اتوار : 19 ستمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان کو عالمی برادری کی امداد کی ضرورت ہے، طالبان[/pullquote]

افغانستان کے شہر قندوز میں طالبان کے صوبائی ترجمان نے بین الاقوامی برادری سے اس جنگ زدہ ملک کے لیے امداد کی اپیل کی ہے تاکہ وہاں انسانی بحران پر قابو پایا جا سکے۔ طالبان کے صوبائی ترجمان مطیع اللہ روحانی کا کہنا ہے کہ جرمنی سمیت عالمی برادری افغانستان میں امداد ملک کے تعمیراتی منصوبوں کی صورت یا پھر کسی اور صورت میں بھی دے سکتی ہے۔ دنیا بھر میں حکومتیں اس شش و پنج میں مبتلا ہیں کہ طالبان کے ساتھ کس طرح کام کیا جائے۔ یہ حکومتیں افغانستان میں خواتین اور انسانی حقوق کے حوالے سے پریشان ہیں۔

[pullquote]ترک صدر کا یونانی وزیراعظم سے ملاقات کرنے کا عندیہ[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے عندیہ دیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران یونانی وزیراعظم سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ اس ملاقات کا مقصد دو طرفہ مسائل کا بات چیت کے ذریعے حل نکالنا ہے۔ یونان اور ترکی دونوں ہی نیٹو کے رکن ملک ہیں لیکن ایک دوسرے کے سخت حریف سمجھے جاتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے مابین قبرص کے علاوہ بحیرہ روم میں گیس کے وسائل اور تارکین وطن کے حوالے سے شدید مسائل پائے جاتے ہیں۔ مہاجرین کی سب سے بڑی تعداد براستہ ترکی یونان میں داخل ہوتی ہے۔ ترکی میں تقریبا چالیس لاکھ شامی مہاجرین موجود ہیں۔

[pullquote]روس، پارلیمانی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات[/pullquote]

روس میں آج بروز اتوار پارلیمانی انتخابات کا تیسرا اور آخری دن ہے۔ ملک کے کل گیارہ ٹائم زونز میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جو ہر ٹائم زون میں رات آٹھ بجے تک جاری رہے گا۔ تاہم جمعے کے روز سے جاری ان انتخابات میں دھاندلی کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ آزاد مبصرین نے ملک بھر میں ہزاروں خلاف ورزیاں درج کی ہیں۔ بہت سی شکایات کے مطابق بیلٹ باکس پہلے ہی ووٹوں کی پرچیوں سے بھرے ہوئے تھے۔ پہلے دو روز کے مطابق ان انتخابات میں ووٹروں کی شرح تیس فیصد رہی۔ امید کی جا رہی ہے کہ صدر پوٹن کی پارٹی واضح سیٹوں سے یہ انتخابات جیت جائے گی۔

[pullquote]اسرائیلی جیل سے فرار ہونے والے تمام قیدی دوبارہ گرفتار[/pullquote]

اسرائیل کی سخت ترین سکیورٹی والی جیل سے فرار ہونے والے آخری دو فلسطینی عسکریت پسندوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ان دونوں افراد کو مغربی کنارے کے شمال میں جینین کے قریب سے گرفتار کیا گیا ہے۔ باقی چار قیدیوں کو فرار ہونے کے چند روز بعد ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ تقریبا دو ہفتے پہلے جس جیل سے یہ قیدی ٹوائلٹ کے نیچے سرنگ بنا کر فرار ہوئے تھے، اس کی سکیورٹی اسرائیل میں سخت ترین قرار دی جاتی ہے۔ اسرائیلی آرمی نے تب سے مغربی کنارے کو حصار میں لے کر گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کر رکھا تھا۔

[pullquote]انڈونیشیا کا مطلوب ترین عسکریت پسند ہلاک[/pullquote]

انڈونیشیا میں ملک کے مطلوب ترین عسکریت پسند کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ عسکریت پسند ایسٹ انڈونیشیا مجاہدین (ایم آئی ٹی) نامی جہادی گروہ کا سربراہ تھا اور اس تنظیم کی وابستگی داعش سے بھی تھی۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق علی کلورا پولیس اور فوج کے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران سولاویسی جزیرے کے ایک گاؤں میں مارا گیا ہے۔ اسی طرح ہلاک ہونے والے ایک دوسرے عسکریت پسند کی شناخت جاکا رمضان کے نام سے کی گئی ہے۔ علی کلورا ایسٹ انڈونیشیا مجاہدین کے سربراہ اس وقت بنے تھے، جب سن دو ہزار سولہ میں اس تنظیم کے سابق لیڈر سانتوسو کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ انڈونیشیا دنیا میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والا ملک ہے۔

[pullquote]افغان صحافیوں کی عالمی برادری سے مدد کی اپیل[/pullquote]

ایک سو سے زائد افغان صحافیوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ افغانستان میں آزادی صحافت کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ اس حوالے سے صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز(آر ایس ایف) کے نام لکھے گئے ایک خط میں صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط کے مطابق فوٹوگرافروں اور رپورٹرز پر حملوں اور میڈیا کے کام میں طالبان کی مداخلت نے خوف کو بدترین حد تک بڑھا دیا ہے۔ اس اپیل پر مختلف سیاسی اور نسلی گروہوں کے میڈیا نمائندوں نے دستخط کیے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر افغانستان میں ہی قیام پذیر ہیں جبکہ بعض روپوش ہو چکے ہیں۔ اس خط پر دستخط کرنے والے دس صحافی بیرونی ممالک جا چکے ہیں۔

[pullquote]جوہری آبدوزوں کی ڈیل منسوخ، فرانس کی مایوسی قابل فہم ہے، آسٹریلیا[/pullquote]

آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن کے مطابق فرانس کے ساتھ جوہری آبدوزوں کی ڈیل کی منسوخی پر پیرس حکومت کی مایوسی قابل فہم ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا ایک خود مختار ملک ہے اور اس نے ایسے فیصلے اپنے مفاد کو دیکھتے ہوئے کرنے ہیں۔ قبل ازیں ساٹھ ارب سے زائد ڈالر کی یہ ڈیل منسوخ ہونے پر فرانس نے امریکا اور آسٹریلیا سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا تھا۔ دو روز قبل آسٹریلیا نے برطانیہ اور امریکا کے ساتھ ایک نیا دفاعی معاہدہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ یہ ایٹمی آبدوزیں امریکا سے خریدے گا۔ فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے اس پیش رفت پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]امریکا میں غیرقانونی تارکین وطن کو واپس بھیجنے کی تیاری[/pullquote]

امریکا ہزاروں غیرقانونی تارکین وطن کو خصوصی پروازوں کے ذریعے ان کے ملکوں میں واپس بھیجنا چاہتا ہے۔ اس حوالے سے ریاست ٹیکساس میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ امریکی وزارت داخلہ کے مطابق آئندہ بہتر گھنٹوں کے دوران ہیٹی اور اس خطے کے دیگر ممالک کے لیے پروازوں کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹوں کے مطابق میکسیکو اور امریکا کی سرحد پر واقع دریائے ریو گرینڈ کے قریب تقریبا 14 ہزار تارکین وطن جمع ہو چکے ہیں اور یہ امریکی سرحد میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر کا تعلق غربت زدہ ملک ہیٹی سے ہے۔

[pullquote]خلا میں جانے والے سیاح واپس زمین پر پہنچ گئے[/pullquote]

امریکی ادارے اسپیس ایکس کی شٹل سیاحت کے لیے خلا میں لے جانے والے چاروں افراد کو لے کر واپس زمین پر پہنچ گئی ہے۔ واپسی پر اس شٹل نے فلوریڈا میں لینڈ کیا۔ ان سیاحوں نے تین روز تک زمینی مدار میں چکر لگایا۔ یہ دنیا کی پہلی ایسی شٹل تھی، جس میں پرواز کرنے والے سبھی سیاح عام عام شہری تھے۔ اس طرح خلا میں سیاحت کا دروازہ کھول دیا گیا ہے۔ اسپیس ایکس نے چند برس پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ عام شہریوں کو سیاحت کے لیے خلا میں لے جانے کا پروگرام بنا رہے ہیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے