بدھ : 22 ستمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]خود مختار فلسطین، اسرائیل کے مستقبل کو یقینی بنانے کا بہترین طریقہ ہے، بائیڈن[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن کے مطابق ایک خود مختار اور جمہوری فلسطین، اسرائیل کے مستقبل کو یقینی بنانے کا ”بہترین طریقہ‘‘ ہے۔ بائیڈن نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری کو مشرق وسطیٰ کے تمام لوگوں کے لیے ایک وسیع تر امن و سلامتی والے مستقبل کی کوشش کرنی چاہیے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب امریکی صدر جو بائیڈن نے خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی بات کی ہو۔ اس سے قبل 21 مئی 2021 کو بھی وہ یہ بات کر چکے ہیں۔ امریکی صدر کی جانب سے ایک بین الاقوامی فورم پر اس بات کے اعادے سے اس معاملے کی اہمیت بڑھ سکتی ہے۔

[pullquote]چین بیرون ملک کوئلے سے چلنے والے نئے بجلی گھر نہیں بنانا چاہتا[/pullquote]

چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ بیجنگ حکومت دیگر ممالک میں کوئلے سے چلنے والے نئے بجلی گھر نہیں بنائے گی۔ انہوں نے یہ اعلان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ اس کی بجائے چین کی طرف سے ترقی پذیر ممالک کو ماحول دوست توانائی کے حصول کے لیے تعاون فراہم کیا جائے گا۔ چین اب تک بیرون ملک کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے سینکڑوں پاور پلانٹ تعمیر کر چکا ہے۔ اور اپنے ملک میں ماحولیاتی تحفظ کے ماہرین کی جانب سے تنقید کے باوجود ان پاور پلانٹس کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ میں ایرانی صدر کی تقریر، امریکا پر تنقید[/pullquote]

ایران کے نئے صدر ابراہیم رئیسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں ایران پر عائد امریکی پابندیوں پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اب اسی صورت میں جوہری معاہدے کی بات چیت میں شامل ہو گا جب یہ مذاکرات تہران پر عائد پابندیوں کا ازالہ کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ صدر رئیسی نے اپنی تقریر میں کابل ایئرپورٹ اور واشنگٹن میں کیپیٹل ہل کے پرتشدد مناظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی نظام کی داخلی اور خارجی سطح پر کوئی صداقت نہیں ہے۔ رئیسی نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بارے میں کہا کہ دوسروں پر ’مغربی شناخت مسلط کرنے کا منصوبہ ناکام ہوچکا ہے۔‘

[pullquote]افغانستان میں طالبان پر حملے، کم از کم پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے مشرقی حصے میں مسلح حملہ آوروں نے طالبان کی ایک گاڑیوں پر حملے کیے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ان حملوں میں طالبان کے دو جنگجو اور تین دیگر عام ہلاک ہوگئے۔ جلال آباد کے صوبائی دارالحکومت کے ایک پٹرول پمپ پر فائرنگ کے ایک واقعے میں طالبان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں دو افراد اور ایک بچے کی ہلاکت کا بتایا گیا ہے۔ جلال آباد میں ہی ایک بم دھماکے میں ایک اور بچہ ہلاک اور دو طالبان جنجگو زخمی ہوئے۔ طالبان کے خلاف ہونے والے ان تازہ حملوں کی ابھی تک کسی گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]بائیڈن نے سفارت کاری کے ایک ’نئے دور‘ کا اعلان کردیا[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنے پہلے خطاب میں بین الاقوامی تعاون پر زور دیا ہے۔ افغانستان میں فوجی آپریشن کے خاتمے کے حوالے سے بائیڈن نے کہا کہ مسلسل جنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے اور اب انتھک سفارت کاری کے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا چین کے ساتھ ایک نئی سرد جنگ بھی نہیں چاہتا۔ صدر بائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی تعاون کی اتنی اہمیت کبھی بھی نہیں تھی جتنی آج ہے۔ امریکی صدر کی یہ تقریر اس حوالے سے بھی اہم ہے کہ اس وقت امریکا کے یورپی اتحادی واشنگٹن حکومت پر بھروسہ کرنے کے سلسلے میں شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔

[pullquote]طالبان اقوام متحدہ میں خطاب کے خواہاں[/pullquote]

افغانستان پر قبضہ کرنے کے بعد شدت پسند گروہ طالبان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنا چاہتا ہے۔ ’امارت اسلامیہ افغانستان‘ کے وزیر خارجہ نے ایک خط میں جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس میں شرکت کی درخواست کی ہے۔ اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ سابق افغان صدر اشرف غنی کو ملک سے فرار ہونے کے بعد معزول کردیا گیا اور ان کو بیرون ملک افغانستان کے سربراہ کے طور پر تسلیم نہیں کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ نے اس درخواست کو متعلقہ کمیٹی میں جائزے کے لیے بھیج دیا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ آئندہ ہفتے پیر تک جاری رہنے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں افغانستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کون کرے گا۔

[pullquote]لیبیا: پارلیمنٹ نے عبوری حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا[/pullquote]

لیبیا کی پارلیمان نے عبوری حکومت کی کابینہ کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں 24 دسمبر کو طے شدہ عام انتخابات کے انعقاد پر ایک مرتبہ پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ لیبیا میں عبوری حکومت کا قیام اقوام متحدہ کی ثالثی کے ذریعے عمل میں آیا تھا اور اس کا مقصد ملک میں جاری اقتدار کی کشمکش کو کم کرنا تھا۔ قبل ازیں لیبیا کی دو حکومتیں تھیں، بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت دارالحکومت طرابلس میں جبکہ دوسری مخالف حکومت ملک کے مشرقی حصے میں قائم تھی۔ سن 2011 میں لیبیا پر طویل عرصے تک حکومت کرنے والے فوجی آمر معمر القذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد سے یہ شمالی افریقی ملک انتہائی غیر مستحکم صورتحال کا شکار رہا ہے۔

[pullquote]بھارت میں بچوں کی کووڈ ویکسینیشن کا آغاز اکتوبر سے ہوگا، رپورٹ[/pullquote]

بھارت کی تمام ریاستوں میں آئندہ ماہ سے 12 برس اور اس سے زائد عمر کے بچوں کی کوورنا ویکسینیشن کا آغاز ہو گا جب بھارتی دوا ساز کمپنی کیڈیلا ہیلتھ کیئر اپنی نئی ویکسین زائیکوو – ڈی ویکسین لانچ کرے گی۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کو یہ بات بھارتی طبی ذرائع نے بتائی۔ تاہم بھارتی وزارت صحت نے اس بارے میں ابھی تک کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا۔ ZyCoV-D ، دنیا بھر میں ایسی پہلی ویکسین ہے،جو ڈی این اے تکنیک کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔ بھارتی حکام نے گزشتہ ماہ اس ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی اور بچوں کے لیے بھی صرف اسی ویکسین کو اجازت فراہم کی گئی ہے۔ یہ کمپنی کووڈ ویکسین کی ماہانہ دس ملین خوراکیں تیار کرے گی۔

[pullquote]جرمنی: سیاسی مخالفین کے خلاف نفرت کا پرچار قابل سزا جرم بن گیا[/pullquote]

جرمنی میں اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف نفرت کا پرچار کرنا ایک قابل سزا جرم بن گیا ہے۔ عام طور پر دائیں اور بائیں بازو کے انتہا پسند حلقوں میں سیاسی حریفوں کے خلاف نفرت آمیز معلومات گردش کرتی ہیں۔ اس حوالے سے آج بدھ سے ایک نیا قانون نافذ ہو گیا ہے۔ اس قانون کے تحت سیاسی حریفوں کا نام یا ان کے بارے میں ایسی معلومات پھیلانا، جس سے ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو، ایک قابل سزا جرم ہوگا۔ اس کے نتیجے میں مجرم کو تین سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ اس نئے قانون کا مقصد جرمنی میں سیاسی مخالفین کے خلاف نفرت کے پرچار کو کنٹرول کرنا ہے۔ جرمنی میں اب تک توہین آمیز خطوط یا ای میلز کا شمار نفرت کے پرچار میں نہیں کیا جاتا تھا لیکن اس قانون کے نفاذ کے بعد اس جرم میں ملوث افراد سزا کے مرتکب ہوں گے۔

[pullquote]امریکا نے کرپٹو ٹریڈنگ پلیٹ فارم SUEX پر پابندیاں عائد کردیں[/pullquote]

امریکی وزارت خزانہ نے سُو ایکس نامی کرپٹو ٹریڈنگ پلیٹ فارم پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ اس کی وجہ سائبر مجرموں سے مبینہ روابط بتائی گئی ہے۔ چیک جمہوریہ میں واقع ڈیجیٹل پلیٹ فارم SUEX کے اثاثے امریکا میں منجمد کردیے گئے ہیں اور تمام امریکی شہریوں کو سوایکس استعمال کرنے کی ممانعت کی گئی ہے۔ امریکی وزارت خزانہ کے مطابق اس پلیٹ فارم پر ہونے والی تمام تر لین دین میں سے چالیس فیصد کا تعلق ’غیر قانونی حلقوں‘ سے ہے۔ تاہم ہیکرز یا پھر کسی قسم کے ڈیٹا لیک ہونے سے متعلق حتمی معلومات کا ذکر نہیں کیا گیا۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے