بدھ : 10 نومبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سابق امریکی صدر ٹرمپ فائلوں کی حوالگی کے خلاف مقدمہ ہار گئے[/pullquote]

امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے کیپیٹل ہل پر حملے کی کارروائی سے متعلق دستاویزات کی فائلز کی حوالگی کی منظوری دے دی ہے۔ ایک عدالتی دستاویز سے اشارہ ملتا ہے کہ مذکورہ فائلز کانگریس کی انکوائری کی پارلیمانی کمیٹی کو پیش کی جا سکتی ہیں۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جن کے حامیوں نے رواں برس جنوری میں کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا، نے ان دستاویزات کے اجراء کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ تاہم ایک وفاقی عدالت نے ان کے مقدمے کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے ان فائلز کی کانگریس کی پارلیمانی کمیٹی میں پیش کرنے کی راہ ہموار کر دی ہے۔ گزشتہ نومبر میں امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیموکریٹ لیڈر جو بائیڈن کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی جسے ٹرمپ نے اب تک قبول نہیں کیا ہے۔

[pullquote]’ترکی بحیرہ ایجیئن میں قزاقوں کی ریاست کی طرح کام کر رہا ہے: یونان کا الزام[/pullquote]

یونان نے ترکی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ تارکین وطن کو دانستہ طور پر اس کے علاقے میں دھکیل رہا ہے۔ اس کے ثبوت کے طور پر یونانی حکام نے ترک کشتیوں کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں تارکین وطن سے بھری ربڑ کی ایک کشتی کو یونان کے سمندری حدود میں لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایتھنز انقرہ پر پہلے بھی یہ الزام عائد کرتا رہا ہے کہ وہ ان اسمگلروں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے جو اس کے ساحلوں سے غیر محفوظ کشتیوں میں تارکین وطن کو باہر بھیجنے کا کام کرتے ہیں اور اس طرح وہ اس حوالے سے یورپی یونین کے ساتھ سن 2016 کے معاہدے کی پاسداری میں بھی ناکام رہا ہے۔ سن 2016 کے معاہدے کے تحت ترکی کو یونان جیسے یورپی یونین کے ممالک کی جانب پناہ گزینوں کی آمد کو کم کرنا ہے اور اس کے بدلے میں اسے اربوں ڈالر کی امداد مہیا کی جانا تھی۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کا شام کا دورہ[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زائد نے منگل کے روز شام کے دورے کے دوران دمشق میں شامی صدر بشار الاسد کے ساتھ باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دورے کو شامی صدر اور امریکا کی اتحادی عرب ریاست کے درمیان تعلقات میں بہتری کا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ شامی صدر بشار الاسد کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران صدر اسد اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زائد نے باہمی تعاون کو فروغ دینے، نیز سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔ شام میں خانہ جنگی شروع ہونے کے ایک دہائی کے عرصے میں پہلی بار متحدہ عرب امارات کے کسی اعلی عہدیدار کا شام کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام (WAM) کے مطابق زائد نے زور دے کر کہا، ’’متحدہ عرب امارات شامی بحران کو ختم کرنے، ملک کے استحکام کو مضبوط کرنے اور برادر شامی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔‘‘ اماراتی وزیر خارجہ کے شام کے دورے پر امریکا نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]گللاسگو ماحولیاتی سمٹ: برطانیہ نے معاہدوں سے متعلق ایک مسودہ پیش کر دیا[/pullquote]

گلاسگو میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کے سربراہی اجلاس کے دوران بُدھ کو آب و ہوا سے متعلق اہداف کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔ میزبان ملک برطانیہ نے اس سلسلے میں ماحولیاتی معاہدے سے متعلق سیاسی فیصلوں پر مبنی ایک مسودہ پیش کیا۔ اس مسودے پر گلاسگو میں جاری عالمی موسمیاتی کانفرنس میں آئندہ بات چیت کی جائے گی۔ اس کا مقصد مختلف ممالک پر از سر نو زور دینا ہے کہ وہ اپنے اپنے ’نیشنل کلائمٹ پلان‘ کو 2022 ء کے اختتام تک مزید مضبوط بنائیں۔ ’ کوپ کوور ڈیسیشن‘ کے پہلے مسودے میں تمام ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ آب و ہوا سے متعلق 2030 ء تک کے لیے طے کیے گئے اپنے قومی اہداف پر نظر ثانی کریں اور اسے مزید بہتر بنائیں۔ اسی صورت میں ’پیرس کلائمٹ ایگریمنٹ‘ کے تحت درجہ حرارت کے 2022 ء تک کے لیے طے کیے گئے اہداف کی کامیابی ممکن ہو سکے گی۔ اس مسودے میں پہلی بار تمام ممالک سے کوئلے اور دیگر ’فوسیل فیول سبسڈی‘ کے بتدریج خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]فرانس کے بزرگ شہریوں کو بوسٹر ویکسین کے بعد ہی مکمل ویکسین شدہ تسلیم کیا جائے گا[/pullquote]

کورونا وبا کے پھیلاؤ میں اضافے اور کیسز کی تعداد کے مسلسل بڑھنے کے نتیجے میں فرانسیسی صدر نے معمر شہریوں کو بوسٹر ویکسین لگانے پر زور دیا ہے۔ ایمانوئل ماکروں نے تازہ ترین ٹیلی وژن خطاب میں کہا کہ وسط دسمبر سے 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو محض اس صورت میں ویکسین شدہ تسلیم کیا جائے گا جب وہ یہ ثابت کر سکیں کہ انہوں نے تیسری یا بوسٹر ویکسین لگوا لی ہے۔ ماکروں کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن کی پہلے دو ڈوزیز لگوانے کے چھ ماہ بعد اس عمر کے افراد کے اندر مدافعت کم ہو جاتی ہے اور کورونا وائرس کے شدید حملے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کا حل ویکسین کی ایک اور ڈوز ہے۔ ساتھ ہی فرانس میں تمام ریستورانوں، ٹرینوں اور ثقافتی مراکز میں ہیلتھ پاسپورٹ کنٹرول کو مزید سخت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]میانمار کی جیل میں بند امریکی صحافی پر مزید دو مجرمانہ الزامات عائد[/pullquote]

میانمار کی جیل میں بند امریکی صحافی ڈینی فینسٹر پر حکام نے مزید دو مجرمانہ الزامات عائد کر دیے ہیں۔ فینسٹر ایک آزاد اخبار ‘فرنٹیئر میانمار’ کے مدیر ہیں اور اب انہیں بغاوت اور دہشت گردی کے الزامات کا سامنا ہے۔ انہیں مئی میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ملک سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کے وکیل تھان زاؤ آنگ نے دس نومبر بدھ کے روز خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تازہ ترین الزامات ان کے موکل کے لیے ایک بڑا دھچکا ہیں۔ سینتیس سالہ فینسٹر کے خلاف نئے الزامات ایک ایسے وقت پر عائد کیے گئے ہیں جب سابق امریکی سفارت کار اور یرغمالیوں سے مذاکرات کے ماہر بل رچرڈسن نے میانمار کے دارالحکومت میں فوجی جنرل من آنگ ہلینگ سے چند روز قبل ہی ملاقات کی تھی۔ میانمار کے فوجی جنرل من آنگ ہلینگ نے یکم فروری کو بغاوت کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا اور آنگ سان سوچی اور ان کی منتخب حکومت کے سینیئر عہدیداروں کو حراست میں لے لیا تھا۔

[pullquote]بھارت: یوم اردو کے سیمینار میں علامہ اقبال کی تصویر پر ہنگامہ[/pullquote]

شمالی بھارت کی معروف بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) میں 9 نومبر منگل کے روز یوم اردو کی مناسبت سے ایک آن لائن سیمینار تھا، جس کے لیے منتظمین نے شاعر مشرق علامہ اقبال کی ایک تصویر استعمال کی۔ بنارس ہندو یونیورسٹی نے آن لائن سیمینار کے پوسٹر پر علامہ اقبال کی تصویر استعمال کرنے کی تفتیش کا حکم جاری کر دیا ہے۔ شعبہ اردو کے سربراہ کو متنبہ کیا گيا ہے، جس کے بعد انہوں نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگ لی ہے۔ بھارت میں سخت گیر ہندو تنظیم آر ایس ایس سے وابستہ طلبہ تنظیم ‘اکھل بھارتی ودھارتی پریشد’ (اے بی پی) کو اس بات پر سخت اعتراض تھا کہ سیمینار کے پوسٹر پر یونیورسٹی کے بانی پنڈت مدن موہن مالویہ کی تصویر کی بجائے اقبال کی تصویر کیوں لگائی گئی۔ تنظیم نے اس پر ہنگامہ کیا اور شاعر محمد اقبال کی تصویر کو ہٹا دیا گیا۔

[pullquote]امن کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا نکاح[/pullquote]

انسانی حقوق کی سرگرم کارکن پاکستان کی 24 سالہ امن کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے نکاح کی خبر عام کر دی ہے۔ ملالہ کا نکاح برمنگھم میں ان کے والدین کے گھر پر اسلامی روایات کے مطابق ہوا جس میں ملالہ اور ان کے شوہر عصر، دونوں کے خاندان والوں نے شرکت کی۔ عصر پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی ہائی پرفارمنسگ سینٹر کے آفیسر ہیں۔ ملالہ کو 2014 ء میں بچوں کی تعلیم کے لیے ان کے عزم اور انتھک کوششوں کے لیے امن نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔ تب وہ امن کے نوبل انعام کی سب سے کم عمر حقدار قرار دی گئی تھیں۔ اکتوبر 2012 ء میں طالبان جنگجوؤں نے شمالی پاکستان میں ان کی اسکول وین کو روک کر اُسے دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنایا تھا جس میں ملالہ بال بال بچ گئی تھیں۔

[pullquote]فرانس نئے جوہری پاور پلانٹس تعمیر کرے گا، ایمانوئل ماکروں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے نت نئے جوہری پاور پلانٹس کے تعمیراتی منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنے تازہ ترین ٹیلی وژن خطاب میں ماکروں نے دیگر امور کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ اور قابل اعتماد توانائی کی فراہمی کی کمی جیسے خدشات کا ذکر کرتے ہوئے ’نئی نسل کے جوہری پاور پلانٹس‘ کی تعمیر کا جواز پیش کیا۔ ماکروں نے ساتھ ہی قابل تجدید توانائی کی ترقی کو جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔ فرانس ان ممالک میں سے ایک ہے جو جوہری توانائی کا استعمال کر رہے ہیں اور اس پر قائم رہنا چاہتے ہیں۔ فرانس میں اس وقت 56 ری ایکٹر کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ یعنی اکتوبر میں فرانسیسی صدر نے ایٹمی توانائی کے شعبے میں ایک بلین یورو کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]اقوام متحدہ کا ایتھوپیا سے قید کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے ادیس ابابا حکومت سے اپنے گرفتار شدہ مقامی کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ نیو یارک میں اقوام متحدہ کے ترجمان نے بتایا کہ ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں مختلف یو این ایجنسیز کے 22 مقامی کارکنوں کو بغیر وجہ بتائے گرفتار کر لیا گیا جن میں سے چھ کو رہا کر دیا گیا ہے جبکہ 16 دیگر کارکن ابھی تک حراست میں ہیں۔ یہ گرفتاریاں ادیس ابابا میں بظاہر تگرائی نسلی گروہ کے اراکین کے خلاف سیکورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کے سلسلے میں عمل میں لائی گئیں۔

[pullquote]بیلاروس: اسمگلروں کو جرمن وزیر خارجہ کی تعزیری اقدامات کی دھمکی[/pullquote]

قائم مقام جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ وہ بیلاروس میں پناہ گزینوں کی اسمگلنگ می ملوث کسی بھی شخص کے خلاف سخت پابندیوں کے حق میں ہیں۔ انہوں نے بیلاروس کے حکمران الیگزانڈر لوکاشینکو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی غیر انسانی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لینے دیا جائے گا۔ ان اقدامات کا اطلاق پناہ کے متلاشی افراد کے آبائی ممالک، ٹرانزٹ والے ملک اور ایئر لائنز پر بھی لاگو ہو گا جنہوں نے پناہ گزینوں کے سفر کو ممکن بنایا۔ اس سلسلے میں یورپی یونین ’واضح نتائج‘ اخذ کرنے کے لیے تیار ہے۔ یورپی یونین بیلاروس کے صدر لوکاشینکو پر الزام عائد کرتی ہے کہ وہ دیدہ و دانستہ تارکین وطن کو اپنے ملک میں لاتے ہیں تاکہ انہیں یورپی یونین کے رکن ملک پولینڈ کی سرحد تک پہنچایا جا سکے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے