پیر : 11 اکتوبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]درجنوں جرمن کمپنیوں کا اگلی حکومت سے تحفظ ماحول کے لیے تیز رفتار اقدامات کا مطالبہ[/pullquote]

جرمنی کی درجنوں بڑی بڑی کمپنیوں نے برلن میں بننے والی اگلی وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے تحفظ ماحول کے لیے زیادہ تیز رفتاری سے کام کرنا چاہیے۔ ایسی انہتر کمپنیوں نے اپنے آج پیر کو لکھے گئے ایک کھلے خط میں کہا کہ برلن میں آئندہ وفاقی حکومت کے لیے لازمی ہونا چاہیے کہ وہ پیرس کے عالمی ماحولیاتی معاہدے کے مقاصد کے حصول کے لیے زیادہ مستعدی سے کام کرے۔ اس خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس بارے میں نئی جرمن حکومت کو اپنے اہداف کا تعین اقتدار میں آنے کے سو دنوں کے اندر اندر کرنا چاہیے۔

[pullquote]امریکی اور برطانوی شہری کابل کے ہوٹلوں میں قیام سے اجتناب کریں، حکومتی تنبیہ[/pullquote]

امریکا اور برطانیہ کی حکومتوں نے افغانستان میں اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ افغان دارالحکومت کابل کے ہوٹلوں میں قیام سے اجتناب کریں۔ یہ تنبیہ شہر میں سلامتی کے خطرات کے پیش نظر کی گئی ہے۔ اس کی ایک وجہ حال ہی میں کابل شہر کی ایک مسجد پر کیا گیا وہ خونریز حملہ بھی ہے، جس میں بیسیوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے کی ذمے داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کر لی تھی۔ واشنگٹن اور لندن کی طرف سے امریکی اور برطانوی شہریوں کوخاص طور پر کابل کے سیرینا ہوٹل اور اس کے قرب و جوار میں موجودگی کے خلاف خبردار کیا گیا ہے۔

[pullquote]روہنگیا مہاجرین کی مدد، اقوام متحدہ اور ڈھاکا حکومت کے مابین معاہدہ ہو گیا[/pullquote]

اقوام متحدہ اور بنگلہ دیشی حکومت نے روہنگیا مہاجرین کی مدد کے لیے مل کر کام کرنے کے ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ عالمی ادارہ اور ڈھاکا حکومت میانمار سے آنے والے ان روہنگیا مہاجرین کی مدد کے لیے اب آپس میں اشتراک عمل کریں گے، جو خلیج بنگال میں واقع بنگلہ دیش کی ملکیت ایک چھوٹے سے جزیرے پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔ پہلے ایسے لاکھوں مہاجرین صرف میانمار کے ساتھ سرحدی علاقوں کے کیمپوں میں مقیم تھے۔ اب ان میں سے انیس ہزار سے زائد بھاشن چار نامی غیر آباد سمندری جزیرے پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔ ڈھاکا حکومت چاہتی ہے کہ کوکس بازار کے ضلع سے نکال کر اس جزیرے پر ایک لاکھ تک مسلم اقلیتی روہنگیا مہاجرین کو آباد کیا جائے۔

[pullquote]روسی اپوزیشن رہنما ناوالنی کی جیل میں حیثیت اب ایک ’دہشت گرد ‘ کی[/pullquote]

روس میں صدر پوٹن کے ناقد اور زیر حراست اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی نے کہا ہے کہ جیلوں سے متعلق ایک روسی کمیشن نے ایک قیدی کے طور پر ان کی حیثیت بدل دی ہے۔ ناوالنی نے آج پیر کے روز کہا کہ اب جیل میں ان کی حیثیت ایک انتہا پسند اور دہشت گرد کی کر دی گئی ہے۔ ناوالنی نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ یہ فیصلہ ان کی جیل حکام کے سامنے طلبی کے بعد ایک کمیشن نے متفقہ رائے سے کیا۔

[pullquote]آسٹریا میں حکومتی بحران ختم ہو گیا ہے، صدر فان ڈئر بیلن کا اعلان[/pullquote]

آسٹریا میں وفاقی چانسلر کی ممکنہ تبدیلی کی وجہ سے پیدا ہونے والا سیاسی بحران ختم ہو گیا ہے۔ یہ اعلان وفاقی صدر آلیکسانڈر فان ڈئر بیلن نے کیا۔ تاہم آسٹرین صدر نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اس بحران کے خاتمے کے ساتھ ملک میں سیاسی طور پر سب کچھ ابھی دوبارہ ٹھیک نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے سیاسی رہنماؤں پر اعتماد کو شدید دھچکا لگا ہے۔ صدر فان ڈئر بیلن نے کہا کہ وہ آج پیر کے روز اب تک وزیر خارجہ کے فرائض انجام دینے والے آسٹرین پیپلز پارٹی کے رہنما آلیکسانڈر شالن برگ سے نئے وفاقی چانسلر کے طور پر حلف لیں گے۔ ویانا میں اب تک چانسلر کے عہدے پر فائز سباستیان کُرس اپنے خلاف کرپشن کے الزامات کی وجہ سے چھان بین کے باعث مخلوط حکومت میں شامل گرین پارٹی کے دباؤ کے بعد مستعفی ہو گئے تھے۔

[pullquote]افغان طالبان کے ساتھ اولین بات چیت میں ’کھلا پن اور پیشہ وارانہ رویہ‘ دیکھنے میں آئے، امریکی موقف[/pullquote]

افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان کے ایک وفد اور اعلیٰ امریکی نمائندوں کے مابین پہلی مرتبہ ملاقات ہوئی۔ امریکی سفارتی ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں بات چیت کے اہم موضوعات سلامتی اور دہشت گردی کی روک تھام سے متعلق معاملات رہے۔ امریکی ذرائع نے مزید کہا کہ یہ ملاقات ’کھلے پن کے پیشہ وارانہ‘ ماحول میں ہوئی۔ واشنگٹن میں وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق اس مکالمت میں افغانستان میں انسانی حقوق کے احترام کی صورت حال اور خواتین اور لڑکیوں کی ملکی سماجی زندگی میں بھرپور شرکت کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا اس بات چیت کے کوئی ٹھوس نتائج بھی نکلے۔

[pullquote]جوہری آبدوزوں سے متعلق جاسوسی، امریکی جوڑے پر فرد جرم عائد کر دی گئی[/pullquote]

امریکا میں ایک شادی شدہ جوڑے کو گرفتار کر کے اس پر جوہری معلومات کی غیر قانونی فروخت اور جاسوسی کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ واشنگٹن میں ملکی وزارت انصاف نے بتایا کہ یہ جوڑا ایک سال سے زیادہ عرصے تک ایٹمی توانائی سے چلنے والی آبدوزوں سے متعلق خفیہ معلومات امریکا کی وفاقی پولیس ایف بی آئی کے ایک ایسے اہلکار کو بیچتا رہا، جسے وہ ایک غیر ملکی حکومت کا اہلکار سمجھتا رہا تھا۔ جس امریکی مرد کو گرفتار کیا گیا، وہ ملکی بحریہ کے لیے ایک جوہری انجینئر کے طور پر کام کرتا رہا تھا۔ اس شخص نے اپنی بیوی کے ساتھ مل کر خفیہ معلومات مہیا کرنے کے عوض کرپٹو کرنسی کی صورت میں تقریباﹰ ایک لاکھ ڈالر وصول کیے۔ امریکی ریاست مغربی ورجینیا کے رہائشی اس جوڑے کو کل منگل کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

[pullquote]چینی بھارتی سرحد پر کشیدگی میں کمی کے لیے اطراف کے فوجی کمانڈروں کی ملاقات[/pullquote]

چین اور بھارت کے فوجی کمانڈروں کی ایک ملاقات میں مشترکہ سرحد پر کشیدگی میں کمی کے لیے بات چیت کی گئی۔ بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملاقات کا مقصد ان سرحدی علاقوں میں گزشتہ تقریباﹰ سترہ ماہ سے جاری تناؤ میں کمی لانا تھا، جہاں اطراف کے دستے بڑی تعداد میں تعینات ہیں۔ چینی بھ‍ارتی سرحد کے یہی وہ حصے ہیں، جہاں تقریباﹰ ڈیڑھ سال کے دوران کئی بھارتی اور چینی فوجی مارے جا چکے ہیں۔ بھارتی فوجی ترجمان کے مطابق آرمی کمانڈروں کی یہ ملاقات لداخ کے خطے میں اتوار کے روز چینی علاقے میں ہوئی۔ چینی فوج کے آج پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت اب تک اپنے نامناسب مطالبات پر اٹکا ہوا ہے، جس سے بات چیت مزید مشکل ہو گئی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں زیادہ تر افراد کو اب فوری کورونا ٹیسٹوں کی لاگت خود ادا کرنا ہو گی[/pullquote]

جرمنی میں آج پیر کے دن سے زیادہ تر باشندوں کو اپنے فوری کورونا ٹیسٹوں کی لاگت خود برداشت کرنا ہو گی۔ یہ بات اس نئے وفاقی حکم نامے میں کہی گئی ہے، جس کی برلن میں وفاقی اور تمام سولہ صوبائی حکومتوں نے مشترکہ طور پر منظوری دے دی ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ ملک میں ہر کسی کو کورونا کی مفت ویکسینیشن کی سہولت تو آئندہ بھی مہیا کی جائے گی، تاہم یہ بات اب ضروری نہیں رہی کہ عام افراد کے فوری نتائج ظاہر کرنے والے کورونا ٹیسٹوں کی لاگت بھی جرمن ٹیکس دہندگان ادا کریں۔ یہ ٹیسٹ آئندہ بھی ان افراد، خاص طور پر بارہ سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے مفت ہوں گے، جن کی ویکسینیشن ابھی نہیں ہوئی۔ اس فیصلے کا اطلاق ایسے پی سی آر ٹیسٹوں پر بھی نہیں ہو گا، جو ڈاکٹروں کی ہدایت پر کرائے جائیں گے۔

[pullquote]فرانس نے اسپین کو ہرا کر یوئیفا نیشنز لیگ جیت لی[/pullquote]

فٹ بال کے موجودہ عالمی چیمپئن ملک فرانس نے اتوار کی رات کھیلے گئے فائنل میچ میں اسپین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر یوئیفا نیشنز لیگ جیت لی۔ اٹلی کے شہر میلان میں کھیلے گئے اس فائنل میں پہلا گول اسپین نے چونسٹھ ویں منٹ میں کیا۔ لیکن دو منٹ بعد ہی فرانس کی طرف سے کریم بینزیما نے گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔ فرانس کی جیت کا باعث بننے والا دوسرا گول فارورڈ کھلاڑی ایمباپے نے اسّی ویں منٹ میں کیا۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے