بدھ : 17 نومبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان کا امریکا سے افغانستان کے منجمد اثاثوں تک رسائی کا مطالبہ[/pullquote]

افغانستان میں طالبان کی حکومت نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان مرکزی بینک کو امریکا میں اس کے منجمد اثاثوں تک جلد از جلد دوبارہ رسائی دے۔ قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے امریکی کانگریس کو لکھے گئے ایک کھلے خط میں کہا ہے کہ افغانستان کے اثاثے منجمد رکھنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے اور نہ ہی ایسا کرنا امریکی عوام کا مطالبہ ہے۔ متقی نے افغانستان کی موجودہ صورت حال کی روشنی میں خطے میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور ملک میں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر انتہائی منفی نتائج سے خبردار بھی کیا۔ اگست میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد امریکا نے افغانستان کو دی جانے والی امداد معطل کرنے کے فیصلے کے علاوہ افغان مرکزی بینک کے تمام اثاثے بھی منجمد کر دیے گئے تھے۔

[pullquote]لیبیا کے ساحلوں کے قریب تارکین وطن سے بھری کشتی سے دس لاشیں برآمد[/pullquote]

کھلے سمندروں میں مہاجرین کی مدد کرنے والے کارکنوں نے کہا ہے کہ لیبیا کے ساحلوں کے قریب یورپ کی طرف سفر کرنے والے ننانوے افراد کو بچا لیا گیا۔ یہ تارکین وطن ایک ایسی کشتی کے مسافر تھے، جس میں گنجائش سے بہت زیادہ مہاجرین سوار تھے۔ ساتھ ہی اس کشتی سے دوران سفر انتقال کر جانے والے دس تارکین وطن کی لاشیں بھی ملیں۔ طبی امدادی تنظیم ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے بتایا کہ اس کے کارکنوں نے ان تارکین وطن کو بچا کر اپنے امدادی بحری جہاز ’جیو بیرینٹس‘ میں سوار کرا لیا۔ اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر یورپ پہنچنے کے خواب لیے ہر سال ہزارہا تارکین وطن شمالی افریقہ سے یورپ تک کا سمندری سفر کرتے ہیں۔

[pullquote]آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین شدید سرحدی جھڑپوں کے بعد جنگ بندی[/pullquote]

آرمینیا اور آذربائیجان کی سرحد پر شدید مسلح جھڑپوں کے بعد آرمینیائی حکومت نے بدھ کے روز جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کر دی۔ ایک اعلان میں کہا گیا کہ آذربائیجان کے ساتھ خونریز جھڑپوں کے بعد ماسکو کی مدد سے اب ایک فائر بندی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ ان دونوں ممالک کے مابین ہونے والی حالیہ جھڑپوں کو گزشتہ سال کی چوالیس روزہ جنگ کے بعد سے اب تک کی بد ترین لڑائی قرار دیا گیا ہے۔ اس لڑائی میں دونوں ممالک کی فوجوں نے ایک دوسرے پر توپ خانے کے استعمال کے الزامات لگائے۔ ان جھڑپوں میں ہلاک شدگان کی تعداد کے بارے میں متضاد اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ آرمینیائی ذرائع کے مطابق اس لڑائی میں آرمینیا کے پندرہ فوجی مارے گئے۔

[pullquote]نئی دہلی میں اسموگ الرٹ: اسکول اور کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ بند[/pullquote]

کل منگل کے دن سے اب تک بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اسموگ کے سیاہ بادلوں سے ڈھکا ہوا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی بہت بری صورت حال کے باعث تمام اسکول آئندہ احکامات تک بند کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ عام کارکنوں کو گھروں سے ہی کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہر میں غیر ضروری سامان لانے والے ٹرکوں کا داخلہ بھی بند ہے۔ نئی دہلی کے ارد گرد تین سو کلومیٹر کے دائرے میں قائم گیارہ تھرمل پاور اسٹیشنوں میں سے چھ کو عارضی طور پر اپنا کام بند کر دینے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔

[pullquote]لیبیا میں جنگی سردار خلیفہ حفتر کا صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان[/pullquote]

لیبیا کے سابق عسکری کمانڈر خلیفہ حفتر نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھی آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں بطور امیدوار حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ خلیفہ حفتر کو ایک تقسیم پیدا کرنے والی شخصیت سمجھا جاتا ہے اور وہ جنگی جرائم کے الزامات میں مطلوب بھی ہیں۔ حفتر نے ملک میں امن بحال کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ صدارتی الیکشن میں ان کا مقابلہ معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام سے ہو سکتا ہے۔ لیبیا میں چوبیس دسمبر کے صدارتی انتخابات کو ایک دہائی سے جاری خانہ جنگی اور سیاسی انتشار کے خاتمے کی آخری کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ خلیفہ حفتر حال ہی میں اپنے فوجی عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے، جس کے بعد اندازہ تھا کہ وہ صدارتی انتخابی امیدوار بن سکتے ہیں۔

[pullquote]جرمن وزیر صحت کی طرف سے ہر کسی کے لیے بوسٹر ویکسین کی حمایت[/pullquote]

جرمن وزیر صحت ژینس اشپاہن نے تجویز دی ہے کہ ملک میں کووڈ انیس کے خلاف مکمل ویکسینیشن کرانے والے تمام بالغ افراد کو اس ویکسین کی دوسری خوراک کے چھ ماہ بعد بوسٹر ویکسین بھی لگائی جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقفہ تقریباﹰ چھ ماہ ہونا چاہیے تاہم اس میں کچھ کمی بیشی ہو سکتی ہے۔ جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کی چوتھی لہر کے دوران نئی انفیکشنز میں واضح اضافے کے بعد حکومت پر دباؤ قدرے زیادہ ہو چکا ہے۔ ویکسینیشن سے متعلق قائمہ کمیٹی کی تجاویز کے باوجود یہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ بوسٹر ویکسین لگانا دوسرے ٹیکے کے بعد چھ ماہ سے پہلے بھی ممکن ہونا چاہیے۔

[pullquote]امریکی حکومت کے ممکنہ طور پر ادائیگیوں کے قابل نہ رہنے پر تشویش[/pullquote]

امریکی وزیر خزانہ جینیٹ ییلن نے تنبیہ کی ہے کہ ممکن ہے امریکی حکومت پندرہ دسمبر سے اپنے ذمے مالی ادائیگیوں کے قابل نہ رہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے نام ایک خط میں ییلن نے مطالبہ کیا کہ مالیاتی خاص طور پر قرضوں کے حوالے سے ملکی ساکھ بچانے کے لیے ریاست کے ذمے قرضوں کی حد بڑھا دی جائے۔ امریکا میں اکتوبر میں بھی حکومت کے مالی ادائیگیوں کے قابل نہ رہنے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔ تب کانگریس نے زیادہ سے زیادہ ریاستی قرضوں کی حد میں چار سو اسی بلین ڈالر کا اضافہ کر کے یہ خطرہ عبوری طور پر ٹال دیا تھا۔

[pullquote]افغانستان میں افیون کی بڑھتی ہوئی پیداوار پر اقوام متحدہ کو تشویش[/pullquote]

اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان میں افیون کی پیداوار اور ہیروئن کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والے خام مال کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سال جولائی میں ختم ہونے والے پیداواری سیزن میں حاصل ہونے والی فصل کا حجم چھ ہزار آٹھ سو ٹن رہا، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں آٹھ فیصد زیادہ تھا۔ ویانا میں قائم اقوام متحدہ کے منشیات اور جرائم کے خلاف جنگ کے دفتر کی ایک رپورٹ کے مطابق افیون کی غیر قانونی عالمی منڈی میں ابھی تک سب سے بڑا حصہ افغانستان ہی کا ہے۔ اگست میں افغانستان میں دوبارہ اقتدار میں آنے والے طالبان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ منشیات کی تجارت سے مالی فائدے اٹھاتے ہیں۔

[pullquote]نکاراگوا کے صدر اور وزراء کے امریکا میں داخلے پر پابندی[/pullquote]

نکاراگوا کے صدر ڈینیئل اورٹیگا کے دوبارہ لیکن متنازعہ انتخاب کے بعد امریکا نے اورٹیگا اور ان کی کابینہ کے وزراء کے اپنے ہاں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ اس پابندی کا اطلاق صدر اورٹیگا کی اہلیہ روزیریو مُوریلو پر بھی ہو گا۔ مُوریلو اس وسطی امریکی ملک کی نائب صدر بھی ہیں۔ اورٹیگا کے ایما پر الیکشن سے قبل اپوزیشن کے قریب چالیس سیاست دانوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا، جن میں صدارتی الیکشن کے سات ممکنہ امیدوار بھی شامل تھے۔ نکاراگوا میں اس طرح الیکشن کرائے جانے پر بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

[pullquote]چین اور امریکا کا صحافیوں پر پابندیوں میں نرمی پر اتفاق رائے[/pullquote]

امریکی حکومت کے مطابق چین میں امریکی صحافیوں کے لیے حالات کار بہتر بنانے کے لیے دو طرفہ بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے۔ واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق بیجنگ حکومت نے امریکی صحافیوں کے ایک گروپ کو اس شرط پر ویزے جاری کرنے کا وعدہ کیا ہے کہ یہ رپورٹر تمام قواعد و ضوابط کی پابندی کریں گے۔ چین نے امریکی صحافیوں کے لیے ویزوں کی میعاد بڑھا کر ایک سال کر دینےکا عندیہ بھی دیا ہے۔ اس کے علاوہ چین میں پہلے سے موجود امریکی صحافیوں کو آزادانہ طور پر ملک میں داخل ہونے اور وہاں سے رخصتی کی اجازت دے دی جائے گی۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے