منگل : 07 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یونان اور قبرص کے ساتھ اسرائیل کا سربراہی اجلاس[/pullquote]

اسرائیل کا اپنے اتحادی ممالک یونان اور قبرص کے ساتھ سربراہی اجلاس یروشلم میں شروع ہو گیا ہے۔ اس کے آغاز پر اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے قبرص کے صدر نیکوس اناستاسیادس سے ملاقات کی ہے۔ اس کے بعد سہ فریقی اجلاس کا آغاز کر دیا جائے گا۔ بات چیت میں دیگر امور کے علاوہ ان ممالک کے باہمی حریف ترکی کے ساتھ تعلقات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ قبرص اور اسرائیل نے بحیرہ روم میں قدرتی گیس کے ذخائر دریافت کیے ہیں اور یہ یونان کے ساتھ مل کر وسطی یورپ تک پائپ لائن کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ترکی ان ذخائر پر اپنا حق جتاتا ہے۔ انقرہ حکومت کے ساتھ ان ممالک کے تعلقات میں حالیہ کشیدگی کی یہ بھی ایک بنیادی وجہ ہے۔

[pullquote]چین پر پابندیاں، یورپی یونین نے ایک سال کی توسیع کر دی[/pullquote]

یورپی یونین نے مسلم ایغور اقلیت کو دبانے پر چین کے خلاف پابندیوں میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ اس کا اعلان برسلز میں رکن ممالک کی کونسل نے کیا۔ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ’’جہاں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوں گی، وہ ان کی مذمت کرنے‘‘ کے لیے پرعزم ہے۔ رواں برس موسم بہار میں چین کے خلاف عائد کردہ پابندیاں برسلز اور بیجنگ کے درمیان سفارتی تناؤ کا باعث بنی تھیں۔ یورپی یونین کے مطابق پابندیوں سے متاثرہ چینی عہدیدار سنکیانگ صوبے میں ایغور مسلمانوں کی بڑے پیمانے پر نظربندی کے ذمہ دار ہیں۔ چین ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

[pullquote]بھارت کو ایک عظیم طاقت کے طور پر دیکھتے ہیں، روسی صدر[/pullquote]

بھارت اور روس نے فوجی اور تجارتی تعلقات کو تقویت دینے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ روسی صدر ولادیمیئر پوٹن نے نئی دہلی کے دورے کے موقع پر بھارت کو ’ایک عظیم طاقت‘ قرار دیا ہے۔ بھارت کے امریکا کے ساتھ قریبی تعلقات ہونے کے باوجود نئی دہلی حکومت نے ماسکو کے ساتھ کئی فوجی، توانائی اور تجارتی معاہدے طے کیے ہیں۔ دس سال پر مبنی دفاعی تکنیکی تعاون کا معاہدہ اور ایک سال کا تیل کا معاہدہ، ان دیگر معاہدوں میں شامل ہے، جن پر پوٹن نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کے دوران دستخط کیے۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی اور دفاعی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

[pullquote]ونٹر اولمپکس کا امریکی بائیکاٹ دو طرفہ تعاون کو نقصان پہنچائے گا، چین[/pullquote]

بیجنگ میں منعقد ہونے والے ونٹر اولمپکس 2022ء کے خلاف امریکا کے سفارتی بائیکاٹ کی خبروں پر چین نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ بیجنگ نے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان اہم امور پر جاری دوطرفہ مذاکرات اور تعاون کو نقصان پہنچے گا۔ چین نے کھیلوں کو سیاست سے علیحدہ رکھنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ امریکی کانگریس کے چند ممبران اور انسانی حقوق کے سرگرم گروپوں کی جانب سے ایسے وقت میں بائیکاٹ کی حمایت کی جا رہی ہے، جب حال ہی میں امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی رہنما شی جن پنگ کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔ اس گفتگو کا مقصد دونوں ممالک کے مابین تناؤ کو کم کرنا تھا۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان اور میانمار کو شامل نہیں کیا گیا[/pullquote]

افغانستان اور میانمار کی نئی حکومتوں کو مستقبل قریب کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں نمائندے بھیجنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق طالبان کے نمائندوں یا سابق برما کی فوجی حکومت کو 193 ریاستوں کے گروپ میں شامل کرنا بین الاقوامی شناخت کی طرف ایک قدم ہو گا۔ ان دونوں ممالک کے اقوام متحدہ میں سابق سفیروں کو ہی اپنا کام جاری رکھنے کا کہا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی متعلقہ کمیٹی موسم خزاں 2022ء سے پہلے اس مسئلے پر دوبارہ بات چیت کرے گی۔

[pullquote]کووڈ وباء کے سبب ملیریا سے ہونے والی اموات میں اضافہ[/pullquote]

ملیریا کے خلاف جنگ کو کورونا وبا کی وجہ سے شدید دھچکا لگا ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق سن 2020 میں مچھروں سے پھیلنے والی اس بیماری سے تقریباً چھ لاکھ ستائیس ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ سن 2019 کے مقابلے میں یہ تعداد ستر ہزار زائد بنتی ہے۔ دو تہائی اضافی اموات وبائی امراض سے متعلق روک تھام، تشخیص اور علاج میں خرابیوں کی وجہ سے ہوئیں۔ افریقہ کے جنوبی ممالک ملیریا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق ملیریا کے تقریباً 95 فیصد کیسز افریقہ میں سامنے آئے۔

[pullquote]یمن: حوثیوں کی جانب سے میزائل فائر، سعودی عرب کا صنعاء پر حملہ[/pullquote]

سعودی عرب نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے یمن میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ سعودی نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس سے پہلے صنعا کے مضافات سے حوثی باغیوں کی جانب سے ایک بیلسٹک میزائل سعودی عرب کی جانب فائر کیا گیا، جسے راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا۔ ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی یمن کے زیادہ تر جنوبی علاقوں پر کنٹرول رکھتے ہیں اور انہوں نے سن دو ہزار چودہ میں دارالحکومت صنعاء پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس تنازعے میں ہزاروں افراد ہلاک اور کئی ملین بے گھر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]کورونا کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی کو شدید نقصان پہنچا، ورلڈ بینک[/pullquote]

کورونا وائرس کی وباء نے دنیا بھر میں بچوں کی تعلیم و تربیت کو توقع سے کہیں زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ عالمی بینک نے ایک نئی رپورٹ میں تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی بھی کئی ملین بچے اسکولوں میں جانے سے محروم ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایسے بچوں کا تناسب تقریباً 70 فیصد تک بڑھ سکتا ہے، جو دس سال کی عمر تک سادہ متن کو پڑھنے اور سمجھنے کے قابل نہیں ہوں گے۔ عالمی بینک کے مطابق بند اسکولوں سے متاثر ہونے والے بچے مجموعی طور پر اپنی زندگیوں میں سترہ ارب یورو کا نقصان اٹھا سکتے ہیں۔

[pullquote]روس کے ساتھ فوجی تناؤ، مغربی ممالک کا یوکرائن کی حمایت کا اعلان[/pullquote]

روس کے ساتھ بڑھتے ہوئے فوجی تناؤ کے پیش نظر امریکا، فرانس، برطانیہ، اٹلی اور جرمنی نے یوکرائن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ پانچ ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت کے درمیان ایک کانفرنس کال کے بعد کہا گیا ہے کہ یوکرائن کی ’’خودمختاری کا احترام‘‘ لازمی ہونا چاہیے۔ ان ممالک نے یہ اعلان امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کے درمیان ایک متوقع ویڈیو کانفرنس سے ایک روز پہلے کیا ہے۔ روس نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے کہ وہ یوکرائن پر حملے کی تیاری میں مصروف ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے