[pullquote]ایران نے جوہری مذاکرات سے قبل شرائط عائد کردیں[/pullquote]
ایران نے جوہری معاہدے کی بحالی کے سلسلے میں ویانا میں شروع ہونے والے مذاکرات سے قبل خود پر عائد امریکی پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تہران حکومت کا مطالبہ ہے کہ امریکا خیرسگالی کی علامت کے طور پر اس کے منجمد بینک اکاؤنٹس کے کچھ حصوں پر پابندی ختم کرے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کے منجمد کردہ غیر ملکی اکاؤنٹس میں موجود کم ازکم دس ارب ڈالر کے فنڈز جوہری مذاکرات شروع ہونے سے پہلے جاری کیے جائیں۔
[pullquote]برلن ماسکو کے ساتھ تعاون کرے، پوٹن[/pullquote]
روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے سیاسی تناؤ کے باوجود جرمنی کے ساتھ باہمی تعاون میں بہتری پر زور دیا ہے۔ پوٹن نے یہ بات جرمنی کے یوم اتحاد کے موقع پر چانسلر انگیلا میرکل اور جرمن صدر کے نام ایک خط میں کہی ہے۔ روسی صدر کے مطابق روس اور جرمن عوام کے مفادات کی بہترین نمائندگی دوطرفہ تعلقات کے تعمیری فروغ کے ساتھ ہی ممکن ہوسکے گی۔ پوٹن حکومت کے سخت ناقد الیکسی ناوالنی کو زہر دینے کے واقعے کے بعد سے ماسکو اور برلن حکومت کے تعلقات میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ روس نے جرمنی میں حالیہ عام انتخابات کے بعد آئندہ وفاقی حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات کی امید کا بھی اظہار کیا ہے۔
[pullquote]طالبان کی فتح پر کابل میں ریلی[/pullquote]
طالبان کے ڈیڑھ ہزار سے زائد حامیوں نے کابل کے مضافاتی علاقے میں افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے جشن کی ریلی نکالی ہے۔ طالبان حکومت کے نائب وزیر برائے حج اور مذہبی امور مولوی مسلم حقانی نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ مسیحی اور مغربی ممالک کو شکست دے دی گئی ہے۔ ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں بندوقیں اور طالبان تحریک کے سفید پرچم اٹھا رکھے تھے۔ اور وہ ’اللہ اکبر‘ کے نعرے بھی لگا رہے تھے۔ اگست میں طالبان کی طرف سے کابل کا اقتدار سنبھالنے کے بعد جشن کے سلسلے میں یہ پہلا عوامی اجتماع منعقد کیا گیا ہے۔
[pullquote]امریکا میں اسقاط حمل کے سخت قوانین کے خلاف مظاہرے[/pullquote]
امریکا کے 600 سے زائد شہروں میں ہزارہا خواتین نے اسقاط حمل کے ’ہارٹ بیٹ‘ نامی قانون کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔ امریکی ریاست ٹیکساس نے گزشتہ ماہ یہ قانون متعارف کرایا تھا جس کے تحت ماں کے پیٹ میں پلنے والے بچے کی جب دل کی دھڑکن شروع ہو جائے تو اُس کے بعد سے اسقاط حمل یا ابارشن پر پابندی ہو گی۔ یہ وقت حمل ٹھہرنے کے قریب چھ ہفتے بعد کا بنتا ہے۔ واشنگٹن میں امریکی سپریم کورٹ نے اس پابندی کے خلاف حکومت کی ہنگامی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ کل پیر کے روز سپریم کورٹ کے جج دوبارہ اس معاملے پر غور کریں گے۔
[pullquote]چین کی طرف سے تائیوان کی فضائی حدود کی ایک بار پھر خلاف ورزی[/pullquote]
چین کے جنگی طیاروں نے ایک مرتبہ پھر تائیوان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ رواں ہفتے ایسے کئی واقعات کے بعد اتوار کی شب چین کے 39 جیٹ طیاروں نے تائیوان کی فضائی حدود میں پرواز کی۔ یہ اشتعال انگیزی چین کے قومی دن کے دو روز بعد جبکہ تائیوان کے قومی دن سے ایک ہفتہ قبل کی گئی ہے۔ تائیوان کے وزیر اعظم سو سینگ چنگ نے دارالحکومت تائی پے میں کہا کہ بیجنگ جان بوجھ کر فوجی جارحیت میں الجھ رہا ہے اور خطے میں امن و امان کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ چین تائیوان کو ایک خودمختار ملک کے بجائے اپنا ایک علیحدہ صوبہ خیال کرتا ہے اور وہ دوبارہ اتحاد کے لیے بھی کوشاں ہے۔
[pullquote]ٹرمپ کی اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کرانے کی کوشش[/pullquote]
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنا ٹوئیٹر اکاؤنٹ بلاک کیے جانے کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فلوریڈا کی ایک عدالت میں جمع کرائی گئی ایک درخواست میں انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پابندی ختم کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس درخواست میں ٹرمپ نے دیگر وجوہات کے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ ٹوئیٹر امریکا میں سیاسی بحث و مباحثے پر خطرناک کنٹرول کر رہا ہے۔ سابق امریکی صدر کے دور اقتدار کے اختتام سے قبل جنوری میں ان کا فیس بک، ٹوئیٹر اور یوٹیوب اکاؤنٹ بلاک کردیے گئے تھے۔ اس کی وجہ امریکی پارلیمانی عمارت پر حملہ تھا۔ ٹرمپ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کو اس کارروائی کے لیے اکسایا تھا۔
[pullquote]تیونس کے صدر کو ’غدار‘ کہنے پر ٹی وی میزبان اور رکن پارلیمان گرفتار[/pullquote]
تیونس کے صدر قیس سعید کو ایک ٹی وی پروگرام میں پر غدار کہنے کے نتیجے میں ایک رکن پارلیمان اور ٹی وی میزبان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مقامی ٹی وی چینل زیتونہ کے ایک پروگرام کے دوران قدامت پسند سیاسی جماعت کرامہ پارٹی کے سیاستدان عبدالطیف العلوی اور میزبان عامر عیاد نے ملکی صدر پر تنقید کرتے ہوئے انہیں غدار کہہ دیا تھا۔ اس بارے میں سرکاری وکیل سمیر بن عمر نے بتایا کہ فوجی عدالت نے ان دونوں افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ ان پر ملکی سلامتی کے خلاف سازش اور فوج کی توہین کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس بارے میں فوج اور پولیس کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔ تیونس کے صدر قیس سعید نے رواں برس جولائی میں صدارتی فرمان کے ذریعے ملک کا اقتدار سنبھال لیا تھا۔
[pullquote]جرمنی میں اکتیسویں یوم اتحاد کی تقریبات[/pullquote]
وفاقی جمہوریہ جرمنی کے دوبارہ اتحاد کی اکتیسویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے کی مرکزی تقریب جرمنی کی مشرقی ریاست سیکسنی انہالٹ کے شہر ہالے میں منعقد کی گئی ہے۔ کورونا ضوابط اور حفظان صحت اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی پابندی کے سبب، دعائیہ تقریب میں صرف 180 مہمان جبکہ اس کے بعد ہونے والی مرکزی تقریب میں 360 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل اس موقع پر خطاب کریں گی۔ اس کے علاوہ جرمنی کے وفاقی صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر، وفاقی پارلیمان کے صدر وولف گانگ شوئبلے اور سینٹ کے موجودہ چیئرمین سمیت صوبائی رہنما رائنر ہازلہوف بھی شرکت کریں گے۔ سابقہ مشرقی اور مغربی جرمنی کا اتحاد تین اکتوبر 1990ء کو عمل میں آیا تھا۔
[pullquote]لیبیا میں 4000 تارکین وطن گرفتار، ایک ہلاک[/pullquote]
لیبیا کی سکیورٹی فورسز نے دارالحکومت طرابلس کے مغربی حصے میں بڑے پیمانے پر چھاپوں کے دوران چار ہزار کے قریب تارکین وطن کو گرفتار کرلیا ہے۔ وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ حراست میں لیے گئے تارکین وطن کو ابتدائی طور پر ایک اجتماعی کیمپ میں رکھا گیا ہے، جس کے بعد انہیں مخلتف کیمپوں میں منتقل کیا جائےگا۔ ان افراد میں مبینہ غیر قانونی تارکین وطن کے ساتھ ساتھ منشیات اور الکوحل کے اسمگلرز بھی شامل ہیں۔ امدادی کارکنان اور اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) نے سکیورٹی فورسز کی طرف سے خصوصاﹰ خواتین اور بچوں پر تشدد اور طاقت کے استعمال کے بارے میں بتایا ہے۔ یو این ایچ سی آر کے مطابق اس کارروائی میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور پندرہ زخمی ہوئے۔
[pullquote]یورپی یونین کا یوکرائن میں فوجی تربیتی مشن پر غور[/pullquote]
یورپی یونین یوکرائن میں اپنے ایک فوجی تربیتی مشن پر غور کر رہی ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ اقدام کییف اور ماسکو کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ ہفتہ وار جرمن اخبار ’ویلٹ اَم زونٹاگ ‘ نے اپنی رپورٹ میں یورپی ادارے کی ایک دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یوکرائنی افسران کی تربیت کے لیے ایک تربیتی مشن کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ تربیتی مشن یوکرائنی سرحد پر روس کی جانب سے بڑھتی غیر قانونی سرگرمیوں کے پیش نظر کییف حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہوگا۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو