منگل : 05 اکتوبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فزکس کا امسالہ نوبل انعام جاپانی، جرمن اور اطالوی سائنس دانوں کے نام[/pullquote]

امسالہ نوبل انعام برائے فزکس جاپانی سائنسدان سیُوکُورو مانابے، جرمنی کے کلاؤس ہاسل مان اور اٹلی کے جارجیو پاریسی کو مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس انعام کا اعلان کرنے والی جیوری کے مطابق ان تینوں ماہرین کو یہ انعام آب و ہوا کے ماڈلز اور فزیکل سسٹمز کی تفہیم کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ جاپان کے مانابے اور جرمنی کے ہاسل مان مشترکہ طور پر کلائمیٹ ماڈلز پر ریسرچ کے لیے فزکس کے امسالہ نوبل پرائز کے آدھے حصے کے حقدار قرار پائے۔ ان کی تحقیق زمینی آب و ہوا سے متعلق چند بنیادی معلومات اور اس پر اثر انداز ہونے والے انسانی عوامل سے متعلق ہے۔ اطالوی سائنس دان پاریسی کو یہ اعزاز فزیکل سسٹمز میں خرابی، اتار چڑھاؤ اور بے ترتیب مادوں اور بے ترتیب عوامل کے نظریے سے متعلق ان کے انقلابی کام کے اعتراف میں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

[pullquote]جرمنی کے افعانستان مشن پر سترہ بلین یورو سے زائد کی لاگت آئی[/pullquote]

افغانستان میں 20 سالہ جرمن مشن پر تقریباﹰ 17.3 بلین یورو کی لاگت آئی۔ یہ بات وفاقی جرمن پارلیمان میں گرین پارٹی کے پارلیمانی حزب کی جانب سے افغانستان میں دو دہائیوں پر مشتمل جرمن فوجی مشن پر آنے والے اخراجات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی حکومت کی طرف سے بتائی گئی۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق 12.3 بلین یورو کے ساتھ زیادہ تر فنڈز افغانستان میں جرمن فوج کی تعیناتی اور ملٹری آپریشنز پر خرچ کیے گئے۔ باقی ماندہ رقوم وہاں جرمن دفتر خارجہ اور وزارت زراعت و ترقی کے منصوبوں پر خرچ کی گئیں۔ جرمن وزارت دفاع کل بدھ کے دن سے افغانستان مشن کی ناکامی کے بارے میں ایک تفصیلی جائزہ لینا شروع کرے گی۔

[pullquote]دنیا بھر میں ہر ساتواں نوجوان کسی نہ کسی ذہنی عارضے کا شکار، یونیسیف[/pullquote]

اقوام متحدہ کے بہبود اطفال کے ادارے یونیسیف کے مطابق دنیا بھر میں دس سے انیس برس تک کی عمر کا ہر ساتواں نوجوان کسی نہ کسی ذہنی عارضے کا شکار ہے۔ اس عمر کے نوجوانوں میں پائے جانے والے نفسیاتی مسائل میں ڈپریشن، خوف اور ذہنی بے چینی نمایاں ہیں۔ یونیسیف نے اس حوالے سے کورونا کے وبائی مرض کے باعث لگائی گئی پابندیوں کے سنگین نفسیاتی اثرات سے بھی خبردار کیا ہے۔ اس عالمی ادارے نے یہ بھی کہا ہے کہ ایسے نوجوانوں کی مدد کے لیے سہولیات اور ان کے ذہنی مسائل کے علاج کے لیے دستیاب فنڈز کی بہت کمی ہے۔

[pullquote]ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے افغان طالبان پر جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزامات[/pullquote]

انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق افغانستان میں طالبان شدت پسندوں نے ملک کی اقلیتی ہزارہ برادری کے کئی افراد کو قتل کیا۔ ایمنسٹی نے کہا ہے کہ مرکزی افغان صوبے دائی کنڈی میں غیر فعال افغان حکومت کی سکیورٹی فورسز کے نو اہلکاروں کو طالبان نے بغیر کوئی مقدمہ چلائے سزائے موت دے دی۔ ایمنسٹی نے کہا ہے کہ گرچہ یہ افراد ہتھیار ڈال چکے تھے، پھر بھی انہیں موت کی سزا دے دی گئی۔ ایسے دو سکیورٹی اہلکار فرار ہونے کی کوشش میں مارے بھی گئے۔ اس کے علاوہ اس موقع پر فائرنگ کے تبادلے میں ایک سترہ سالہ لڑکی سمیت دو عام شہری بھی ہلاک ہو گئے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق موت کی یہ سزائیں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔

[pullquote]فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز کی معطلی کا ذمہ دار خود فیس بک گروپ[/pullquote]

دنیا بھر میں پیر اور منگل کی درمیانی شب مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز کئی گھنٹوں تک معطل رہنے کے بعد جزوی طور پر بحال ہو گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس تعطل کی وجہ خود فیس بک گروپ بنا۔ فیس بک کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کمپنی نے ناقص طریقے سے اپنے کمپیوٹر سسٹمز کی ری کنفیگیوریشن کی، جس کے باعث تکنیکی مسائل پیدا ہوئے۔ اس وجہ سے دنیا بھر میں ان سوشل میڈیا ایپس کے کروڑوں صارفین کئی گھنٹوں تک اس معطلی سے متاثر ہوئے۔ اب لیکن فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز کافی حد تک بحال ہو گئی ہیں۔

[pullquote]کمزور مدافعتی نظام واالے افراد کو کورونا ویکسین کا بوسٹر لگانے کا مشورہ[/pullquote]

یورپی میڈیسن ایجنسی EMA نے کمزور مدافعتی نظام والے افراد کو بائیو این ٹیک فائزر یا موڈرنا کمپنی کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے بوسٹر انجیکشن لگانے کا مشورہ دیا ہے۔ اس یورپی ادارے کا یہ بیان اس کی ویکسینیشن امور کی نگران کمیٹی کی طرف سے ایک مطالعاتی جائزے کے بعد سامنے آیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بوسٹر ویکسین لگوانے کے لیے متعلقہ افراد کو کورونا کے خلاف دوسری ویکسینیشن کے بعد اٹھائیس روز تک انتظار کرنا ہوگا۔ معمول کے جسمانی مدافعتی نظام کے حامل شہریوں کے لیے بائیو این ٹیک فائزر کی دوسری ویکسینیشن کے چھ ماہ بعد بوسٹر ویکسین کے بارے میں سوچا جا سکتا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں یونین جماعتوں اور گرین پارٹی کے مابین مشترکہ حکومت سازی کے امکانات پر تبادلہ خیال[/pullquote]

جرمنی میں قومی پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے ایک ہفتے سے بھی زائد عرصے بعد کرسچن ڈیموکریٹک یونین سی ڈی یو اور اس کی ہم خیال جماعت کرسچن سوشل یونین سی ایس یو اور ماحول پسندوں کی گرین پارٹی کے رہنما آج منگل کے روز مستقبل میں حکومت سازی کے لیے آپس میں اشتراک عمل کے امکانات پر غور کر رہے ہیں۔ ان جماعتوں کی طرف سے فری ڈیموکریٹک پارٹی ایف ڈی پی کے ساتھ مل کر ایک وسیع تر مخلوط حکومت کے قیام کا کچھ امکان بھی ہے۔ ایسی کسی ممکنہ مخلوط حکومت کو سی ڈی یو کے رہنما آرمین لاشیٹ کے وفاقی چانسلر بننے کا واحد موقع سمجھا جا رہا ہے۔ کئی ماہرین کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی کے گرین پارٹی اور فری ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کے امکانات کافی زیادہ ہیں۔ ایسی صورت میں سوشل ڈیموکریٹ رہنما اولاف شولس کے نیا جرمن چانسلر بن جانے کا امکان واضح طور پر زیادہ ہو گا۔

[pullquote]قبرص میں قتل کی مبینہ سازش: اسرائیل کا ایران پر الزام[/pullquote]

بحیرہ روم کی جزیرہ ریاست قبرص کی پولیس نے اس ملک سے ایک ایسے مسلح شخص کو گرفتار کر لینے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے فوری بعد اسرائیل نے ایران پر قبرص میں رہنے والے اسرائیلیوں پر حملے کی سازش کا الزام عائد کیا ہے۔ تاہم ایران نے ان اسرائیلی الزامات کو سختی سے رد کر دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے ایک ترجمان نے اس حوالے سے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ دہشت گردی کا مبینہ منصوبہ تھا، جو ایران کی ہدایت پر تیار کیا گیا تھا اور ہدف قبرص میں مقیم اسرائیلی کاروباری شخصیات تھیں۔ قبرصی دارالحکومت نکوسیا میں ایرانی سفارت خانے نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی حکومت ایران کے خلاف ہمیشہ ہی ایسے بے بنیاد الزامات لگاتی رہی ہے۔

[pullquote]ہیٹی سے انسانوں کی اسمگلنگ کرنے والا مبینہ گروہ پکڑا گیا[/pullquote]

چلی کی پولیس نے انٹرپول کی معاونت سے انسانوں کی اسمگلنگ کرنے والے ایک مبینہ گروہ کے نو ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ انٹرنیشنل پولیس نے بتایا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق ان اسمگلروں پر ہیٹی کے قریب ایک ہزار تک تارکین وطن کو اسمگل کر کے چلی سے میکسیکو یا امریکا پہنچانے کا الزام ہے۔ چلی کی پولیس نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انکشاف کیا کہ اس گروہ نے جن افراد کو اسمگل کیا، ان میں پانچ سال سے کم عمر کے 267 بچے بچیاں بھی شامل ہیں۔ 2010ء میں بحیرہ کیریبیین کے اس ملک میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد ہیٹی کے ہزارہا باشندے چلی یا برازیل چلے گئے تھے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے