پاکستان کا افغانستان میں پھنسے صحافیوں کیلئے ویزا پالیسی میں نرمی کا اعلان

حکومت پاکستان نے افغانستان کی تبدیل ہوتی صورتحال کے پیش نظر افغانستان میں پھنسے صحافیوں اور میڈیا کارکنان کیلئے ویزا پالیسی میں نرمی کا اعلان کردیا۔

وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ وہ بین الاقوامی صحافی اور میڈیا کارکنان جو پاکستان کے راستے افغانستان چھوڑنا چاہتے ہیں تو ان سے اپیل ہے کہ وہ ویزے کیلئے درخواست دیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ درخواست دینے والے بین الاقوامی صحافیوں اور کارکنان کو ترجیحی بنیادوں پر ویزا جاری کرے گی۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ حکومت پاکستان کی جانب سے ویزا نرمی کااعلان افغانستان میں کام کرنے والے صحافیوں اور میڈیا کارکنان کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ 16 جولائی 2021 کو قندھار میں برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے بھارت سے تعلق رکھنے والے صحافی دانش صدیقی صحافتی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔

خبر ایجنسی کے مطابق صحافی دانش صدیقی افغان صوبے قندھار کے ضلع اسپن بولدک میں افغان فورسز اور طالبان کےدرمیان لڑائی میں جاں بحق ہوئے تھے۔

صحافی دانش صدیقی کا تعلق بھارت سے تھا اور وہ پلٹزر ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے بھارتی فوٹو گرافر تھے۔

خیال رہے کہ امریکا نے 20 سالہ طویل جنگ کا خاتمہ کرتے ہوئے افغانستان سے مکمل انخلا کا اعلان کیا ہے اور 11 ستمبر 2021 تک یہ انخلا مکمل ہونے کا امکان ہے۔ انخلا کے اعلان کے بعد سے ہی طالبان نے مختلف اضلاع میں طاقت کے زور پر قبضہ کرلیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اشرف غنی کی حکومت کے ختم ہونے تک ان کی جنگ جاری رہے گی۔

دوسری جانب امریکا سمیت بیشتر ممالک یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر طالبان نے طاقت کے زور پر اقتدار پر قبضہ کیا تو ان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا جائے گا اور وہ دنیا میں تنہا رہ جائیں گے۔

پاکستان بھی اس حوالے سے واضح بیان جاری کرچکا ہے کہ وہ کابل پر زبردستی قبضے کو قبول نہیں کرے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے