جمعرات : 05 اگست 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ابراہيم رئيسی نے ايرانی صدر کے طور پر حلف اٹھا ليا[/pullquote]

ايران ميں ابراہيم رئيسی نے ملکی صدر کے طور پر حلف اٹھا ليا ہے۔ رئيسی باسٹھ فيصد ووٹ حاصل کر کے جون ميں منعقدہ انتخابات ميں کامياب رہے تھے۔ رواں ہفتے منگل کو ايرانی سپريم ليڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے ان کی صدر کے طور پر تقرری کی حتمی منظوری بھی دے دی تھی۔ اسی تقريب سے اپنے خطاب ميں رئيسی نے کہا تھا کہ اقتصادی بحران سے نمٹنا، بڑھتی ہوئی افراط زر پر کنٹرول کرنا اور کرپشن کا خاتمہ ان کی اولين ترجيحات ميں شامل ہيں۔ سبکدوش ہونے والے صدر حسن روحانی مقابلتاً اعتدال پسند تھے مگر رئيسی سخت گير نظريات کے حامل ہيں۔

[pullquote]کشمیریوں کا یوم سیاہ: یورپی پارلیمانی اراکین کا اعلیٰ یورپی حکام کےنام خط[/pullquote]

پانچ اگست 2019 ء کو بھارت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی آئينی حیثیت ختم کیے جانے کو آج دو برس گزر چکے ہيں۔ اس موقع پر سری نگری ميں قانون نافذ کرنے والوں کی بھاری نفری تعينات ہے اور شہر کا ماحول کشيدہ ہے۔ پاکستانی صدر عارف علوی نے نئی دہلی حکومت کے اقدامات کی مخالفت ميں آج اسلام آباد ميں ايک ريلی کی قيادت کی اور مطالبہ کيا کہ بھارت کشمير کی آئينی حيثيت بحال کرے۔ اس موقع پر یورپی پارلیمان کے 16 ارکان نے یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈیئر لائن اور يورپی يونين کے خارجہ پاليسی چيف جوزف بوريل کے نام خط ارسال کیا، جس میں متاثرہ علاقوں ميں پابنديوں اور سختيوں کی مذمت کی گئی ہے۔ کشمير اور دنيا کے کئی مقامات پر يوم سياہ منايا جا رہا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس کے کيسز کی تعداد دو سو ملين سے متجاوز[/pullquote]

دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے مصدقہ کيسز کی تعداد 200 ملين سے تجاوز کر گئی ہے۔ گو حقيقی تعداد اس سے کہيں زيادہ ہو سکتی ہے۔ گزشتہ سات دنوں سے دنيا بھر ميں يوميہ بنيادوں پر اوسطاً چھ لاکھ سے زائد نئے کيسز کا اندراج ہو رہا ہے۔ عالمی سطح پر روزانہ اوسطاً 9,350 افراد ہلاک بھی ہو رہے ہيں۔ اس وقت بھارت سے پھيلنے والی کورونا وائرس کی ڈيلٹا نامی قسم تيزی سے پھيل رہی ہے۔ کورونا وائرس اب تک 4.25 ملين افراد کی جان لے چکا ہے۔

[pullquote]طالبان دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہيں، يورپی يونين[/pullquote]

يورپی يونين نے افغانستان ميں طالبان کے حملوں کی شديد مذمت کی ہے اور ایک جامع اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کيا ہے۔ يورپی يونين کے خارجہ پاليسی چيف جوزف بوريل اور امدادی سرگرميوں و سانحوں سے نمٹنے والے محکمے کے کمشنر يانيز لينارکک نے اپنے بيان ميں طالبان پر دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کيا۔ دريں اثناء افغانستان کے کئی حصوں ميں کابل حکومت کے دستوں اور طالبان کے مابين جھڑپيں جاری ہيں۔ افغان فضائيہ نے ملک کے جنوبی صوبوں ميں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنايا جبکہ شمال ميں طالبان کی پيش قدمی جاری ہے۔

[pullquote]افغان صحافيوں کو پناہ فراہم کی جائے، برطانوی نشرياتی اداروں کا مطالبہ[/pullquote]

برطانيہ ميں کئی نشرياتی اداروں اور اخبارات نے وزير اعظم بورس جانسن پر زور ديا ہے کہ افغانستان ميں ذرائع ابلاغ سے منسلک افراد کو پناہ فراہم کی جائے۔ وزير اعظم کے نام ايک کھلے خط ميں تقريباً تمام ميڈيا اداروں نے کہا ہے کہ افغانستان ميں صحافيوں کو نا انصافيوں، تشدد اور موت کا خطرہ لاحق ہے۔ ان اداروں نے لکھا ہے کہ امريکی صدر کی جانب سے بلا شرائط فوجی انخلاء کے فيصلے سے مغربی ممالک کی سلامتی متاثر ہو گی۔ خط ميں بالخصوص ان افغان شہريوں کا تذکرہ ہے، جنہوں نے غير ملکی دستوں اور غير سرکاری تنظيموں کے ساتھ کام کيا ہے۔

[pullquote]تاجکستان ميں جنگی مشقيں، روس بھی شامل[/pullquote]

تاجکستان، ازبکستان اور روس کی افواج آج سے افغان سرحد کے قريب جنگی مشقيں کر رہی ہيں۔ يہ مشقيں تاجکستان کے خطلون نامی خطے ميں جاری ہيں اور دس اگست تک چليں گی۔ ان مشقوں ميں روس کے 1,800 جبکہ مجموعی طور پر ڈھائی ہزار سے زائد فوجی حصہ لے رہے ہيں۔ جنگی مشقوں ميں بالخصوص دہشت گردانہ حملوں سے نمٹنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ روس کو خدشہ ہے کہ افغانستان ميں صورتحال کافی بگڑ سکتی ہے۔ اسی تناظر ميں ماسکو حکومت نے وسطی ايشيا ميں اپنے فوجی اڈوں ميں وسعت کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

[pullquote]لبنان پر اسرائيلی فضائی حملے[/pullquote]

اسرائيل نے لبنانی علاقوں ميں فضائی حملے کيے ہيں۔ اسرائيلی فوج نے آج صبح جاری کردہ بيان کے ذريعے مطلع کيا کہ بدھ اور جمعرات کو متعدد حملوں ميں ان مقامات کو نشانہ بنايا گيا، جہاں سے گزشتہ روز اسرائيل کی جانب راکٹ داغے گئے تھے۔ حکام نے بتايا کہ فضائی حملوں ميں ايک اور ايسے مقام کو نشانہ بنايا گيا ہے، جسے ماضی ميں حملوں کے ليے استعمال کيا جاتا رہا ہے۔ ايک روز قبل لبنانی سرزمين سے اسرائيل کی جانب چار راکٹ داغے گئے تھے، جن کے رد عمل ميں اسرائيل نے يہ کارروائی کی ہے۔ امريکا نے اسرائيل کی طرف راکٹ حملوں کی مذمت کی ہے۔ دونوں طرف سے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہيں ملی ہے۔

[pullquote]ٹيکساس ميں حادثہ: دس مہاجرين ہلاک[/pullquote]

امريکی رياست ٹيکساس کے جنوبی حصے ميں مہاجرين کی ایک وين حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتيجے ميں کم از کم دس افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے۔ وين ميں مجموعی طور پر ڈرائيور سميت گنجائش سے کہيں زيادہ تيس افراد سوار تھے جبکہ اس ميں صرف پندرہ کی گنجائش تھی۔ اس واقعے میں بقيہ تمام مسافر زخمی ہوئے ہيں۔ يہ حادثہ بدھ اور جمعرات کی درميانی شب اس وقت پيش آيا جب تيز رفتاری سے سفر کرتی يہ وين سڑک کنارے ايک پول سے جا ٹکرائی۔ زخميوں ميں سے کئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور اسی سبب ہلاکتوں ميں اضافے کا امکان موجود ہے۔ مسافروں کی شناخت مخفی رکھی گئی ہے تاہم يہ بتايا گيا کہ تمام تارکین وطن ہيں۔

[pullquote]روس: حکومت کی ناقد دو نيوز ويب سائٹس پر پابندی[/pullquote]

روس ميں کريملن کی ناقد دو نيوز ويب سائٹس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ متاثرہ کمپنياں کريملن کے کڑے ناقد ميخائل خوردووسکی کی ہيں، جنہوں نے بدھ کی شب تصديق کی کہ ان کے دونوں نيوز ويب سائٹس تک صارفين کی رسائی ممکن نہيں۔ خوردووسکی اپنے ملک ميں دس سال قيد کاٹنے کے بعد لندن منتقل ہو گئے تھے۔ دونوں متاثرہ ويب سائٹس کے مطابق انہيں کوئی پيشگی نوٹس نہيں ديا گيا اور نہ ہی يہ بتايا گيا ہے کہ انہيں کيوں بند کيا گيا ہے۔ روس ميں ستمبر ميں انتخابات ہونے والے ہيں۔ ايسے ميں حکومت اور بالخصوص صدر ولاديمير پوٹن کی ناقد آوازوں کو دبايا جا رہا ہے۔

[pullquote]بھارتی ہاکی ٹيم اولمپکس ميں اکتاليس برس بعد ميڈل حاصل کرنے ميں کامياب[/pullquote]

ٹوکيو اولمپکس ميں آج کانسی کے تمغے کے ليے کھيلے گئے ہاکی ميچ ميں بھارت نے جرمنی کی ٹيم کو پانچ کے مقابلے ميں چار گول سے شکست دے دی ہے۔ فيلڈ ہاکی ميں بھارت کا يہ بارہواں ميڈل ہے ليکن اس کھيل ميں اکتاليس برس بعد بھارتی ٹيم کوئی تمغہ حاصل کرنے ميں کامياب رہی۔ سن 1980 کے بعد يہ پہلا موقع ہے کہ بھارتی ٹيم اولمپک کھيلوں ميں کوئی ميڈل جيت پائی ہے۔ بھارتی ہاکی ٹيم کے کپتان منپريت سنگھ نے کانسی کا يہ تمعہ اپنے ملک ميں ان تمام طبی کارکنان کے نام کيا، جو کووڈ کی وبا سے نمٹنے ميں پيش پيش ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے