[pullquote]فوج کی ’لام بندی‘ اہم ترین ترجیح ہے، اشرف غنی[/pullquote]
افغان صدر اشرف غنی نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ ملکی فوج متحرک کرنا، اس وقت ان کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات قوم سے اپنے خطاب میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی مسلح افواج کی نئی صف بندی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اشرف غنی کی جانب سے یہ بات ایک ایسے موقع پر کہی گئی ہے جب گزشتہ ہفتے طالبان نے افغانستان میں غیرمعمولی پیش قدمی کرتے ہوئے کئی صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا ہے اور وہ کابل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ افغانستان پر مسلط کردہ جنگ میں افغان شہریوں کی مزید ہلاکتیں نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں ملک کے اندر اور بین الاقوامی پارٹنرز سے صلاح مشورے شروع کر رکھے ہیں۔
[pullquote]امریکی فوجی کابل پہنچا شروع[/pullquote]
طالبان جنگجوؤں کی طرف سے افغان دارالحکومت کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی اطلاعات کے بیچ کابل سے امریکی سفارت کاروں اور دیگر امریکی شہریوں کو نکالنے کے لیے امریکی فوجی کابل پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ امریکا نے افغان دارالحکومت کابل سے اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو بہ حفاظت نکالنے کے لیے تین ہزار میرینز کی تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے کہا گیا ہےکہ اس سلسلے میں دو میرین بٹالینز اور ایک انفینٹری بٹالین اتوار تک کابل پہنچے جائیں گی، جب کہ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں کچھ میرینز کابل پہنچ بھی گئے ہیں۔ پینٹاگون کے مطابق شمالی کیلی فورنیا کے فورٹ براگ سے ایک انفینٹری حربی ٹیم کویت جا رہی ہے، جو وہاں سے کابل پہنچنے گی اور سریع الحرکت دستے کے بہ طور کام کرے گی۔
[pullquote]شمالی ترکی میں شدید سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد چالیس[/pullquote]
شمالی ترکی میں شدید سیلابوں کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد چالیس ہو گئی ہے۔ ترکی میں قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق ادارے نے ہفتے کے روز مزید دو ہلاکتوں کی تصدیق کی۔ بتایا گیا ہے کہ 22 سو سے زائد افراد کو بحیرہ اسود کے ساحلی علاقوں سے کشتیوں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نکالا گیا ہے۔ بارشوں، سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے بارتن، کستامنو اور سینوپ ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ متعدد مقامات پر ٹیلی مواصلات کے ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔
[pullquote]کینیڈا بیس ہزار افغان مہاجرین کو قبول کرے گا[/pullquote]
کینیڈا نے 20 ہزار افغان شہریوں کو اپنے ہاں پناہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں حکومتی اہلکار، خواتین رہنما اور دیگر ایسے شہری شامل ہیں، جو ممکنہ طور پر طالبان کا ہدف ہو سکتے ہیں۔ یہ اعلان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب طالبان کی افغانستان میں تیز رفتار پیش قدمی جاری ہے۔ کینیڈا کے وزیر امیگریشن مارکو مینڈیکنو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورت حال تکلیف دہ ہے اور ایسے میں ان کا ملک خاموش نہیں بیٹھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو کینیڈا میں پناہ دی جائے گی، جن سے متعلق خوف ہے کہ وہ طالبان کا ہدف ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں ایسے افغان بھی شامل ہیں، جو ابھی افغانستان ہی میں ہیں اور کچھ ایسے بھی جو پہلے ہی کینیڈا پہنچ چکے ہیں۔
[pullquote]وینیزویلا کی حکومت اور اپوزیشن کے وفود کے درمیان میکسیکو میں ملاقات[/pullquote]
وینیزویلا کی حکومت اور اپوزیشن کے رہنماؤں کے درمیان جمعے کے روز میکسیکو سٹی میں گول میز کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ان مذاکرات کے ذریعے فریقین ملک میں سیاسی بحران کے حل اور اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل وضع کرنے پر زور دیں گے۔ یہ بات اہم ہے کہ وینیزویلا میں شدید مالیاتی بحران کی وجہ سے لاکھوں افراد ہجرت پر مجبور ہو چکے ہیں۔ سابقہ مذاکرات کے برخلاف اس بار اس مذاکراتی عمل میں ہالینڈ، روس، بولیویا، ترکی اور ناروے سمیت کئی ممالک معاونت کر رہے ہیں۔ امید ظاہر کی جا رہے ہے کہ ان مذاکرات کے ذریعے وینیزویلا میں سیاسی بحران کا خاتمہ ممکن ہے۔
[pullquote]زیمبیا میں صدارتی انتخابات، اپوزیشن رہنما کو ابتدائی برتری[/pullquote]
زیمبیا میں صدارتی انتخابات میں اپوزیشن رہنما ہکیندے ہیچی لیما کو ابتدائی برتری حاصل ہے۔ ہفتے کی صبح ملک کے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی نتائج میں صدر ایدگر لُنگُو اپنے حریف کے مقابلے میں پیچھے دکھائے دیے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق مجموعی طور پر ایک سو چھپن حلقوں میں سے پندرہ کے نتائج سامنے لائے گئے ہیں۔ جن میں ہیچی لیما کو ایک لاکھ اکہتر ہزار چھو سو چار ووٹ پڑے جب کہ صدر لُنگُو نے ایک لاکھ دس ہزار کے قریب ووٹ حاصل کیے۔
[pullquote]قدیمی نوادرات کی جرمنی آمد، عدالت کی جانب سے سخت ہدایات[/pullquote]
ایک جرمن عدالت نے تاریخی اور قدیمی نوادارت کے ملک میں داخلے کے لیے سخت رولنگ جاری کی ہے۔ عدالتی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ایسی تمام اشیاء سے متعلق یہ ثابت کرنا ہو گا کہ وہ قانونی طور پر جرمنی لائی گئی ہیں۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دوسری صورت میں ان نوادرات کی ضبطی ایک مناسب اور ضروری عمل ہو گا۔ جمعے کے روز یہ عدالتی رولنگ ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے، جب کسٹم حکام نے ایک شخص کے پاس سے قدیمی سکے قبضے میں لیے تھے جو اس نے امریکا میں ایک نیلامی میں خریدے تھے۔ اسی شخص نے ان سکوں کی حوالگی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے ان سکوں پر ملکیت کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
[pullquote]جاپان میں شدید بارشیں، ایک شخص ہلاک دو لاپتا[/pullquote]
جاپان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جب کہ دیگر دو افراد لاپتا ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شدید بارشوں کی وجہ سے مغربی جاپان میں دودریا پشتوں سے باہر آ رہے ہیں جب کہ کئی علاقے زیرآب ہیں۔ گزشتہ روز جزیرے کیوشو پر ریکارڈ 956 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جاپانی میڈیا کے مطابق اسی تناظر میں شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بسنے والے ڈیڑھ ملین افراد کے لیے انتباہی پیغام جاری کیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں سیلابوں، جنگلاتی آگ اور طوفانوں میں تیزی و اضافے کے لیے ماحولیاتی تبدیلیوں کو ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔
[pullquote]ایرانی انقلابی گارڈز کی حمایت پر تیل کے ایک تاجر پر پابندیاں[/pullquote]
امریکا نے ایرانی انقلابی گارڈز کے قدس یونٹ کی حمایت پر ایک بین الاقوامی تیل ٹریڈر نیٹ ورک پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ عمان سے تعلق رکھنے والے اس تیل کے تاجر نیٹ ورک نے مبینہ طور پر کئی کمپنیوں کے ذریعے اور ایرانی انقلابی گارڈز کے اعلیٰ عہدیداروں کی معاونت سے ایرانی تیل کو غیرملکی صارفین تک پہنچایا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس سرگرمی میں معاونت کرنے والی دو کمپنیاں عمان سے تعلق رکھتی ہیں، ایک کا تعلق رومانیہ سے ہے جب کہ ایک لائبیریا کی ہے۔ محکمہ خارجہ کے مطابق ان کمپنیوں پر بھی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو