[pullquote]بینکاک: فیکٹری میں دھماکا، ایئرپورٹ کی عمارت لرز اٹھی[/pullquote]
بینکاک کے مضافات میں واقع فوم اور پلاسٹک مصنوعات بنانے والی ایک فیکٹری میں انتہائی زور دار دھماکے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس دھماکے سے بینکاک کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ بھی لرز اٹھی۔ دھماکے کے بعد اس علاقے سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ اس واقعے میں کم از کم 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کا اندازہ ہے کہ فیکٹری میں موجود کیمیائی مواد مزید دھماکوں کی وجہ بن سکتا ہے۔
[pullquote]سینکڑوں تارکین وطن کو بحیرہ روم میں بچا لیا گیا[/pullquote]
مہاجرین اور تارکین وطن کو سمندر سے بچانے والی ایک پرائیویٹ تنظیم کے امدادی جہاز اوشن وائکنگ نے گزشتہ شب 370 افراد کو بحیرہ روم سے بچا لیا۔ آج پیر کے روز ’ایس او ایس میڈیٹرینی‘ کی طرف جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ لکڑی کی کشتیوں میں سوار ان افراد کو اتوار اور پیر کی درمیانی شب لیبیا کے ساحلوں کے قریب ریسکیو کیا گیا۔ ان کی کشتی سمندر میں پھنسی ہوئی تھی اور ڈوبنے کے خطرے سے دو چار تھی۔ اوشن وائکنگ اس وقت واحد ایسا پرائیویٹ امدادی بحری جہاز ہے جس نے بحیرہ روم کے پانیوں میں مہاجرین اور تارکین وطن کو بچانے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔
[pullquote]ہیکرز کی طرف سے 70 ملین ڈالرز کا مطالبہ[/pullquote]
ایک امریکی کمپنی پر سائبر حملہ کر کے اس کا ڈیٹا چرا لینے والے مبینہ ہیکرز نے اس ڈیٹا کے بدلے 70 ملین ڈالرز کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ "REvil” نامی ہیکر گروپ کی طرف سے آن لائن کیا گیا ہے۔ جمعہ کے روز ہونے والے سائبر حملے کے نتیجے میں دنیا بھر کی ہزاروں کمپنیوں کا کاروبار معطل ہے۔ اس حملے کا ذمہ دار "REvil” نامی ہیکر گروپ کو قرار دیا جا رہا ہے۔ خیال ہے کہ اس حملے میں VSA نامی ڈیسک ٹاپ منیجمنٹ سسٹم کو ہیک کر لیا گیا تھا۔ اس حملے سے بعض یورپی کمپنیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
[pullquote]چلی میں آئین ساز اسمبلی نے حلف اٹھا لیا[/pullquote]
چلی میں آئین ساز اسمبلی کے ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے۔ یہ اسمبلی ملک کے لیے نیا آئین مرتب کرے گی جس کا مقصد فوجی ڈکٹیٹر آگسٹو پنوشے کے دور سے چلے آ رہے قوانین کو تبدیل کرنا ہے۔ اسمبلی کی حلف برداری کے موقع پر سانتیاگو میں پارلیمان کے قریب ہی مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ یہ مظاہرین ان لوگوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے جنہیں دو برس قبل ملک میں ہونے والے مظاہروں کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔
[pullquote]فلپائن میں فوجی طیارہ گرنے کا حادثہ : ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 50 ہو گئی[/pullquote]
فلپائن میں گزشتہ روز ایک فوجی طیارہ سی 130 کےگرنے کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 50 ہو گئی ہے۔ فلپائنی محکمہ دفاع کے مطابق جزیرہ جولو میں پاٹیکول نامی شہر میں اس طیارے کے گرنے کے سبب اس پر سوار 47 فوجی جبکہ زمین پر تین سویلین ہلاک ہوئے۔ 49 دیگر فوجی اور چار عام شہری زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا علاج جاری ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق بچنے والوں میں ایسے فوجی بھی شامل ہیں جنہوں نے طیارہ زمین پر گرنے سے قبل اس میں سے چھلانگیں لگا دیں۔ طیارہ گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
[pullquote]امریکی صدر کی طرف سے ویکسینیشن کرانے کی اپیل[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکا کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے ہم وطنوں سے درخواست کی ہے کہ کورونا کے خلاف ویکسین لگوائیں تاکہ کورونا کی وبا پر قابو پایا جا سکے۔ چار جولائی کی مناسبت سے وائٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے قریب ایک ہزار شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ اس وقت ویکسین لگوانا حب الوطنی کا سب سے بڑا مظاہرہ ہے۔ طے شدہ منصوبے کے تحت اتوار تک امریکا میں 70 فیصد بالغ افراد کو کووڈ ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ جانا چاہیے تھی تاہم 173 ملین افراد میں سے 67 فیصد کو ہی اب تک کم از کم ایک انجیکشن لگا ہے۔
[pullquote]طالبان سے بچنے کے لیے 300 سے زائد افغان فوجی تاجکستان میں داخل[/pullquote]
افغان طالبان نے ملک کے شمالی حصے میں مزید کئی علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ طالبان کی پیشقدمی کے سبب افغان حکومتی فورسز کے 300 سے زائد اہلکاروں نے جان بچانے کے لیے ہمسایہ ملک تاجکستان کی سرحد عبور کر کے پناہ حاصل کی۔ رواں برس اپریل میں امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے افغانستان سے انخلاء کے اعلان کے بعد سے طالبان ملک کے کئی علاقوں کا کنٹرول حاصل کر چکے ہیں تاہم ان میں سے زیادہ تر ملک کے شمالی علاقے ہیں جو عمومی طور پر امریکی حمایت یافتہ جنگی سرداروں کے علاقے ہیں۔ انہی جنگی سرداروں نے 2001 میں طالبان کو شکست دینے کے لیے امریکا کی مدد کی تھی۔
[pullquote]جوہری ہتھیاروں میں تخفیف کے لیے کانفرنس[/pullquote]
جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس آج پیر کے روز اسپین جا رہے ہیں جہاں جوہری ہتھیاروں میں کمی لانے کے معاملے پر بات ہو گی۔ اسپین اور سویڈن کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مل کر وہ ’اسٹاک ہوم انیشی ایٹیو‘ نامی کانفرنس کی سربراہی کریں گے۔ اس پلیٹ فارم پر 16 ممالک جمع ہوئے ہیں تاکہ وہ دنیا بھر سے جوہری ہتھیاروں میں کمی کے لیے مشترکہ کوششیں کر سکیں۔ جون میں امریکی صدر جو بائیڈن اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی ملاقات کے بعد اس سلسلے میں پیشرفت کی امید پیدا ہوئی ہے۔
[pullquote]نہر سویز میں پھنس جانے والے بحری جہاز کا تنازعہ طے پا گیا[/pullquote]
ایور گیون نامی تجارتی بحری جہاز کے کئی روز تک پھنسے رہنے کے باعث نہر سوئز کی بندش سے ہونے والے مالی نقصان کا تنازعہ بالآخر طے پا گیا ہے۔ مصری حکام کے مطابق وہ دنیا کے اس سب سے بڑے کنٹینر شپ کو بدھ کے روز چھوڑ دیں گے۔ اس جہاز کے جاپانی مالک کے ساتھ تاہم اس حوالے سے کتنی رقم میں یہ معاملہ طے پایا ہے، یہ بات نہیں بتائی گئی۔ ایور گیون نہر سوئز میں 23 مارچ کو پھنس گیا تھا۔ اسی سبب نہر سوئز چھ روز تک بند رہی جس سے بین الاقوامی تجارت کو کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
[pullquote]میامی: زمین بوس ہونے والی اپارٹمنٹ بلڈنگ کے باقی حصوں کو بھی گرا دیا گیا[/pullquote]
میامی کے قریب جزوی طور پر زمین بوس ہونے والی رہائشی اپارٹمنٹ بلڈنگ کے باقی ماندہ حصے کو بھی دھماکہ خیز مواد کی مدد سے گرا دیا گیا ہے۔ اس رہائشی ٹاور کو غیر مستحکم قرار دیا گیا تھا اور یہ وہاں جاری تلاش کے کام میں مصروف کارکنوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔ 24 جون کو اس اپارٹمنٹ بلڈنگ کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا تھا۔ ملبے سے اب تک 24 لاشوں کو نکالا جا چکا ہے جبکہ 121 دیگر افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو