جمعرات : 23 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بیلجیم نے 2025 تک سات جوہری ری ایکٹر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا[/pullquote]

بیلجیم کی حکومت نے ملک کے سات ایٹمی بجلی گھر 2025ء تک بند کر دینے پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیوکلیئر پاور ٹیکنالوجی پر سرمایہ کاری جاری رہنا چاہیے۔ چھوٹے ایٹمی ری ایکٹرز پر تحقیق کے لیے 100 ملین یورو مختص کیے جائیں گے۔ بیلجیم کا سات جماعتی حکومتی اتحاد گزشتہ کئی ہفتوں سے اس معاملے پر بحث و مباحثہ کر رہا تھا۔ بیلجیم کی گرین پارٹی خاص طور پر چاہتی ہے کہ ملک میں جوہری توانائی سے بتدریج چھٹکارا پایا جائے۔ دوسری طرف دو لبرل جماعتیں دو بالکل نئے ری ایکٹرز کو چلانے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

[pullquote]میونخ میں کووڈ پابندیوں کے خلاف مظاہرہ[/pullquote]

جرمن شہر میونخ میں کووڈ پابندیوں کے خلاف ایک بڑا مظاہرہ کیا گیا، جس میں پانچ ہزار افراد نے حکومتی اقدامات کے خلاف احتجاج کیا۔ باویریا صوبے کے دارالحکومت کے ایک پولیس اہلکار کے مطابق اس احتجاجی ریلی میں مظاہرین کا رویہ انتہائی جارحانہ تھا۔ پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران مجرمانہ نوعیت کے چودہ واقعات ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ مظاہرین کی طرف سے حملوں کے بعد انہیں منشتر کرنے کی خاطر لاٹھی چارج کے علاوہ پیپر سپرے کا استعمال بھی کیا گیا۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ گیارہ مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

[pullquote]کابل میں ایک مشتبہ خودکش حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں ایک مشتبہ خودکش حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ کابل پولیس کے مطابق اس شخص کو کابل کے مرکزی پاسپورٹ دفتر کے باہر اس وقت ہلاک کیا گیا جب سینکڑوں طالبان سفری دستاویزات کے لیے وہاں قطاروں میں کھڑے تھے۔ اگست میں افغانستان پر قبضے کے بعد سے طالبان پر متعدد بار حملے ہو چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کی ذمہ داری داعش کی مقامی شاخ قبول کرتی رہی ہے۔

[pullquote]سلامتی کونسل میں افغانستان کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد پر اتفاق[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے مکمل اتفاق رائے کے ساتھ ایک قرارداد منظور کی گئی ہے۔ اس قرارداد میں افغانستان کو درپیش اقتصادی مشکلات میں کمی کے لیے اس کے منجمد اثاثوں کو جاری کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔ اسی طرح افغانستان کو درکار ساز وسامان اور ضروری خدمات کی فراہمی کے لیے بھی آسانی کی بات کی گئی ہے۔ اس قرارداد میں البتہ اگست میں افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے والے طالبان پر پابندیوں کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان میں 23 ملین افراد شدید بھوک کے خطرے سے دوچار ہیں۔

[pullquote]مراکش جرمنی کے ساتھ تعلقات کی بحالی پر تیار[/pullquote]

کئی ماہ تک سرد تعلقات کے بعد مراکش نے جرمنی کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کی تجویز دی ہے۔ رباط نے اس کی وجہ جرمنی میں حکومت کی تبدیلی کو قرار دیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک کا سفارتی عملہ جلد معمول کے مطابق کام شروع کر سکے گا۔ مراکش کی حکومت نے رواں برس مارچ میں رباط میں قائم جرمن سفارت کے ساتھ تمام تعلقات منقطع کر لیے تھے۔ اس کے بعد مئی میں جرمنی کی خارجہ پالیسی پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مراکش نے برلن میں تعینات اپنے سفیر کو بھی وطن واپس بلا لیا تھا۔ مغربی صحارا کی حیثیت کا معاملہ بھی تنازعے کی ایک وجہ ہے۔

[pullquote]ایف ڈی اے نے کورونا کے علاج کے لیے دوائی کے استعمال کی اجازت دے دی[/pullquote]

امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے فائزر کمپنی کی تیار کردہ ایک دوا کورونا کے مریضوں کو دینے کی ایمرجنسی اجازت دے دی ہے۔ پیکسلووِڈ نامی گولی طبیعت کی زیادہ خرابی سے بچنے کے لیے کورونا کے ایسے مریضوں کو دی جا سکتی ہے جن میں علامات شدید نہ ہوں۔ ایف ڈی اے کے مطابق یہ امریکا میں کووِڈ انیس کے خلاف پہلی ایسی دوا ہے جو ٹیبلٹ کی شکل میں ہے۔ یہ دوا مفت لیکن ڈاکٹر کے نسخے پر دی جائے گی۔ امریکی حکومت نے اس دوائی کے 10 ملین پیکٹس کا آرڈر دیا ہے جس کی قیمت 5.3 بلین ڈالرز بنتی ہے۔

[pullquote]روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی سالانہ پریس کانفرنس[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن آج اپنی روایتی سالانہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ کریملن کے مطابق گزشتہ برس کے برعکس اس سال روس اور غیر ممالک کے قریب 500 صحافی اس پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ 2020ء میں کورونا پابندیوں کے سبب محض چند مخصوص صحافیوں کو شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔ یوکرائن کے ساتھ جاری تنازعے کے پس منظر میں امید کی جا رہی ہے کہ پوٹن اس معاملے کے حل کے لیے روسی تجاویز بھی پیش کریں گے۔ ماسکو حکومت نے حال ہی میں اس حوالے سے نیٹو، امریکا اور اس کے اتحادیوں کو یہ تجاویز بھیجی ہیں۔

[pullquote]مشرقی یوکرائن میں جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا، او ایس سی ای[/pullquote]

یوکرائن کی فوج اور ملک کے مشرقی حصے میں روس نواز علیحدگی پسندوں کے درمیان سیز فائر پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس بات کا اعلان جنگ بندی کے لیے کوشش کرنے والی سلامتی اور تعاون کی یورپی تنظیم او ایس سی ای نے کیا ہے۔ یوکرائن اور روس گزشتہ برس جولائی میں طے پانے والے سابقہ جنگ بندی معاہدے کی حالیہ خلاف ورزیوں کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے ہیں۔ 22 جولائی 2020ء کو طے پانے والے سیزفائر کے بعد مشرقی یوکرائن میں ہلاکتوں کی تعداد میں کمی ہوئی تھی۔

[pullquote]جوہری معاہدے پر مذاکرات کے لیے ایران کے پاس وقت محدود ہے، امریکا[/pullquote]

امریکا نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ جوہری معاہدے کو بچانے کے لیے دوبارہ بات چیت کے لیے تہران کے پاس وقت بہت کم ہے اور چند ہفتوں کے اندر ہی اس کے سفارتی مواقع ختم ہو سکتے ہیں۔ یہ بات امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے گزشتہ روز اسرائیل پہنچنے پر کہی۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیفتالی بینیٹ کے ساتھ ملاقات سے قبل، سلیوان نے کہا کہ اس مسئلے پر امریکا اور اسرائیل کو ایک مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ امریکا کی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان کے مطابق اسرائیلی حکام سے بات چیت کے دوران سلیوان نے امریکا کے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔

[pullquote]امید ہے کہ امریکا تجارتی تعاون بڑھانے کی صورتحال پیدا کرے گا، چین[/pullquote]

چین نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا ایسا ماحول پیدا کر سکتا ہے جس میں دونوں ممالک کے تجارتی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ چینی وزارت برائے کامرس کی طرف سے یہ بات دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بتائی گئی۔ اس وزارت کے ترجمان گاؤ فینگ نے ایک آن لائن پریس کانفرنس کے درمیان بتایا کہ دونوں ممالک کی تجارتی ٹیمیں معمول کے رابطے بحال رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے