منگل : 29 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیلی وزیر خارجہ امارات میں اسرائیلی سفارتخانے کے افتتاح کے لیے ابوظہبی پہنچ گئے[/pullquote]

اسرائیل کے نئے وزیرخارجہ یائیر لیپیڈ متحدہ عرب امارات کے اولین سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچے ہیں۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق لیپیڈ اس دوران اپنے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اور دیگر سینئر حکام سے ملاقات کے علاوہ ابوظہبی میں اسرائیلی سفارت خانے اور دبئی میں اسرائیلی قونصلیٹ کا افتتاح بھی کریں گے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے اس دورے کو تاریخی قرار دیا ہے۔ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے گزشتہ برس سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے ’ابراہیمی معاہدہ‘ پر دستخط کیے تھے۔ اس کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے کئی دوطرفہ معاہدے طے کیے جاچکے ہیں۔

[pullquote]ورز برگ چاقو حملہ: ممکنہ طور پر مسلم انتہا پسندی کار فرما ہو سکتی ہے، جرمن حکام[/pullquote]

جرمن تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ جرمنی کے جنوبی شہر ورز برگ میں جمعہ 25 جون کو چاقو سے کیے گئے حملے کے پیچھے مسلم انتہاپسندی کے محرکات کار فرما ہوسکتے ہیں۔ حکام کے مطابق 24 سالہ صومالی مشتبہ حملہ آور نے چاقو حملے سے قبل اللہ اکبر کا نعرہ بھی لگایا تھا اور اس نے تفتیش کاروں کو ہسپتال میں دیے گئے اپنے بیان میں جہاد کا ذکر بھی کیا ہے۔ یہ شخص سن 2015 سے جرمنی میں ہے۔ ورز برگ میں پیش آنے والے اس خونریز واقعے میں تین خواتین ہلاک اور چھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے اس حملہ آور کو ٹانگ میں گولی مارکر گرفتار کرلیا تھا۔

[pullquote]ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار تیار نہیں کرنے دیے جائیں گے، بائیڈن[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی صدر ریوین ریولن سے ملاقات کے دوران ایران کے خلاف سخت موقف کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں بائیڈن نے کہا کہ ان کے دور اقتدار میں ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔ اسرائیلی صدر نے امریکی صدر کے ایران سے متعلق بیان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بائیڈن انتظامیہ ایران کے ساتھ سن 2015 کے جوہری معاہدے میں واپسی کے لیے کوشاں ہے تاہم وہ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے باز رکھنے کے لیے بھی پر عزم ہیں۔

[pullquote]اٹلی میں جی ٹوئنٹی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس[/pullquote]

جی ٹوئنٹی ممالک کے وزرائے خارجہ آج اٹلی کے جنوبی صوبے ماتیرا میں کورونا وبا سے نمٹنے، ماحولیاتی تحفظ اور براعظم افریقہ کے لیے امداد کے معاملات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ ماتیرا اجلاس سے قبل جرمن وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں کورونا بحران کے بعد عالمی معیشت کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ دنیا کی بیس بڑی معیشتوں کے حامل ممالک کے گروپ جی ٹوئنٹی کے سربراہان، رواں برس اکتوبر میں روم میں ملاقات کریں گے۔

[pullquote]کولمبیا میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں[/pullquote]

کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا میں احتجاجی مظاہرین اور پولیس کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئی ہیں۔ مظاہرین نے حکام پر پتھراؤ کیا، جس کے نتیجے میں پولیس نے پانی کی تیز دھار اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق بعض مشتعل مظاہرین نے چاقو کی نوک پر کم از کم پانچ بسیں اغوا کرلی ہیں۔ اس جنوبی امریکی ملک میں کئی مہینوں سے حکومت مخالف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ ان مظاہروں کا آغاز ٹیکس اصلاحات کے سبب ہوا تھا تاہم اب احتجاجی مظاہرین کی جانب سے وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے بنیادی اصلاحات کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔

[pullquote]امریکا اور کینیڈا میں شدید گرمی کی لہر[/pullquote]

شدید گرمی کی لہر نے شمالی امریکا کے شمال مغربی خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ کینیڈا میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کینیڈین صوبے برٹش کولمبیا کے شہر لیٹِن میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سینتالیس اعشاریہ نو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شدید گرمی کی لہر سے امریکی ریاستیں واشنگٹن اور اوریگن بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ سیاٹل اور پورٹ لینڈ میں درجہ حرارت بیالیس سے چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک نوٹ کیا گیا۔

[pullquote]شام میں امریکی فوج پر متعدد راکٹ حملے[/pullquote]

شام کے مشرقی حصے میں امریکی فوج پر متعدد راکٹ داغے گئے۔ بغداد میں امریکی فوجی اڈے پر تعینات کرنل وین موروٹو کے مطابق پیر کے روز امریکی فوج پر ایک سے زائد راکٹ داغے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شام اور عراق کی سرحد کے پاس امریکی فوج کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کے ایک روز بعد یہ کارروائی کی گئی۔ امریکا کے مطابق جن عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا انہیں ايرانی حمايت يافتہ مليشيا گروپ عراق ميں امريکی دستوں کو نشانہ بنانے کے ليے استعمال کرتے تھے۔

[pullquote]روسی فوج وسطی افریقی جمہوریہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مرتکب، رپور‌ٹ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی ایک رپورٹ کے مطابق روسی افواج وسطی افریقی جمہوریہ میں بظاہر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی ذمہ دار ہیں۔ ان خلاف ورزیوں میں طاقت کا ضرورت سے زیادہ استعمال، بلا امتیاز قتل و غارت اور لوٹ مار کے واقعات شامل ہیں۔ جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل کی ایک داخلی رپورٹ میں یہ انکشافات سامنے آئے ہیں۔ اس رپورٹ میں حکومت کی ’’جنگی کارروائیوں میں روسی فوجی مشیروں کے فعال کردار‘‘ کے بارے میں عینی شاہدین کی گواہیاں شامل کی گئی ہے۔ ماسکو حکومت نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ وسطی افریقی جمہوریہ دنیا کے غریب ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ سن 2013 میں بغاوت کے بعد سے ملک عدم استحکام کا شکار ہے۔

[pullquote]ترکی نے چھ ممالک سے پروازوں کی آمد و رفت روک دی[/pullquote]

کورونا وائرس کے نئی تبدیل شدہ اقسام کے خطرے سے بچاؤ کے لیے ترکی نے چھ ملکوں سے آنے والی پروازوں کو روک دیا ہے۔ ان ممالک میں برازیل، جنوبی افریقہ، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا شامل ہیں۔ ترک وزارت داخلہ کے مطابق دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد جو ترکی آمد سے قبل چودہ روز کے دوران ان ملکوں میں داخل ہوئے ہوں، اُن کو نیگیٹو پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنا ہو گا اور چودہ روز تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔ پاکستان اور افغانستان کے شہریوں کو نیگیٹو ٹیسٹ کے ساتھ ترکی پہنچنے کے بعد دس دن تک قرنطینہ میں رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

[pullquote]ایتھنز میں نو سال قبل چوری کی گئی قیمتی پینٹنگز واپس مل گئیں[/pullquote]

یونان میں نو سال پہلے ہسپانوی مصور پابلو پیکاسو اور ہالینڈ کے آرٹسٹ پیئٹ مونڈریان کی چوری ہونے والی دو پینٹنگز مل گئی ہیں۔ پولیس کو یہ پینٹنگز دارالحکومت ایتھنز کے قریب ایک گودام سے ملی ہیں۔ ان میں سے ایک پینٹنگ میں دنیا کے معروف ترین مصور پیکاسو نےسن انیس سو انتالیس میں کیوبا کی ایک خاتون کو خوبصورت انداز میں عکس بند کیا تھا۔ دوسری پینٹنگ میں ہالینڈ کے مصور مونڈریان نے سن انیس سو پانچ میں ایک پون چکی کو پینٹ کیا تھا۔ پولیس نے فروری میں ان فن پاروں کی تلاش دوبارہ شروع کردی تھی کیونکہ ماہرین کے مطابق پیکاسو کی یہ نایاب پینٹنگ ابھی تک فروخت نہیں کی گئی، اس لیے امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ یہ پینٹنگز یونان میں ہی موجود ہیں۔

[pullquote]يورو فٹ بال چيمپئن شپ: عالمی چیمپئن فرانس ٹورنامنٹ سے باہر[/pullquote]

سوئٹزرلینڈ نے عالمی چیمپئن فرانس کو پینلٹی ککس مرحلے میں چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دیتے ہوئے یورپی فٹ بال چیمپئن شپ سے باہر کردیا ہے۔ اس طرح سوئٹزرلینڈ نے کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، جس میں اس کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔ اسپین نے کل کھيلے گئے ايک اور ميچ ميں کروشیا کو پانچ کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ آج جرمنی کا مقابلہ روایتی حریف برطانیہ سے اور سویڈن کا یوکرائن سے ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے