اتوار : 04 جولائی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فلپائنی فوجی طیارہ گر کر تباہ، کم از کم 29 افراد ہلاک[/pullquote]

جنوبی فلپائن میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس پر کم از کم 95 افراد سوار تھے۔ اس حادثے میں 29 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ فلپائنی فوج کے سربراہ کے مطابق یہ طیارہ جزیرے خولو پر گرا ہے جبکہ فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے 50 مسافروں کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ زندہ بچ جانے والے متعدد مسافروں کی حالت تشویش ناک ہے۔ طیارے پر زیادہ تر وہ فوجی سوار تھے، جن کی تربیت ابھی حال ہی میں مکمل ہوئی تھی اور انہیں جزیرے خولو پر تعینات کیا گیا تھا۔ اس جزیرے کی زیادہ تر آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے اور یہاں اسلامی گروپ ابوسیاف بھی متحرک ہے۔ اس گروہ کی فلپائنی فوج سے اکثر مسلح جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

[pullquote]کینیڈا: گرمی کی لہر، 170 مقامات پر جنگلاتی آگ[/pullquote]

کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں گرمی کی شدید لہر اب بھی جاری ہے جبکہ گرمی اور آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے ایک سو ستر مقامات پر جنگلاتی آگ لگ چکی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں اور شہریوں کے انخلا کے لیے ملکی فوج کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ سے برٹش کولمبیا کی لٹن نامی ٹاؤن زیادہ تر جل کر تباہ ہو چکی ہے۔ ایک ہفتہ قبل اس علاقے میں 49.6 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔ برٹش کولمبیا میں گرمی کی وجہ سے سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان ہلاک[/pullquote]

مغربی کنارے کے شہر نابلس کے قریب اسرائیلی آبادکاروں اور فلسطینیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں ایک بیس سالہ فلسطینی نوجوان ہلاک ہو گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مذکورہ فلسطینی شخص نے اُن پر چھت کے اوپر سے ایک دھماکا خیز آلہ پھنکا تھا، جس کے جواب میں فوجیوں نے اس پر گولی چلا دی۔ فلسطینی نیوز ایجنسی وفا کے مطابق اس نوجوان کو سینے میں گولی ماری گئی۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع کے خلاف فلسطینیوں کی جانب سے اکثر احتجاجی مظاہرے کیے جاتے ہیں۔ ان بستیوں کو بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے۔

[pullquote]کشتی ڈوبنے سے 40 سے زائد مہاجرین لاپتا[/pullquote]

تیونس کے ساحل پر ایک کشتی کو پیش آنے والے حادثے کے بعد تینتالیس تارکین وطن لاپتہ ہیں۔ تیونس میں امدادی تنظیم ہلال احمر کے ایک ترجمان کے مطابق یہ مہاجرین لیبیا کے راستے یورپ پہنچنے کی کوشش میں تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کشتی پر گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔ طبی حکام نے لاپتا مہاجرین کے ہلاک ہو جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ جمعے کو بھی ایک امدادی آپریشن کے دوران چوراسی مہاجرین کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا تھا۔ ان کا تعلق سوڈان، ایریٹیریا اور بنگلہ دیش سے تھا۔ مہاجرین یورپ پہنچنے کے لیے یہ خطرناک سمندری راستہ اختیار کرتے ہیں۔

[pullquote]فلسطینی صدر محمود عباس کے خلاف ہزاروں افراد کا احتجاج[/pullquote]

مغربی کنارے میں ایک مرتبہ پھر ہزاروں افراد نے فلسطینی صدر محمود عباس کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین محمود عباس کے مستعفی ہونے کے لیے نعرے بلند کر رہے تھے۔ رملہ میں اِن مظاہروں کا آغاز فلسطینی حکومت کے معروف ناقد نثار بنات کی ہلاکت کے بعد ہوا ہے۔ تینتالیس سالہ نثار کو ڈیڑھ ہفتہ قبل گرفتار کیا گیا تھا اور وہ پولیس کی تحویل میں ہلاک ہو گئے تھے۔ فلسطینی آزاد کمیشن برائے انسانی حقوق کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ نثار کے سر اور گردن پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی کارگو جہاز پر حملہ کیا گیا، میڈیا رپورٹیں[/pullquote]

اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج اس بات کی چھان بین کر رہی ہے کہ آیا اسرائیلی کارگو جہاز پر حملہ ایرانی فورسز نے کیا تھا۔ اسرائیلی ٹیلی وژن این 12 نے فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جہاز کا عملہ محفوظ ہے اور جہاز کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا۔ قبل ازیں ایرانی حمایت یافتہ لبنانی ٹیلی وژن المیادین نے رپورٹ نشر کی تھی کہ بحرہند میں اسرائیل کے ایک بحری جہاز کو نامعلوم ہتھیار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ کارگو جہاز متحدہ عرب امارات کی طرف گامزن تھا۔

[pullquote]امریکی آئی ٹی کمپنی پر سائبر حملہ، اثرات سویڈن تک[/pullquote]

امریکی کمپنی کیسیا پر ہونے والے ایک سائبر حملے کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد کاروباری ادارے متاثر ہوئے ہیں۔ کیسیا کے تیار کردہ سافٹ ویئر کو انتہائی خفیہ طریقے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے کئی دیگر بڑی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ سویڈن کی سب سے بڑی سپر مارکیٹ چین کوپ بھی متاثر ہوئی ہے۔ ہفتے کے روز کوپ کی آٹھ سو بڑی دکانوں کو بند رکھا گیا کیوں کہ اس کمپنی کا آئی ٹی سسٹم مفلوج ہو کر رہ گیا تھا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے خفیہ اداروں کو اس سائبر حملے کا سراغ لگانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

[pullquote]انگلینڈ یورپی فٹ بال چیمپین شپ کے سیمی فائنل تک پہنچ گیا[/pullquote]

پچیس برسوں کے بعد انگلینڈ کی ٹیم یورپی فٹ بال چیمپین شپ کے سیمی فائنل تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ شب روم میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے یوکرائن کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ آئندہ ہفتے بدھ سات جولائی کو سیمی فائنل میں انگلینڈ اور ڈنمارک مدمقابل ہوں گے۔ ڈنمارک کی ٹیم چیک ریپبلک کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر سیمی فائنل تک پہنچی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے