[pullquote]بھارت غیر قانونی طریقے سے چین کے علاقے پر قبضہ کر رہا ہے، چین کا الزام[/pullquote]
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی ’فارورڈ پالسی‘ پر عمل پیرا ہے اور غیر قانونی طور پر لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) عبور کرنے کے راستے پر گامزن ہے۔ ادھر نئی دہلی حکومت نے اس الزام کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدوں پر کشیدگی کی اہم وجہ بڑی تعداد میں فورسز کی تعیناتی ہے اور اس تعداد میں کمی کے بغیر باہمی تناؤ کم نہیں ہو گا۔ بھارت اور چین کے درمیان شمال مشرقی علاقے سکم سے لے کر مشرقی لداخ تک تقریباً تین ہزار کلو میٹر لمبی سرحد ہے۔ بیشتر علاقے میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول قائم ہے اور دونوں کے درمیان سرحدی تنازعہ بھی دیرینہ ہے۔
[pullquote]افغان – تاجک سرحد پر کشیدگی فوراﹰ ختم کی جائے، روس[/pullquote]
روسی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا ہے افغانستان اور تاجکستان اپنی مشترکہ سرحد پر بڑی تعداد میں فوجیوں کو تعینات کر رہے ہیں۔ روسی وزارت خارجہ کے ترجمان الیکسی زیتسوف نے اس پیش رفت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو نے کابل اور دوشنبہ دونوں سے ہی موجودہ کشیدہ صورت حال میں کمی کے لیے ایک باہمی قابل قبول حل تلاش کرنے پر زور دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان بعض امور پر شدید اختلافات ہیں جس سے کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ تاجکستان میں روس کا اپنا ایک فوجی اڈہ ہے اور اسے یہ تشویش لاحق ہے کہ علاقے میں موجود عسکریت پسند یا پھر منشیات کے اسمگلر کہیں اس غیر مستحکم صورت حال کا فائدہ نہ اٹھا لیں۔
[pullquote]قطر میں پہلے عام انتخابات کی تیاریاں[/pullquote]
قطری عوام اپنے پہلی شوریٰ کونسل کے انتخابات کے لیے کل ہفتہ دو اکتوبر کو ووٹ ڈالیں گے۔ ووٹنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوگا جبکہ شام تک شوریٰ کونسل کے لیے منتخب اراکین کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔ اس موقع پر قطر کے شہروں میں لگائے گئے پوسٹرز میں امیدواروں نے لوگوں سے اپنے حق میں ووٹ دینے کی اپیلیں کی ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ قطر کے انتخابات خلیج میں جمہوریت کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔ خلیج کے خطے کے بیشتر ملکوں میں بادشاہت ہے اور کویت ایسا واحد ملک ہے جہاں ایک منتخب پارلیمان موجود ہے۔
[pullquote]دبئی ایکسپو 2020ء عوام کے لیے کھول دیا گیا[/pullquote]
متحدہ عرب امارات میں دبئی ایکسپو 2020ء نامی بین الاقوامی نمائش کے افتتاح کے بعد اسے عام شہریوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ آئندہ برس مارچ تک جاری رہنے والی اس عالمی نمائش میں ایک سو نوے سے زائد ممالک کے نمائش کنندگان مختلف شعبہ جات میں نت نئی ٹیکنالوجیز پیش کریں گے۔ سات ارب ڈالر کی لاگت سے سجائے گئے اس میلے کو کورونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی تقریب قرار دیا جارہا ہے۔ عرب دنیا میں ایکسپو دبئی اپنی نوعیت کی پہلی نمائش ہے۔ دوسری جانب یورپی پارلیمنٹ نے اپنے رکن ممالک سے متحدہ عرب امارات میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سبب دبئی ایکسپو کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے باوجود جرمنی اس نمائش میں شرکت کر رہا ہے۔
[pullquote]لیبیا میں عام انتخابات دسمبر میں منعقد کرائے جائیں، چانسلر میرکل[/pullquote][pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اس بات پر زور دیا ہے کہ لیبیا میں عام انتخابات کا انعقاد مقررہ تاریخ چوبیس دسمبر کو ہی کرایا جائے۔ میرکل نے یہ بات جرمن دارالحکومت برلن میں لیبیا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین محمد المنفی سے ملاقات کے دوران کہی۔ جرمن چانسلر نے لیبیا میں موجود روس اور ترکی کی غیر ملکی افواج کے انخلا کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے لیبیا میں معاشی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لیبیا میں تیل اور گیس جیسے قدرتی ذخائر کا فائدہ پورے ملک کی آبادی کو پہنچنا چاہیے۔
[pullquote]شمالی کوریا کا تازہ میزائل تجربوں کا اعلان[/pullquote]
شمالی کوریا نے اپنے نئے میزائلوں کے تازہ تجربے کیے ہیں۔ پیونگ یانگ کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ میزائل فضا میں مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان میزائلوں میں متعرف کرائی گئی نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے فضا میں طویل فاصلے تک اہداف کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ یہ ابھی واضح نہیں کہ میزائل کی حتمی رینج کتنی ہے۔ شمالی کوریا پر اس کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کی وجہ سے پابندیاں عائد ہیں۔ اس سے قبل منگل کے روز بھی شمالی کوریا نے ایک ہائپر سونک میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ اس قسم کے میزائلوں کو تیز رفتار کی وجہ سے روکنا مشکل ہوتا ہے۔
[pullquote]امریکی کانگریس آخری لمحات میں عبوری بجٹ پر متفق[/pullquote]
امریکا میں سینٹ کے بعد ایوان نمائندگان نے بھی عبوری بجٹ کی منظوری دے دی۔ محدود مدت کے لیے منظور کی گئی فنڈنگ کو دسمبر کے آغاز تک استعمال کیا جائے گا۔ امریکی کانگریس میں اس بل کے حق میں 254 جبکہ مخالفت میں 175 ووٹ دیے گئے۔ اس بل کی منظوری کے لیے ریپبلکن کے ایوان نمائندگان کی طرف سے ڈیموکریٹس کے ساتھ غیر معمولی تعاون دیکھا گیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ روز نئے مالی سال کے شروع ہونے سے چند گھنٹے پہلے اس بل پر دستخط کر دیے تھے، جس کے نتیجے میں حکومت نام نہاد ’شٹ ڈاؤن‘ کو روکنے میں کامیاب ہوگئی۔
[pullquote]اٹلی: مہاجرین دوست سابق میئر کو تیرہ برس قید کی سزا[/pullquote]
یورپ بھر میں مہاجرین کی مدد کرنے کی وجہ سے جانے جانے والے سابق اطالوی میئر ڈومنک لوکانو کو تیرہ برس اور دو ماہ کی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اطالوی عدالت نے ریاچے شہر کے سابق میئر کو غبن اور اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرنے کے سلسلے میں مجرم قرار دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 63 سالہ لوکانو نے جعلی شادیوں کی مبینہ طور پر منظوری دی اور ٹینڈر کے بغیر ٹھیکے دیے تھے۔ اپنے دور اقتدار میں لوکانو نے 1800رہائشیوں پر مبنی ایک گاؤں میں 450 تارکین وطن افراد کو پناہ فراہم کی تھی۔ ان کو ’ریاچے ماڈل‘ نامی اقدام کے لیے کئی اعزازات سے بھی نوازا گیا تھا۔
[pullquote]اقوام متحدہ کے اہلکار ملک چھوڑ دیں، ایتھوپیا[/pullquote]
ایتھوپیا نے اقوام متحدہ کے سات اعلیٰ عہدیداران کو ملک چھوڑنے کا کہا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق ایتھوپیا کے داخلی معاملات میں مداخلت کی وجہ سے اِن عہدیدادران کو آئندہ 72 گھنٹوں میں ملک چھوڑنا پڑے گا۔ اقوام متحدہ کے جنرل سیکٹری انتونیو گوٹیرش نے اس فیصلے پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایتھوپیا کی حکومت پر زور دیا جائے گا کہ وہ اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو ملک میں رہنے کی اجازت دے۔ اقوام متحدہ کے مطابق حکومتی فورسز اور تیگرائی باغیوں کے درمیان جاری مصلح تنازعے کے دوران ملک کے شمالی علاقوں میں موجود پانچ عشاریہ دو ملین افراد کا انسانی امداد پر انحصار ہے۔
[pullquote]برازیلئن فٹ بال لیجنڈ پیلے کو ہسپتال سے چھٹی مل گئی[/pullquote]
فٹ بال کی دنیا کے معروف برازیلئن کھلاڑی پیلے کو چار ہفتوں تک زیر علاج رکھنے کے بعد ساؤ پولو کے ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ ڈاکٹرز کے مطابق اسی سالہ پیلے کی بڑی آنت سے ٹیومر نکالنے کے بعد کیموتھراپی کرانا ہوگی۔ برازیلئن فٹ بال لیجنڈ کی طبعیت گزشتہ کئی سالوں سے ناساز رہی ہے۔ ان کے کولہوں کے کئی آپریشن بھی کیے جاچکے ہیں۔ پیلے کو گھٹنے اور ریڑھ کی ہڈی میں بھی مسائل کا سامنا تھا۔ پیلے کو فٹ بال کی دنیا میں اب تک کا بہترین کھلاڑی سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے برازیل کے لیے بیانوے میچز کھیلے اور برازیل کو عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو