بدھ : 03 نومبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بائيڈن يقين دانی کرائیں ورنہ مذاکرات ناکام ہو سکتے ہيں، ايران[/pullquote]

ايرانی سپريم نيشنل سکيورٹی کونسل کے سربراہ علی شامخانی نے خبردار کيا ہے کہ اگر امريکی صدر جو بائيڈن نے يہ يقين دہانی نہ کرائی کہ ان کا ملک پھر سے جوہری معاہدے سے پيچھے نہيں ہٹے گا تو مذاکرات ناکام بھی ہو سکتے ہيں۔ شامخانی نے بدھ کو کہا کہ بظاہر بائيڈن اختيارات کے حامل نہيں اور يہی وجہ ہے کہ وہ کسی بھی چيز کی گارنٹی نہيں دے رہے۔ ان کے بقول اگر معاملات اسی طرح آگے بڑھے، تو مذاکراتی عمل کا نتيجہ غير واضح رہ سکتا ہے۔ ايران نے جوہری ڈيل پر مذاکرات کے ليے عالمی طاقتوں کو اسی وقت تاريخ دينا ہے۔

[pullquote]روسی اور امريکی انٹيليجنس سربراہان کی ملاقات[/pullquote]

امريکی سی آئی اے کے ڈائريکٹر وليم برنز نے روسی انٹيليجنس سروس کے چيف سيرگئی نارشکن سے ملاقات کی ہے۔ يہ ملاقات روسی دارالحکومت ماسکو ميں آج بدھ کے روز ہوئی اور اس ميں دہشت گردی سے نمٹنے کے ليے تعاون پر گفتگو ہوئی۔ برنز شاذ و نادر ہی روايتی حريف ملک روس کا دورہ کرتے ہيں۔ تاہم ان کا يہ دورہ يہ ثابت کرتا ہے کہ روايتی حريف ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں ہی ملک ساتھ کام کرنے کی اہميت کو سمجھتے بھی ہيں۔

[pullquote]سری نگر شارجہ فلائٹس: پاکستانی فضائی حدود کی اجازت نہیں[/pullquote]

پاکستان نے سری نگر اور شارجہ کے درمیان بھارتی کمپنیوں کی ایئر لائنز کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے دو نومبر منگل کے روز منع کر دیا ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے حالیہ دورہ کشمیر کے دوران 23 اکتوبر کو سری نگر اور خلیجی ریاست شارجہ کے درمیان پروازوں کا افتتاح کیا تھا، جس کے بعد بھارتی کمپنی ‘گو فرسٹ’ نے ہفتے میں چند روز کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم منگل کے روز اس کی ایک پرواز کے ساتھ اس وقت مسائل پیش آئے جب پاکستان نے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے منع کر دیا۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے پاکستان کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]کابل کے ہسپتال پر حملے ميں سينئر طالبان کمانڈر ہلاک[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل کے ايک فوجی ہسپتال پر داعش کے حملے ميں طالبان کا ايک سينئر عسکری کمانڈر ہلاک ہو گيا ہے۔ وسط اگست میں افغانستان پر طالبان کی عمل داری کے بعد کسی دہشت گردانہ حملے میں طالبان کے کسی اعلیٰ کمانڈر کی یہ پہلی ہلاکت ہے۔ حمداللہ مخلص حقانی نيٹ کا رکن اور طالبان کی بدری اسپيشل فورسز کا کمانڈر تھا۔ داعش کے شدت پسندوں نے منگل کو کابل کے سردار داؤد خان ہسپتال پر دھاوا بول ديا تھا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر انيس افراد مارے گئے۔ داعش کا دعویٰ ہے کہ اس کے پانچ جنگجوؤں نے يہ منظم حملہ کيا جو کافی دير تک جاری رہا۔ البتہ طالبان کے ترجمان ذبيح اللہ مجاہد کے بقول حملے کو پندرہ ہی منٹ ميں ناکام بنا ديا گيا تھا۔

[pullquote]شمالی کوريا کے خلاف پابندياں ختم کی جائيں، روس اور چين کا مطالبہ[/pullquote]

چين اور روس نے اقوام متحدہ کی سکيورٹی کونسل پر زور ديا ہے کہ شمالی کوريا پر عائد پابندياں نرم يا ختم کی جائيں۔ دونوں ملکوں نے اس سلسلے ميں ايک قرارداد جمع کرائی ہے، جس کے مسودے ميں اس مطالبے کی وجہ انسانی بنيادوں پر مدد اور اقتصادی مسائل سے نمٹنا بتائی گئی ہے۔ تازہ قرارداد پر سکيورٹی کونسل ميں آج بحث ہونا ہے۔ پيونگ يانگ کے متنازعہ جوہری و ميزائل پروگرام کے تناظر ميں اقوام متحدہ نے سب سے پہلے سن 2006 ميں اس کمیونسٹ ملک پر پابندياں عائد کی تھيں۔ تب سے ان ميں وسعت جاری ہے اور تين برس قبل لگائی جانے والی پابنديوں کے بعد اس ملک کی نوے فيصد ايکسپورٹس متاثر ہو رہی ہيں۔ چين اور روس نے اسی طرز کی ايک قرارداد دو سال قبل بھی جمع کرائی تھی، جسے مغربی ممالک کی سخت مخالفت کا سامنا رہا تھا۔

[pullquote]دمشق کے نواح ميں عسکری ٹھکانوں پر اسرائيلی فضائيہ کا حملہ[/pullquote]

شامی فوج نے دعویٰ کيا ہے کہ اسرائيلی لڑاکا طياروں نے دارالحکومت دمشق کے نواح ميں کئی عسکری تنصيبات کو نشانہ بنايا ہے۔ يہ حملہ ذکيہ نامی ديہات کے قريب آج بدھ کی صبح کيا گيا۔ شامی حکام کے مطابق حملے ميں عسکری تنصيبات کو نقصان پہنچا ہے۔ انسانی جانوں کے ضياع کی فی الحال کوئی تفصيل جاری نہيں کی گئی۔ گزشتہ چار دنوں ميں يہ شام ميں دوسرا اسرائيلی فضائی حملہ ہے۔ ہفتے کو بھی دمشق کے مضافاتی علاقوں ميں عسکری اہداف کو ہدف بنايا گيا تھا۔ اسرائيل شام ميں ايک عرصے سے ايرانی اہداف کے خلاف کارروائی کرتا آيا ہے تاہم عوامی سطح پر اس نے شاذ و نادر ہی حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

[pullquote]بھارت: غیر ملکی سیاحوں کے لیے دروازے کھل گئے لیکن ماہرین صحت فکر مند[/pullquote]

بھارت نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں۔ وزارت داخلہ نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ سب سے پہلے ان سیاحوں کو ویزے جاری کیے جائیں گے جو چارٹرڈ پروازوں سے بھارت آ رہے ہیں۔ اس کے بعد کمرشل پروازوں سے آنے والوں کو اجازت دی جائے گی اور انہیں ویزے جاری کيے جانے کا عمل بھی نومبر سے شروع ہو جائے گا۔ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ بھارت کو بین الاقوامی سیاحوں کے ذریعے سن 2019 میں غیر ملکی زر مبادلہ کے طورپر 30 ارب ڈالر کی آمدنی ہوئی تھی۔ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں لاک ڈاون کے سبب سن 2020 میں آمدنی میں 76 فیصد سے زیادہ کمی آئی اور یہ صرف 7 ارب ڈالر رہ گئی۔ سن 2020 میں بھارت میں 30 لاکھ سے بھی کم سیاح آئے جو کہ اس سے سابق برس یعنی 2019 کے مقابلے تقریباً 75 فیصد کم تھے۔ حکومت سیاحت کو تقویت دینے کے لیے پانچ لاکھ مفت ویزے جاری کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

[pullquote]ایتھوپیا میں ملک گیر ایمرجنسی نافذ[/pullquote]

ایتھوپیا کی حکومت نے ملک گیر سطح پر ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور عوام سے دارالحکومت ادیس ابابا کے دفاع کے لیے تیار رہنے کو کہا ہے۔ تیگرائی خطے کے دو اہم شہروں پر قبضہ کرنے کے بعد جنگجوؤں نے دارالحکومت کی طرف بڑھنے کی دھمکی دی ہے۔ حکومت نے چھ ماہ کے لیے ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت انتظامیہ کو سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے، ٹرانسپورٹ سروسز کو معطل کرنے، کرفیو نافذ کرنے اور بعض علاقوں کو فوج کی تحویل میں دینے سمیت متعدد اختیارات حاصل ہو جائیں گے۔ حکومت نے یہ قدم حالیہ دنوں میں امہارا خطے میں اسٹریٹیجک لحاظ سے اہمیت کے حامل دو شہروں ڈیزی اور کومبلوچا پر تیگرائی جنگجووں کے قبضے کے بعد اٹھایا ہے۔ ایتھوپیا حکومت نے کہا کہ فوج دارالحکومت سے تقریباً 400 کلومیٹر دو ان دونوں اہم شہروں کو دوبارہ اپنے کنٹرول میں لینے کے لیے جنگ کر رہی ہے۔

[pullquote]فائزر اور بيون ٹيک ويکسين پانچ تا گيارہ سال کے بچوں کے ليے منظور[/pullquote]

امريکی ’سينٹر فار ڈيزيز کنٹرول اينڈ پريونشن‘ (CDC) نے پانچ تا گيارہ سال کے بچوں کے ليے فائزر اور بيون ٹيک ويکسين کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ صدر جو بائيڈن نے اسے کورونا کی وبا کے خلاف جنگ ميں ايک اہم موڑ قرار ديا ہے۔ حکومت حتمی منظوری سے قبل ہی ملک کے بيشتر حصوں ميں ويکسين روانہ کر چکی ہے يعنی آج ہی سے ويکسين بچوں کو دی جانا شروع کی جا سکتی ہے۔ کورونا سے بچاؤ کی اس ويکسين کی امريکی ہيلتھ ريگوليٹر نے گزشتہ ہفتے ہی منظوری دے دی تھی۔ طبی حکام نے بتايا ہے کہ بچوں کے ليے ويکسين ميں خوارک مقابلتاً کم رکھی گئی ہے۔ بچوں کے کووڈ کی خطرناک شکل ميں مبتلا ہونے کے امکانات بالغوں کے مقابلے ميں کم ہوتے ہيں تاہم طبی ماہرين کا مشورہ ہے کہ ويکسين بچوں کو بھی بہتر تحفظ فراہم کرے گی۔ اب تک چين، متحدہ عرب امارات اور کيوبا ميں بھی اس عمر کے بچوں کے ليے کسی ويکسين کی منظوری دی جا چکی ہے۔

[pullquote]آسٹريليا ميں ايک چار سالہ بچی کو بازياب کرا ليا گيا[/pullquote]

آسٹريليا ميں ايک چار سالہ بچی کو بازياب کرا ليا گيا ہے۔ کليو نامی اس بچی کو اٹھارہ دن قبل ايک کيمپ سائٹ سے اغواء کر ليا گيا تھا۔ اس کی تلاش کے آپريشن ميں ايک سو سے زائد پوليس افسران حصہ لے رہے تھے۔ منگل کی رات کارناورون نامی ساحلی شہر ميں ايک مکان پر چھاپہ مارا گيا اور وہيں يہ بچی تنہا ملی۔ بچی کی حالت ٹھيک ہے اور حوصلے بلند ہيں۔ اس سلسلے ميں ايک چھتيس سالہ شخص کو حراست ميں لے ليا گيا اور اور آج بدھ کو اس پر فرد جرم عائد کی جانا ہے۔ پوليس نے بچی کے بارے ميں اطلاع دينے کے ليے ساڑھے سات لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے