جمعرات : 29 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]تحفظ ماحول کا ملکی قانون جزوی طور پر آئین کے منافی، جرمن عدالت کا فیصلہ[/pullquote]

جرمنی کی اعلیٰ ترین عدالت نے آج جمعرات کے روز اپنے ایک فیصلے میں تحفظ ماحول سے متعلق ملکی قانون کو جزوی طور پر وفاقی آئین کے منافی قرار دے دیا۔ یہ فیصلہ ایک ایسی نوجوان خاتون کی طرف سے دائر کردہ مقدمے میں سنایا گیا، جس کا کہنا تھا کہ اونچی ہوتی ہوئی سطح سمندر کی وجہ سے اس کا خاندانی فارم بھی پانی میں ڈوب جائے گا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو اگلے برس کے آخر تک کا وقت دیتے ہوئے حکم دیا کہ وہ دو ہزار انیس میں نافذ کردہ تحفظ ماحول سے متعلق ملکی قانون کو مزید سخت بنائے۔ اس مقدمے کی سماعت وفاقی جرمن آئینی عدالت نے کی۔

[pullquote]بھارت میں کورونا وائرس کے باعث ایک دن میں ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید تین ہزار چھ سو پینتالیس مریض انتقال کر گئے۔ یہ اس وبا کی وجہ سے ایک دن میں ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ ہے۔ ملکی وزارت صحت کے آج جمعرات کی صبح تک کے اعداد و شمار کے مطابق نئی ہلاکتوں کے بعد ملک میں کووڈ انیس کے باعث مرنے والوں کی کُل تعداد اب دو لاکھ چار ہزار آٹھ سو بتیس ہو گئی ہے۔ اسی دوران کورونا انفیکشن کے تقریباﹰ تین لاکھ اسی ہزار نئے کیس بھی رجسٹر کیے گئے۔ یہ بھی ایک دن میں انفیکشنز کی نئی ریکارڈ تعداد ہے۔ بھارت میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد اب تقریباﹰ اٹھارہ اعشاریہ چار ملین ہو گئی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں نئی انفیکشنز کی تعداد میں کمی کے آثار، وزیر صحت[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی تعداد میں کمی کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔ وفاقی وزیر صحت ژینس اشپاہن نے جمعرات کے روز کہا کہ اس وائرس کے نئے متاثرین کی تعداد میں کمی کے اشارے واضح ہونے لگے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ فی الحال یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ملک میں اس وبا کی تیسری لہر کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ وزیر صحت نے صحافیوں کو بتایا کہ وبا کے پھیلاؤ میں کمی کی ایک وجہ تیز رفتار ویکسینیشن بھی ہے۔

[pullquote]دہشت گردی کا پروپیگنڈا، انٹرنیٹ پلیٹ فارمز اب فوری ردعمل کے پابند[/pullquote]

یورپی یونین کی پارلیمان نے ایک ایسے مسودہ قانون کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت انٹرنیٹ پلیٹ فارمز کو اپنی ویب سائٹس پر دہشت گردی سے متعلق پروپیگنڈا مواد فوری طور پر ہٹانا ہو گا۔ اس قانون کے مطابق آئندہ ایسے آن لائن مواد کی شناخت کے بعد ایک گھنٹے کے اندر اندر اسے ہٹانا لازمی ہو گا۔ یورپی پارلیمان کی طرف سے منظوری اس قانون کے نفاذ سے پہلے کا آخری مرحلہ تھا۔ اس کا اطلاق ان دستاویزات کی اشاعت پر ہو گا، جو یورپی یونین کے رکن ممالک میں آن لائن شائع کی جائیں گی۔

[pullquote]لفتھانزا کو سال رواں کی پہلی سہ ماہی میں ایک بلین یورو کا خسارہ[/pullquote]

یورپ کی سب سے بڑی فضائی کمپنیوں میں شمار ہونے والی جرمن ایئر لائن لفتھانزا کو سال رواں کی پہلی سہ ماہی میں ایک بلین یورو کا کاروباری خسارہ برداشت کرنا پڑا۔ اس نقصان کی وجہ کورونا وائرس کی عالمی وبا بنی۔ اس ادارے کی طرف سے آج فرینکفرٹ میں بتایا گیا کہ آئندہ برس کے بارے میں اب وہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ کم امیدی کا شکار ہے۔ گزشتہ برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران لفتھانزا کو دو اعشاریہ ایک بلین یورو خسارہ ہوا تھا۔

[pullquote]چین نے اپنے علیحدہ خلائی اسٹیشن کی تعمیر کے لیے پہلا قدم اٹھا لیا[/pullquote]

چین نے خلا میں اپنے ایک علیحدہ اسٹیشن کی تعمیر کے لیے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے اپنا اولین ماڈیول خلا کی طرف روانہ کر دیا ہے۔ اس مقصد کے تحت لانگ مارچ نامی سب سے بڑا چینی راکٹ ’تِیان ہے‘ ماڈیول کو لے کر آج جمعرات کو خلائی سفر پر روانہ ہو گیا۔ چین کی خواہش ہے کہ اس اسٹیشن کی تعمیر اگلے سال کے آخر تک مکمل ہو جائے۔ جو ماڈیول آج خلا میں بھیجا گیا، اس میں مستقبل کے اس مستقل چینی خلائی اسٹیشن کے عملے کے تین ارکان رہ سکیں گے۔ یہ مشن چین کے جنوبی جزیرے ہائینان پر قائم خلائی مرکز سے اپنے سفر پر روانہ ہوا۔ چینی حکومت کے منصوبوں کے مطابق اس خلائی اسٹیشن کو موجودہ آئی ایس ایس کی طرح بین الاقوامی سطح پر مل کر استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔

[pullquote]دنیا بھر میں گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار گزشتہ برسوں میں تیز تر[/pullquote]

گزشتہ بیس برسوں کے دوران دنیا بھر میں گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ یہ بات ایک نئے بین الاقوامی مطالعاتی جائزے کے نتیجے میں سامنے آئی۔ جائزے کے مطابق سن دو ہزار اور دو ہزار چار کے درمیان عالمی سطح پر گلیشیئرز کے پگھلنے سے ہر سال اوسطاﹰ دو سو ستائیس بلین ٹن برف ناپید ہو گئی۔ اس کے برعکس دو ہزار پندرہ سے دو ہزار انیس تک کے عرصے میں گلیشیئرز کے پگھلتے جانے کا سالانہ حجم اوسطاﹰ دو سو اٹھانوے بلین ٹن رہا۔ اس صورت حال نے کرہ ارض پر تقریباﹰ تمام دو لاکھ بیس ہزار گلیشیئرز کو متاثر کیا ہے۔ اس تحقیقی مطالعے کے ماہرین اس نتیجے پر بھی پہنچے کہ ان گلیشیئرز کا پگھلنا ہی عالمی سمندروں کی سطح میں اضافے میں سے بیس فیصد سے زائد کا سبب بنا۔

[pullquote]جرمن صوبے برانڈن برگ کے کلینک میں تشدد کے نتیجے میں چار افراد کی موت[/pullquote]

جرمن شہر پوٹسڈام کے ایک کلینک میں چار افراد کو ہلاک کر دیا گیا۔ وفاقی صوبے برانڈن برگ کے دارالحکومت پوٹسڈام میں پولیس اور ریاستی دفتر استغاثہ نے بتایا کہ شہر کے ایک کلینک میں ان چار افراد کی موت ابتدائی چھان بین کے مطابق تشدد کی وجہ سے ہوئی۔ ایک اور شخص شدید زخمی بھی ہو گیا۔ اس جرم کا مشتبہ مرتکب اسی کلینک کے عملے کا ایک اکیاون سالہ رکن بتایا گیا ہے، جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس جرم کی وجوہات تاحال غیر واضح ہیں۔ صوبائی پولیس نے اس واقعے کی تفتیش اپنے ماہرین کی ایک خصوصی ٹیم کے حوالے کر دی ہے۔

[pullquote]امریکا اب دوبارہ متحرک ہے، بائیڈن کا امریکی کانگریس سے خطاب[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے ملکی کانگریس کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں مستقبل کے بارے میں امید پسندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اب دوبارہ متحرک ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو بین الاقوامی سطح پر اپنے قائدانہ کردار کے دفاع کے لیے اب بنیادی ڈھانچے، اور تعلیم و تحقیق میں دوبارہ بہت زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر نے اپنے خطاب میں کورونا وائرس کی وبا کے خلاف امریکی کامیابیوں کا ذکر بھی کیا۔ سو روز قبل بائیڈن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک امریکی شہریوں کو کورونا ویکسین کے دو سو بیس ملین ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔

[pullquote]چین اور جرمنی کے مابین قریبی تعاون پر اتفاق رائے[/pullquote]

جرمنی اور چین آپس کے سیاسی اختلافات کے باوجود ترقیاتی امور، ماحولیاتی تحفظ اور صحت عامہ کے شعبوں میں باہمی تعاون مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پہلی بار ایک آن لائن ویڈیو کانفرنس کی صورت میں ہونے والی چینی جرمن حکومتی مشاورت کے چھٹے دور میں اس حوالے سے طے پانے والے اتفاق رائے پر دستخط کر دیے گئے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے مطالبہ کیا کہ چین انسانی حقوق کے معاملے میں مکالمت جلد از جلد بحال کرے۔ اس اجلاس میں چینی وزیر اعظم لی کیچیانگ نے بیجنگ کی طرف سے برلن کے ساتھ قریبی تعاون میں دلچسپی کا اظہار تو کیا لیکن ساتھ ہی دونوں ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نا کرنے کے اصول پر بھی زور دیا۔

[pullquote]کورونا وائرس کے خلاف بھارت کے لیے سو ملین ڈالر سے زائد کی امریکی امداد[/pullquote]

امریکا نے کورونا وائرس کی وبا سے دنیا کے دوسرے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت کے لیے فوری کورونا ٹیسٹ، حفاظتی ماسک اور دوسرے ساز و سامان کی صورت میں سو ملین ڈالر سے زائد کی امداد روانہ کر دی ہے۔ اس امدادی سامان کو لے کر جانے والی پہلی پرواز کے ذریعے فوری نتائج دکھانے والی تقریباﹰ ایک ملین کورونا ٹیسٹنگ کِٹس بھی بھیجی گئی ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ذرائع نے بتایا کہ ایک امریکی فوجی طیارے کے ذریعے بھیجی جانے والی یہ امداد آج جمعرات کو بھارت پہنچ رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے