[pullquote]عید میلاد النبیﷺملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے[/pullquote]
پاکستان بھر میں آج جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، شہر شہر چراغاں، مسجدوں، گھروں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔
دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21 ، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
عیدمیلاد النبیﷺ پر ملک بھر میں محافل سماع کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے، ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں اور دیہات میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس برآمد ہوں گے، محافل درود و سلام منعقد ہوں گی اور پیغمبرِ امنﷺ کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا۔
صدر عارف علوی نے 12 ربیع الاول پر پیغام میں کہاکہ حضورﷺ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانے میں ہی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے، قوم اور ملک میں امن، خیر خواہی، دیانت اور ترقی چاہتے ہیں تو اسی مثالی معاشرے کی اعلی اقدار کو اپنانا ہوگا جس کی بنیاد نبی کریم ﷺنے رکھی تھی۔
وزیراعظم شہبازشریف نےکہاکہ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاںﷺ کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب مکرمﷺ کی کامل اتباع واطاعت نصیب فرمائے۔
دوسری جانب اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک بھر میں 12 ربیع الاول کےسلسلے میں مساجد، عمارتوں اور محلوں کو نہایت ہی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت کراچی میں 21 توپوں کی سلامی اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں سے دن کا آغاز کیا گیا جبکہ شہر کے 40 سے زائد علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جو جشن میلاد کے مرکزی جلوس کا حصہ بنیں گے۔
کراچی میں 12ربیع الاول کے جلوس کی گزرگاہ ایم اے جناح روڈ کو کنٹینر لگاکر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے، مرکزی جلوس کی گزرگاہ کی سیکورٹی کے انتظامات شروع کردیے گئے ہیں، ایم اے جناح روڈ پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں جبکہ ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والی سڑکوں اور گلیوں پر کنٹینر لگاکر ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔
12 ربیع الاول کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی کے علاوہ جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب عید میلاد النبیﷺ پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پنجاب میں جلوسوں کے روٹ پرموبائل فون سروس بند رہے گی، محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو مراسلہ بھجوادیا ہے۔
کوئٹہ میں صبح 8 سے رات 8 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی، محکمہ داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ 12ربیع الاول کے موقع پر سیکورٹی خدشات کے باعث موبائل فون سروس بند رہے گی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے موبائل فون سروس بند رہی اور آج بھی عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں سیکورٹی خدشات کے باعث مرکزی جلوس کے روٹ سمیت مختلف علاقوں میں موبائل سروس معطل رہے گی۔
[pullquote]صدر مملکت اور وزیراعظم کی 12 ربیع الاول پر قوم کو مبارکباد[/pullquote]
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 12 ربیع الاول کے حوالے سے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانے میں ہی ہماری کامیابی ہے
صدر مملکت عارف علوی نے قوم کو 12 ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے پیغام دیا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری انسانیت کے دکھوں کے مداوا کی نوید ہے، خاتم النبین نے انسانوں کو غلامی سے نجات دلائی۔
انہوں نے کہا کہ حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات زندگی کے ہر شعبے میں مشعل راہ ہیں، آپ کی سیرت پر عمل ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو 12 ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی تابعداری میں ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے رسول صلی علیہ وعلیہ وسلم کی کامل اتباع واطاعت نصیب فرمائے۔
وَأَحسَنُ مِنكَ لَم تَرَ قَطُّ عَيني
وَأَجمَلُ مِنكَ لَم تَلِدِ النِساءُخُلِقتَ مُبَرَّءً مِن كُلِّ عَيبٍ
كَأَنَّكَ قَد خُلِقتَ كَما تَشاءُآپ سب کو عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بہت بہت مبارک!
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 9, 2022
دوسری جانب ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ بھرپور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جا رہا ہے، مساجد، محلوں اور اہم سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ میلاد کی محافل کا اہتمام کیا گیا ہے۔
چاروں صوبوں میں 12 ربیع الاول کے حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کے راستوں پر اسنائپرز اور پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔