ہفتہ : 13 نومبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]قطر افغانستان میں امریکا کے سفارتی مفاد کی بھی نمائندگی کرے گا[/pullquote]

امریکا اور قطر نے اس بات پر اتفاق کر لیا کہ افغانستان میں دوحہ حکومت امریکی سفارتی مفادات کی نمائندگی کرے گی۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلِنکن اور ان کے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے جمعے کو واشنگٹن میں اسٹریٹیجک تعاون کے دو معاہدوں پر دستخط کیے۔ ان معاہدوں کے تحت افغانستان میں قطر امریکی مفادات کے لیے، ’حفاظتی قوت‘ کے طور پر بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔ یہ ایک ایسا انتظام ہے جس کے تحت میزبان ملک کے ساتھ سفارتی تعلقات نہ ہونے کے سبب، ایک تیسرا ملک ایک دیگر ملک کے مفادات کی نگرانی کرتا ہے۔

[pullquote]ایران اور عالمی جوہری ادارے میں ابھی تک کوئی رابطہ نہیں[/pullquote]

انٹرنيشنل اٹامک انرجی ايجنسی کے سربراہ رافیل گروسی نے بارہ اکتوبر جمعے کے روز اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ایران کی نئی حکومت نے اپنی جوہری سرگرمیوں کے حوالے سے کئی تصفیہ طلب امور پر بات چیت کے لیے ادارے سے ابھی تک رابطہ تک نہیں کیا ہے۔ گروسی کو بائيس نومبر کے روز ادارے کے بورڈ آف گورنرز کی اگلی میٹنگ سے قبل ایران کا دورہ کرنے کی توقع تھی تاہم وہ اب بھی اس سلسلے میں ایرانی دعوت کے منتظر ہیں۔ جوہری امور سے متعلق عالمی ادارہ ایران کے جواہری پروگرام کی نگرانی کیا کرتا تھا تاہم حالیہ مہینوں میں ایران نے جوہری سرگرمیوں کی مکمل نگرانی کے عمل کو بھی روک دیا تھا۔ اسی وجہ سے رافیل گروسی نے ماہ ستمبر میں تہران کا دورہ کیا تھا تاکہ وہ اس معاملے پر اعلیٰ ایرانی حکام سے بات چیت کر سکیں۔

[pullquote]يورپ ميں وبا کی صورتحال بگڑتی ہوئی[/pullquote]

يورپ کے کئی ملکوں ميں کورونا کے کيسز کافی تيزی سے بڑھ رہے ہيں۔ گزشتہ ايک ہفتے کے دوران يوميہ بنيادوں پر اوسطاً 303,682 نئے کيسز ريکارڈ کيے گئے، جو يورپ ميں ايک نيا ريکارڈ ہے۔ برطانيہ، جرمنی، روس، ترکی اور يوکرائن ميں نئے کيسز ميں پچاس فيصد سے زائد کا اضافہ نوٹ کيا گيا ہے۔ علاوہ ازيں وبائی امراض سے بچاؤ کے يورپی ادارے ای سی ڈی سی نے بيلجيم، پولينڈ، ہالينڈ، بلغاريہ، کروشيا، چيک ری پبلک، ايسٹونيا، ہنگری، يونان اور سلووينيا کو انتہائی تشويشناک صورتحال سے دوچار ملکوں کی فہرست ميں شامل کر ليا ہے۔ کئی حکومتيں دوبارہ پابندياں عائد کرنے پر غور کر رہی ہيں اور ان لوگوں پر ويکسين لگوانے کے ليے زور ديا جا رہا ہے، جن کی ابھی تک ويکسينيشن نہيں ہوئی۔

[pullquote]پولينڈ اور بيلاروس کی سرحد پر صورتحال باعث تشويش ہے، بائيڈن[/pullquote]

امريکی صدر جو بائيڈن نے پولينڈ اور بيلاروس کی سرحد پر مہاجرين کے حوالے سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشويش کا اظہار کيا ہے۔ وائٹ ہاوس ميں رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے بائيڈن نے بتايا کہ امريکی حکومت نے بيلاروس اور روس کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر ديا ہے۔ پولينڈ اور بيلاروس کی سرحد پر ہزاروں مہاجرين جمع ہيں، جو پولينڈ ميں داخل ہونے کی کوششوں ميں ہيں۔ اس کے ر عمل ميں دونوں ملکوں نے فوج بھی تعينات کر رکھی ہے۔ يورپی يونين کا الزام ہے کہ بيلاروس جان بوجھ کر مہاجرين کو مغربی يورپ کی جانب بھيج رہا ہے اور نتيجتاً اس وقت پولينڈ، لتھوينيا اور ليٹويا کی سرحدوں پر ہزاروں مہاجرين جمع ہيں۔

[pullquote]شی جن پنگ اور بائيڈن کی ورچوئل سمٹ پير کو[/pullquote]

امريکی صدر جو بائيڈن اور ان کے چينی ہم منصب شی جن پنگ کی ورچوئل سمٹ پير کو ہو رہی ہے۔ دونوں ملکوں کی کوشش ہے کہ تعلقات ميں بہتری لائے جائے۔ شی جن پنگ اور بائيڈن دونوں ہی کو اس وقت اس ويڈيو کال سے کافی کم توقعات ہيں البتہ يہ ايک آغاز ضرور ہے۔ امريکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس ملاقات کے بعد کسی بڑے اعلان کا امکان موجود نہيں ہے۔ بات چيت تعاون بڑھانے اور اختلافات دور کرنے پر مرکوز رہے گی۔ دونوں رہنماؤں نے جمعے کو ايپک کے اجلاس ميں بھی شرکت کی تھی۔ ہانگ کانگ ميں جمہوری اقتدار، تائيوان، سنکيانگ ميں اقليتوں کو درپيش حالات اور توسيع پسندانہ پاليسيوں جيسے کئی امور پر بيجنگ اور واشنگٹن کے مابين شديد اختلافات پائے جاتے ہيں۔

[pullquote]عالمی ماحولياتی کانفرنس ميں ڈيل کا امکان[/pullquote]

گلاسگو ميں جاری عالمی ماحولياتی کانفرنس آج اپنے اختتام کو پہنچ سکتی ہے۔ برطانيہ کی صدارت ميں يہ اجلاس جمعے اور ہفتے کی پوری رات جاری رہا اور مذاکرات کار کوششوں ميں ہيں کہ ہفتے کو کسی عالمی ڈيل کو حتمی شکل دے دی جائے۔ برطانوی وزير اعظم بورس جانسن نے امير ملکوں سے اپيل کی ہے کہ وہ تحفظ ماحول کی مد ميں اضافی رقوم صرف کريں۔ امير ملکوں نے قريب ايک دہائی قبل سالانہ ايک سو بلين ڈالر فراہم کرنے کا کہا تھا، جس پر آج تک عملدرآمد نہيں ہو سکا۔ اس کانفرنس کو جمعے کی شام ختم ہو جانا تھا مگر يہ ابھی تک جاری ہے۔ شرکاء تحفظ ماحول کے ليے عالمی درجہ حرارت کو محدود رکھنے، ضرر رساں گيسوں کے اخراج ميں کمی، فوسل فيولز کے استعمال ميں کمی کے ليے اقدامات پر غور کر رہے ہيں۔

[pullquote]نئی دہلی ميں آلودگی سے نمٹنے کے ليے منصوبہ پيش کيا جائے، سپريم کورٹ[/pullquote]

بھارتی چيف جسٹس ان وی رمانا نے نئی دہلی حکومت پر زور ديا ہے کہ دارالحکومت کی فضائی آلودگی کی صورت حال ميں بہتری کے ليے ہنگامی بنيادوں پر کوئی منصوبہ تشکيل ديا جائے۔ چیف جسٹس ان وی رمانا نے نئی دہلی کی صورتحال کو سنگين قرار ديا اور حکومت سے اب تک کی کارکردگی پر رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ دہلی کا شمار دنيا کے آلودہ ترین شہروں ميں ہوتا ہے اور ديوالی کے بعد سے يہ شہر شديد اسموگ کی لپيٹ ميں ہے۔ خراب ہوا سے شہريوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے اور اس ليے ملکی سپريم کورٹ نے متحرک ہونے کا فيصلہ کيا ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے