پیر : 20 سرمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روسی یونیورسٹی میں ٹین ایجر کی فائرنگ، آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]

روسی شہر پیرم کی ایک یونیورسٹی میں طالب علم کی فائرنگ سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک جبکہ چوبیس زخمی ہو گئے ہیں۔ یونیورسٹی کی پریس سروس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کی عمر اٹھارہ برس تھی، جس نے اس حملے سے قبل سوشل میڈیا پر اپنی ایک تصویر شائع کی تھی، جس میں وہ مسلح تھا۔ میڈیا پر دکھائی گئی فوٹیج میں لوگ عمارت کی پہلی منزل سے چھلانگیں لگا کر جان بچانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ حملہ آور بھی مارا گیا تھا تاہم بعد ازاں حکام نے کہا کہ وہ زخمی ہے اور ایک ہسپتال میں اس کا علاج جاری ہے۔

[pullquote]الیکشن شفاف اور منصفانہ تھے، روسی صدارتی دفتر[/pullquote]

کریملن نے ویک اینڈ پر ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو شفاف اور منصفانہ قرار دے دیا ہے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق اس انتخابی عمل میں روسی صدر ولادی میر پوٹن کی حامی حکمران سیاسی جماعت یونائٹڈ رشیا نے ایک مرتبہ پھر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ تاہم 2016ء کے الیکشن کے مقابلے میں اس مرتبہ پوٹن کی حامی اس پارٹی کی عوامی حمایت کم ہوئی ہے۔ اس الیکشن سے قبل حکومتی ناقد سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کے خلاف حسب معمول کریک ڈاؤن کیا گیا تھا۔ اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے اس انتخابی عمل کو ’شرمناک‘ قرار دیا ہے۔

[pullquote]بھارت کووڈ انیس کی ویکسین کی برآمد بحال کرے گا، وزرات صحت[/pullquote]

بھارت نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی ویکسین کی ایکسپورٹ کا عمل دوبارہ شروع کر رہا ہے۔ پیر کے دن وزارت صحت نے بتایا کہ آئندہ سہ ماہی سے ہمسایہ ممالک کو یہ ویکسین ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی۔ بھارت کورونا کے نئے کیسز میں تیز رفتار اضافے کے سبب کووڈ انیس کی ویکسین بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی بھارتی کمپنی نے اپریل میں ویکسین برآمد کرنے کا عمل معطل کر دیا تھا۔ اس التوا سے قبل بھارت نے تقریبا سو ممالک کو ویکسین کی چھیاسٹھ ملین خوارکیں ایکسپورٹ کی تھیں۔

[pullquote]جنوبی کوریا کا بیلاسٹک میزائل ٹیسٹ مضحکہ خیز ہے، شمالی کوریا[/pullquote]

شمالی کوریا کے ایک عسکری تھنک ٹینک نے جنوبی کوریا کی جانب سے آبدوز سے بیلاسٹک میزائل داغنے کے تجربے کو ایک ناکارہ عمل قرار دیا ہے۔ تاہم اس ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی میں اضافہ ہو گا۔ خطے میں قیام امن کی ناکام کوششوں کے بیچ دونوں کوریائی ریاستیں جدید اور خطرناک اسلحہ حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]کئی بلین ڈالر مالیت کی عسکری ڈیل اچانک ختم، اتحادی ممالک کے مابین کشیدگی[/pullquote]

آسٹریلیا نے فرانس کے ساتھ روایتی آبدوزوں کی ایک اہم ڈیل کو ختم کرتے ہوئے امریکا سے جوہری آبدوزیں خریدنے کا پروگرام بنا لیا ہے۔ اس پیش رفت پر پیرس حکومت نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے کئی بلین ڈالر مالیت کی اس عسکری معاہدے کو اچانک ختم کیے جانے کے نتیجے میں ان اتحادی ممالک کے مابین کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔ پیرس حکومت کی شدید برہمی کے بعد آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کو فرانس کے لیے اپنے مضبوط تعلق کو منوانے کی ضرورت نہیں ہے۔ فرانس نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں سے اس مسئلے پر جلد ہی بات چیت کی درخواست کی ہے، جس میں فرانس، آسٹریلیا کی جانب سے دفاعی معاہدے کی منسوخی کے سلسلے میں امریکا سے وضاحت طلب کرے گا۔

[pullquote]کینیڈا میں الیکشن، ٹروڈو کے لیے سخت امتحان[/pullquote]

کینیڈا میں آج پیر کے روز عام انتخابات ہو رہے ہیں۔ عوامی جائزوں کے مطابق اس الیکشن میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو ایک مرتبہ پھر حکومت سازی میں کامیاب ہو سکتے ہیں لیکن لبرل پارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹروڈو قطعی پارلیمانی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہو سکتے ہیں۔ ان عوامی جائزوں کے مطابق لبرلز اور قدامت پسندوں کو تقریباﹰ ایک جیسی حمایت حاصل ہے، جو 49 سالہ ٹروڈو کی لبرل پارٹی کے لیے تیکنیکی اعتبار سے ایک فائدہ ہے کیونکہ انہیں شہری علاقوں میں حمایت حاصل ہے، جہاں پارلیمان کی زیادہ نشستیں ہیں۔

[pullquote]جرمن الیکشن سے قبل تیسرا اور حتمی ٹی وی مباحثہ، شلش کامیاب[/pullquote]

جرمن پارلیمانی انتخابات سے قبل ہونے والے تیسرے اور حتمی ٹی وی مباحثے میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار اولاف شلش نے میدان مار لیا ہے۔ گزشتہ شب ہونے والے اس مباحتے میں حکمران کرسچن ڈیموکریٹک یونین کے امیدوار آرمین لاشیٹ دوسرے نمبر پر آئے۔ اس مباحثے میں غربت کا مقابلہ، ماحولیاتی تحفظ اور داخلی سکیورٹی کے معاملات سرفہرست رہے۔ جرمنی میں 26 ستمبر کو پارلیمانی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ اس الیکشن میں کامیاب ہونے والی جماعت کا سربراہ انگیلا میرکل کی جگہ چانسلر بنے گا۔

[pullquote]افغانستان میں طالبان پر حملے، ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کر لی[/pullquote]

افغانستان کے شہر جلال آباد میں ہوئے حملوں کی ذمہ داری ’اسلامک اسٹیٹ خراسان‘ نے قبول کر لی ہے۔ اس دہشت گرد گروپ نے تصدیق کی ہے کہ تین مختلف بم حملوں میں طالبان کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دو حملے ہفتے اور ایک اتوار کے دن کیے گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں متعدد طالبان زخمی بھی ہوئے۔ افغانستان کی عملداری سنبھالنے کے بعد طالبان کے خلاف اپنی نوعیت کے یہ پہلے حملے تھے۔ اسلامک اسٹیٹ خراسان نے اگست کے اواخر میں کابل کے ہوائی اڈے پر ہوئے بم حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ ان حملوں میں ایک سو سے زائد افراد مارے گئے تھے، جن میں 13 امریکی فوجی بھی تھے۔

[pullquote]چین اور امریکا ایک نئی سرد جنگ سے باز رہیں، گوٹیرش[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے خبردار کیا ہے کہ چین اور امریکا ایک نئی ممکنہ سرد جنگ سے باز رہیں۔ خبر رساں ادارے اے پی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اس عالمی ادارے کے سربراہ نے مزید کہا کہ ان دونوں ممالک کو اپنے تعلقات کو بہتر بنانے اور تعاون میں اضافے پر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور امریکا دو اہم اقتصادی سپر پاورز ہیں اور انہیں ماحولیاتی تبدیلیوں سمیت اہم عالمی اور علاقائی معاملات پر مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیجنگ اور واشنگٹن کے باہمی تعلقات میں بہتری سے دنیا کو فائدہ ہی ہو گا۔

[pullquote]روسی پارلیمانی انتخابات میں پوٹن کی حامی سیاسی جماعت سب سے آگے[/pullquote]

روسی صدر ولادی میر پوٹن کی حامی حکمران سیاسی جماعت یونائٹڈ رشیا نے پارلیمانی انتخابات میں ایک مرتبہ کامیابی حاصل کر لی ہے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق اب تک شمار کیے گئے 74 فیصد ووٹوں میں سے 49 فیصد ووٹ یونائیٹڈ رشیا کو ملے ہیں۔ تاہم 2016ء کے الیکشن کے مقابلے میں اس مرتبہ پوٹن کی حامی اس پارٹی کی عوامی حمایت کم ہوئی ہے۔ اس الیکشن سے قبل حکومتی ناقد سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کے خلاف حسب معمول کریک ڈاؤن کیا گیا تھا۔ اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے اس انتخابی عمل کو ’شرمناک‘ قرار دیا ہے۔

[pullquote]روس کی ایک یونیورسٹی میں فائرنگ، زخمی اور ہلاکتوں کی اطلاع[/pullquote]

روسی شہر پیرم کی ایک یونیورسٹی میں طالب علم کی فائرنگ سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ یونیورسٹی کی پریس سروس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کی عمر اٹھارہ برس تھی، جس نے اس حملے سے قبل سوشل میڈیا پر اپنی ایک تصویر شائع کی تھی، جس میں وہ مسلح تھا۔ میڈیا پر دکھائی گئی فوٹیج میں لوگ عمارت کی پہلی منزل سے چھلانگیں لگا کر جان بچانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔

ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے