منگل : 10 اگست 2021 کی اہم عالمی خبریں

[pullquote]امریکی وفد دوحہ میں، طالبان کی عسکری کارروائیاں رکوانے پر زور[/pullquote]

افغان امن عمل میں امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد رواں ہفتے دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں طالبان پر اپنی فوجی کارروائیاں روکنے پر دباؤ ڈالیں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق امریکی مذاکرات کار دوحہ میں افغانستان کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورت حال پر ایک مشترکہ بین الاقوامی ردعمل طے کرنے میں مدد کریں گے۔ دوسری طرف افغانستان میں باغیوں نے کئی صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق افغانستان میں طویل عرصے سے جاری جنگ کے خاتمہ کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔

[pullquote]راہول گاندھی کا جموں و کشمیر کا دورہ[/pullquote]

بھارتی کانگریس پارٹی کے سرکردہ رہنما راہول گاندھی بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے دورے پر ہیں۔ نو اگست پیر کی شام سری نگر پہنچنے پر پارٹی کے ریاستی رہنماؤں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کشمیر کے حوالے سے مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر شدید نکتہ چینی کی۔ سری نگر میں پارٹی دفتر کے اندر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے جموں و کشمیر پر حملہ کیا جاتا رہا ہے اور ملک کے تمام ادارے، عدالتیں بھی مرکزی حکومت کے حملوں کی زد میں ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور شفاف انتخابات کے مطالبے کو دہرایا۔ تاہم دفعہ 370 کی بحالی کے بارے میں کوئی بھی بات نہیں کی گئی۔

[pullquote]زمین کا اوسط درجہ حرارت 2030 تک 1.5 ڈگری سیٹی گريڈ بڑھ جائے گا، آئی پی سی سی[/pullquote]

ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ادارے آئی پی سی سی کی تازہ ترین رپورٹ پر دنیا بھر میں تشويش پائی جاتی ہے۔ اس رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ پندرہ برس کے دوران زمین کا اوسط درجہ حرارت 1.5 ڈگری سیلسیئس سے زیادہ بڑھ سکتا ہے۔ اس رپورٹ پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جرمن سیاستدانوں نے ملکی سطح پر ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں زبردست کمی اور اس سلسلے میں عالمی کوششوں میں مزید تعاون کی اپیل کی ہے۔ آئی پی سی سی کی رپورٹ میں سائنس دانوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو فوراً، تیزی سے اور بڑے پیمانے پر کم نہ کیا گیا، تو پیرس ماحولیاتی معاہدے کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

[pullquote]چین اور روس کی مشترکہ فوجی مشقیں[/pullquote]

چینی اور روسی فوجی دستے شمال مشرقی چین میں مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ افغانستان میں عدم استحکام کے سبب دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بڑھتے جا رہے ہیں۔ اِن فوجی مشقوں میں بری افواج اور ایئر فورس کے دستے خود مختار علاقے ننگزیا ہُئی میں جمعہ تک شرکت کریں گے۔ اس علاقے کی سرحد سنکیانگ سے ملتی ہے جہاں چین نے دس لاکھ سے زائد ایغور اور دیگر مسلم اقلیتوں کے ارکان کو زیر حراست رکھا ہوا ہے۔ سنکیانگ کا ایک مختصر حصہ افغانستان کی سرحد سے بھی ملتا ہے۔ بیجنگ حکومت کو سرحدی علاقے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی بڑھنے کا خدشہ ہے کیونکہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد طالبان کے کنٹرول میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

[pullquote]مالی میں انتہا پسندوں کا حملہ، 44 افراد ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک مالی میں انتہا پسندوں کے پرتشدد حملوں کے بعد تین دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے ملک کے شمالی علاقوں میں متعدد ديہاتوں پر منظم حملے کيے۔ ان واقعات میں کم از کم چوالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ادھر مالی کی فوج کی جانب سے حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ مالی میں القاعدہ اور داعش سے منسلک کئی مقامی گروپ فعال ہیں۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس کارروائی میں کون سا دہشت گرد گروہ ملوث ہے۔ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے مشن بھی اس افریقی ملک میں سرگرم ہیں۔

[pullquote]یورپ سے افغان پناہ گزینوں کی ملک بدری نہیں روکی جائے، یورپی ممالک[/pullquote]

یورپی یونین کے چھ رکن ممالک نے یورپی بلاک کے سربراہ سے ایک خط میں افغان پناہ گزینوں کی ملک بدری نہ روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اِن ملکوں میں آسٹریا، ڈنمارک، بیلجیئم، ہالینڈ، یونان اور جرمنی شامل ہیں۔ ان ممالک کا موقف ہے کہ پناہ کی درخواست مسترد ہونے کے باوجود افغان مہاجرين کو ملک بدر نہ کرنے سے غلط تاثر جائے گا اور اس طرح مزید افغان پناہ گزین یورپ کا رخ کریں گے۔ ان ممالک نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ افغان حکومت کے ساتھ ملک بدری کے معاملے پر بات چیت کی جائے۔ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان کے بڑھتے کنٹرول اور ان کی پرتشدد کارروائیوں کی وجہ سے ہزاروں افغان شہری ملک چھوڑ رہے ہیں۔

[pullquote]مسجد کی سیڑھیوں پر رقص کرنے پر سوشل میڈیا اسٹار گرفتار[/pullquote]

بنگلہ دیش میں پولیس نے ڈھاکہ کے مشرقی علاقے کومیلہ کی ایک مسجد کی سیڑھیوں پر ایک خاتون کے ساتھ رقص کرنے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یاسین نامی سوشل میڈیا اسٹار کو مسجد میں رقص کرنے، اس کی ویڈیو بنانے، اداکاری کرنے اور پھر اسے سوشل میڈیا پر نشر کرنے جیسے الزامات کا سامنا ہے۔ اس نوجوان کو مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے جرم میں پانچ برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔

[pullquote]افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی، جرمنی کا رد عمل[/pullquote]

افغانستان میں شدت پسند گروہ طالبان گزشتہ چند روز کے اندر چھ صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر چکا ہے۔ جرمن وزیر دفاع آنیگریٹ کرامپ کارین باؤر نے طالبان کی پیش قدمی کی خبروں پر رد عمل کے طور پر کہا کہ قندوز سمیت پورے افغانستان سے ملنے والی اطلاعات بہت ہی تکلیف دہ اور تلخ ہیں۔ اس کے علاوہ جرمنی میں ایک حلقے کا مطالبہ ہے کہ افغانستان میں دوبارہ فوج تعینات کرنے کی ضرورت ہے۔ تاہم جرمن وزیر دفاع نے اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔

[pullquote]برطانوی پرنس اینڈریو کے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ[/pullquote]

امریکا میں ایک خاتون نے برطانوی شہزادے اینڈریو کے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ مبینہ متاثرہ خاتون ورجینیا روبرٹس جوفری نے بتایا کہ ان کی عمر سترہ برس تھی، جب انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ جوفری کے وکلا نے مین ہیٹن کی عدالت میں برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ اینڈریو کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ورجینیا جوفری نے پہلے بھی سن 2019 میں پرنس اینڈریو کے خلاف الزامات لگائے تھے۔ وہ امریکا ميں جنسی جرائم کے مرتکب جیفری ایپسٹائن اور اُن کے پیڈوفائل رنگ کے مقدمے میں مرکزی مدعی تھیں، اس کیس میں پرنس اینڈریو کا نام بھی سامنے آتا رہا۔

[pullquote]چین نے کینیڈئن ڈرگ اسمگلر کی سزائے موت کی توثیق کر دی[/pullquote]

چین کی ایک عدالت نے بیجنگ اور ٹورونٹو کے درمیان کشیدگی کے نتیجے میں ایک کینڈئن منشیات فروش کو موت کی سزا سنا دی ہے۔ اس بات کی تصدیق چین کے صوبہ لیاؤننگ کی ایک اپیلز کورٹ نے کی۔ کینیڈئن شہری روبرٹ لائڈ شیلنبرگ کو سن 2018 میں پہلے پندرہ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ لیکن، کینیڈا کی طرف سے چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کی چیف فنانشل آفيسر مینگ وانزو کی گرفتاری کے بعد فیصلے پر دوبارہ نظر ثانی کی گئی۔ ان پر ایران پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کے سلسلے میں امریکا میں فراڈ کا الزام ہے۔ مینگ کے خلاف عدالتی کارروائی کینیڈا میں زیر التوا ہے۔

[pullquote]امریکی فوج کے لیے کورونا ویکسین لازمی قرار[/pullquote]

امریکی افواج کے لیے پندرہ ستمبر سے کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی ٹیکے لازمی قرار دے دیے گئے ہیں۔ تین چوتھائی سے زائد فوجی پہلے ہی کووڈ ویکسین لگوا چکے ہیں۔ بائیو این ٹیک اور فائزر کی تیارکردہ ویکسین کی باقاعدہ منظوری کے بعد امریکی مسلح افواج کے لیے ویکسین لازمی ہو جائے گی۔ یہ اعلان امریکی وزیر دفاع لائڈ اوسٹن کی طرف سے ایک خط میں کیا گیا۔ صدر جور بائیڈن پہلے ہی پینٹاگون کے چیف کے اس منصوبے کی حمایت کر چکے ہیں۔ امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ایف ڈی اے کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف تمام ویکسین کی اب تک صرف ہنگامی طور پر استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے