بدھ : 11 اگست 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان صدر طالبان کے زیرمحاصرہ شہر پہنچ گئے[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی بدھ کے روز شمالی افغان شہر مزار شریف پہنچ گئے۔ یہ بات اہم ہے کہ اس وقت طالبان اس شہر پر قبضے کے لیے اسے محاصرے میں لیے ہوئے ہیں۔ حالیہ کچھ روز میں طالبان نے افغانستان کے ایک چوتھائی صوبائی دارالحکومت اپنے قبضے میں لیے ہیں۔ غنی ایک ایسے وقت میں مزار شریف پہنچے ہیں جب طالبان نے گذشتہ شب بدخشان صوبے کے دارالحکومت فیض آباد پر قبضہ کیا ہے۔ جمعے کے روز سے اب تک یہ نواں اہم شہر ہے، جو طالبان کے قبضے میں جا چکا ہے۔کہا جا رہا ہے کہ مزار شریف کے اس دورے میں اشرف غنی مقامی جنگی سرداروں عبدالرشید دوستم اور عطا محمد نور سے ملاقاتیں کریں گے۔ اگر طالبان مزار شریف پر قبضہ کر لیتے ہیں، تو یہ کابل حکومت کے لیے ایک بڑا دھچکا اور ملک کے تمام تر شمالی حصے کا کنٹرول کھونے کے مترادف ہو گا۔

[pullquote]اب افغانوں کو اپنے لیے لڑنا ہو گا، جوبائیڈن[/pullquote]

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اب افغانوں کو خود اپنے لیے لڑنا ہو گا۔ جوبائیڈن نے کہا کہ افغان فوج تعداد میں طالبان سے کہیں زیادہ ہے مگر اسے لڑنے کے لیے تیار ہونا ہو گا۔ امریکی صدر نے افغان سیاسی قیادت سے بھی اپیل کی کہ وہ اشتراک عمل کا مظاہرہ کریں۔ جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ شاید اب افغان یہ بات سمجھتے جا رہے ہیں کہ انہیں اعلیٰ سطح پر سیاسی اتفاق رائے کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ امریکی صدر نے افغانستان سے امریکی قیادت میں نیٹو فورسز کے انخلا کے فیصلے کا دفاع کیا۔ واضح رہے کہ اس وقت افغانستان میں فقط ڈھائی ہزار امریکی فوجی موجود ہیں جب کہ دیگر نیٹو ممالک کی فوج کا مکمل انخلا ہو چکا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب میں انسداد بدعنوانی کی کارروائی، دو سو سے زائد گرفتاریاں[/pullquote]

سعودی عرب نے ملک بھر میں انسداد بدعنوانی کی ایک کارروائی میں مختلف وزارتوں سے تعلق رکھنے والے 207 عہدیداروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ سعودی عرب کے انسداد بدعنوانی کمیشن نے تاہم گرفتار شدگان کے شناخت ظاہر نہیں کی۔ انسدادِ بدعنوانی کی کارروائیوں کا آغاز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حکم پر 2017 میں ہوا تھا۔ سعودی انسداد بدعنوانی کمیشن اب تک ایک سو چھ ارب ڈالر کے اثاثے ریاست کو واپس دلا چکا ہے۔ کمیشن کے مطابق اس تازہ کارروائی میں 460 افراد سے متعلق تفتیش کی گئی، جس کے بعد 207 سعودی شہریوں اور رہائشیوں کو حراست میں لیا گیا۔ زیرحراست افراد پر فراڈ، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں۔

[pullquote]ترکی میں اب بھی دو مقامات پر جنگلاتی آتش زدگی جاری[/pullquote]

مغربی ترک صوبے موگلا میں دو مقامات پر ساڑھے تین سو سے زائد ریسکیو اہلکار اور اسی سے زائد گاڑیاں آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق پہاڑی علاقے میں تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ حکام کے مطابق قریبی رہائشی علاقے کو فی الحال جنگلاتی آگ سے خطرات لاحق نہیں ہیں۔ جنگلاتی آگ کی وجہ سے ترکی میں مجموعی طور پر 66 ہزار ہیکٹرز پر واقع جنگلات راکھ ہو چکے ہیں۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اب فقط موگلا صوبے ہی کے دو مقامات پر آتش زدگی جاری ہے، جب کہ دیگر علاقوں میں آگ پر قابو پایا جا چکا ہے۔

[pullquote]روس کے لیے جاسوسی کے الزام پر جرمنی میں ایک برطانوی شہری گرفتار[/pullquote]

جرمن پولیس نے ایک برطانوی شہری کو روس کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ برطانوی شہری ڈیوڈ ایس کا معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے اور جرمن سرزمین اتحادی ممالک کے خلاف جاسوسی کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ جرمن پولیس کے مطابق مشتبہ طور پر ڈیوڈ ایس نے نقد پیسے کے عوض روسی خفیہ ادارے کو بعض دستاویزات مہیا کیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ڈیوڈ ایس برطانوی سفارت خانے کے لیے کام کرتا رہا ہے۔ جرمنی میں نجی کوائف کے قوانین کے تحت ملزم کا پورا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی وزیر خارجہ کا اولین دورہ مراکش[/pullquote]

اسرائیلی وزیرخارجہ یائر لاپِیڈ آج بدھ کے روز اپنے دورہ مراکش کا آغاز کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد اس سطح کا یہ پہلا دورہ ہے۔گذشتہ برس دسمبر میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کے نتیجے میں دونوں ممالک باہمی سفارتی تعلقات کی بحالی پر متفق ہوئے تھے۔ اس ڈیل کی بنا پر امریکا نے مغربی صحارہ خطے پر مراکش کی حاکمیت کو تسلیم کیا تھا۔ اس دورے میں وزیرخارجہ لاپیڈ رباط میں اسرائیلی سفارت خانے کا افتتاح کریں گے جب کہ بعد میں وہ کاسابلانکا کی تاریخی یہودی عبادت گاہ ٹیمپل بیت ایل بھی جائیں گے۔

[pullquote]عراقی وزیرخارجہ کی تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات[/pullquote]

عراقی وزیرخارجہ فواد حسین نے منگل کو تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کی۔ عراقی وزیرخارجہ کا یہ دورہ ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے، جب رواں ماہ کے اختتام پر بغداد میں عراقی میزبانی میں مجوزہ علاقائی سربراہی کانفرنس کی تیاری جاری ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے ارِنا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس ملاقات میں باہمی تعلقات کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر بات چیت کی، تاہم سرکاری طور پر اس ملاقات کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ واضح رہے کہ بغداد سربراہی کانفرنس میں فرانسیسی صدر امانویل ماکروں اور ترک صدر رجب طیب ایردوآن بھی مدعو ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ عراق سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات میں بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

[pullquote]چینی عدالت کی جانب سے کینیڈین کاروباری شخصیت کو سزا[/pullquote]

ایک چینی عدالت نے معروف کینیڈین کاروباری شخصیت مائیکل سپاور کو گیارہ برس قید کی سزا سنا دی ہے۔ انہیں یہ سزا جاسوسی اور ملکی راز چرانے کی کوشش کے الزامات میں دی گئی۔ کینیڈا اور امریکا کی جانب سے اس چینی فیصلے کی مذمت کی گئی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ کینیڈا میں چینی کمپنی ہواوے کی ایک اعلیٰ عہدیدار مینگ وانز ہو کی گرفتاری کے بعد چین میں متعدد کینیڈین بزنس مین حراست میں لیے گئے تھے۔ بدھ کے روز شمال مشرقی چینی شہر ڈانڈونگ میں عدالت نے شپاور کو سزا سنائی۔ شپاور دسمبر 2018 میں حراست میں لیے گئے تھے۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹس ٹروڈو نے اس عدالتی فیصلے کو ’ناقابل قبول‘ اور ’غیرمنصفانہ‘ قرار دیا ہے۔

[pullquote]تیگری میں فوج بڑے پیمانے پر ریپ کے واقعات میں ملوث، ایمسنٹی[/pullquote]

حقوقِ انسانی کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ ایتھوپیا کے مسلح تنازعے کے شکار علاقے تیگری میں فوجی اور اتحادی فورسز کے اہلکار بڑے پیمانے پر ریپ میں ملوث ہیں۔ ایمنسٹی کے مطابق ایسے واقعات میں ملوث فوجیوں کو اپنے افسرانِ بالا کی جانب سے کسی بھی قسم کی تادیبی کارروائی کا کوئی خوف نہیں ہے۔ بدھ کے روز شائع ہونے والی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیگری کے علاقے میں رواں برس فروری سے اپریل تک مقامی ہیلتھ سینٹرز میں ریپ کے 12 سو سے زائد واقعات ریکارڈ کیے گئے۔

[pullquote]جرمنی میں ویکسینیشن نہ کروانے والوں سے اب کورونا ٹیسٹ زیادہ مانگا جائے گا[/pullquote]

جرمنی میں ایسے افراد جنہوں نے اب تک کورونا وائرس کے خلاف ویکسین نہیں لگوائی، ان سے کورونا کے نیگیٹیو ٹیسٹ کا زیادہ مطالبہ کیا جائے گا۔ منگل کے روز اس سلسلے میں نئے ضوابط پر جرمن حکام نے اتفاق کیا۔ اس فیصلے کا مقصد کورونا وائرس کی ممکنہ چوتھی لہر سے قبل ویکسینیشن مہم کی حوصلہ افزائی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایسے افراد جنہوں نے اب تک ویکسین نہیں لگائی انہیں ہسپتالوں، نرسنگ ہومز، جِمز، اسپورٹس مراکز اور سوئمنگ پولز میں داخلے کے لیے منفی ٹیسٹ رپورٹ دکھانا ہو گی۔ ان نئی تجاویزکے مطابق ایسے افراد سے ہفتہ وار بنیادوں پر دو مرتبہ ٹیسٹ رپورٹ طلب کی جا سکے گی۔ یہ بات اہم ہے کہ اب تک جرمنی کی 55 فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے