[pullquote]جرمنی میں نئے کورونا انفکشنز کی تعداد میں مسلسل اضافہ[/pullquote]
جرمنی میں گزشتہ سات روز میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی ریکارڈ تعداد سامنے آئی ہے۔ متعدی امراض کی تحقیق کے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے اعداد و شمار کے مطابق نئے کورونا انفیکشنز کی شرح تین سو تین فی ایک لاکھ نفوس ریکارڈ کی گئی ہے۔ صحت کے امور کے حکام نے چوبیس گھنٹوں میں 23 ہزار چھ سو سات نئے کورونا کیسز جبکہ 43 اموات کی اطلاع دی ہے۔ کورونا کی چوتھی لہر کے دوران جرمنی میں جیسے جیسے کیسز اور کووڈ انیس کے سبب ہونے ہوالی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے ویسے ویسے وفاقی حکومت پر لاک ڈاؤن کے دوبارہ نفاذ کا دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔ ورلڈ میڈیکل ایسوسی ایشن کے سربراہ فرانک اُلرش مونٹگومری نے جرمنی کی جلد تشکیل پانے والی نئی مخلوط حکومت میں شامل تینوں پارٹیوں سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی، گرین پارٹی اور فری ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے کورونا کے پھیلاؤ کے سدباب کے لیے تیار کیے گئے مجوزہ پلان کو ’ مضحکہ خیز ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قومی وبائی ایمرجنسی کے دائرہ کار کی قانونی حیثیت کو ختم کرنے کی کوشش کے مترادف ہے۔
[pullquote]ارجنٹائن کے وسط مدتی انتخابات: اپوزیشن کو برتری[/pullquote]
جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن میں حکمران مرکزی بائیں بازو کا اتحاد پارلیمان میں اپنی اکثریت کھو چکا ہے۔ سینیٹ کے وسط مدتی انتخابات میں تقریباً تمام ووٹوں کی گنتی کے بعد زیادہ تر اہم اضلاع میں قدامت پسند اپوزیشن کو برتری حاصل ہے۔ اتوار کے روز ارجنٹائن میں ہونے والے ایوان زیریں کی نصف اور سینیٹ کی ایک تہائی نشستوں کی ووٹنگ ہوئی۔ صدر البرٹ فرنانڈس کی حکومت مہنگائی اور کورونا کی وبا کی وجہ سے بڑھتی ہوئی غربت کے سبب اپنی مقبولیت کھو چُکی ہے۔
[pullquote]ایتھوپیا کے بحران زدہ علاقوں کے لیے اقوام متحدہ کا امدادی فنڈ[/pullquote]
اقوام متحدہ نے پیر کو ایک اعلان میں کہا ہے کہ وہ ایتھوپیا کے بڑھتے ہوئے تنازعات کے شکار علاقوں میں پھنسے ہوئے شہریوں کی امداد کے لیے ہنگامی فنڈز جاری کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے امدادی امداد کے شعبے کے سربراہ مارٹن گریفیتھس نے کہا کہ کُل 40 ملین ڈالر کی مدد سے تگرائی علاقے اور ایتھوپیا کے بحران زدہ شمالی حصوں میں ایمرجنسی آپریشنز کو بڑھانے میں مدد ملے گی اس کے علاوہ جنوبی ایتھوپیا میں پائی جانے والی خُشک سالی کا سد باب بھی کیا جائے گا۔ ایتھوپیا میں ایک سال سے تگرائی باغیوں اور حکومتی افواج کے مابین جاری لڑائی کے نتیجے میں لاکھوں افراد قحط جیسی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔
[pullquote]ابو ظہبی کے ولی عہد کا ترکی کا دورہ[/pullquote]
ترک حکام نے کہا ہے کہ ابو ظہبی کے ولی عہد اور عملی طور پر حکمران سمجھے جانے والے پرنس شیخ محمد بن زید النہیان جلد ترکی کا دورہ کریں گے۔ ایک دہائی قبل عرب دنیا میں عرب اسپرنگ کہلانے والے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد سے ترکی اور متحدہ عرب امارات علاقائی حریفوں کے طور پر ایک دوسرے کے مد مقابل رہے ہیں۔ تاہم ابو ظہبی کے ولی عہد کے اس دورے سے یہ اشارہ مل رہا ہے کہ دونوں ممالک اپنے کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کے خواہشمند ہیں۔ ان دونوں نے لیبیا کی جنگ اور تنازعے میں مخالف فریقوں کی حمایت کی۔ 24 نومبر کو پرنس شیخ محمد بن زید النہیان ترکی کے دورے پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ تجارت ، سرمایہ کاری اور علاقائی ترقی جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
[pullquote]آسٹریا میں گزشتہ نیم شب سے جزوی لاک ڈاؤن کا نفاذ[/pullquote]
آسٹریا میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے سلسے میں سخت اقدامات کا نفاذ ہو گیا ہے۔ جن شہریوں کو ویکسین نہیں لگی یا جو کورونا میں مبتلا ہونے کر انفیکشن کو شکست دینے کا ثبوت پیش نہیں کر سکتے، انہیں گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان میں جاب پر جانے، گروسری یا خریداری کے لیے گھر سے نکلنے اور ڈاکٹر وغیرہ کے پاس جانے پر پابندی شامل ہے۔ ان ضوابط کا نفاذ ابتدائی طور پر دس روز کے لیے کیا گیا ہے۔ آسٹریا کے چانسلر الیگزانڈر شالنبرگ نے اس جزوی لاک ڈاؤن کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی لہر ویکسین نہ لگوانے والوں کو واضح طور پر زیادہ متاثر کر رہی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق آسٹریا میں ایک لاکھ کی نفوس میں متواتر سات روز کورونا کے 8 سو سے زائد کی شرح سے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
[pullquote]بیلا روس کی تارکین وطن کے بحران کا سبب بننے کے الزام کی تردید[/pullquote]
بیلا روس کی وزرارت خارجہ نے مغربی ممالک کے ان الزامات کی بھرپور تردید کی ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ منسک حکومت یورپ میں تارکین وطن کے بحران کی منصوبہ ساز ہے۔ وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ یورپی یونین کی طرف سے یورپی ممالک کی سرحدوں پر جاری تارکین وطن کے بحران کو پیدا کرنے کا الزام منسک حکومت پر لگانا ’مضحکہ خیز‘ ہے۔ اُدھر روسی خبر رساں ایجنسی RIA نے یبلاروس کی وزارت کے حوالے سے رپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ بیلا روس نے سرحدی کنٹرول اور اپنی سرکاری ایئر لائن بیلاویا کو سخت احکامات جاری کیے ہیں تاکہ یہ غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کا ذریعہ نہ بنے۔
[pullquote]یورپی یونین کے ممالک میں فضائی آلودگی کے سبب اموات میں کمی[/pullquote]
یورپی یونین میں شامل ممالک میں دھول اور آلودہ ہوا کی وجہ سے قبل از وقت اموات کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ کوپن ہیگن میں قائم ماحولیاتی ایجنسی نے 2019 ء کے بارے میں کیے جانے والے مطالعے کے حوالے سے کہا ہے کہ اس سے ایک سال قبل یعنی 2018 ء کے مقابلے میں 2019 ء میں دھول اور آلودہ ہوا کے سبب جنم لینے والی بیماریوں کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تعداد میں دس فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ یورپی یونین کے ممبر ممالک میں اگرچہ سازگار موسم نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے تاہم مرکوزہ نوعیت کی اموات میں کمی کی اصل وجہ یورپ میں آب و ہوا کے معیار میں مسلسل بہتری بنی ہے۔ اموات میں کمی کی نشاندہی کے باوجود رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ 2019 ء میں فضائی آلودگی کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تعداد تین لاکھ سے زائد رہی۔
[pullquote]ایک دہائی بعد بھارت کے لیے امیریکن ایئر لائنز کی پروازیں بحال[/pullquote]
امیریکن ایئر لائنز نے اس ہفتے سے بھارت کے لیے اپنی نان اسٹاپ پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا۔ امریکی ایئر لائنز نے یہ اقدام بھارت کے لیے ایک دہائی تک معطل رہنے والی اپنی فلائٹس کو دوبارہ سے شروع کرتے ہوئے کیا ہے۔ امریکی ایئر لائنز کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس نے یہ فیصلہ دنیا بھر سے امریکا کا سفر کرنے والے خواہشمندوں کی ایک بڑی تعداد کی دوبارہ سے امریکا کی طرف توجہ کی وجہ سے کیا ہے۔ ایئر لائنز حکام نے کہا ہے کہ آئندہ مارچ سے امریکی شہر سیئیٹل اور بنگلور کے درمیان بھی نان اسٹاپ فلائٹس کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ سیئیٹل بھارتی شہر بنگلور کی طرح کمپیوٹر ٹیکنالوجی کا گڑھ مانا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ دونوں روٹس پر نان اسٹاپ فلائٹس کا تجربہ کامیاب ثابت ہوا تو امریکی ایئر لائنز بھارتی مالیاتی دارالحکومت کی حیثیت رکھنے والے شہر ممبئی کے لیے بھی اپنی فلائٹ سروسز کا اضافہ کرے گی۔
[pullquote]لیور پول میں ٹیکسی میں دھماکا، ایک مسافر ہلاک[/pullquote]
برطانوی انسداد دہشت گردی پولیس نے برطانیہ کے شہر لیور پول کے ایک ہسپتال کے سامنے ایک ٹیکسی میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ س واقعے میں ایک مسافر ہلاک جبکہ ڈرائیور کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ تفتیش کاروں نے دہشت گردی کے شبے میں تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن کی عمریں 21 سے 29 سال کے درمیان ہیں۔ شمال مغربی برطانیہ کے شہر لیور پول میں جائے وقوعہ کے ارد گرد چوکیاں قائم اور سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ اس واقعے کا پس منظر ہنوز غیر واضح ہے۔ پولیس نے لیور پول کے شہریوں سے ’پرسکون مگر چوکنا‘ رہنے کو کہا ہے۔
[pullquote]جرمن پارلیمان : دنیا بھر میں تشدد اور جنگ کے متاثرین کی یاد میں سوگوار لمحات[/pullquote]
وفاقی جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے کہا ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران بہت سے مقامات پر جرمن فوج کی طرف سے ہونے والے جرائم کو اجتماعی یادداشت سے دور کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے جرمن عوام پر زور دیا کہ وہ ماضی میں ہونے والے جرمن فوجی جرائم کو فراموش نہ کریں اور ان کا مقابلہ کریں۔ جرمن صدر نے وفاقی جرمن پارلیمان میں دنیا بھر میں تشدد اور جنگ کے متاثرین کی یاد میں سوگوارلمحات میں بھی شرکت کی۔
[pullquote]جنوبی افریقہ کا اسرائیل میں مس یونیورس تقریب کا بائیکاٹ[/pullquote]
جنوبی افریقہ کی حکومت نے مس جنوبی افریقہ کے اسرائیل میں منعقد ہونے والے ’مس یونیورس‘ مقابلے میں شرکت سے خود کو الگ کر لیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ جنوبی افریقہ کی حکومت نے 14 نومبر اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ ‘مس جنوبی افریقہ’ کے مقابلے کا اہتمام کرنے والے ادارے نے اسرائیل میں ہونے والے ‘مس یونیورس’ کے مقابلے میں شرکت کا جو فیصلہ کیا ہے، اس سے حکومت کا کچھ بھی لینا دینا نہیں ہے۔ یہ مقابلہ آئندہ ماہ یعنی دسمبر کی 12 تاریخ کو اسرائیل کے شہر ایلات میں ہونے والا ہے۔ جنوبی افریقہ میں بہت شدت کے ساتھ یہ مطالبہ ہو رہا تھا کہ اسرائیل میں انعقاد کی وجہ سے ‘مس جنوبی افریقہ’ کا بائیکاٹ کیا جانا چاہیے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]