[pullquote]نئے طرز حکومت کو جلد ہی حتمی شکل دے دیں گے، طالبان[/pullquote]
افغان طالبان کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ آئندہ کچھ ہفتوں کے دوران طرز حکومت کا ایک فریم ورک طے کر لیا جائے گا۔ اس ترجمان نے خبررساں روئٹرز کو بتایا کہ قانونی، مذہبی اور خارجہ امور کے ماہر طالبان رہنما مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس وسط ایشیائی ملک کی آئندہ مملکت میں حکومت سازی کے بارے میں جلد ہی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ نوے کی دہائی میں پہلی مرتبہ اقتدار میں آنے والے اس انتہا پسند گروہ کی کوشش ہے کہ اس مرتبہ اعتدال پسند پالیسیاں وضع کی جائیں۔
[pullquote]ملائیشیا، اسماعیل صابری یعقوب نے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا[/pullquote]
ملائیشیا کے سینیئر سیاستدان اسماعیل صابری یعقوب نے ہفتے کے دن وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ وہ سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم محی الدین یاسین کے نائب تھے، جو اٹھارہ ماہ سے بھی کم عرصے تک سربراہ حکومت رہے۔ اکسٹھ سالہ اسماعیل کا تعلق یونائیٹڈ مالیز نیشنل آرگنائزئشن سے ہے، جو ملک میں سب سے زیادہ طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والا سیاسی اتحاد ہے۔ کورونا کی عالمی وبا اور ملک کی علیل اقتصادیات جیسے معاملات اسماعیل کی نئی حکومت کے لیے بڑے چینلجز قرار دیے جا رہے ہیں۔
[pullquote]لاشیٹ چانسلر کے لیے بہترین امیدوار ہیں، انگیلا میرکل[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنی پارٹی کرسچن ڈیموکریٹک یونین کے سینیئر رکن آرمین لاشیٹ پر مکمل اعتماد کا اعادہ کیا ہے۔ ہفتے کے دن انہوں نے کہا کہ ستمبر کے پارلیمانی الیکشن میں قدامت پسند سیاسی اتحاد میں وہ چانسلر کے بہترین امیدوار ہیں۔ اس پیشرفت پر لاشیٹ کی سیاسی مہم کو ایک نئی روح ملنے کی امید ہو گئی ہے۔ برلن میں سی ڈی یو اور سی ایس یو کی الیکشن ریلی سے خطاب میں میرکل نے مزید کہا کہ لاشیٹ جرمن عوام کی بہترین انداز میں نمائندگی کر سکتے ہیں۔
[pullquote]نائجر میں حملہ، سترہ افراد ہلاک[/pullquote]
مالی سے متصل نائجر کے تلابیری علاقے میں ہوئے ایک حملے کے نتیجے میں سترہ افراد مارے گئے ہیں۔ ہفتے کو بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے دارالحکومت نیامے کے شمال مغرب میں واقع انزارو نامی دیہات کی ایک مسجد میں موجود افراد کو نشانہ بنایا۔ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا کہ حملہ کرنے والے کون تھے اور ان کے محرکات کیا تھے۔ کچھ دن قبل سے علاقے میں ہونے والے ایک ایسے ہی حملے میں سینتیس افراد مارے گئے تھے۔
[pullquote]چین میں اب تیسرے بچے کی بھی اجازت[/pullquote]
چینی حکومت اب جوڑوں کو تیسرا بچہ بھی پیدا کرنے کی قانونی اجازت فراہم کر رہی ہے۔ اس کا مقصد ملکی ڈیموگرافی میں تبدیلی لانا بھی ہے تاکہ بیجنگ حکومت عالمی سطح پر اپنے اثرورسوخ کو بڑھانے کا خواب پورا کر سکے۔ آبادی میں اضافے کی وجہ سے اسی کی دہائی سے چین نے زیادہ تر جوڑوں کے لیے صرف ایک بچہ پیدا کرنے کی پالیسی بنائی تھی، جس میں سن دو ہزار پندرہ میں نرمی کر دی گئی تھی۔ جاپان اور جرمنی کے علاوہ ایسے متعدد ممالک ہیں، جہاں شرح پیدائش کم ہے اور جس کی وجہ سے لیبر مارکیٹ میں ایک خلا دیکھا جا رہا ہے۔
[pullquote]طاقت کا ناجائز استعمال کرنے والے طالبان کا احتساب کیا جائے گا، طالبان رہنما[/pullquote]
افغان طالبان کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ بدلہ لینے اور ظلم و ستم کرنے والے طالبان جنگجوؤں کا احتساب کیا جائے گا۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس اہلکار نے ہفتے کے دن روئٹرز کو بتایا کہ ایسی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں کہ کچھ طالبان جنگجو شہریوں کے خلاف جرائم اور نامناسب عسکری کارروائیوں کے مرتکب ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان واقعات کی تحقیقات کروا رہے ہیں اور اگر یہ خبریں درست ثابت ہوئیں تو ذمہ دار طالبان جنگجوؤں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
[pullquote]ہیٹی میں زلزلے کو ایک ہفتہ ہو گیا، لیکن متاثرین امداد کے منتظر[/pullquote]
ہیٹی میں آنے والے شدید زلزلے کو ٹھیک ایک ہفتہ ہو گیا ہے لیکن اس قدرتی آفت کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کی رفتار انتہائی سست ہے۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ خوراک، ادویات اور پینے کے صاف پانی کی قلت ہے جبکہ بے گھر ہونے والے افراد کے لیے عارضی شیلٹر ہاؤسز بھی قائم نہیں ہو سکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے سات اعشاریہ دو کی شدت سے آنے والے اس زلزلے کی وجہ سے دو ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی اور بے گھر ہو گئے تھے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
[pullquote]کورونا کے خلاف بھارت کی پہلی ڈی این اے ویکسین منظور[/pullquote]
بھارتی حکومت نے ملک میں تیار کردہ کورونا کی ایک اور ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔ انڈیا کے محکمہ برائے بائیو ٹیکنالوجی کے مطابق اس عالمی وبا سے نمٹنے کی خاطر ڈی این اے زائکووَ ڈی نامی ویکسین کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ زائڈس کیڈیلا نامی ادویہ ساز کمپنی کی تیار کردہ یہ ویکسین بھارت کی پہلی ڈی این اے ویکسین ہے۔ کووڈ انیس سے مکمل بچاؤ کے لیے اس ویکسین کی تین خوارکیں تجویز کی گئی ہیں جبکہ اس کی کامیابی کی شرح چھیاسٹھ فیصد بتائی گئی ہے۔
[pullquote]عراق میں داعش کا حملہ، ایران نواز ملیشیا کے تین جنگجو مارے گئے[/pullquote]
عراق میں داعش کے جنگجوؤں کے ساتھ ایک جھڑپ کے نتیجے ایران نواز ملیشیا کے تین فائٹر مارے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب داعش کے انتہا پسندوں نے دارالحکومت بغداد کے قریب ہی واقع ان کے ٹھکانے پر اچانک حملہ کیا۔ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف کارروائیوں کی خاطر ایران نواز کئی ملیشیائیں عراقی فورسز کو معاونت فراہم کر رہی ہیں۔ تاہم امریکا اور اسرائیل کو خدشات ہیں کہ یہ خطے میں ان کے مفادات کے لیے بھی خطرہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
[pullquote]امریکی مندوب برائے شمالی کوریا کی سیول آمد[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن کے خصوصی مندوب برائے شمالی کوریا سونگ کم جنوبی کوریا کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ ہفتے کے دن پیونگ یانگ کے متنازعہ جوہری پروگرام پر سیول حکومت سے تبادلہ خیال کریں گے۔ اس دوران ان کی کوشش ہو گی کہ شمالی کوریا کے ساتھ تعطلی کے شکار جوہری مذاکرات کو بحال کیا جائے۔ سونگ کم ایک ایسے وقت میں سیول پہنچے ہیں، جب امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں جاری ہیں، جسے پیونگ یانگ نے شمالی کوریا پر قبضے کی مشق قرار دیا ہے۔
[pullquote]ملک چھوڑنے کے خواہش مند اکتیس اگست کے بعد بھی ملک چھوڑ سکتے ہیں، افغان طالبان[/pullquote]
مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے بتایا ہے کہ کابل میں طالبان کے قبضے کے بعد سے بارہ ہزار غیر ملکیوں اور ایسے افغان باشندوں کا انخلا مکمل کر لیا گیا ہے، جو غیر ملکی سفارت کاروں اور افواج کے معاونت کار تھے۔ اس عسکری اتحاد کے ایک اہلکار نے شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ افغانستان سے ان افراد کے انخلا کا عمل سست ہے، جس کی وجہ طالبان سے ممکنہ جھڑپوں سے بچنا ہے۔ ادھر طالبان نے امریکا کو یقین دہائی کرائی ہے کہ ملک چھوڑنے کے خواہش مند افغان شہریوں کے اکتیس اگست کے بعد بھی ملک سے جانے پر قدغن نہیں لگائی جائے گی۔ یہ افراد افغان طالبان جنگجوؤں کے خوف کی وجہ سے فرار ہونا چاہتے ہیں۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو