[pullquote]افغان طالبان کی طرف سے بگرام ایئر بیس سے امریکی افواج کے انخلا کا خیر مقدم[/pullquote]
افغان طالبان نے بگرام ایئر بیس سے امریکی افواج کے انخلا کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے مکمل انخلا کے بعد افغان خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں گے۔ امریکی فورسز نے تقریباﹰ بیس برس بعد بگرام ایئر بیس افغان فوج کے حوالے کر دی ہے۔ دارالحکومت کابل سے 50 کلومیٹر دور شمال میں واقع اس اہم فوجی اڈے سے غیر ملکی افواج کا انخلا اس بات کی طرف اہم اشارہ ہے کہ رواں برس گیارہ ستمبر سے قبل ہی نیٹو کا افغان مشن ختم کر دیا جائے گا۔ گیارہ ستمبر سن دو ہزار ایک میں امریکا میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے بعد امریکی فورسز نے بگرام ایئر بیس کو اپنا پہلا اہم اڈا بنایا تھا۔
[pullquote]بھارت میں کورونا کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ ہو گئی[/pullquote]
بھارت میں کورونا وائرس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی سرکاری تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ جمعے کے دن چھالیس ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ ساڑھے آٹھ سو افراد اس عالمی وبا کی وجہ سے دم توڑ گئے۔ اس وقت بھارت میں کووڈ انیس کے فعال کیسوں کی تعداد پانچ لاکھ سے زائد ہے، بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے حکومت دباؤ کا شکار ہے۔
[pullquote]خواتین کے خلاف تشدد پر ترکی میں مظاہرے[/pullquote]
ترکی کی طرف سے استنبول کنونشن سے دستبرداری کے تناظر میں ملک بھر میں مظاہرے کیے گئے ہیں۔ اس تاریخی عالمی معاہدے کے تحت خواتین پر تشدد کے سدباب کی کوشش کی گئی ہے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کا البتہ کہنا ہے کہ اس ڈیل سے الگ ہونے کا مطلب خواتین کے تحفظ سے پیچھے ہٹنا ہر گز نہیں۔ تاہم انسانی حقوق کے کارکنان کے مطابق اس ڈیل سے دستبرداری سے ترکی میں خواتین کے خلاف تشدد بڑھ سکتا ہے۔
[pullquote]میرکل کا آخری غیر ملکی دورہ، منزل برطانیہ[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج برطانیہ کا دورہ کر رہی ہیں، جہاں وہ وزیر اعظم بورس جانسن اور برطانوی ملکہ الزبتھ دوم سے ملیں گی۔ 16 برس پر محیط اپنی مدت اقتدار کے خاتمے سے قبل میرکل کا یہ آخری غیر ملکی دورہ ہو گا۔ وہ اس دورے کے دوران برطانوی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں بریگزٹ کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کے تعلقات کے علاوہ کورونا کی عالمی وبا پر بات چیت کریں گی۔ برلن حکومت برطانیہ میں کوورنا کی تبدیل شدہ قسم ڈیلٹا کے تیزی کے ساتھ پھیلاؤ پر سخت تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔
[pullquote]اب چین کو کوئی دھمکا نہیں سکتا، صدر شی جن پنگ[/pullquote]
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ اب چین کو کوئی بھی دھمکا نہیں سکتا ہے۔ چین کی کیمونسٹ پارٹی کے قیام کے سو برس مکمل ہونے پر منعقد کی گئی ایک تقریب میں جمعرات کے دن شی جن پنگ نے مزید کہا کہ تائیوان کو چین کے زیر انتظام لایا جائے۔ شی جن پنگ 2012ء سے چینی صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔ وہ اس عہدے پر تقرری کی زیادہ سے زیادہ مدت سے متعلق ہر قسم کی حدود ختم کر چکے ہیں۔ انہوں نے آج تک اپنا کوئی ممکنہ جانشین بھی نامزد نہیں کیا۔
[pullquote]ٹرمپ کی کمپنی نے ٹیکس چوری کے الزامات مسترد کر دیے[/pullquote]
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کمپنی اور ان کے مالیاتی امور کے سربراہ نے ٹیکس فراڈ کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ استغاثہ کا الزام ہے کہ ایلن وائزل برگ نے ذاتی طور پر ایک اعشاریہ سات ملین ڈالر کی انکم پر ٹیکس نہیں دیا۔ ٹرمپ کی کمپنی پر الزام ہے کہ وہ ایسی مبینہ اسکیم اپنائے ہوئے ہے، جس کے تحت ایگزیکٹیو افسران اپنی تنخواہوں اور بونسز کو ریکارڈ پر لاتے ہی نہیں ہیں۔
[pullquote]آسٹریلیا میں کورونا کے نئے کیس، خصوصی اقدامات کا فیصلہ[/pullquote]
آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافے کے تناظر میں حکومت ملک میں آنے والی کمرشل مسافر پروازں کو نصف کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ نئے کیسوں کی وجہ سے اس ہفتے نصف آسٹریلیا ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن میں چلا گیا ہے۔ نئے منصوبے کے مطابق آسٹریلوی شہری اور ایسے غیر ملکی ہی ملک میں داخل ہو سکیں گے، جن کے پاس خصوصی اجازت نامے ہوں گے۔ 14 جولائی کے بعد فی ہفتہ صرف تین ہزار افراد ہی آسٹریلیا میں داخل ہو سکیں گے اور یہ اقدامات رواں سال کے اختتام تک جاری رہیں گے۔
[pullquote]کینیڈا میں شدید گرم موسم کے بعد جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی[/pullquote]
کینیڈا میں گزشتہ کئی روز سے جاری شدید گرم موسم کے بعد جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی، جس کی وجہ سے ایک ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔ برٹش کولمبیا کے قانون ساز بریڈ وِس کے مطابق اس آگ کی وجہ سے لائٹون نامی گاؤں تقریباﹰ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ کینیڈا میں رواں ہفتے گرمی کی شدید لہر جاری ہے۔ منگل کے دن لیٹن کے علاقے میں درجہ حرارت انچاس اعشاریہ چھ تک پہنچ گیا، جو کینیڈا کی تاریخ میں اب تک کا ریکارڈ درجہ حرارت ہے۔ حکام کے مطابق برٹش کولمبیا کے کئی علاقوں میں جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی، جس کی وجہ آسمانی بجلی قرار دی جا رہی ہے۔
[pullquote]الیکٹرک کاروں کا ہدف حاصل ہونے والا ہے، جرمن وزیر[/pullquote]
جرمن وزیر اقتصادیات پیٹر آلٹمائر نے کہا ہے کہ برلن حکومت ملک میں ایک ملین الیکٹرک کاروں کے اپنے ہدف کو حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس کے اختتام تک یہ ہدف حاصل کر لیا جائے گا، جو ناقابل تسخیر قرار دیا جا رہا تھا۔ الیکڑک کاروں کی خرید کے لیے صارفین کو خصوصی رعایات دی جا رہی ہیں۔ پیٹر آلٹمائر کے مطابق سن 2030ء کے لیے مقرر سات تا دس ملین الیکٹرک کاروں کے ہدف کو اب بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔ جرمن حکومت تحفظ ماحول کی خاطر زیادہ سے زیادہ الیکٹرک کاریں سڑکوں پر لانا چاہتی ہے۔
[pullquote]انسانوں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے امریکا کی اتحادی ممالک کو وارننگ[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے 17 ممالک کو ایسی فہرست میں ڈال دیا ہے، جو انسانوں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مناسب اقدامات نہیں کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی ان ممالک کو خبردار کر دیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے مناسب اور فوری اقدامات نہ کیے تو انہیں امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان ممالک میں اسرائیل، نیوزی لینڈ، ناروے، پرتگال اور ترکی بھی شامل ہیں۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سے انسانوں کی اسمگلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
[pullquote]فلپائن میں آتش فشاں پھٹ پڑا، 2700 افراد محفوظ مقامات پر منتقل[/pullquote]
فلپائن کے دوسرے سب سے زیادہ فعال آتش فشاں پہاڑ نے لاوا اگلنا شروع کر دیا ہے جس کے بعد 2,700 سے زائد افراد محفوظ علاقوں کی طرف فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ حکام اور ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جمعے کے دن اس پہاڑ میں ہونے والی آتش فشانی زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔ بٹانگس صوبے میں واقع ٹال نامی آتش فشاں میں گزشتہ روز پانچ دھماکے ہوئے، جس کی شدت تین کلو میٹر دور تک محسوس کی گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران اس پہاڑ میں 29 آتش فشانی زلزلے آ چکے ہیں۔
[pullquote]ہانگ کانگ، چاقو حملے میں پولیس اہلکار زخمی جبکہ حملہ آور ہلاک[/pullquote]
ہانگ کانگ میں ایک پولیس افسر پر چاقو سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے جمعے کے دن بتایا کہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے میں حملہ آور بھی زخمی ہوا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔ اس حملے کے محرکات کا علم نہیں ہو سکا ہے۔ پولیس اس کیس کی چھان بین اقدام قتل اور خودکشی کے تناظر میں کر رہی ہے۔ پولیس افسر کی عمر 28 سال بتائی گئی ہے جبکہ حملہ آور 50 برس کے لگ بھگ تھا۔
[pullquote]بگرام ایئر بیس مقامی افواج کے حوالے[/pullquote]
امریکی فورسز نے تقریباﹰ بیس برس بعد بگرام ایئر بیس افغان فوج کے حوالے کر دی ہے۔ امریکی وزرات دفاع کے ایک اعلیٰ اہلکار کے مطابق تمام امریکی اور غیر ملکی افواج بگرام ایئر بیس سے نکل گئی ہیں۔ دارالحکومت کابل سے 50 کلومیٹر دور شمال میں واقع اس اہم فوجی اڈے سے غیر ملکی افواج کا انخلا اس بات کی طرف اہم اشارہ ہے کہ رواں برس گیارہ ستمبر سے قبل ہی نیٹو کا افغان مشن ختم کر دیا جائے گا۔ گیارہ ستمبر سن دو ہزار ایک میں امریکا میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے بعد امریکی فورسز نے بگرام ایئر بیس کو اپنا پہلا اہم اڈا بنایا تھا۔