[pullquote]آسیان کے وفد کی میانمار کے فوجی سربراہ سے ملاقات[/pullquote]
آسیان رکن ممالک کے ایک وفد نے میانمار کے فوجی سربراہ سے ملاقات کی ہے۔ سرکاری میڈیا نے جنرل من آنگ ہلینگ اور آسیان وفد کے سربراہ ایروان یوسف کی تصویر شائع کی لیکن اس ملاقات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ ملاقات کا مقصد اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں سویلین حکومت کی بحالی پر گفتگو تھا۔ دوسری طرف میانمار کی نیشنل یونٹی حکومت نے کہا ہے کہ یہ وفد فوجی جنتا کے ساتھ معزول شدہ قانون سازوں سے بھی ملا۔ میانمار میں یکم فروری کو فوجی بغاوت کے بعد سے یہ ملک سیاسی بحران کا شکار ہے۔
[pullquote]برکینا فاسو میں پرتشدد کارروائی، چودہ افراد ہلاک[/pullquote]
بُرکینا فاسو کے دیہات میں ایک حملے کے نتیجے میں چودہ افراد مارے گئے ہیں۔ سکیورٹی اور مقامی ذرائع نے آج ہفتے کے روز خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے کارروائی کرتے ہوئے تیرہ شہریوں کو ہلاک کر دیا۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران ایک حملہ آور بھی ہلاک ہوا۔ مقامی ذرائع نے بھی ان ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔
[pullquote]کینیڈا میں مقامی بچوں کی باقیات، اقوام متحدہ کا جامع تحقیقات کا مطالبہ[/pullquote]
اقوام متحدہ نے کینیڈین حکومت اور کیتھولک چرچ پر زور دیا ہے کہ وہ ایک سابق سکول سے ملنے والی مقامی باشندوں کے بچوں کی باقیات کی مکمل اور جامع تحقیقات کرے۔ گزشتہ ماہ برٹش کولمبیا کے ایک سابق اسکول کے احاطے میں واقع ایک اجتماعی قبر سے تقریبا دو سو پندرہ بچوں کی باقیات دریافت ہوئی تھیں۔ یہ اسکول سن اٹھارہ سو نوے تا انیس سو اٹھہتر فعال رہا تھا۔ شروع میں اس اسکول کا انتظام کیتھولک چرچ کے پاس تھا جبکہ بعد ازاں اسے کینیڈین حکومت کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے حقائق جاننے کے لیے ٹھوس اقدامات لینے کا عہد کیا ہے۔
[pullquote]کورونا سے نمٹنے کی خاطر بھارتی دارالحکومت میں خصوصی اقدامات[/pullquote]
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا کے نئے کیسوں کی وجہ سے حفاظتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ویب نیوز کانفرنس میں بتایا کہ وفاقی علاقے میں چار سو بیس ٹن آکسیجن کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ کورونا کی تبدیل شدہ اقسام کے بارے میں جانچ پڑتال کی خاطر خصوصی لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی۔ بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اس جنوب ایشیائی ملک میں حالیہ ہفتوں کے دوران اگرچہ نئے کورونا کیسوں کی شرح میں کمی نوٹ کی جا رہی ہے لیکن پھر بھی روزانہ ہی نئے کیسوں کی تعداد لگ بھگ ایک لاکھ سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
[pullquote]افغان طالبان کے حملے جاری، ایک اور ضلع حکومتی فورسز کے ہاتھوں سے نکل گیا[/pullquote]
افغان طالبان نے مشرقی صوبے نورستان کے ایک اور ضلع پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ صوبائی کونسلر سید اللہ نورستانی نے بتایا ہے کہ بیس دن کی مزاحمت کے بعد سکیورٹی دستوں نے دوآب ضلع سے دانستہ طور پر پسپائی اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے اس ضلع کا محاصرہ کر رکھا تھا جبکہ تمام تر سپلائی بلاک کر دی گئی تھی۔ ادھر اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ غیر ملکی افواج کے انخلا سے قبل طالبان اپنی عسکری پوزیشن زیادہ مستحکم بنانے کی کوشش میں ہیں۔ افغانستان سے غیر ملکی افواج گیارہ ستمبر تک نکل جائیں گی۔
[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ کا فیس بک اکاؤںٹ دو برس کے لیے معطل رہے گا[/pullquote]
فیس بک نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو دو برس کے لیے معطل رکھنے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ یوں ستمبر سن دو ہزار تئیس تک ٹرمپ اپنا فیس بک اکاؤںٹ استعمال نہیں کر سکیں گے۔ چھ جنوری کو کیپیٹل ہل پر حملے کے ایک دن بعد سماجی رابطوں کی اس مقبول ویب سائٹ نے ٹرمپ کا اکاؤنٹ بند کر دیا تھا۔ ٹرمپ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اس تشدد کو ہوا دی تھی۔ ساتھ ہی فیس بک نے کہا ہے کہ قوانین میں تبدیلیاں کر لی گئی ہیں، تاکہ اس کمپنی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے عالمی رہنماؤں کے خلاف کارروائی مؤثر انداز میں کی جا سکے۔
[pullquote]یمن کی مخدوش صورتحال کی ذمہ داری حوثی باغیوں پر عائد ہوتی ہے، امریکا[/pullquote]
امریکا نے کہا ہے کہ یمن میں خانہ جنگی نہ تھمنے کی ذمہ داری ایران نواز حوثی باغیوں پر عائد ہوتی ہے۔ واشنگٹن حکومت کے مطابق سیز فائر کی ناکامی کی وجہ حوثیوں کی طرف سے مناسب اقدامات نہ کرنا ہے، جس کی وجہ سے تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ یہ باغی سات سالہ اس تنازعے کو ختم کرنے اور قیام امن کی خاطر معنی خیز مذاکرات کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے اقتدار سنبھالنے کے بعد یمن میں قیام امن کو اپنی اہم ترجیحات میں شامل کیا تھا۔ سعودی عسکری اتحاد ان یمنی باغیوں کے خلاف مسلسل کارروائیوں میں مصروف ہے تاہم مطلوبہ نتائج ابھی تک حاصل نہیں ہو سکے ہیں۔
[pullquote]یورپی یونین نے بیلاروس کے ہوائی جہازوں پر پابندی عائد کر دی[/pullquote]
بيلاروس کی قومی فضائی کمپنی کو يورپی یونین کی فضائی حدود استعمال کرنے اور تمام رکن ملکوں کے ہوائی اڈوں پر اترنے اور وہاں سے پرواز کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ حال ہی ميں ايک بين الاقوامی مسافر پرواز کو بيلاروس ميں زبردستی لینڈ کروا کے ايک حکومتی ناقد کو گرفتار کر ليا گيا تھا۔ اس واقعے کی يورپی یونین نے شدید مذمت کی تھی۔ یہ پابندی اسی تناظر میں عائد کی گئی ہے۔ دوسری طرف یورپی ایئر لائنز کو بھی اس سابق سوویت نو آبادی کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم کچھ ہوائی کمپنیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ یورپی یونین ہوائی سفر کو ’سیاسی مقاصد‘ کے لیے استعمال کرنے کی کوشش میں ہے۔
[pullquote]چین میں کوئلے کی کان میں حادثہ[/pullquote]
وسطی چین میں کوئلے کی کان میں ایک حادثے کے نتیجے میں ایک کان کن ہلاک جبکہ دیگر سات لاپتا ہو گئے ہیں۔ سرکاری میڈیا نے ہفتے کے دن بتایا ہے کہ ہنان صوبے میں واقع ایک کان میں اس حادثے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں ہیں۔ چینی حکومت کوئلے کی کانوں میں حفاظتی انتظامات کی جانچ پڑتال کرتی رہتی ہے لیکن ملک میں کوئلے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے کان مالکان بعض اوقات حفاظتی اقدامات پر سمجھوتہ کر لیتے ہیں۔
[pullquote]سری لنکا میں سیلاب، تین افراد مارے گئے[/pullquote]
سری لنکا میں سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودوں کی زد میں آ کر کم از کم تین افراد ہلاک جبکہ دو لاپتا ہو گئے ہیں۔ حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ اس شدید موسم کی وجہ سے پانچ اضلاع میں پانچ ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ مجموعی طور پر کم ازکم پانچ سو مکانات متاثر ہوئے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو عارضی شیلٹر ہاؤسز میں منتقل کیا جا چکا ہے۔
[pullquote]بھارت، یومیہ ایک لاکھ سے زائد نئے کیس[/pullquote]
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اس جنوب ایشیائی ملک میں حالیہ ہفتوں کے دوران اگرچہ نئے کورونا کیسوں کی شرح میں کمی نوٹ کی جا رہی ہے لیکن پھر بھی روزانہ ہی نئے کیسوں کی تعداد لگ بھگ ایک لاکھ سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ ایک اعشاریہ چار بلین آبادی کے حامل اس ملک میں ابھی تک صرف دو سو بیس ملین افراد کو ہی ویکسین لگائی جا سکی ہے۔ بھارت میں اس عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مصدقہ تعداد 28.69 ملین بنتی ہے۔
[pullquote]طالبان کے حملوں میں کمی نہیں آئی، اقوام متحدہ[/pullquote]
افغان حکومت کے ساتھ امن مذاکراتی عمل کی خاطر طالبان کی طرف سے تشدد میں کمی نہیں کی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق البتہ یہ جنگجو اپنی عسکری پوزیشن زیادہ مستحکم بنانے کی کوشش میں ہیں۔ بائیس صفحات کی اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے مکمل انخلا سے قبل طالبان کی طرف سے تشدد میں اضافہ ہوا ہے اور اندیشہ ہے کہ یہ جنگجو ملک میں اپنی گرفت کو مضبوط بنانے کی خاطر مستقبل میں مزید حملے کریں گے۔ افغانستان سے غیر ملکی افواج گیارہ ستمبر تک نکل جائیں گی۔