پیر : 14 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سوڈان دہشت گردی کے کفیلوں کی فہرست میں شامل نہیں رہا، امریکی سفارتخانہ[/pullquote]

ٹرمپ انتظامیہ نے سوڈان کو دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے۔ سوڈانی دارالحکومت خرطوم میں امریکی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ سوڈان دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں مزید شامل نہیں ہے اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو جلد ہی باضابطہ طور پر ان احکامات پر دستخط کریں گے۔ اس امریکی فیصلے کے بعد افریقی ملک سوڈان اپنی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے بین الاقوامی قرضے حاصل کرسکے گا۔ سوڈان کو سن 1990 میں القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن اور دیگر مطلوب شدت پسندوں کی مہمان نوازی کرنے کے سلسلے میں اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

[pullquote]بھارتی کسانوں کا احتجاج، ایک روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے داخلی راستوں پر احتجاج کرتے ہزاروں کسانوں نے آج ایک روزہ بھوک ہڑتال کا آغاز کر دیا ہے۔ گزشتہ انیس روز سے ملک بھر سے آنے والے کسان بھارتی حکومت کے متنازعہ زرعی قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ حکومت اور کسانوں کے درمیان متعدد مذاکرات میں ناکامیوں کے بعد آج بروز پیر کسانوں کی مختلف تنظیموں کے 33 رہنما نو گھنٹے کی بھوک ہڑتال کرتے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں۔ کسان نئے قوانین کی منسوخی کا مطالبہ کر رہے ہیں تاہم حکومت ان میں تبدیلیوں کی حامی ہے۔ بھارت کی دیگر ریاستوں میں بھی کسانوں نے ضلعی انتظامیہ کے دفاتر کے سامنے دھرنا دے رکھا ہے۔

[pullquote]طالبان کے حملے میں 10 افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]

شمالی افغانستان میں طالبان نے کم از کم دس سکیورٹی فورسز کے اہلکار ہلاک کر دیے ہیں۔ افغان حکام کے مطابق یہ ہلاکتیں شمالی صوبے قندوز کے ضلع امام صاحب میں بروز پیر ہونے والے طالبان کے ایک حملے میں ہوئیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 8 پولیس افسران اور دو فوجی سپاہی شامل تھے تاہم زخمیوں کی حتمی تعداد ابھی نہیں بتائی گئی۔ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے لیے گزشتہ دو ماہ سے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات جاری ہیں لیکن پرتشدد واقعات کا سلسلہ بھی مسلسل جاری ہے۔

[pullquote]دنیا بھر میں تقریبا 400 صحافی زیر حراست ہیں، رپورٹر ود آؤٹ بارڈرز[/pullquote]

اپنی صحافتی ذمہ داریوں کی وجہ سے دنیا بھر میں 387 مرد و خواتین صحافی اس وقت قید میں ہیں۔ صحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹر ود آؤٹ بارڈرز کی سالانہ رپورٹ میں پیر کے روز یہ اعداد و شمار شائع کیے گئے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ 387 زیر حراست صحافیوں میں سے نصف صحافی چین، سعودی عرب، مصر، ویت نام اور شام میں موجود ہیں۔ سن 2020 میں 54 مرد و خواتین صحافیوں کو اغواہ کیا گیا اور 4 صحافی جبری گمشدگیوں کا شکار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال زیر حراست صحافیوں کی تعداد میں زیادہ کمی نہیں نظر آئی۔

[pullquote]سعودی عرب میں تیل کے ٹینکر میں دھماکہ[/pullquote]

سعودی عرب کے بندرگاہی شہر جدہ میں ایک تیل کے ٹینکر میں دھماکہ ہوا ہے۔ شپنگ کمپنی کے مطابق پیر کی صبح سنگاپور کمپنی کے آئل ٹینکر کو ’ایک بیرونی شہہ‘ لگنے سے یہ دھماکہ ہوا تھا۔ اس دھماکے سے بحری جہاز میں آگ بھڑک گئی۔ تاہم آگ پر فوری طور پر قابو پالیا گیا اور جہاز کے عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ گزشتہ ایک ماہ سے سعودی عرب میں تیل کی صنعت پر حملوں کے رجحان میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ ماہرین کے نزدیک ان واقعات کے تانے بانے سالوں سے جاری یمن کی جنگ سے جڑتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ، سخت لاک ڈاؤن[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ متعدی بیماریوں کے جرمن تحقیقی ادارے رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق اس ہفتے کے آغاز میں مزید 16362 کیسز رپورٹ کیے گئے جو کہ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں تقریباﹰ چار ہزار زیادہ کیسز ہیں۔ جرمنی میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 38 ہزار سے زائد ہے جب کہ اب تک 22 ہزار چار سو زائد افراد اس وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ جرمنی میں آئندہ بدھ کے دن سے دوبارہ سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔ اس لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے خورد و نوش کی تجارت کرنے والی سپر مارکیٹوں کے علاوہ ملک بھر میں تمام دکانیں اور تجارتی مراکز پھر سے بند رہیں گے۔

[pullquote]امریکا میں کورونا ویکسین کی تقسیم کا عمل شروع[/pullquote]

امریکا میں آج پیر کے روز سے ملک بھر میں لوگوں کو کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔ جرمن کمپنی بائیو این ٹیک ۔ فائزر کی تیار کردہ ویکسین کی پہلی کھیپ مشیگن میں ایک فیکٹری سے اتوار کے روز روانہ کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی امریکا بھر میں ویکسین کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ سب سے پہلے یہ ویکسین صحت کی دیکھ بھال میں مصروف کارکنوں کو اور نرسنگ ہومز میں بزرگ افراد کو لگائی جائے گی۔ امریکا کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 16.4 ملین سے تجاوز کرچکی ہے۔ کینیڈا اور برطانیہ کے بعد گیارہ دسمبر کو امریکا میں ادویات کے ریگولیٹری ادارے (ایف ڈی اے) نے بھی ویکسین کی تقسیم کی منظوری دی تھی۔

[pullquote]نگورنو کاراباخ میں جنگ بندی کے باوجود تازہ جھڑپیں، چار آذری فوجی ہلاک[/pullquote]

آذربائیجان اور آرمینیا نے متنازعہ علاقے نگورنو کاراباخ میں ایک دوسرے پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ آذر بائیجان کا کہنا ہے کہ 26 نومبر کو آرمینیا کے حمایت یافتہ علحیدگی پسندوں کے گروپ کی جانب سے کیے گئے حملے میں اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ ادھر آرمینیا نے کہا ہے کہ گزشتہ جمعے کو ہونے والی تازہ جھڑپوں میں اس کے چھ علحیدگی پسند جنگجو زخمی ہوئے ہیں۔ اس متنازعہ خطے میں فریقین کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بعد ہلاکتوں کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

[pullquote]ایران میں حکومت کے ناقد کی پھانسی کی م‍ذمت کرنے پر جرمن سفیر طلب[/pullquote]

ایران میں صحافی روح اللہ زم کو سزائے موت دینے کے فیصلے پر یورپی یونین کی مذمت کرنے کے نتیجے میں جرمن سفیر کو طلب کرلیا گیا۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ایرنی وزارت خارجہ میں فرانسیسی سفیر کو بھی اس سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔ یورپی یونین کے دیگر ارکان سمیت جرمنی اور فرانس نے روح اللہ کو سزائے موت دینے پر تہران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ایرانی حکومت کے ناقد روح اللہ فرانس میں پناہ لیے ہوئے تھے ان کو سن 2017 میں گرفتار کیا گیا اور ’ایرانی انقلاب کی مخلافت‘ کے الزام میں سزائے موت دی گئی۔

[pullquote]امریکا میں الیکٹورل کالج کی ووٹنگ[/pullquote]

امریکا میں الیکٹورل کالج کے 538 ارکان صدارتی انتخابات کے نتائج کی توثیق کے لیے آج بروز پیر چودہ دسمبر کو اپنا ووٹ ڈال رہے ہیں۔ تین نومبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن کے نتائج کی تصدیق کے بعد یہ الیکٹورل کالج کے ارکان اپنی اپنی ریاستوں میں ملاقات کر رہے ہیں۔ امریکی ریاستوں میں اکثریت حاصل کرنے والے صدارتی امیدوار کی باضابطہ طور پر الیکٹرز توثیق کرتے ہیں۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کو 306 الیکٹورل ووٹ جب کہ سبکدوش ہونے والے ری پبلیکن امیدوار ٹرمپ کو 232 الیکٹورل ووٹ ملے ہیں۔ چھ جنوری کو کانگریس میں الیکٹورل کالج کے گروپ کے ووٹوں کی گنتی کے حتمی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

[pullquote]امریکی محکمہ خزانہ پر ہیکرز کا حملہ، روس پر الزام[/pullquote]

امریکی وزارت خزانہ اور محکمہ کامرس سمیت کم از کم دو وفاقی محکموں کو ہیکروں نے زبردست سائبر حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ امریکی تفتیش کاروں نے اس سائبر حملے کا الزام روس پر عائد کیا ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق امریکی حکومت کے ان اداروں پر اس بڑے سائبر حملے میں روس کا ہاتھ ہے اور ہیکرز نے ایک آئی ٹی کمپنی سے بھیجے گئے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعہ ہیکنگ کی کوشش کی۔ بتایا گیا ہے کہ ہیکنگ کی اس کارروائی میں ہیکرز نے ’انتہائی جدید‘ آلات کا استعمال کیا ہے۔ امریکی حکام نے حال ہی میں تنبیہ کی تھی کہ روسی حکومت سے وابستہ سائبر ہیکرز حساس اعداد و شمار کو نشانہ بنانے کے لیے آسان اہداف سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

[pullquote]برطانوی مصنف جان لے کیری انتقال کر گئے[/pullquote]

جاسوسی سے متعلق سنسنی خیز کہانیوں کے لیے مشہور برطانوی مصنف جان لے کیری وفات پا گئے ہیں۔ کیری کے ایجنٹ کے مطابق وہ 89 سال کی عمر میں ہفتہ کی شب برطانوی شہر کارن وال میں انتقال کر گئے۔ بیسٹ سیلر مصنف جان کیری کا اصل نام ڈیوڈ کارن ویل تھا اور وہ خود خفیہ اداروں میں کام کرچکے تھے۔ جان لے کیری نے سن 1960 کی دہائی میں اپنے سنسنی خیز ناول The Spy Who Came in from the Cold سے عالمی شہرت حاصل کی تھی۔ اس ناول کی کتاب کی 20 ملین سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوئیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے