اتوار : 10 اکتوبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس میں ایک ہوائی جہاز گر کر تباہ، 15 افراد ہلاک[/pullquote]

روس کے وسطی حصے میں ایک ہوائی جہاز گرنے کے سبب کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ روس کی ہنگامی حالات سے متعلق وزارت کے مطابق اس ایل 140 جہاز پر کُل 23 افراد سوار تھے اور یہ آج صبح تاتارستان میں گر کر تباہ ہوا۔ علاقائی وزارت صحت کے مطابق سات افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ قبل ازیں رواں برس کے آغاز میں ایل 140 جہاز کے دیگر حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں۔

[pullquote]عدن کے گورنر کو نشانہ بنانے کے لیے کار بم دھماکا، کم از کم چار افراد ہلاک[/pullquote]

یمن کے شمالی ساحلی شہر عدن میں ایک کار بم دھماکے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک سکیورٹی اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ عدن کے گورنر اور ایک حکومتی وزیر اسی علاقے میں تھے تاہم وہ محفوظ رہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بارود سے لدی گاڑی میں دھماکا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے گورنر احمد لملس اور وزیر ماحولیات سلیم السقوطری کی گاڑیوں کے قافلے کے گزرنے کے بعد ہوا۔

[pullquote]لیبیا: مخالف دھڑوں کے درمیان ابتدائی معاہدہ[/pullquote]

لیبیا میں متحارب گروپوں کے درمیان ایک ابتدائی معاہدہ طے پا گیا ہے جو غیر ملکی جنگجوؤں اور کرائے کے فوجیوں کو ملک سے نکالنے سے متعلق ہے۔ خانہ جنگی کے شکار اس شمالی افریقی ملک کے لیے اسے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے جہاں غیر ملکی جنگجوؤں کا معاملہ ملک میں امن و امان اور استحکام کی راہ میں ایک رکاوٹ بنا ہوا تھا۔ لیبیا میں قیام امن کی کوشش کرنے والے اقوام متحدہ کے مشن نے بتایا ہے کہ 10 رکنی مشترکہ ملٹری کمیشن نے جس میں دونوں جانب کے پانچ پانچ ارکان شامل تھے، جنیوا میں تین روزہ بات چیت کے بعد اس معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت لیبیا سے غیر ملکی جنگجوؤں کی بتدریج واپسی ممکن بنائی جائے گی۔ لیبیا میں دسمبر میں پارلیمانی انتخابات منعقد ہونا ہیں۔

[pullquote]دنیا کو وعدہ شدہ امداد جلد از جلد افغانستان کو بھیجنی چاہیے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ دنیا نے افغانستان کو امداد کی فراہمی کے جو وعدے کیے ہیں ان پر جلد از جلد عملدرآمد ہونا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے ترجمان بابر بلوچ کے مطابق ذرائع کی کمی کے سبب افغانستان میں اقتصادی بحران سے بچاؤ اور مہاجرین کی ہمسایہ ممالک میں ہجرت کو روکنے کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں اپنے ایک انٹرویو میں یو این ایچ سی آر کے ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں انسانی حوالے سے شدید بحران برقرار ہے اور مہاجرین کے ایک اور بحران سے بچنے کے لیے افغانستان کے اندر کوششیں بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔

[pullquote]تائیوان چینی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا، صدر سائے انگ وین[/pullquote]

تائیوان کے صدر سائے اِنگ وین نے کہا ہے کہ تائیوان چین کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔ تائیوان کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملکی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ تائیوان زبردستی چین کے ساتھ ملائے جانے یا خودمختاری میں بے جا مداخلت کی کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا چین اور تائیوان کو ایک دوسرے کا ماتحت نہیں ہونا چاہیے۔ خیال رہے کہ چینی صدر شی جِن پِنگ نے ایک روز قبل ہی اپنے اس ہدف کو دہرایا تھا کہ تائیوان چین کے ساتھ متحد ہو جائے گا۔ بیجنگ حکومت کے لیے تائیوان چین سے الگ ہونے والا ایک ٹکڑا ہے۔ چینی جنگی طیارے گزشتہ چند روز کے دوران کئی مرتبہ تائیوان فضائی حدود میں پرواز کر چکے ہیں۔

[pullquote]عراق میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ جاری[/pullquote]

عراق میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔ عراق بھر سے 329 پارلیمانی نشستوں کے لیے 3,449 امیدوار ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ انتخابی عمل اور ووٹرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ڈھائی لاکھ سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جن میں فوج اور پولیس کے علاوہ انسداد دہشت گردی کے دستے بھی شامل ہیں۔ 2003ء میں صدام حسین کے اقتدار کے خاتمے کے بعد سے یہ ملک میں چھٹے پارلیمانی انتخابات ہیں۔ تب سے اب تک یہ پہلا موقع ہے جب ووٹنگ کے دن ملک میں کرفیو نافذ نہیں ہے۔ عراق نے اس موقع پر اپنی سرحدیں اور فضائی حدود کو بند کر رکھا ہے۔

[pullquote]جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا دورہ اسرائیل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل سرکاری دورے پر اسرائیل پہنچ گئی ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ بطور حکومتی سربراہ یہ ان کا آخری غیر ملکی دورہ ہو گا۔ آج اتوار کو وہ یروشلم میں اسرائیلی صدر اسحاق ہیرزوگ، وزیر اعظم نیفتالی بینیٹ اور وزیر خارجہ ژائیر لیپیڈ سے ملاقاتیں کر رہی ہیں۔ باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ ایرانی جوہری پروگرام بھی بات چیت کا حصہ ہو گا۔ میرکل اس کے بعد ہولوکاسٹ کی یادگار پر پھول پر چڑھائیں گی۔ انہیں اسرائیل کی ٹیکنیکل یونیورسٹی کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی دی جا رہی ہے۔ میرکل کل پیر کو واپس جرمنی لوٹیں گی۔

[pullquote]آسٹریا کے چانسلر کے استعفی کے باوجود اتحادی حکومت برقرار رکھنے کا فیصلہ[/pullquote]

آسٹریا کے چانسلر سباستیان کُرس کی طرف سے استعفیٰ دینے کے بعد گرین پارٹی، قدامت پسند جماعت ÖVP کے ساتھ اپنا اتحاد برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ نائب چانسلر ویرنر کوگلر نے ویانا میں کہا کہ حکومت بدستور کام جاری رکھ سکتی ہے۔ سباستیان کُرس نے خود پر لگے بدعنوانی کے الزامات کے تناظر میں حکومتی سربراہی سے استعفیٰ کا اعلان کیا تاہم وہ بدستور ÖVP جماعت کے چیئرمین رہنے کے خواہشمند ہیں۔ سابق وزیر خارجہ الیکسزانڈر شالینبرگ ملک کے نئے چانسلر ہوں گے۔

[pullquote]ورکرز کے لیے تھری جی اسکیم کے خلاف روم میں مظاہرے[/pullquote]

اطالوی دارالحکومت روم میں ہزارہا افراد نے کام پر جانے کے لیے ’گرین پاسپورٹ‘ کو لازمی قرار دیے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ اٹلی میں آئندہ جمعے کے روز سے ورکرز کے لیے یہ لازمی ہو گا کہ وہ کام کی جگہ پر جانے کے لیے اس بات کا دستاویزی ثبوت فراہم کریں کہ وہ یا تو ویکسینیشن کرا چکے ہیں، یا کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں یا پھر ان کے پاس کورونا کا نیگیٹیو ٹیسٹ موجود ہے۔ احتجاج کے دوران سینکڑوں مظاہرین نے وزیر اعظم ماریو دراگی کی سرکاری رہائش گاہ میں گھسنے کی بھی کوشش کی۔ پولیس نے مظاہرین کے خلاف پانی کی تیز دھار اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے