[pullquote]امريکی وزير خارجہ کا دورہ کويت[/pullquote]
امريکی وزير خارجہ انٹونی بلنکن آج کويت کے دورے پر ہيں۔ کويت آمد کے بعد بلنکن نے آج صبح امريکی سفارت کاروں سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ کويتی امير شيخ نواف الاحمد الصباح سے ملاقات کر رہے ہيں۔ اس ملاقات ميں عسکری تعاون بڑھانے، علاقائی سلامتی کی صورت حال اور سرمايہ کاری کے مواقع کا جائزہ ليا جا رہا ہے۔ کويت ميں ايک امريکی فوجی اڈا بھی ہے، جس ميں ساڑھے تيرہ ہزار امريکی فوجی تعينات ہيں۔
[pullquote]عراق: گرين زون ميں راکٹ حملہ، جانی يا مالی نقصان نہيں ہوا[/pullquote]
عراقی دارالحکومت بغداد کے ہائی سکيورٹی گرين زون ميں آج دو راکٹ داغے گئے ہيں۔ سکيورٹی ذرائع نے تصديق کی ہے کہ اس حملے ميں کوئی جانی يا مالی نقصان نہيں ہوا۔ ايک راکٹ پارکنگ ميں جبکہ دوسرا کھلے ميدان ميں گرا۔ يہ حملہ ايک ايسے موقع پر ہوا ہے، جب وزير اعظم مصطفی الخادمی امريکا کے دورے کے بعد وطن واپس لوٹ رہے ہيں۔ بغداد کے گرين زون ميں امريکی سفارت خانہ اور ديگر کئی اہم سرکاری دفاتر موجود ہيں۔ وہاں عموماً حملے ہوتے رہتے ہيں اور ان کا الزام ايران نواز قوتوں پر عائد کيا جاتا ہے۔
[pullquote]بغداد: ہيلی کاپٹر گر کر تباہ، پانچ فوجی ہلاک[/pullquote]
عراقی دارالحکومت کے شمالی حصے ميں ايک لڑاکا مشن پر ايک ہيلی کاپٹر آج گر کر تباہ ہو گيا۔ بيان ميں پانچ فوجيوں کی ہلاکت کی تصديق کر دی گئی ہے۔ ہيلی کاپٹر گرنے کا يہ واقعہ صلاح الدين صوبے ميں امير علی کے مقام پر پيش آيا۔ اس علاقے ميں عراقی دستے ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے خلاف آپريشنز کرتے آئے ہيں۔ امکان ظاہر کيا جا رہا ہے کہ ہيلی کاپٹر سے کوئی چيز ٹکرائی، جس باعث وہ گر کر تباہ ہوا۔
[pullquote]الاسکا جزیرہ نما ميں طاقت ور زلزلہ[/pullquote]
بدھ کو رات گئے الاسکا جزیرہ نما ميں طاقت ور زلزلہ آيا، جس کی ريکٹر اسکيل پر شدت 8.2 تھی۔ اس زلزلے کے بعد آس پاس کے کئی علاقوں کے ليے سونامی کا انتباہ جاری کر ديا گيا ہے۔ امريکی رياست ہوائی کے ليے بھی سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ فوری طور پر زلزلے کے بعد جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہيں ملی ہے۔ جاپان اور نيوزی لينڈ نے بھی کہا ہے کہ وہ سمندر کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہيں اور اس کا بھی کہ آيا سونامی سے ان ممالک کے علاقے بھی متاثر ہو سکتے ہيں۔
[pullquote]امريکا اور بھارت دفاعی تعلقات کو فروغ دينے پر متفق[/pullquote]
خطے ميں چين کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے تناظر ميں بھارت اور امريکا نے دفاعی تعلقات کو مزيد بہتر بنانے پر اتفاق کيا ہے۔ يہ پيش رفت امريکی وزير خارجہ انٹونی بلنکن کے دو روزہ دورہ بھارت کے دوران ہوئی، جس کے بعد اب وہ کويت میں ہيں۔ بھارت ميں وہ وزير اعظم نريندر مودی اور وزير خارجہ سبرامنيم جے شنکر کے علاوہ کئی ديگر اہلکاروں سے ملے۔ دونوں ملکوں کے مابين افغانستان اور چين کے حوالے سے کئی امور پر اتفاق رائے ہوا۔ بلنکن نے بھارت ميں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ويکسين مہم کے ليے پچيس ملين ڈالر کی امداد کا اعلان بھی کيا۔ امريکی وزير خارجہ نے بھارت ميں انسانی حقوق کا معاملہ بھی اٹھايا۔
[pullquote]طالبان کی پیش قدمی سے افغان حکومت کو خطرہ لاحق، واچ ڈاگ[/pullquote]
ايک امريکی واچ ڈاگ نے خبردار کيا ہے کہ طالبان کے حملوں کے پيش نظر افغان حکومت کو شديد خطرات لاحق ہيں۔ ’يو ايس انسپکٹر جنرل فار افغانستان ری کنسٹرکشن‘ (SIGAR) کی رپورٹ کے مطابق دوحہ امن معاہدے سے پہلے کے تين ماہ طالبان نے 6,700 افغان اہداف پر حملے کيے جبکہ معاہدے کے بعد سن 2020 ميں ستمبر تا نومبر حملوں کی تعداد 13,242 رہی۔ رپورٹ ميں تنبيہ کی گئی ہے کہ گرچہ امريکا اور طالبان کی امن ڈيل کے مقاصد ميں کابل حکومت اور طالبان کو قريب لانا شامل تھا مگر ہوا اس کے برعکس اور طالبان نے افغان اہداف پر حملے بڑھا ديے ہيں۔ ان حملوں ميں بڑی تعداد ميں عام شہری ہلاک يا زخمی بھی ہوئے۔
[pullquote]کابل کے ہوائی اڈے کی حفاظت ہم کر سکتے ہيں، ترکی[/pullquote]
افغانستان سے غير ملکی افواج کے انخلاء کے بعد ترکی نے کابل کے ہوائی اڈے کو سکيورٹی فراہم کرنے کی پيشکش کی ہے۔ بظاہر يہ انقرہ اور واشنگٹن کے تعلقات کو بہتر بنانے کی ايک کوشش دکھائی ديتی ہے۔ افغانستان ميں حامد کرزئی ايئر پورٹ سفارتی عملوں اور غير سرکاری تنظيموں کے ليے آمد و رفت کا اہم ذريعہ ہے اور اگر وہ طالبان کے ہاتھ لگ گيا، تو افغانستان باقی دنيا سے کٹ سکتا ہے۔ ترکی نے عنديہ ديا ہے کہ ہوائی اڈے کی حفاظت کے اس مشن ميں ہنگری اور پاکستان کا بھی کردار ہو سکتا ہے۔ گو کہ يہ واضح نہيں کيا گيا کہ يہ کردار کيا ہو گا۔ فی الحال امريکا کا اس پيشکش پر رد عمل سامنے نہيں آيا ہے۔
[pullquote]امريکی وزير دفاع کا ويت نام کا دورہ، دفاعی تعلقات بڑھانے پر اتفاق[/pullquote]
امريکی وزير دفاع لائڈ آسٹن ويت نام کے دورے پر ہيں، جہاں آج ہنوئی ميں انہوں نے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی۔ دونوں نے چين کے تناظر ميں عسکری تعاون بڑھانے پر اتفاق کيا۔ دونوں وزرائے دفاع نے مفاہمت کی ايک يادداشت پر دستخط بھی کيے، جس کے تحت امريکا ويت نام جنگ ميں ہلاک ہونے والے امريکی فوجيوں کی باقيات کی تلاش جاری رکھے گا۔ لائڈ آسٹن نے فان وان گيانگ کو يقين دہانی کرائی کہ بحری فوج اور دفاعی صلاحيتوں کو بہتر بنانے ميں امريکا ويت نام کی مدد کرے گا۔ امريکی وزير دفاع فلپائن اور سنگا پور کے دورے کے بعد بدھ کو ہی ہنوئی پہنچے تھے۔
[pullquote]بائيڈن انتظاميہ کا شام کے خلاف پابنديوں کا اعلان[/pullquote]
امريکی صدر جو بائيڈن کی انتظاميہ نے شام ميں قيد خانوں سے منسلک اہلکاروں، مسلح گروہوں اور انسانی حقوق کے پاماليوں ميں ملوث مشتبہ افراد پر پابنديوں کا اعلان کيا ہے۔ يہ پہلا موقع ہے کہ بائيڈن انتظاميہ نے شام کے خلاف براہ راست پابنديوں کا اعلان کيا ہے۔ ان کا مقصد صدر بشار الاسد کی انتظاميہ پر دباؤ بڑھانا ہے۔ انسانی حقوق کے ليے سرگرم گروپوں کا کہنا ہے کہ شامی خانہ جنگ ميں بھاری ہلاکتوں کے علاوہ اب بھی سوا لاکھ سے زائد افراد لاپتہ ہيں۔ اسد حکومت پر انسانی حقوق کی خلاف وزيوں اور جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزمات لگائے جاتے ہيں۔
[pullquote]بنگلہ ديش: کوکس بازار ميں شديد بارشيں، ہزارہا مہاجرين بے گھر[/pullquote]
بنگلہ ديش کے جنوبی حصوں ميں شديد بارشوں کے باعث وہاں آباد روہنگيا مہاجرين کی کئی بستياں بہہ گئيں، جس کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہيں۔ بدھ کو کوکس بازار کے علاقے ميں تيس سينٹی ميٹر تک بارش ريکارڈ کی گئی۔ اس کيمپ ميں لگ بھگ آٹھ لاکھ روہنگيا مہاجرين پناہ ليے ہوئے ہيں۔ محکمہ موسميات نے آئندہ دنوں کے ليے بھی بارشوں کی پيشن گوئی کی ہے۔ اقوام متحدہ کی ہائی کميشن برائے مہاجرين کے مطابق تازہ بارشوں سے فوری طور پر بارہ ہزار مہاجرين اور ڈھائی ہزار کيمپ متاثر ہوئے ہيں۔ ابھی تک صرف پانچ ہزار کو محفوظ مقامات پر منتقل کيا گيا ہے۔
[pullquote]اسرائيلی فوج کی فائرنگ سے بارہ سالہ فلسطينی لڑکا ہلاک[/pullquote]
اسرائيلی فوج نے کہا ہے کہ ايک بارہ سالہ فلسطينی لڑکے کے ہلاکت کے معاملے کی تفتيش جاری ہے۔ بدھ کو مغربی کنارے ميں پيش آنے والے ايک واقعے ميں ايک بارہ سالہ لڑکا سڑک سے گزر رہا تھا کہ مبينہ طور پر اسرائيلی فوج کی فائرنگ کے زد ميں آ کر ہلاک ہو گيا۔ جمعرات کو اسرائيلی فوج نے اپنے بيان ميں کہا ہے کہ اس واقعے کی تحقيقات شروع کر دی گئی ہيں اور يہ بھی پرکھا جائے گا کہ آیا يہ کارروائی دانستہ تو نہيں تھی۔ فوج کے مطابق فوجيوں نے ايک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کيا اور حکم نہ ماننے پر فائرنگ کی گئی۔ بارہ سالہ محمد ال المی چھاتی ميں گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔