[pullquote]دوحہ میں بین الافغان مذاکرات شروع ہونے کو[/pullquote]
طالبان اور افغان حکومت کے درمیان امن مذاکرات بالآخر کل ہفتے کے روز سے دوحہ میں شرو ع ہونے جا رہے ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ یہ مذاکرات تقریباً دو عشروں سے جنگ زدہ افغانستان میں قیام امن کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہونگے۔ کئی ماہ کی تاخیر کے بعد مذاکرات کے آغاز کا اعلان کابل حکومت اور افغان طالبان کی جانب سے کیا گیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ تنازعے میں شامل دونوں فریقین کو جنگ کے خاتمے کا ’تاریخی موقع‘ ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ پومپیو بھی دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ بین الافغان مذاکرات کا آغاز رواں برس مارچ میں ہونا تھا تاہم قیدیوں کے تبادلےکے معاملے پر اختلاف رائے کے سبب مذاکرات تاخیر کا شکار ہوگئے تھے۔
[pullquote]اردن کی فوجی تنصیبات کے نزدیک دھماکے[/pullquote]
اردن کے دارالحکومت عمان سے کچھ ہی فاصلے پر واقع زرقا شہر کے پاس آج صبح سلسلہ وار دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔ حکام نے سرکاری میڈیا کو بتایا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دھماکے ایک فوجی عمارت میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوئے۔ اس فوجی عمارت میں مارٹر گولے سمیت دھماکہ خیز فوجی ساز و سامان رکھا ہوا تھا۔ مقامی شہریوں نے اس سے متعلق جو تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں اس میں دھماکے کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔ فوجی حکام کے مطابق ابھی تک کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ زرقا شہر دارالحکومت عمان سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
[pullquote]ٹرمپ اور بائیڈن کی انتخابی مہم کو سرکاری ہیکرز نے نشانہ بنایا، مائکروسافٹ[/pullquote]
امریکا میں صدارتی انتخابات سے عین دو ماہ قبل روسی، چینی اور ایرانی ہیکرز نے صدارتی امیدواروں کی انتخابی مہم کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کے مطابق رواں برس نومبر کے صدارتی انتخابات کو نشانہ بنانے کے بارے میں جن خدشات کا اظہار پہلے سے کیا جا رہا تھا، اس کے لیے کوششوں کو مزید تیز کردیا گیا ہے۔ مائیکرو سافٹ میں کسٹمر سکیورٹی شعبے کے نائب صدر ٹام برٹ نے بتایا کہ روس، چین اور ایران سے تعلق رکھنے والے سائیبر آپریشنز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ان کے حریف جو بائیڈن کی انتخابی مہم کو نشانہ بنایا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ انتخابی مہم پر اثر انداز ہونے کیبجائے شاید خفیہ معلومات جمع کرنے کی ایک کوشش ہوسکتی ہے۔
[pullquote]جرمنی اور فرانس موریا مہاجر کیمپ کے 400 بچوں کو ملک میں پناہ دینے پر رضامند[/pullquote]
یونان کےجزیرے لیسبوس پر قائم پناہ گزینوں کے موریا کیمپ میں آگ لگنے کے نتیجے میں برلن اور پیرس حکومت نے وہاں کے چار سو بچوں کو اپنے ملک میں پناہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ برلن میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے یورپی یونین کے رکن ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ بھی ’مشترکہ زمہ داری‘ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوعمر بچوں کو ملک میں پناہ دیں ۔ ہالینڈ کی جانب سے پہلے ہی آتشزدگی سے تباہ ہونے والے اس کیمپ کے ایک سو متاثرہ بچے اور فیملیز کو پناہ دینے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ یونان میں مہاجرین کے سب سے بڑے کیمپ موریا میں تین ہزار افراد کے رہنے کی گنجائش تھی جبکہ اس سے کئی گنا زیادہ مہاجرین کو وہاں رکھا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد ہزاروں مہاجرین دوبارہ بے گھر ہوگئے ہیں۔
[pullquote]برطانیہ اور جاپان کے مابین بریگزٹ کے بعد کا پہلا تجارتی معاہدہ[/pullquote]
برطانیہ نے جاپان کے ساتھ بعد از بریگزٹ پہلا تجارتی معاہدہ طے کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ برطانوی بین الاقوامی تجارت کے ادارے کے مطابق ٹوکیو اور لندن حکومت کے مابین آزاد تجارتی معاہدہ کی مالیت انیس اعشاریہ پانچ بلین امریکی ڈالر بنتی ہے۔ جاپانی وزیر خارجہ اور برطانوی سیکرٹری برائے تجارت نے آج جمعے کے روز ویڈیو کانفرنس کے دوران اقتصادی شراکت داری کے اس معاہدے پر اتفاق کیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت اکتیس دسمبر تک یورپی یونین اور جاپان کے موجودہ تجارتی معاہدے کے تحت جاری رہے گی۔
[pullquote]حلب میں اسرائیلی فضائی حملے، شامی میڈیا[/pullquote]
شامی شہر حلب کے شمالی علاقوں میں اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملوں کی اطلاعات ہیں۔ شام کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جمعے کی صبح حلب کے نواحی علاقوں پر میزائل داغے۔ تاہم ابھی تک ہلاکتوں کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ شامی سرکاری نیوز ایجنسی سانا نے اس کارروائی کے بارے میں بتایا ہے کہ اس سے پہلے کہ اسرائیلی طیارے اپنے ہدف کو نشانہ بناتے، شامی فضائیہ نے زیادہ تر میزائل گرا دیے۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران شام نے اپنی سرزمین پر کم از کم 9 اسرائیلی حملوں کا الزام لگایا ۔
[pullquote]امریکا میں جنگلاتی آگ بے قابو، پندرہ افراد ہلاک[/pullquote]
امریکا کے مغربی ساحلی جنگلات میں بھڑکنے والی آگ بے قابو ہوگئی ہے۔ امریکی ریاست کیلی فورنیا، اوریگون اور واشنگٹن کےجنگلات میں لگنے والی آگ کے سبب قریبی علاقوں سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم پندرہ افراد کی ہلاکت کی خبر ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ متعدد علاقوں کا بیرونی دنیا سے مکمل طور پر رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ گورنر کیٹ براؤن نے کہا کہ ریاست اوریگون کے پانچ شہر ’بڑے پیمانے پر تباہ ہو چکے ہیں۔‘ کیلی فورنیا میں 8000 مربع کلومیٹر رقبہ آگ کے شعلوں کی زد میں آچکا ہے۔
[pullquote]بھارت اور چین کا سرحد پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق[/pullquote]
بھارت اور چین نے سرحد پر تناؤ کم کرنے اور اپنی افواج کو موجودہ پوزیشن سے پیچھے ہٹانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ بھارتی اور چینی وزرائے خارجہ نے ماسکو میں ملاقات کے بعد گزشتہ روز ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ۔ اس بیان میں بتایا گیا کہ سرحدی علاقوں کی موجودہ صورتحال دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ہے۔ گزشتہ ہفتے سے دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے متنازعہ سرحدی علاقے، لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر فوجی جھڑپوں کے الزام عائد کیے تھے۔ بھارتی اور چینی وزرائے خارجہ نے دونوں اطراف کے سرحدی علاقوں میں تناؤ کم کرنے کے حوالے سے حتمی مدت کا تعین نہیں کیا ہے۔
[pullquote]ترکی کے خلاف پابندیوں کا خطرہ[/pullquote]
یورپی یونین نے ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یونان اور قبرص کے ساتھ گیس کے تنازعہ کو حل کرے ورنہ بصورت دیگر اسے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یورپی یونین کے سات رکن ممالک نے کہا ہے کہ چوبیس اور پچیس ستمبر کو آئندہ سربراہی اجلاس میں پابندیوں کی تجویزی فہرست پر تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے۔ بحیرہ روم کے ان سات ممالک کے سربراہان نے فرانسیسی جزیرے کورسیکا میں ملاقات کی تھی۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا کہ وہ انقرہ کے ساتھ بات چیت کو ترجیح دیتے ہیں۔ ترکی مشرقی بحیرہ روم میں تیل اور گیس کے ذخیرے کی تلاش میں سرگرم عمل ہے۔ یہ وہ علاقے ہیں جن پر یونان اور قبرص کا بھی دعوی ہے۔
[pullquote]کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات کی تعداد نو لاکھ سے تجاوز کر گئی[/pullquote]
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد نو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکی ادارے جان ہوپکنز یونیورسٹی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 9 لاکھ 9 ہزار 927 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس وبائی مرض سے 2 کروڑ 81 لاکھ 91 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں میں امریکا، بھارت اور برازیل شامل ہیں۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں اب تک امریکا میں ہوئی ہیں۔ امریکا میں کووڈ 19 کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جانے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 91 ہزار ہو چُکی ہے۔ ہلاکتوں کے اعتبار سے برازیل دوسرے نمبر پر جبکہ بھارت 76 ہزار ہلاکتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔کورونا وائرس کا پہلا کیس گزشتہ برس کے اواخر میں چین میں دریافت ہوا تھا۔
[pullquote]ٓنگ سان سوچی کا نام سخاروف انعام جیتنے والوں کی فہرست سے خارج[/pullquote]
یورپی پارلیمان نے میانمار کی خاتون رہنما آنگ سان سوچی کو سخاروف انعام جیتنے والوں کی فہرست سے خارج کر دیا ہے۔ یورپی پارلیمان کے مطابق یہ فیصلہ سوچی کی ’’میانمار میں روہنگیا مسلم اقلیت کے خلاف جاری جرائم کو قبول کرنے‘‘ کے رد عمل کے طور پر کیا گیا۔ سوچی کے لیے سخاروف انعام برائے انسانی حقوق کو باضابطہ طور پر منسوخ نہیں کیا گیا ہے۔ آنگ سان سوچی کو اس اعزاز سے سن 1990 کے دوران برما میں جمہوریت کے لیے پرامن جدوجہد کے نتیجے میں نوازا گیا تھا۔