بدھ : 30 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان سے جرمن فوج کا انخلاء مکمل[/pullquote]

افغانستان میں تعینات جرمن افواج کا تقریباﹰ بیس برسوں پر محیط مشن اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ جرمنی نے گزشتہ روز نیٹو مشن میں شریک اپنے 570 فوجیوں کا اپنا آخری دستہ بھی واپس بلا لیا۔ اس آخری دستے میں جرمن اسپیشل فورسز کے وہ ارکان بھی شامل تھے جنہیں انخلاء کے دوران کیمپ کو محفوظ بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ جرمن وزیر دفاع آنے گریٹ کرامپ کارین باور نے اس بارے میں کہا کہ جرمن فورسز کی واپسی کے ساتھ ایک تاریخی باب اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ جرمنی کے افغانستان میں مسلح مشن میں گزشتہ برس تک تقریباﹰ پندرہ ارب ڈالر خرچ ہوئے جبکہ اس مشن کے دوران 59 جرمن فوجیوں کی ہلاکت بھی ہوئی۔

[pullquote]چین ملیریا سے نجات پانے میں کامیاب[/pullquote]

عالمی اداراہ صحت نے چین کو ملیریا سے نجات پانے میں کامیابی کے بعد ملیریا فری ملک قرار دے دیا ہے۔ ماہرین کی ایک ٹیم نے ملیریا سے پاک صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے چین کا دورہ کیا تھا اور اب اس کی تصدیق کر دی ہے۔ چین میں 1940 کی دہائی کے دوران تقریباﹰ تیس ملین افراد سالانہ ملیریا کا شکار ہوتے تھے لیکن گزشتہ چار سالوں میں چین میں ایک بھی مقامی کیس سامنے نہیں آیا۔ چین میں اس مرض سے مکمل طور پر نجات حاصل کرنے کے لیے گزشتہ 70 برسوں سے کوششیں جاری تھیں۔ اس طرح چین دنیا کا ایسا چالیسواں ملک بن گیا ہے جسے عالمی ادارہ صحت نے ملیریا جیسے مہلک مرض سے پاک قرار دیا ہے۔

[pullquote]کینیڈا میں شدید گرمی کی لہر، 233 افراد ہلاک[/pullquote]

کینیڈا اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے کئی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ برٹش کولمبیا صوبے میں گزشتہ جمعہ سے اب تک کم از کم 233 افراد کی موت ہوچکی ہے، اس میں زیادہ تر ہلاکتیں وینکوور کے علاقے میں ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لیٹِن شہر میں درجہ حرارت 49 اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شدید گرمی کی لہر سے امریکا کی شمال مغربی شہر سیاٹل اور پورٹ لینڈ بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

[pullquote]ایران کی طرف سے درپیش خطرات کو روکنے کے لیے حملے کیے، بائیڈن[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے شام اور عراق میں ایرانی حمایت یافتہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کا دفاع کیا ہے۔ امریکی کانگریس کو بھیجے گئے ایک خط میں انہوں نے کہا کہ ایران کے طرف سے درپیش خطرات کو روکنے کے مقصد سے بمباری کا حکم دیا گیا۔ امریکی فوج کی جانب سے پیر شام اور عراق کی سرحد کے پاس فضائی حملے کیے گئے تھے، جس کے جواب میں شام سے امریکی فوج پر کم از کم 34 راکٹ داغے گئے۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ امریکی فوج کے حملوں میں اُن ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جن کا عسکریت پسند عراق میں امریکی اہلکاورں اور تنصیبات کے خلاف ڈرون اور راکٹ حملوں کے لیے استعمال کر رہے تھے۔

[pullquote]اسرائیل فلسطینیوں کے ساتھ مل کر تنازعہ کا حل تلاش کرے، جرمن صدر[/pullquote]

جرمنی کے صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے اسرائیلی حکومت سے کہا ہے کہ وہ فلسطین کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ تنازعہ کا حل تلاش کرے۔ اشٹائن مائر کے بقول، اس کے بغیر مشرق وسطیٰ کا مستقبل اچھا نہیں ہوسکتا۔ صدر اشٹائن مائر نے یہ بات اپنے اسرائیل کے دورے سے قبل ایک اسرائیلی روزنامہ ہیرٹز سے گفتگو میں کہی۔ اسرائیل فلسطین تنازعہ میں جرمنی دو ریاستی حل کا حامی ہے۔ اسرائیل میں جرمن صدر کی اسرائیلی وزیر اعظم نیفتالی بینیٹ اور اسرائیلی وزیر خارجہ یائیر لیپیڈ سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

[pullquote]روس پر ڈچ بحریہ کے جنگی جہاز پر بناوٹی حملے کا الزام[/pullquote]

ہالینڈ نے روس کی طرف سے اس کے بحری جنگی جہاز پر بناوٹی حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ڈچ وزارت دفاع کے مطابق بحیرہ اسود میں روسی جنگی طیارے ڈچ بحریہ کے ایک جہاز کے کافی نزدیک پرواز کرتے رہے اور یہ طیارے راکٹ اور بموں سے لیس تھے۔ یہ واقعہ جمعرات کو جزیرہ نما کریمیا کے جنوب مشرقی حصے میں پیش آیا۔ دی ہیگ میں ڈچ وزیر دفاع نے روسی افواج کے اس عمل کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ ماسکو نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی طیاروں نے ’محفوظ فاصلہ‘ برقرار رکھتے ہوئے یہ پروازیں کی تھیں۔

[pullquote]ہانگ کانگ کے سکیورٹی قانون میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر نظر ہے، ایمنسٹی[/pullquote]

چین کے خصوصی انتظامی خطے ہانگ کانگ میں متنازعہ سکیورٹی قانون کے نفاذ کے ایک سال بعد انسانی حقوق کی عالمی تنظیم کی جانب سے سخت تنقید کی گئی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ہانگ کے حوالے سے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ حکام اس قانون کو اختلاف رائے رکھنے والے مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس قانون کو سینسر شپ، ہراساں کرنے اور گرفتاری کے بعد سزا دینے کے جواز کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جو انسانی حقوق کی سخت خلاف ورزی ہے۔ ایمنسٹی نے اپنی تجزیاتی رپورٹ کو عدالتی سماعتوں اور عدالتی فیصلوں کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے کارکنوں کے ساتھ انٹرویوز کے ذریعے مرتب کیا ہے۔

[pullquote]يورو فٹ بال چيمپئن شپ : جرمنی کو شکست دے کر انگلینڈ کوارٹر فائنل میں[/pullquote]

انگلینڈ نے جرمنی کو ناک آؤٹ مرحلے میں دو گول سے شکست دے کر یورپی فٹ بال چیمپئن شپ سے باہر کردیا ہے۔ لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کھلاڑی راحیم اسٹیرلنگ نے پہلا اور ہیری کین نے دوسرا گول کیا۔ اس طرح انگلینڈ نے کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، جس میں اس کا مقابلہ یوکرائن سے ہوگا۔ یوکرائن نے کل کھیلے گئے ایک اور میچ میں سویڈن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ گزشتہ پندرہ برس تک جرمن ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دینے والے یوآخم لوو کا قومی ٹیم کے ساتھ یہ آخری میچ تھا، اب ان کی جگہ جرمن ٹیم کے نئے کوچ کا عہدہ ہانسی فلِک سنبھالیں گے۔

[pullquote]اسپین: مہاجرین کے ریسکیو آپریشن میں ایک لڑکی ہلاک[/pullquote]

کشتی کے ذریعے ہسپانوی جزیرے کینیری تک پہنچنے کی کوشش کرنے والے مہاجرین کو ریسکیو کرتے ہوئے ایک نوجوان لڑکی ہلاک ہوگئی ہے۔ ایمرجنسی سروسز کے حکام نے بتایا ہے کہ متاثرہ لڑکی کو سانس لینے میں دشواری ہورہی تھی اور اس نے ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیا۔ اس لڑکی کی عمر پانچ برس تک بتائی جارہی ہے۔ یہ لڑکی تقریباﹰ 35 مہاجرین کے ہمراہ ایک چھوٹی سی کشتی میں سوار تھی۔ یہ مہاجرین بحیرہ اوقیانوس کے پانیوں سے کنیری جزیروں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ مغربی افریقہ کے مہاجرین اکثر یورپی حدود میں داخل ہونے کے لیے اس بحری راستے کا استعمال کرتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے