[pullquote]طب کا امسالہ نوبل انعام ٹچ ریسیپٹرز کی دریافت کرنے والے دو سائنس دانوں کے نام[/pullquote]
اس سال کے نوبل انعام برائے طب کے حقدار امریکا میں مقیم دو سائنس دانوں ڈیوڈ جولیس اور اردم پاتاپوتیان کو قرار دیا گیا ہے۔ انہیں درجہ حرارت اور لمس یا چھونے کے احساس کے لیے ذمے دار ریسیپٹرز کی دریافت پر یہ انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے کا اعلان آج پیر کے روز نوبل کمیٹی کے سیکرٹری جنرل ٹوماس پرلمان نے کیا۔ ان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ انسانی بقا کے لیے ایک بہت اہم اور دور رس دریافت ہے۔ انہی دونوں سائنس دانوں نے گزشتہ برس نیورو سائنس کا نہایت معتبر کاولی ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
[pullquote]بھارتی کسانوں کا مظاہرہ: پرتشدد واقعے میں آٹھ ہلاکتیں[/pullquote]
بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک مرکزی وزیر کے بیٹے نے مبینہ طور پر کسان مظاہرین پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کی پولیس نے بتایا کہ کسان رہنماؤں کی شکایت پر داخلہ امور کے بھارتی وزیر مملکت اجے کمار مشرا کے بیٹے کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے تاہم اس کے ساتھ ہی وہاں فساد کرنے والے بعض نامعلوم افراد کے خلا ف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ لکھیم پور میں کسانوں کے مظاہرے میں تشدد کے واقعات کے بعد متاثرہ علاقے میں حالات بہت کشیدہ ہیں۔ حکام نے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ہیں۔ ریاستی حکومت نے بڑی تعداد میں وہاں پولیس فورس بھی تعینات کر دی ہے۔
[pullquote]انڈونیشی جزیرہ بالی محدود تعداد میں غیر ملکی سیاحوں کے لیے دوبارہ کھولنے کا اعلان[/pullquote]
انڈونیشیا کے ایک سینیئر وزیر نے پیر کے روز کہا کہ محدود تعداد میں بین الاقوامی سیاحوں کو اکتوبر کے وسط سے جزیرہ بالی کی سیاحت کی اجازت دے دی جائے گی۔ وزیر لوہوت پنجیتن نے ایک بیان میں کہا کہ چین، نیوزی لینڈ، جاپان اور چند دیگر ممالک کے سیاحوں کے لیے بالی کا جزیرہ چودہ اکتوبر سے کھول دیا جائے گا۔ اسی تاریخ سے بالی کا نگُورا رائی بین الاقوامی ایئر پورٹ بھی کھل جائے گا۔ شروع میں تمام سیاحوں کو اپنے خرچ پر آٹھ دن تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔ انڈونیشیا کورونا وائرس کی وبا سے بہت زیادہ متائثر ہونے والے ایشیائی ممالک میں سے ایک ہے۔ وہاں اب تک چار ملین سے زائد کورونا کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جبکہ کووڈ انیس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بھی ایک لاکھ بیالیس ہزار ہو چکی ہے۔
[pullquote]سعودی عرب نے ایرانی حکومت سے بات چیت کی تصدیق کر دی[/pullquote]
سعودی عرب نے تصدیق کر دی ہے کہ ریاض اور تہران کے مابین گزشتہ ماہ ابتدائی دور کے براہ راست مذاکرات ہوئے تھے۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ بات چیت دونوں حریف ممالک کے مابین مسائل کے حل کے لیے بنیاد فراہم کر سکے گی۔ سعودی حکومت نے اتوار کے روز بتایا کہ ایران میں صدر ابراہیم رئیسی کی نئی حکومت کے ساتھ براہ راست مکالمت اکیس ستمبر کو ہوئی۔ تاہم اس مکالمت کی جگہ کی وضاحت نہیں کی گئی۔ ایران اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات 2016ء میں منقطع ہو گئے تھے تاہم رواں برس اپریل میں ریاض اور تہران نے آپس میں بات چیت اس وقت دوبارہ شروع کی تھی، جب واشنگٹن اور تہران جوہری معاہدے کی بحالی سے متعلق بات چیت کر رہے تھے۔
[pullquote]جاپانی پارلیمان نے فُومیو کیشیدا کو نیا وزیر اعظم منتخب کر لیا[/pullquote]
جاپان میں سابق وزیر خارجہ فُومیو کِیشِیدا کو نیا سربراہ حکومت منتخب کر لیا گیا ہے۔ جاپانی پارلیمان کے ایوان زیریں میں حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی ایل ڈی پی کا غلبہ ہے اور ارکان کی اکثریت نے چونسٹھ سالہ کِیشِیدا کے حق میں ووٹ دیا۔ حکمران پارٹی نے ابھی گزشتہ ہفتے ہی فُومیو کِیشِیدا کو اپنا سربراہ چنا تھا۔ وہ پارٹی اور حکومتی سربراہ کے طور پر سابق وزیر اعظم یوشی ہیڈے سُوگا کے جانشین ہوں گے۔ سُوگا نے ستمبر کے شروع میں صرف دو سال ان عہدوں پر فائز رہنے کے بعد اپنے استعفے کا اعلان کر دیا تھا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق نو منتخب وزیر اعظم اکتیس اکتوبر کو نئے پارلیمانی انتخاب کرانا چاہتے ہیں۔
[pullquote]طالبان کا داعش کے ٹھکانے کو تباہ کر دینے کا دعویٰ[/pullquote]
طالبان نے دارالحکومت کابل میں اتوار کو ایک مسجد کے باہر ہونے والے بم دھماکے کے چند گھنٹوں بعد اسلامی ریاست آئی ایس کے مشتبہ ٹھکانے پر حملہ کر کے اسے تباہ کرنے اور متعدد جنگجوؤں کو ہلاک کر دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا کہ طالبان فورسز نے کابل کے نواح میں خیر خانہ نامی علاقے میں قائم ’اسلامک اسٹیٹ آپریشن سینٹر‘ پر چھاپہ مارا۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا اس کارروائی میں آئی ایس یا داعش کے کتنے باغی مارے گئے ہیں اور یہ کہ آیا اس آپریشن میں طالبان کا کوئی اہلکار زخمی یا ہلاک ہوا ہے۔ اتوار کو حملے کے وقت کابل کی اس مسجد میں ذبیح اللہ مجاہد کی والدہ کے انتقال کے سوگ میں طالبان اہلکار تعزیت کے لیے جمع تھے۔
[pullquote]متحدہ عرب امارات کی ایران اور ترکی کے ساتھ رقابتوں کے خاتمے کی کوشش[/pullquote]
متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر انور قرقاش نے کہا ہے کہ خطے میں ایران اور ترکی کے ساتھ طویل عرصے سے جاری رقابتوں کو مذاکرات کے ذریعے سلجھانے کا وقت آ گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ خطے میں کسی نئے تصادم سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر اب پالیسیوں پر از سر نو غور کی ضرورت ہے۔ متحدہ عرب امارات خطے میں نئے تصادم سے بچنے کے لیے ایران اور ترکی کے ساتھ جاری رقابتوں کو ختم کرنے کی کوشش میں ہے۔ اس خطے کو اب واشنگٹن اور بیجنگ کے مابین سرد جنگ کے خطرات کے باعث بھی تشویش لاحق ہے۔
[pullquote]اسرائیلی عرب باشندے تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں، وزیر اعظم بینیٹ[/pullquote]
اسرائیلی وزیر اعظم بینیٹ ملک میں عرب نسل کی آبادی میں تشدد کے خلاف سخت تر اقدامات کرنا چاہتے ہیں۔ نفتالی بینیٹ کے بقول اسرائیلی عرب معاشرہ برسوں سے پسماندگی کا شکار رہا ہے اور نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات کے باعث پیدا ہونے والے مسائل بہت بڑھ چکے ہیں۔ اس سال کے آغاز سے اب تک سو سے زائد عرب اسرائیلی باشندے قتل کیے جا چکے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر گینگ وار میں مارے گئے۔ نفتالی بینیٹ نے کہا کہ ان کی حکومت عرب اسرائیلی باشندوں کو جرائم، غیر قانونی ہتھیاروں، قتل و غارت اور دھوکا دہی سے بچانا چاہتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مقامی عرب باشندوں کو چاہیے کہ وہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز کو اپنا دشمن نہیں بلکہ اپنے مسائل کے حل میں معاون سمجھیں۔
[pullquote]امسالہ نوبل انعامات کے حق داروں کے ناموں کے اعلان کا سلسلہ آج سے[/pullquote]
آج پیر چار اکتوبر سے امسالہ نوبل انعامات کے حقداروں کے ناموں کے اعلان کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے۔ آج پہلے دن طب کے نوبل انعام کے حقدار کا اعلان کیا جائے گا۔ آئندہ دنوں میں بالترتیب فزکس، کیمسٹری اور پھر ادب کے نوبل انعام کی حقدار شخصیات کے ناموں کے اعلان کیے جائیں گے۔ اس سال امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی شخصیت یا شخصیات کے ناموں کا علان آئندہ جمعے کے روز کیا جائے گا۔ اس کے بعد اگلے پیر کے روز اقتصادیات کے نوبل انعام جیتنے والی شخصیت کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ انعام پانے والوں کو یہ انعامات الفریڈ نوبل کی برسی کے موقع پر 10 دسمبر کو دیے جائیں گے۔
[pullquote]دونوں کوریائی ریاستوں کے مابین پھر سے بات چیت[/pullquote]
کئی ہفتوں کے تعطل کے بعد شمالی اور جنوبی کوریا نے اپنے براہ راست مواصلاتی رابطے بحال کر لیے ہیں۔ سیول میں جنوبی کوریا کی دوبارہ اتحاد کی وزارت کی ایک ترجمان نے بتایا کہ دوطرفہ رابطوں کے لیے تمام لائنیں دوبارہ کھل گئی ہیں۔ ادھر شمالی کوریائی نیوز ایجنسی KCNA کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ اقدام جزیرہ نما کوریا پر ’دیرپا امن‘ کی کوششوں کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ دونوں کوریائی ریاستیں سرکاری طور پر ابھی تک حالت جنگ میں ہیں اور ان کے مابین رابطوں کے بنیادی ذرائع خصوصی ٹیلی فون لائنیں اور ٹیلی فیکس ہیں۔ ان دونوں ریاستوں کے ایک دوسرے میں کوئی سفارت خانے بھی نہیں ہیں۔
[pullquote]سمندری طوفان شاہین عمان اور ایران کے ساحلوں سے ٹکرا گیا[/pullquote]
طاقت ور سمندری طوفان شاہین کی وجہ سے اب تک نو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایران میں اب تک جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں کم از کم چھ افراد مارے جا چکے ہیں۔ اسی طرح شاہین نامی اس طوفان کے باعث عمان کے دارالحکومت مسقط میں بھی دو بالغ افراد اور ایک بچہ ہلاک ہو گئے۔ عمان میں حکام نے اتوار اور پیر کے روز تمام اسکولوں اور دفاتر کی بندش کا اعلان کر دیا تھا۔ اس طاقت ور سمندری طوفان کی وجہ سے متحدہ عرب امارات کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عام شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ساحلی علاقوں سے دور رہیں۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو