جمعرات : 06 مئی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا نے کورونا ویکسین کا پیٹنٹ ختم کرنے کی حمایت کر دی[/pullquote]

امریکا کے ایک اعلی ترین عہدیدار کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کورونا وائرس ویکسین کے پیٹنٹ حقوق کے خاتمے کی تجویز کی حمایت کرے گا۔ ایک سو سے زائد ممالک نے ویکسین کے پیٹنٹ کو عارضی طورپر معطل کرنے پر زوردیا ہے۔ صد ر بائیڈن کی انتظامیہ نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ وہ دنیا بھر کے لیے ان ویکسینز کے پیٹنٹ حقوق یا حقوق املاک دانش کے خاتمے کی حمایت کرتی ہے جس سے غریب ممالک میں امید پیدا ہوئی ہے اور جو اب تک ان ویکسینز تک رسائی کے منتظر ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم گیبریسیس نے اس امریکی فیصلے کو ’تاریخی‘ اور ’کووڈ انیس کی وبا کے خلاف فیصلہ کن لمحہ‘ قرار دیا ہے۔ تاہم جینیوا کی بین الااقوامی فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز فیڈریشن اور ایسوسی ایشن لابی نے امریکی فیصلے کو ‘مایوس کن’ قرار دیا ہے۔ فیڈریشن کے مطابق ’پیٹنٹ ختم کرنا ایک پیچیدہ مشکل کا آسان لیکن غلط حل ہے۔‘

[pullquote]کورونا وائرس: بھارت میں چوبیس گھنٹوں کے دوران تقریباﹰ چار ہزار اموات[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوویڈ انیس مرض میں مبتلا مزید تین ہزار نو سو اسی افراد کی ہلاکتیں ہوگئی ہیں۔ اسی دوران ملک بھر میں کورونا کے چار لاکھ بارہ ہزار دو سو باسٹھ نئے کیسز کی ریکارڈ تعداد نوٹ کی گئی۔ بھارتی نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق بھارت میں پیدا ہونے والی کورونا وائرس کی تبدیل شدہ قسم B.1.617 بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ وائرس کی یہ نئی بھارتی قسم دنیا کے ایک درجن ممالک تک پہنچ چکی ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک دو لاکھ تیس ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس: بھارت کے ہمسایہ ممالک نے اپنی سرحدیں بند کردیں[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے کیسز کے سبب ہمسایہ ملک سری لنکا نے اپنی سرحد بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش اور نیپال بھی بھارت سے پروازوں کی آمد ورفت منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی زمینی سرحدیں بلاک کرچکے ہیں۔ جنوبی ایشیائی خطے میں ان تینوں ممالک کو کورونا وائرس کے شدید بحران کا سامنا ہے۔ بین الاقوامی امدادی تنظیم ریڈ کراس نے جنوبی ایشیا میں ’انسانی المیے کو روکنے کے لیے فوری طور پر بین الاقوامی اقدامات‘ کا مطالبہ کیا ہے۔

[pullquote]ایران میں سوئس سفارتکارہ کی موت[/pullquote]

ایرانی دارالحکومت تہران میں ایک خاتون سوئس اہلکار کی موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق سوئس خاتون سفارتکار کی موت تین مئی پیر کی شام ایک اٹھارہ منزلہ عمارت سے گرنے سے ہوئی ہے تاہم اس واقع کی مزید تفتیش جاری ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ اس تلخ واقعہ کا دل کی گہرائی سے افسوس ہے اور اس معاملے میں سوئس سفارتخانے سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والی سوئس خاتون کی لاش فارنزک ڈیپارٹمنٹ کی تحویل میں ہے، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اسے سوئس ایمبیسی کے حوالے کردیا جائے گا۔ سوئس وزارت خارجہ نے بھی اس واقع کی تصدیق کردی لیکن زیادہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔ اطلاعات کے مطابق ایران میں یہ سوئس سفارتکارہ امریکی مفادات کے ڈیپارٹمنٹ کی نمائندگی کرتی تھی۔

[pullquote]وبائی امراض سے آگہی کا عالمی مرکز جرمنی میں قائم کیا جائے گا، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ ابھرتے ہوئے وبائی امراض کے خطرات کا قبل ازوقت پتہ لگانے کے لیے جرمنی میں ایک نیا مرکز قائم کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق وبائی امراض سے متعلق ڈبلیو ایچ او کا یہ مرکز ’ہب فار پینڈمک اینڈ ایپیڈمک انٹیلیجنس‘ اس برس ماہ ستمبر سے برلن میں اپنا کام شروع کر دے گا۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ مرکز دنیا بھر میں وبائی خطرات کی پیش گوئی، ان کی روک تھام، اس کے لیے تیاری، تلاش اور اس کے سد باب کے لیے تیزی سے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کا کام کرے گا۔ یہ ادارہ عالمی سطح پر دیگر ممالک اور سائنسی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دے گا۔ اس کے علاوہ موجودہ نظام کے مقابلے میں وبائی امراض کے اشاروں اور علامتوں کا بہت پہلے پتہ لگا سکے گا۔

[pullquote]اسرائیل: حزب اختلاف کے رہنما یائر لاپیڈ کو حکومت سازی کی پیشکش[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے مخلوط حکومت کے قیام میں ناکامی کے بعد اسرائیلی صدر نے اپوزیشن رہنما یائر لاپیڈ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دے دی ہے۔ صدر ریولین کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ پارلیمان کی تمام سیاسی جماعتوں سے صلاح و مشورہ کے بعد کیا ہے اور یائر لاپیڈ کے پاس نئی حکومت بنانے کا ایک بہترین موقع ہے۔ حزب اختلاف کی جماعت ایتید پارٹی کے قائد لاپیڈ کو آئندہ چار ہفتوں میں نئی حکومت قائم کرنا ہوگی۔ اسرائیلی صدر نے یہ فیصلہ وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی حکومت بنانے کی کوشش نا کام ہونے کے بعد کیا ہے۔ انہیں اس کے لیے 28 روز کی مہلت دی گئی تھی تاہم یہ معیاد ختم ہو گئی اور وہ ایک مخلوط حکومت کے قیام میں نا کام رہے تھے۔

[pullquote]کینیڈا میں بچوں کو کوویڈ انیس ویکسین لگانے کی منظوری دے دی گئی[/pullquote]

کینیڈا نے ملک میں بارہ برس سے زیادہ عمر کے بچوں کو کوویڈ ویکسین لگانے کی منظوری دے دی ہے۔ اوٹاوا میں وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ امریکا میں تقریبا دو ہزار بچوں اور نوعمر افراد کے کلینیکل مطالعے سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار سے ثابت ہوا ہے کہ یہ ویکسین بچوں کے لیے اتنی ہی محفوظ ہے جتنی کہ بالغان کے لیے۔ کینیڈا دنیا کا ایسا پہلا ملک ہے جہاں بچوں کو امریکی دواساز کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کی تیارکردہ کورونا ویکسین کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ ابھی تک یہ ویکسین سولا برس کی عمر سے زائد افراد کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔ ادھر یورپی میڈیسن ایجنسی اور امریکی ماہرین بھی اس ویکسین کو بارہ سے پندرہ برس کے بچوں کے لیے منظوری دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ .

[pullquote]ٹرمپ کے فیس بک اکاؤنٹ پر پابندی برقرار رہے گی، فیس بک[/pullquote]

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا فیس بک اور انسٹاگرا م اکاؤنٹ کم از کم مزید چھ ماہ کے لیے معطل رہے گا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے غیر جانبدار نگران بورڈ نے پانچ مئی بدھ کے روز اعلان کیا کہ کمپنی ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ پر پابندی برقرار رکھے گی۔ تاہم اس فیصلے پر چھ ماہ بعد نظر ثانی کی جائے گی۔ دوسری جانب ٹرمپ نے فیس بک کے اس فیصلے کو’ذلت آمیز‘ قرار دیا ہے۔ ٹرمپ حامیوں کی طرف سے امریکی کیپیٹل ہل پر چھ جنوری کو قبضے کے نتیجے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے ان پر فیس بک اور انسٹا گرام پر کچھ بھی پوسٹ کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

[pullquote]اسٹارشپ کی لانچنگ اور لینڈنگ آخرکار کامیاب[/pullquote]

چار مرتبہ ناکام کوششوں کے بعد امریکی ارب پتی ایلون مسک کی ایرواسپیس کمپنی اسپیس ایکس کے راکٹ ’اسٹار شپ‘ کی تجرباتی لینڈنگ اور لانچنگ آخرکار کامیاب ہوگئی۔ لینڈنگ کے کچھ دیر بعد ایس این 15 نامی اس راکٹ کے نچلے حصے میں آگ کے شعلے بھی دیکھے گئے، جنہیں دیکھ کر اسپیس ایکس کے مبصرین نے کہا کہ یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ اس راکٹ کی ٹیسٹ فلائٹ امریکی ریاست ٹیکسس کے صحرائی علاقے میں کی گئی۔ مسک امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں یہ راکٹ انسانوں اور کارگو کو مریخ تک پہنچاسکے گا۔ امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا کی طرف سے آئندہ چند سالوں میں خلابازوں کو چاند کی سطح تک منتقل کرنے کے لیے اسپیس ایکس کے اسٹار شپ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

[pullquote]جرمنی اور ترکی کے وزراء خارجہ کی برلن میں متوقع ملاقات[/pullquote]

ترکی کے وزیر خارجہ مولود اوغلو اور جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس آج جرمن دارالحکومت برلن میں ملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات کو ترکی اور یورپی یونین کے درمیان تناؤ کے تناظر میں ایک نئے آغاز کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ برلن حکومت کے مطابق یہ ملاقات ’باہمی اور بین الاقوامی معاملات‘ پر مبنی ہوگی جبکہ انقرہ کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں یورپی یونین کے ساتھ تعلقات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ دونوں وزراء خارجہ یونان اور ترکی کے درمیان متنازع پانیوں پر مذاکرات کے دوبارہ آغاز سے قبل جنوری میں انقرہ میں ملے تھے۔

[pullquote]ہانگ کانگ: جمہوریت نواز جوشوا وونگ کو مزید دس ماہ قید کی سزا[/pullquote]

ہانگ کانگ میں زیر حراست اہم جمہوریت نواز رہنما جوشوا وونگ کو مزید دس ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ چوبیس سالہ وونگ کو چین میں سن انیس سو نواسی کی جمہوری تحریک کے خلاف کریک ڈاؤن کی برسی کے موقع پر بغیر اجازت منعقد کیے گئے ایک مظاہرے میں شرکت کرنے کے لیے مجرم قرار دیا گیا ہے۔ گزشتہ برس کورونا وائرس کی وبا کے سبب اس اجتماع پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے باجود تقریباﹰ بیس ہزار افراد جمہوری کارکنوں کے ساتھ اظہار عقیدت کے لیے جمع ہوگئے تھے۔ جوشوا وونگ نے 2014ء میں ‘امبریلا موومنٹ‘ کے دوران بطور طالب علم رہنما شہرت حاصل کی تھی۔ چین کی طرف سے ہانگ کانگ میں نیشنل سکیورٹی قانون نافذ کیے جانے کے بعد سے ہانگ کانگ میں متعدد جمہوریت نواز رہنماؤں کے خلاف مقدمات قائم کیے جا چکے ہیں اور جوشوا بھی انہی میں سے ایک ہیں۔.

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے