[pullquote]جرمن انتخابات: ایس پی ڈی سب سے بڑی جماعت بن گئی[/pullquote]
جرمن پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی وفاقی پارلیمان میں سب سے طاقتور جماعت بن گئی ہے۔ ایس پی ڈی نے ڈالے گئے کُل ووٹوں کا 25.7 فیصد حاصل کیا ہے۔ دوسرے نمبر پر کرسچن ڈیموکریٹک یونین رہی ہے جسے 24.1 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ گرین پارٹی تیسرے نمبر پر ہے اور اسے 14.8 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ ایف ڈی پی کو 11.5 فیصد جبکہ تارکین وطن اور اسلام مخالف جماعت اے ایف ڈی کو 10.3 فیصد ووٹ ملے۔ گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح 76.6 فیصد رہی۔ نئی جرمن پارلیمان میں 735 نشستیں ہوں گی جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
[pullquote]ایس پی ڈی کے سربراہ اولاف شولس گرین کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کے خواہاں[/pullquote]
گزشتہ روز جرمنی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ اولاف شولس نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ حکومت سازی کے لیے گرین پارٹی اور فری ڈیموکریٹک پارٹی (ایف ڈی پی) کے ساتھ مل کر حکومت بنا لیں گے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کرسمس سے قبل ایک معاہدے کی امید ظاہر کی ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق گرین پارٹی نے 14.8 فیصد جبکہ ایف ڈی پی نے 11.5 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ ایس پی ڈی نے 25.7 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔
[pullquote]یوکرائن میں نیٹو کے اقدمات پوٹن کے لیے ’ریڈ لائن‘ عبور کرنا ہیں، کریملن[/pullquote]
یوکرائن میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی طرف سے اپنے انفراسٹرکچر کا پھیلاؤ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے لیے ’ریڈ لائن‘ عبور کرنا ہے۔ یہ بات کریملن نے آج پیر کے روز کہی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ روس اور بیلاروس اپنے دفاع کے لیے اقدامات کریں گے۔ بیلاروس کے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو نے قبل ازیں کہا کہ انہوں نے صدر پوٹن کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ یوکرائن میں نیٹو اور امریکا کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کا جواب دیا جائے گا۔
[pullquote]یونانی جزیرے پر زلزلہ، کم از کم ایک ہلاک[/pullquote]
یونانی جزیرے کریٹے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس زلزلے کے سبب اراکلیون نامی شہر میں کم از کم ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ اس زلزلے کے جھٹکے جزیرہ کریٹے کے علاوہ معروف سیاحتی جزیرے سینتورینی میں بھی محسوس کیے گئے۔ اس زلزلے کا مرکز اراکلیون سے 20 کلومیٹر دور جنوب مشرق میں تھا۔
[pullquote]ایران اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا، بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی[/pullquote]
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی آئی اے ای اے نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنی جوہری تنصیبات کی انسپیکشن کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔ آئی اے ای اے کو جوہری تنصیبات میں لگائے گئے کیمروں کے میموری کارڈز تو فراہم کر دیے گئے ہیں تاہم اقوام متحدہ کے اس ادارے کو کاراج میں سینٹری فیوجز کے پرزے بنانے والی ایک ورکشاپ کی انسپیکشن کی اجازت نہیں دی گئی۔ آئی اے ای اے اور ایران کے درمیان 12 ستمبر کو ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت اس ایجنسی کو مانیٹرنگ کے لیے استعمال ہونے والے آلات کی مینٹیننس کی اجازت دی گئی تھی۔
[pullquote]آئس لینڈ کی پارلیمان میں خواتین کی اکثریت نہیں ہے، الیکشن کمیشن[/pullquote]
آئس لینڈ کی نئی پارلیمان میں خواتین اکثریت میں نہیں ہیں، یہ بات ملکی الیکشن کمیشن کی طرف سے ہفتے کو ہونے والے انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے معلوم ہوئی ہے۔ قبل ازیں کمیشن کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ پارلیمان میں منتخب ہونے والی خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے۔ ایسی صورت میں یہ یورپ بھر میں پہلی مرتبہ ہوتا کہ کسی ملک کی پارلیمان میں خواتین کی اکثریت ہوتی۔ دوبارہ گنتی میں تین ایسی خواتین اپنی نشستوں سے محروم ہو گئیں جنہیں پہلے کامیاب قرار دیا گیا تھا۔ تازہ نتائج کے مطابق پارلیمان کی کُل 63 نشستوں میں سے 30 پر خواتین کامیاب ہوئی ہیں۔
[pullquote]برطانیہ میں پٹرول کا مسئلہ یہ واضح کرتا ہے کہ بریگزٹ ایک ’عقلی فراڈ‘ تھا، فرانسیسی وزیر[/pullquote]
فرانس کے یورپی معاملات کے وزیر کلیماں بون نے کہا ہے کہ برطانیہ میں پٹرول کی عدم دستیابی کا مسئلہ یہ واضح کرتا ہے کہ بریگزٹ ایک ’عقلی فراڈ‘ تھا۔ برطانوی کمپنی برٹش پٹرولیم نے اتوار کے روز بتایا تھا کہ اس کے قریب ایک تہائی پٹرول اسٹیشنوں پر فیول کے دو اہم گریڈز دستیاب نہیں ہیں۔ پٹرول کی کمی کے باعث پیدا ہونے والی افراتفری کے بعد برطانوی حکومت نے مسابقتی قوانین کو معطل کر کے پٹرولیم کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ مشترکہ کوشش کر کے اس صورتحال کو بہتر کرنے میں مدد دیں۔
[pullquote]عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں شاید شرکت نہ کر سکوں، آسٹریلوی وزیر اعظم[/pullquote]
آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ وہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس COP26 میں شاید شرکت نہ کر سکیں۔ ایک انٹرویو میں موریسن کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی تک معلوم نہیں کہ وہ گلاسگو میں نومبر میں ہونے والی اس کانفرنس میں شرکت کے لیے جائیں گے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کا وہ رواں برس پہلے ہی کئی غیر ملکی دورے کر چکے ہیں اور کافی وقت قرنطینہ میں گزار چکے ہیں۔ آسٹریلیا کوئلے کی برآمد کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جبکہ اس کی توانائی کی زیادہ تر ضروریات بھی فوصل فیول کے ذریعے پوری ہوتی ہیں۔
[pullquote]جرمنی میں حکومت کون بنائے گا، ابھی تک غیر واضح[/pullquote]
جرمنی میں گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں کوئی بھی جماعت حکومت سازی کے لیے حتمی اکثریت حاصل نہیں کر سکی ہے۔ خیال رہے کہ جرمنی میں گزشتہ حکومت ملک کی دو سب سے بڑی سیاسی جماعتوں قدامت پسند دائیں بازو کی جماعت سی ڈی یو اور اعتدال پسند بائیں بازو کی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی اتحادی حکومت تھی۔ انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والی جماعت ایس پی ڈی کے سربراہ اولاف شولس اور ان کے سی ڈی یو اتحاد کی طرف سے حریف آرمین لاشیٹ دونوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں نئی حکومت سازی کے لیے مینڈیٹ حاصل ہو گیا ہے۔ کسی ممکنہ اتحاد میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والی گرین پارٹی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
[pullquote]اقوام متحدہ میں ہماری حمایت پر وزیراعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں، طالبان[/pullquote]
کابل: نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہماری حکومت کو درپیش مشکلات کو پیش کرنے اور اُن کا حل عالمی برادری کے سامنے رکھنے پر وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار ہیں۔ طالبان کے ترجمان اور عبوری حکومت کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے ہماری حکومت کی بھرپور حمایت کی اور عالمی برادری پر طالبان حکومت سے تعلقات استوار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جس پر ہم وزیر اعظم کے انتہائی شکر گزار ہیں۔ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پاکستان برادر اور پڑوسی ملک ہی نہیں بلکہ افغانوں کا دوسرا گھر بھی ہے۔پاکستان نے ہمیشہ ایک اچھے پڑوسی کا حق بھی ادا کیا ہے۔ افغانستان کو تجارت اور اقتصادی امور سمیت تمام شعبوں میں ہمسایہ ممالک کی ضرورت ہے۔ ہم پوری دنیا سے اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو