ہفتہ : 07 اگست 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ايک دن ميں دو صوبائی دارالحکومت طالبان کے قبضے ميں[/pullquote]

طالبان نے گزشتہ چوبيس گھنٹوں کے دوران ملک کے دو صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر ليا ہے۔ طالبان نے آج ہفتے کی صبح ترکمانستان کی سرحد پر واقع صوبہ جوزجان کے دارالحکومت شبرغان پر قبضہ کر ليا ہے۔ طالبان ذرائع نے اس کی تصديق کر دی ہے مگر کابل حکومت کا اس پر فی الحال رد عمل سامنے نہيں آيا۔ قبل ازيں طالبان نے صوبہ نمروز کے دارالحکومت زرنج پر قبضہ کر ليا تھا، جس کی صوبے کے نائب گورنر روح گل خيرزاد تصديق کر چکے ہيں۔ خيرزاد نے بتايا کہ زرنج پر طالبان کے قبضے کا کافی عرصے سے خطرہ تھا تاہم وفاقی حکومت نے صوبائی حکام کی نہ سنی۔ طالبان نے اپنی ايک ٹويٹ کے ذريعے زرنج کی تمام تر سرکاری عمارات اور اہم دفاتر پر قبضہ کرنے کا کہا ہے۔

[pullquote]برطانيہ افغان صحافيوں کو سياسی پناہ فراہم کرے گا، وزير خارجہ[/pullquote]

برطانيہ نے افغان صحافيوں کو سياسی پناہ فراہم کرنے کا کہا ہے۔ وزير خارجہ ڈومينک راب نے جمعے کی شب بتايا کہ ان تمام افغان صحافيوں کو برطانيہ ميں پناہ دی جا سکتی ہے، جنہوں نے برطانوی تشرياتی اداروں کے ساتھ کام کيا اور اب اسی سبب ان کے جان کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے البتہ واضح کيا کہ کڑی جانچ کے بعد مخصوص کيسز ميں پناہ دی جا سکے گی۔ راب نے ملکی نشرياتی اداروں کے ايک کھلے خط کے رد عمل ميں يہ اعلان کيا۔ قبل ازيں اسی ہفتے برطانيہ کے تمام بڑے اخبارات اور نشرياتی ادروں نے ايک کھلے خط ميں حکومت پر زور ديا تھا کہ افغانستان ميں ذرائع ابلاغ کے شعبے سے منسلک افراد کو پناہ فراہم کی جائے۔

[pullquote]ايران نے آئل ٹينکر پر حملے سے متعلق جی سيون کے الزامات رد کر ديے[/pullquote]

ايرانی حکومت نے ’مرسر اسٹریٹ‘ نامی آئل ٹینکر پر انتيس جولائی کو ہونے والے حملے سے متعلق جی سيون ممالک کے الزامات کو بے بنياد قرار ديتے ہوئے انہيں مسترد کر ديا ہے۔ ايرانی فوج کے ترجمان نے سوال اٹھايا ہے کہ امريکا سمندر سے دريافت ہونے والے جس ڈرون کے پرزے ثبوت کے طور پر پيش کر رہا ہے، ان کا کس ليبارٹری ميں معائنہ کيا گيا؟ قبل ازيں ترقی يافتہ ممالک کے گروپ جی سیون نے آئل ٹينکر پر حملے کا الزام ایران پر عائد کیا تھا۔ اس حملے میں ایک برطانوی شہری اور رومانیہ سے تعلق رکھنے والا ایک شخص ہلاک ہو گئے تھے۔ امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، کینیڈا، اٹلی اور جاپان کے ساتھ ساتھ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ ہدف بنا کر کيا جانے والا دانستہ حملہ تھا، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے ميں آتا ہے۔

[pullquote]ترکی ميں جنگلاتی آگ، اب بھی بے قابو[/pullquote]

ترکی کے جنوبی حصوں ميں لگی جنگلاتی آگ پر اب بھی قابو نہيں پايا جا سکا ہے۔ وزير جنگلات و زراعت نے بتايا ہے کہ اب بھی گيارہ مقامات پر آگ بھڑک رہی ہے، جسے بجھانے کی کوششوں ميں پانچ ہزار اہلکار شامل ہيں۔ ترکی میں جنگلاتی آگ کے باعث اب تک آٹھ افراد کی موت واقع جبکہ ايک لاکھ ہيکڑ زمين تباہ ہو چکی ہے۔ ترکی کے جنوبی حصے اٹھائيس جولائی سے جنگلاتی آگ کی لپيٹ ميں ہيں۔ اب سينتاليس شہروں ميں مجموعی طور پر 222 مقامات پر آگ پر قابو پایا جا چکا ہے۔

[pullquote]غزہ پٹی پر اسرائيلی فضائی حملے[/pullquote]

اسرائيلی فوج نے آج ہفتے کے روز غزہ پٹی پر فضائی حملے کيے ہيں۔ فوجی بيان ميں مطلع کيا گيا ہے کہ فضائی حملوں ميں حماس کے ايک ٹھکانے کو نشانہ بنايا گيا، جہاں سے بارود سے لدے غبارے اسرائيل کی جانب روانہ کيے جا رہے تھے۔ اسرائيل کا الزام ہے کہ جمعے کو پورے دن اس طرح کے بارودی غبارے بھيجے جانے کا سلسلہ جاری رہا، جس کے رد عمل ميں کارروائی کی گئی۔ بارودی غباروں سے اسرائيل ميں چند مقامات پر آتش زدگی کی اطلاعات ہيں۔ جبکہ اسرائيلی فضائی حملوں ميں ابھی تک جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہيں ہوئی ہے۔ اسرائيلی فوج اور حماس کے درميان گيارہ روزہ جنگ کے بعد اس سال اکيس مئی سے جنگ بندی پر عملدرآمد جاری ہے۔

[pullquote]امريکا ميں يوميہ کورونا کے ايک لاکھ سے زائد نئے کيسز[/pullquote]

امريکا ميں اب کورونا وائرس کے يوميہ اوسطاً ايک لاکھ نئے کيسز سامنے آ رہے ہيں۔ جون کے اختتام ميں يوميہ اوسط گيارہ ہزار تھی، جو اب بڑھ کر 107,143 نئی انفيکشنز تک پہنچ چکی ہے۔ حکام کے مطابق وائرس بالخصوص ملک کے جنوبی حصوں ميں پھيل رہا ہے اور ان افراد ميں، جنہوں نے حفاظتی ٹيکے نہيں لگوائے۔ امريکا کی ستر فيصد بالغ آبادی کو کورونا سے بچاؤ کے ٹيکے لگ چکے ہيں۔ طبی حکام کو خدشہ ہے کہ اگر لوگوں نے ٹيکے نہيں لگوائے، تو بدلتے ہوئے موسم کے ساتھ کيسز ميں مزيد اضافہ ممکن ہے۔

[pullquote]کووڈ سے صحت ياب ہونے والے بھی ٹيکے لگوائيں، سی ڈی سی[/pullquote]

امريکی محکمہ صحت سی ڈی سی نے زور ديا ہے کہ جو افراد کووڈ انيس کے مرض ميں مبتلا ہو کر صحت ياب ہو چکے ہيں، وہ بھی کووڈ سے بچاؤ کا ٹيکہ ضرور لگوائيں۔ يہ بات کئی حلقوں ميں گردش کر رہی تھی تاہم اب سی ڈی سی نے باقاعدہ طور پر ايک تازہ مطالعے کا حوالہ ديتے ہوئے کہا ہے کہ ايسا کرنے سے وائرس کے خلاف قوت مدافعت بہت زيادہ بڑھ جاتی ہے۔ سی ڈی سی کے مطابق جن علاقوں ميں کورونا کی نئی اور کافی مہلک اقسام کا پھيلاؤ جاری ہے، وہاں کووڈ سے صحت ياب ہونے جانے والے بھی ويکسين لگوائيں۔ گيلپ کے ايک حاليہ سروے کے مطابق امريکا ميں ويکسين نہ لگوانے والوں کی اکثريت ان افراد پر مشتمل ہے، جو اس وائرس کا شکار ہو کر صحت ياب ہو چکے ہيں اور ان کا ماننا ہے کہ وہ اس سے محفوظ ہيں۔

[pullquote]ٹی ٹوئنٹی ميں بنگلہ ديش کی آسٹريليا کے خلاف تاريخی فتح[/pullquote]

بنگلہ ديش نے آسٹريليا کو تيسرے ٹی ٹوئنٹی ميچ ميں شکست ديتے ہوئے پانچوں ميچوں کی يہ سيريز اپنے نام کر لی ہے۔ يہ پہلا موقع ہے کہ بنگلہ ديش نے آسٹريلوی ٹيم کو کرکٹ کے کسی بھی فارميٹ ميں سيريز کی شکست دی ہو۔ جمعے کو ڈھاکا ميں کھيلے گئے ميچ ميں ميزبان ٹيم نے پہلے بيٹنگ کرتے ہوئے اپنے بيس اوورز ميں نو وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز اسکور کيے۔ جواب ميں آسٹريليا اپنے بيس اوورز ميں چار وکٹوں پر صرف 117 رنز بنا پائی۔ بنگلہ ديش نے اب تک سيريز کے تينوں ميچ جيت رکھے ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے