صابری یعقوب اس سلسلے میں اہم امیدوار ہیں۔ وزیراعظم محی الدین یاسین کے پیر کے روز مستعفی ہو جانے کے بعد بادشاہ سلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ نے نئے وزیراعظم کے انتخاب تک محی الدین یاسین ہی کو ہی بطور عبوری وزیراعظم خدمات سرانجام دیتے رہنے کا کہا ہے۔ بادشاہ نے نئے وزیراعظم کا نام دینے کے لیے بدھ کے روز تک کی ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی تھی اور کہا تھا کہ نئے وزیراعظم کو پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ لینا ہو گا۔ کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر جمعے کے روز تک نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو